
پڑوسی
کئی روز سے چڑا اور چڑیا بہت پریشان تھے۔ انھیں اپنا گھونسلا بنانے کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہیں مل رہی تھی۔ ڈھونڈتے ڈھونڈتے وہ ایک گھنے جنگل میں پہنچ گئے۔ اس جنگل میں ایک بہت پرانا درخت تھا۔ انھوں نے اس کی شاخ پر اپنا گھونسلا بنا لیا۔
چڑیا اپنے گھونسلے میں بہت خوش تھی۔ اُسے اگر دُکھ تھا تو بس یہ کہ وہاں چڑیوں کے اور گھونسلے نہیں تھے، اور نہ ہی جان پہچان والے تھے۔ اس نے اپنے دل کی بات چڑے سے کہہ دی، بولی‘‘دیکھو کل ہی کوّے نے ہمارے پڑوس کی شاخ پر گھونسلا بنایا ہے۔ کوّا اکیلا رہتا ہے۔ مجھے بڑا ڈر لگتا ہے۔ ہمیں یہاں اپنی جان پہچان بڑھانی چاہیے۔ کچھ دوسری چڑیوں کے گھونسلے ہوتے تو کِسی بات کا کھٹکا نہیں رہتا۔’’
چڑے نے کہا: ‘‘گھبرانے کی بات نہیں، وقت پر جو کام آئے وہی اپنا ہوتا ہے۔ ’’
دھیرے دھیرے چڑیا چڑے اور کوّے میں خوب دوستی ہو گئی اور وہ مل جل کر رہنے لگے۔

کچھ دنوں کے بعد چڑیا نے دو انڈے دیے اور اُن انڈوں سے دو ننھّے منّے خوب صورت بچّے نکلے۔ کوّا چڑیا کے بچّوں سے بہت پیار کرتا تھا۔ جب چڑیا دانا چُگنے باہر جاتی، کوّا اس کے بچّوں کی نگرانی کرتا۔ کوّا باہر جاتا تو چڑیا اور چڑا اس کے گھونسلے کی دیکھ بھال کرتے۔ اس طرح وہ دونوں پڑوسی ایک دوسرے کی ضرورت میں کام آنے لگے۔
ایک دن کی بات ہے، گھونسلے میں بچّے اکیلے تھے۔ اچانک بچّوں کی ‘‘چیں چیں’’ کی آواز سُن کر کوّے نے اپنے گھونسلے سے سر باہر نکالا۔ اس نے دیکھا کہ ایک بلّی چڑیا کے بچّوں کی تاک میںبیٹھی ہے۔ کوّا سہم گیا۔ وہ بچّوں کو بچانے کی ترکیب سوچنے لگا۔


وہ درخت کی سب سے اونچی شاخ پر بیٹھ کر زور زور سے کائیں کائیں کرنے لگا۔ اس کی آواز سُن کر سارے پڑوسی جمع ہو گئے۔ سب کے سب زور زور سے چیخنے چلاّنے لگے۔ چیخ پکار کی آوازیں سن کر بِلّی بہت گھبرائی اور ڈر کر بھاگ گئی۔

تھوڑی دیر کے بعد جب چڑا اور چڑیا گھر لوٹے تو ان کے بچّوں نے سارا قصّہ سنایا۔ وہ بہت خوش ہوئے اور اپنے پڑوسی کوّے کا دل سے شکریہ ادا کیا۔
اساتذہ کے لیے ہدایات:
- کہانی کی تصویروں کو دکھا کر بچوّں سے ان کو اندازہ لگا کر پڑھنے اور سنانے کے لیے ترغیب دی جائے۔
- پڑوسیوں سے ان کے تعلقات کیسے ہیں اس پر گفتگو کروائی جائے۔
- ہمارے آس پاس کون کون سے پرندے ہوتے ہیں؟ بات چیت کرائی جائے۔
اساتذہ کے لیے ہدایات:
- کہانی کی تصویروں کو دکھا کر بچوّں سے ان کو اندازہ لگا کر پڑھنے اور سنانے کے لیے ترغیب دی جائے۔
- پڑوسیوں سے ان کے تعلقات کیسے ہیں اس پر گفتگو کروائی جائے۔
- ہمارے آس پاس کون کون سے پرندے ہوتے ہیں؟ بات چیت کرائی جائے۔
مشق
پڑھیے اور سمجھیے
پڑوسی : آس پاس میں رہنے والا
محفوظ : حفاظت سے، صحیح سلامت
درخت : پیڑ
شاخ : ٹہنی
گھونسلا : پرندوں کا گھر
کھٹکا : ڈر
نگرانی : دیکھ بھال
تاک میں ہونا : تلاش میں رہنا
سہم جانا : ڈر جانا
ترکیب : طریقہ
قصّہ : واقعہ
سوچیے اور بتائیے
.1 چڑیا اور چڑا کیوں پریشان تھے؟
.2 چڑیا کو کِس بات کا دکھ تھا؟
.3 دونوں پڑوسی ایک دوسرے کے کِس طرح کام آتے تھے؟
.4 کوّے نے چڑیا کے بچّوں کی جان کیسے بچائی؟
.5 بلّی کیوں بھاگ گئی؟
خالی جگہوں میں مناسب لفظ لکھیے
اکیلے نگرانی درخت محفوظ قصہ
.1 انھیں اپنا گھونسلا بنانے کے لیے کوئی............جگہ نہیں مل رہی تھی۔
.2 جنگل میں ایک بہت پرانا ............تھا۔
.3 کوّا اس کے بچّوں کی............کرتا۔
.4 گھونسلے میں بچّے............رہتے تھے۔
.5 بچّوں نے انھیں سارا............سنایا۔
تصویریں دیکھ کر جانوروں اور پرندوں کی آوازیں لکھیے
................................................
................................................
................................................
................................................
................................................اپنے پڑوسیوں کے ساتھ آپ کس طرح مل جُل کر رہتے ہیں، اپنی جماعت میں بات چیت کیجیے


