Skip to content

14

ہنسوں کا جوڑا اورکچھوا

ایک جوڑا ہنسوں کا اور ایک کچھوامدت سے ایک ہی جھیل میں رہتے تھے۔ ساتھ رہنے کی وجہ سے آپس میں دوستی ہوگئی۔ ایک بار بارش بالکل نہیں ہوئی۔ جھیل سوکھ گئی۔ ہنسوں کو وہاں سے جانا پڑا۔ وہ بہت افسوس کے ساتھ اپنے عزیز دوست کچھوے سے رخصت ہونے لگے۔ کچھوے نے اداس ہوکر کہا۔ ‘‘میں تمھاری جدائی برداشت نہیں کر سکتا۔ مجھ کو بھی اپنے ساتھ لے چلو۔’’

ہنسوں نے کہا ‘‘ہم زمین پر چل نہیں سکتے، تم ہوا میں اُڑ نہیں سکتے۔ پھر ہمارا تمھارا ساتھ ہو تو کیسے ہو؟’’


آخر کار دوست کی خاطر ہنسو ں نے ایک لکڑی اپنے پنجوں میں لی، اور کچھوے سے کہا کہ‘‘ اس کو منہ میں پکڑ کر لٹک جاؤ، لیکن یاد رکھو، رستے میں منہ کھولا تو گر جاؤ گے۔’’

جب ہنس، کچھوے کو اڑائے لیے جاتے تھے تو اتفاق سے ایک بستی کے اُوپر سے گزر ہوا۔ لوگوں نے یہ انوکھا تماشا دیکھ کر شور مچایا۔


اس وقت بے وقوف کچھوے سے چپ نہ رہا گیا۔ شور مچانے والوں کو جواب دینے کا ارادہ کیا۔بات کا شروع کرنا تھا کہ لکڑی اس کے منہ سے چھوٗٹ گئی اور وہ دَھم سے نیچے گر گیا۔

ہنسوں نے اُس ناسمجھ دوست کی حالت پر بہت افسوس کیا اور یوں کہتے ہوئے اڑے چلے گئے۔

‘‘جو دوستوں کی نصیحت پر عمل نہیں کرتا، اس کی ایسی ہی گَت بنتی ہے۔’’


اساتذہ کے لیے ہدایات:

  • استاد کہانی کو تصویروں کی مدد سے اندازہ لگاکر سنانے کا موقع دیں۔
  • یہ کہانی ‘‘ہتوپدیش’’کی لوک کہانی ہے اس کو بھی بتایا جائے۔
  • گھر والوں سےلوک کہانی سن کر کلاس میں سنوائی جائے۔

مشق

پڑھیے اور سمجھیے

افسوس : دکھ

عزیز : پیارا

رخصت ہونا : جدا ہونا

جدائی : دوری

اتفاق: اچانک

انوکھا : عجیب

نصیحت : نیک مشورہ، اچھی بات

عمل کرنا : ماننا

گَت : حالت

سوچیے اور بتائیے

.1 ہنسوں اور کچھوے میں کیسا تعلق تھا؟

.2 ہنسوں نے وہاں سے جانے کا ا رادہ کیوں کیا؟

.3 ہنسوں نے کچھوے سے یہ کیوں کہا ‘‘ہمارا تمھارا ساتھ ہو تو کیسے ہو؟

.4 ہنسوں نے کچھوے کو اپنے ساتھ لے جانے کے لیے کون سی ترکیب نکالی؟

.5 کچھوا دَھم سے نیچے کیوں گرا؟

خالی جگہوں میں مناسب لفظ لکھیے

بارش کچھوے دوستی شور لٹک

.1 ساتھ میں رہنے کی وجہ سے آپس میں .............ہوگئی۔

.2 ایک بار.............بالکل نہیں ہوئی۔

.3 وہ بہت افسوس کے ساتھ اپنے عزیزدوست............سے رخصت ہونے لگے۔

.4 اس کو منہ میں پکڑ کر .............جاؤ۔

.5 لوگوں نے یہ انوکھا تماشا دیکھ کر .............مچایا۔

حصّہ‘الف’ اورحصّہ‘ب’ کو ملاکر جملے مکمل کیجیے اور لکھیے

ساتھ رہنے کی وجہ سے تماشا دیکھ کر شوٗرمچایا

آخرکار دوست کی خاطر ہنسوں نے تم ہوا میں اڑ نہیںسکتے

رستے میں منہ کھولا آپس میں دوستی ہوگئی

لوگوں نے یہ انوکھا ایک لکڑی اپنے پنجوں میں لی

ہم زمین پر چل نہیں سکتے   تو گرجاؤ گے

1. .........................................................

2. .........................................................

3. .........................................................

4. .........................................................

5. .........................................................

جس طرح لفظ دوست سے دوستوں بنا ہے، اسی طرح نیچے دیے ہوئے لفظوں کو بدل کر لکھیے

دوست دوستوں ہنس ............

مدت ............ نصیحت ............

جھیل ............ بارش ............

نیچے دی ہوئی تصویروں کوا ن کے ناموں سے ملائیے

ہنس


مچھلی


بگلا


مور


کچھوا

2.14


کچھوے اورخرگوش کی تصویریں بناکر رنگ بھریے