کھیل کا میدان
‘‘آہا! آج چھٹی کا دن ہے۔ دن بھر کھیلو کودو، کھاؤ پیو کوئی کچھ نہیں کہتا، بس شام کو کچھ ہُوم ورک کرنا ہے۔’’ امان نے اپنے بھائی اکرم سے کہا۔
اکرم: ہاں بھائی! آج بہت مزا آئے گا۔ ہم اپنے دوستوں کے ساتھ میدان میں جاکرکھیلیں گے۔
امان اور اکرم نے جلدی سے ناشتہ کیا اور اپنے دوستوں کو لینے ان کے گھر چلے گئے۔ کچھ دیر بعد سبھی کھیل کے میدان میں جمع ہو گئے۔ یوں تو وہ سب فٹ بال اور کرکٹ بھی کھیلتے تھے۔ لیکن آج انھوں نے صرف گیند سے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ کھیل کے اُصول اکرم نے بتاتے ہوئے کہا، ‘‘اس گیند کو پہلے ایک لڑکا ہاتھ میں لے گا اور پھر ہم سب کو گیند سے مارے گا۔ جس کے بھی گیند لگ جائےگی اُسے باری دینی پڑے گی۔’’ یہ کہہ کر اس نے گیند اجمل کی طرف اُچھال دی۔

اب سب لڑکے کھیل کے میدان میں پھیل گئے۔ اجمل نے گیند سے کھلاڑیوں کی طرف نشانہ لگایا مگر گیند کسی کے نہیں لگی۔ اجمل نے دوڑ کر گیند اُٹھالی اور پھر پھینکی۔ اِس بار گیند اکرم کی ٹانگ پر لگی مگر اکرم نے کہا، ‘‘نہیں لگی... نہیں لگی’’


اجمل، راہُل اور پیٖٹرنے کہا، ‘‘لگی ہے بھئی لگی ہے۔’’ لیکن اکرم نہیں مانا۔ ‘‘اجمل کو دوبارہ باری دینی پڑ گئی۔ اتفاق سے اُس دن کھیل کے میدان میں کھیل کے ماسٹر صاحب بھی موجود تھے۔ وہ دوٗر سے بچّوں کا یہ کھیل دیکھ کر خوش ہورہے تھے۔ جب کھیل ختم ہو گیا اور بچے اپنے اپنے گھروں کو جانے لگے تو ماسٹر صاحب نے سب کو روک لیا اور اُن سے کہا، ‘‘بچو! یاد رکھو، کھیل کو ایمانداری سے کھیلنا چاہیے۔کھیل کو کھیل کے جذبے سے کھیلنا چاہیے۔ہار اور جیت کو خوشی سے قبول کرنا چاہیے۔ کھیل ہمیں ڈِسپِلن میں رہنا سکھاتے ہیں۔’’ ماسٹر صاحب نے یہ باتیں کسی کا نام لے کر نہیں کہی تھیں۔ لیکن اکرم کو بہت شرم آئی۔
مشق
پڑھیے اور سمجھیے
مزہ خوشی
اتفاق اچانک
اُصول قاعدے
قبول کرنا مان لینا
سوچیے اور بتائیے
.1 امان نے اپنے بھائی اکرم سے کیا کہا؟
.2 چھٹی کے دن دوستوں نے کیا کھیلنے کا فیصلہ کیا؟
.3 اکرم نے کھیل کے کیا اصول بتائے؟
.4 اجمل کو دوبارہ باری کیوں دینی پڑی؟
.5 ماسٹر صاحب نے بچّوں کو کیا سمجھایا؟
خالی جگہوںمیں مناسب لفظ لکھیے
گیند دوستوں فیصلہ جلدی خوش
.1 ہم اپنے
کے ساتھ میدان میں جاکر کھیلیںگے
.2 امان اور اکرم نے
سے ناشتہ کیا
.3 آج انھوں نے صرف گیند سے کھیلنے کا
کیا
.4 یہ کہہ کر اس نے
اجمل کی طرف اچھال دی
.5 ماسٹر صاحب بچّوں کا یہ کھیل دیکھ کر
ہو رہے تھے
جس طرح ‘کھیل’ سے ‘کھیلوں’ بنا ہے اسی طرح دیے گئے لفظوںکو بدل کر لکھیے
.1 بچہ =...................
.2 طریقہ =...................
.3 میدان =...................
.4 گیند =...................
.5 دوست =...................
گیند کی تصویر بناکر اس میں رنگ بھریے
اساتذہ کے لیے ہدایات:
- بچّوں سےان کے پسندیدہ کھیل پر گفتگو کریں۔
- بچّوں سے ان کے علاقے میں کھیلےجانے والے کھیلوںکے بارے میں بات چیت کریں۔
صبا کی گیندکو گول تک پہنچائیے
