آؤ پیڑ لگائیں
‘‘چلو،بچوّ! آ گیاباغ۔’’ ابّو نے خوش ہوتے ہوئے کہا۔
عالیہ دوڑتی ہوئی پھولوں کے پاس گئی۔اسے رنگ برنگے پھوٗل پسند تھے۔پھولوں کی خوش بوٗپورے باغ میں پھیلی ہوئی تھی۔ کامران اور سرفراز چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتے عالیہ کے پاس گئے۔
‘‘آپا!یہ کون ساپھوٗل ہے؟’’ کامران نے پوچھا۔
‘‘یہ گلاب کا لال پھوٗل ہے۔دیکھو!اس پھول پر ایک تِتلی بیٹھی ہے۔’’عالیہ نے جواب دیا۔
‘‘اوہو!کتنی پیاری تِتلی ہے۔’’سرفراز نے خوش ہوتے ہوئے کہا۔
‘‘یہ تتلی پھوٗل پر کیوں بیٹھی ہے؟’’ کامران نے پھر سوال کیا۔
اتنے میں ابّو بھی بچّوںکے پاس آگئے۔انھوںنے بتایا:
‘‘بچوّ! یہ تتلی اس پھول سے اپنی
غذا حاصل کر رہی ہے۔وہ پھولوں کے رس سے اپنا پیٹ بھرتی ہے۔’’
‘‘یہ ہمارے گھر میں کیوں نہیں آتی؟’’ عالیہ نے پوچھا۔
سرفراز نے فوراً کہا ‘‘ہمارے گھر میں پھول نہیں ہیں۔یہ تتلیاں تو پھولوں پر ہی آتی ہیں۔’’
‘‘ہم بھی اپنے گھر میں پھول لگائیں گے۔’’ عالیہ نے کہا ۔
‘‘ہاں بیٹا!ہم اپنے گھر کے برآمدے میں پھولوں کے گملے رکھیں گے۔’’ ابّوبولے۔
‘‘میںصبح اسے پانی دوں گا۔’’
‘‘میں شام کو پانی دیا کروں گا۔’’دونوں بھائی باری باری بولے۔
‘‘پودوں سے ہمیں آکسیجن ملتی ہے جو ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔’’ابّو نے کہا۔
عالیہ بولی،‘‘ہم بھی گھر میں پودے لگائیں گے۔’’
‘‘ہاں بیٹا! ضرور’’ ابّو نے جواب دیا۔

مشق
پڑھیے اور سمجھیے
رنگ برنگے الگ الگ رنگوں کے
خوش بوٗ اچھی مہک
غذا کھانا
برآمدہ مکان کے باہری حصّہ میں بغیر دروازے کا کمرہ
سوچیےاور بتائیے 
.1 باغ میں کس چیز کی خوش بوٗ پھیلی ہوئی تھی؟
.2 تتلی اپنی غذا کہاں سے حاصل کرتی ہے؟
.3 پودوں سے ہمیں کیا ملتا ہے؟
.4 گھرمیں پودے لگانے سے کیا فائدہ ہوگا؟
.5 تتلی کے علاوہ اور کون سے پتنگے ہیں جو پھولوں سے غذا حاصل کرتے ہیں؟
اساتذہ کے لیے ہدایات:
- استاد بچوّں سے اسکول کے باغ میں لگے پیڑ پودوں کے بارے میں گفتگو کریں۔
- ہرے پیڑ وں کی اہمیت کے بارے میں بات چیت کریں۔
خالی جگہوں میں مناسب لفظ لکھیے
خو ش بوٗ غِذا گملے عالیہ تتلی
.1 ........... دوڑتی ہوئی پھولوں کے پاس گئی۔
.2 پھولوں کی...........پورے باغ میں پھیلی ہوئی تھی۔
.3 اس پھول پر ایک ...........بیٹھی ہے۔
.4 وہ پھولوں کے رس سے اپنی...........حاصل کرتی ہے۔
.5 ہم اپنے گھر کے برآمدے میں پھولوں کے .......رکھیں گے۔
باغ میں ملنے والی چیزوں پر دائرہ بنائیے
پھول قدم کاغذ تتلی قلم برآمدہ خوش بو گلاب کتاب پیڑ دھواں پودے گملے کوڑا کھڑکی صندوق گھاس
مثال کے مطابق حصہ ‘الف’ اور ‘ب’ کے صحیح جوڑ ملائیے
(الف) (ب)
سوال شام
صبح بڑا
خوش بو جواب
چھوٹا جانا
آنا بدبو
پھول پربیٹھی تتلی کی تصویر بناکر رنگ بھریے
باغ سے لوٹنے کے بعد ابّو نے بچّوں کے ساتھ مل کر برآمدے میں گملے لگا دیے۔ تصویر کو دیکھیے اور بتائیے کہ کون کیا کررہاہے؟

