وقت کی قدر
ایک چیونٹی اور جھیٖنگر میں گہری دوستی تھی۔ دونوں ایک دوسرے کے پڑوسی تھے۔ گرمی کا موسم آتے ہی چیونٹی نے اِدھر ادھر سے اناج اِکٹّھا کرنا شروع کر دیا۔ اس طرح اُس نے گیہوں اور باجرے کے دانے اپنے بِل میں جمع کر لیے۔ مگر جھیٖنگر تو اکثر سوتا ہی رہتا۔ صبح اور شام وہ جھاڑیوں اور کیاریوں میں اِدھر اُدھر پھرتا رہتا تھا۔ اُسے اناج کی ذرا بھی فکر نہیںتھی۔ کچھ ہی دنوں میں برسات کا موسم شروع ہو گیا۔ چاروں جانب پانی ہی پانی نظر آنے لگا۔
چیونٹی آرام سے گھر میں بیٹھی بے فکری کے ساتھ اناج کھا رہی تھی۔ اُدھر جھیٖنگر کے پاس خوراک نہ ہونے کی وجہ سے بھوکوں مرنے کی نوبت آگئی۔ جھیٖنگر کی یہ حالت دیکھ کر چیونٹی کو اُس پر رحم آگیا۔ اُس نے جھیٖنگر کو اپنے اناج میں سے کچھ دانے دیے۔ جھیٖنگر نے ان دانوں کو کھا کر سکھ کا سانس لیا۔ اس نے چیونٹی سے کہا، ‘‘بہن،
تم بہت سمجھ دار ہو۔
تم نے ٹھیک وقت پر اَناج اِکٹّھا کر کے اس برسات میں آرام اُٹھایا اور میری جان بھی بچالی۔ آج سے میں بھی سب کام وقت پر کیا کروں گا۔’’
مشق
پڑھیے اور سمجھیے
نوبت حالت
رحم ہمدردی
فکر الجھن، سوچ
خوراک کھانے
جانب طرف، سمت
سکھ کا سانس لینا آرام پانا، سکون پانا
سوچیے اور بتائیے
.1 چیونٹی نے اناج اکٹھا کرنا کیوں شروع کر دیا تھا؟
.2 سُستی اور لاپرواہی سے جھیٖنگر کو کیا پریشانی ہوئی؟
.3 چیونٹی کو جھیٖنگر پر کیوں رحم آگیا؟
.4 وقت پر کام کرنا کیوں ضروری ہے؟
اساتذہ کے لیے ہدایات:
- اساتذہ بچوّں سے کہانی کی تصویروں پر بات چیت کریں۔
- اپنی زبان میں کہانی کو سنانے کاموقع دیں۔
خالی جگہوں میں مناسب لفظ چُن کر لکھیے
.1 دونوں ایک دوسرے کے پڑوسی .......(تھے/تھا)
.2 جھیٖنگر تو اکثر سوتا ہی .......(رہتی/ رہتا)
.3 جھیٖنگر کی یہ حالت دیکھ کر چیونٹی کو اس پر رحم ........ (آگیا/آگئی)
.4 چیونٹی اور جھینگر میں گہری دوستی .......(تھا/ تھی)
.5 چاروں جانب پانی ہی پانی نظر آنے ........(لگا/لگی)
مثال کے مطابق حصّہ‘الف’ اورحصّہ ‘ب’کے صحیح جوڑ ملائیے
گرمی تکلیف
اِدھر سردی
آرام اُدھر
سُکھ دُشمنی
مثال کے مطابق دیے ہوئے لفظوں کے آخر میں ‘ی’ ملاکر لفظ بنائیے اورلکھیے
مثال : دوست + ی = دوستی
.1 سکھ +.........=..........
.2 پڑوس +......... =..........
.3 موسم +.........=..........
.4 نرم +.........=..........
.5 گرم +.........=..........
دیئے ہوئے الفاظ کو الٹ کر مثال کے مطابق نیا لفظ بنایئے
مثال : سرد = درس
.1 تار =
.2 خوش =
.3 لوگ =
.4 کون =
چیونٹی اور جھینگر کی تصویروں میں رنگ بھریے

