Skip to content


ہوائی جہاز

وہ دیکھو! ہوائی جہاز آ رہا ہے

کوئی گیت اڑتے ہوئے گا رہا ہے

نظر آتا ہے دوٗر سے یوں فضا میں

 کوئی چیٖل اُڑتی ہو جیسے ہَوا میں

پرندوں کے مانند پردار ہے

 پر اُن سے سوا تیز رفتار ہے

یہاں ہے اگر آج تو کل وہاں ہے

 پرندوں میں اِس کی سی تیزی کہاں ہے

بہت دُور اُڑتا ہے جب یہ ہوا پر
نظر آتا ہے ایک دھبّا فضا پر

جواں ہو کے ہم بھی چلائیں گے اِس کو

 خریدیں گے اِس کو اڑائیں گے اِس کو

ہواؤں پہ اڑتے پھریں گے جہاں میں 

کبھی اِس زمیں پر کبھی آسماں میں

̶ اختر شیرانی

اساتذہ کے لیے ہدایات:

  • بچّوں سےآمد ورفت کے ذرائع پر گفتگو کی جائے۔ہوائی جہاز نظم کی تصویروں کو توجہ سےدیکھنے اور سمجھنے کے لیے کہا جائے۔
  • پردار،رفتار لفظوں سے تک بندی کرتے ہوئے نئی نظم لکھوائیں۔

مشق

پڑھیے اور سمجھیے

گیت : ترانہ، نغمہ

فضا : زمین اور آسمان کے درمیان کا حصہ

مانند : طرح، جیسا

پردار : پر والا

سِوا : زیادہ، علاوہ

جہاں : دنیا

سوچیے اور بتائیے

1. ہوائی جہاز کو کِس پرندے کی طرح بتایا گیا ہے؟

2. شاعر کو اڑتے ہوئے ہوائی جہاز کی آواز کیسے لگتی ہے؟

3. بچّے جوان ہو کر ہوائی جہاز کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں؟

4. جب آپ ہوائی جہاز دیکھتے ہیں تو آپ کیا سوچتے ہیں، لکھیے؟

5. ہوائی جہاز کا ایندھن الگ ہوتا ہے اور ایسی کون سی گاڑیاں ہیں جو بغیر ایندھن کے چلتی ہیں؟

مناسب لفظوں سے مصرعے مکمل کیجیے

1. کوئی..................اڑتے ہوئے گا رہا ہے

2. جواں ہو کے ہم بھی..................اس کو

3. ..............اس کو ..............اس کو

4. ہواؤں پہ اڑتے...................جہاں میں

5. کبھی اس...........پر کبھی..............میں

ہم آواز الفاظ کو ملائیے

فضا وہاں

پردار اڑائیں

کہاں گارہا

چلائیں رفتار

آرہا ہوا

دی ہوئی تصویروں کے بارے میں ایک ایک جملہ لکھیے



نیچے دی ہوئی تصویروں میں رنگ بھریے