مکڑی
مکڑی نے کیا جالا تانا
کیسا اچھا تانا بانا
آخر اس نے کیوں کر جانا
اس سے ملے گا مجھ کو کھانا
جس نے مکڑی پیدا کی ہے
اس نے اتنی عقل بھی دی ہے
روزی کا کیوں تجھ کو غم ہے
مکڑی سے کیا تو بھی کم ہے
جب تک تیرے دم میں دم ہے
ہاتھ میں کاغذ اور قلم ہے
سیکھ لے بابا علم و ہنر تو
محنت کر تو محنت کر تو
̶ اسماعیل میرٹھی
مشق
پڑھیے اور سمجھیے
مکڑی : ایک قسم کا کیڑا جو جالا بُنتا ہے
جالا : باریک تار جو مکڑی بناتی ہے
روزی : رزق، روزانہ کی خوراک
دم : زندگی
ہنر : کام
سوچیے اور بتائیے
.1 مکڑی کا جالا کیسا ہے؟
.2 جالا بنانے کی عقل کہاں سے ملی؟
.3 مکڑی سے کون کم نہیں ہے؟
.4 آخری دو مصرعوں میں کیا بات کہی گئی ہے؟
مناسب لفظ سے مصرعے مکمل کیجیے
.1 مکڑی نے کیا ............ تانا
.2 جس نے مکڑی ..........کی ہے
.3 ...........سے کیا تو بھی کم ہے
.4 جب تک تیرے دم میں دم ........
.5 سیکھ لے بابا علم و ............تو
مثال کے مطابق نظم سے ہم آواز الفاظ تلاش کرکے لکھیے
تانا بانا
قلم ..............
کر ..............
کھانا ..............
نیچے دی گئی تصویروں میں سے جو سب سے الگ ہے اس کا نام لکھیے

مکڑی اورجالے کی تصویر بناکر رنگ بھریے
نوٹ:
اسماعیل میرٹھی کے شعری مجموعے میں اِس نظم کا عنوان ‘‘محنت کرو’’ ہے۔ بچّوں کی دل چسپی کے پیش نظر اسے بدل کر ‘‘مکڑی’’ کردیا گیا ہے۔ (ادارہ)
اساتذہ کے لیے ہدایات:
- نظم کو مناسب لب ولہجہ کے ساتھ پہلے خود پڑھیں اس کے بعد نظم کی تصویرو ںکی جانب بچوّں کو راغب کرایا جائے۔
- تانا،بانا وغیرہ لفظوں سے تک بندی کرتے ہوئے نئی نظم تخلیق کروائیں۔
