Skip to content

8

بچّوں کی دیوالی

آج دیوالی ہے۔ سب بچے شالو کے گھر آئے ہیں۔ مہمان خانے میںکھیل رہے ہیں۔ ماں باورچی خانے میں مزے دار کھانے بنا رہی ہیں۔پتاجی ان کی مدد کر رہے ہیں۔ دادی برآمدے میں دیپ جلا رہی ہیں۔ دادا جی نے پودے سجانے کے لیے قمقمے منگائے تھے۔ بڑے بھیّا نے بالکنی میں بھی کچھ قمقمے روشن
کر دیے ہیں۔


دروازے کی کنڈی بجی۔ اشوک نے دروازہ کھولا۔ پاپا بچّوں کے لیے دودھ، دہی، چھاچھ اور مٹھائی لائے ہیں۔ وہ سامان دے کر غسل خانے چلے گئے۔ پوٗجا سے پہلے نہائیں گے۔


پڑوس میں عامر کا گھر ہے۔ وہ اپنے بستر پہ لیٹا ہے۔ آج بہت اداس ہے۔ اس نے پچھلی دیوالی خوب دھوم دھام سے منائی تھی۔ تین دن پہلے ٹانگوں میں چوٹ لگی تھی۔ اس لیے اپنے کمرے سے باہر نہیں نکل سکتا۔ تھوڑی دیر پہلے وہ اور کھڑکی سے شالو کی چھت پر کھیل رہے بچّوں کو دیکھ رہا تھا۔ لیکن اب بچے وہاں سے چلے گئے ہیں۔

اچانک دروازے کی گھنٹی بجی۔ عامر کی آپا نے دروازہ کھولا۔ دروازے پر وہی بچے کھڑے تھے۔ وہ دوڑتے ہوئے عامر کے پاس آئے۔ وہ اپنے ساتھ مٹھائی اور کھلونے لائے۔ اب وہ سب یہیں دیوالی منائیں گے۔ گھر میں چہل پہل ہو گئی۔

عامر بہت خوش تھا۔ لیکن امّی کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ خوشی کے آنسو۔


مشق

پڑھیے اور سمجھیے

مہمان خانہ : مہمان کو ٹھہرانے کا کمرہ

باورچی خانہ : کھانا پکانے کا کمرہ

برآمدہ : مکان کے باہری حصّہ میں بغیر دروازے کا کمرہ

قُمقُمہ : سجاوٹ کے لیے چھوٹے چھوٹے رنگین بلب

غسل خانہ : نہانے کا کمرہ

چہل پہل : رونق، دھوم دھام

سوچیے اور بتائیے

1. دیوالی کے دن سب بچے کہاں آئے تھے؟

2. دادا جی نے قمقمے کیوں منگائے؟

3. عامر اپنے بستر پہ کیوں لیٹا تھا؟

4. گھر میں چہل پہل کیسے ہوگئی؟

5. عامر کی امّی کی آنکھوں میں آنسوکیوں تھے؟

خالی جگہوں میں مناسب لفظ چُن کر لکھيے

1. آج .........ہے۔ (ہولی/ دیوالی)

2. .........برآمدے میں دیپ جلا رہی ہیں۔ (آپا/دادی)

3. اشوک نے .........کھولا۔ (دروازہ/ کمرہ)

4. ........ پر وہی بچےکھڑے تھے۔ (دروازے /چھت)

5. وہ ........ہوئے عامر کے پاس آئے۔ (بھاگتے/ دوڑتے)

حصّہ ‘الف’ اور حصّہ ‘ب’ کے صحیح جوڑ ملائیے

(الف) (ب)

باورچی خانہ اوپر کی منزل پر کمرے کے سامنے کی جگہ

غسل خانہ مکان کے باہری حصّہ میں بغیر دروازے کا کمرہ

مہمان خانہ کھانا پکانے کا کمرہ

بالکنی نہانے کا کمرہ

برآمدہ مہمان کو ٹھہرانے کا کمرہ


صحیح جملوں پر( ­) اور غلط پر() کا نشان لگائیے

(i) ماں باورچی خانے میں مزے دار کھانے بنا رہی ہیں۔

(ii) داداجی برآمدے میں دیپ جلا رہے تھے۔

(iii) بڑے بھیّا نے بالکنی میں بھی کچھ قمقمے روشن کر دیے۔

(iv) پڑوس میں عامر اپنے بستر پہ لیٹا ہے۔

(v) عامر کے بھائی نے دروازہ کھولا۔

(vi) وہ سب یہیں دیوالی منائیں گے۔

(vii) امّی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔

شالو اور عامر کے رشتے داروں کے نام لکھیے

ماں امّی دادا آپا پتاجی

شالو عامر

.................. ..................

.................. ..................

.................. ..................

دیےکی تصویر بناکر اس میں رنگ بھریے











اساتذہ کے لیے ہدایات:

  • استاد بچوّں سے تہواروں سے متعلق بات چیت کریں۔
  • اور ان کے یہاں کون سا تہوار منایا جاتا ہے اس کے بارے میںلکھوائیں۔