
بات چیت
• تصویر میں بچے اور استاد کیا کررہے ہیں؟
• وہ لوگ پارک کی صفائی کیوں کررہے ہیں؟
• کیا آپ نے کبھی اپنے گھر یا اسکول کے ارد گرد کوڑےکرکٹ کے ڈھیر دیکھے ہیں؟
• کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ یہ کوڑاکرکٹ کیسے جمع ہوجاتا ہے؟
سرگرمی 1
• اُن مختلف سرگرمیوں کو یاد کیجیے جو آپ اور آپ کے بڑے دن بھر کرتے رہتے ہیں۔ ان سرگرمیوں کی وجہ سے کیسے کوڑا کرکٹ جمع ہوجاتا ہے؟
آخر کار ہم اس کوڑے کا کیا کرتے ہیں؟
• اپنے جوابات اپنی جماعت کے ساتھیوں کوبتائیے۔
استاد کے لیے ہدایت
بچّوں کو ایسی عام سرگرمیوں کے بارے میں بتائیں جن سے کوڑا جمع ہوجاتا ہے جیسے: چیزوں کے پیکٹ، پیک کرکے لائے گئے کھانے سے جمع کوڑا، پلاسٹک اور سجاوٹ کے بعد پھینکا گیا سجاوٹ کا سامان۔
کوڑا کرکٹ کیسے جمع ہوتا ہے؟
ہم اپنے روز مرہ کے کاموں کے دوران بہت کوڑاکرکٹ کا ڈھیرلگا دیتے ہیں۔ ہم پرانے کپڑے پھینک دیتے ہیں ساتھ ہی ٹِن کے ڈبوں، بوتلوں، کاغذوں، سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں، پلاسٹک ریپرس، پنسل کے تراشوں، پرانی بیٹریوں اور کئی دوسری چیزوں کو بھی کوڑے کے طور پر پھینک دیتے ہیں۔
ہم کوڑا پھینکنے کی کوشش تو کرتے ہیں لیکن دیکھا گیا ہے کہ ان سے کوڑے کے ڈھیر بن جاتے ہیں۔کوڑے کے یہ ڈھیر گھروں، اسکولوں کے اطراف یا آپ کے پڑوس میں بھی پائے جاتے ہیں۔

آپ اس بارے میں کیا سوچتے ہیں؟
کیا آپ کو لگتا ہے کہ اس بارے میں ہم کچھ کرسکتے ہیں؟
کوڑےکرکٹ کا بندوبست
ہمیں کوڑے کرکٹ کا بندوبست کرنا سیکھنا ہوگا۔ کوڑے کا بندوبست کرنا ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے۔ ہم میں سے ہر ایک کو کوڑے کا انتظام کرنا سیکھنا ہوگا۔ ہم ان لوگوں اور ان مقامات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں جہاں کوڑے کا بندوبست صحیح طریقے سے کیا جاتا ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں لوگ کس طرح یہ کام کرتے ہیں!
کوڑے کرکٹ کے بندوبست کے طریقے:
آپ نے اکثر سڑک کے کنارے، گھروں کے آس پاس یا میدانوں میں کوڑا کرکٹ دیکھا ہوگا۔ گائے اور دوسرے جانور اس کچرے میں پڑے کھانے کے سامان کے ساتھ ملے پلاسٹک کو کھانے سے مرسکتے ہیں۔ کچھ لوگ پلاسٹک کو جلاتے ہیں جس سے نقصان دہ گیسیں نکلتی ہیں۔
لوگ اپنے آس پاس پھیلے کوڑے کی وجہ سے بیمار پڑجاتے ہیں۔ گڑھوں میں جمع پانی اور سڑکوں پر بہتے گندے پانی کی وجہ سے مچھرپیدا ہوتے ہیں جن کے کاٹنے سے بیماریاں پھیلتی ہیں۔
اس گندے پانی میں جراثیم ہوسکتے ہیں جو بیماریاں پھیلا سکتے ہیں، لیکن کچھ جگہوں پر لوگوں نے بڑی محنت سے گھروں اور اپنے پاس پڑوس کو صاف کیا ہے۔
ہم اس سبق کے اگلے کچھ حصّوں میں یہ سیکھیں گے کہ ان لوگوں نے یہ کام کیسے کیا۔
سرگرمی 2
اپنے آس پاس کا مشاہدہ کیجیے۔
• آپ کے اسکول کے آس پاس کتنی صفائی ستھرائی ہے؟
• آپ کو اسکول میں کوڑا کرکٹ کہاں نظر آتا ہے؟ کلاس روم کے اندر ، باہر یا اسکول کے میدان میں؟
بنائیے
اپنے مقامی علاقے کی تصویر بنایئے یا چپکایئے۔ کوڑا ، گندے پانی یا دھوئیں والی جگہوں کی نشان دہی کیجیے اور ان کے اطراف لال گولا بنایئے۔ پتہ لگایئے کہ کوڑا ان جگہوں تک کیسے پہنچا۔
اگر آپ اس جگہ پر رہتےہیں جہاں کوڑے کا مناسب طریقے سے بندوبست کیا جاتا ہے تو اپنے بڑوں سے اس بارے میں معلومات حاصل کیجیے۔اپنی معلومات سے کلاس کے بچّوں کوآگاہ کیجیے۔
آئیے اب ان لوگوں کے بارے میں بات کرتے ہیں جو کوڑے کا صحیح طریقے سے بندوبست کرتے ہیں۔
کوڑا کرکٹ کم کرنا
کئی لوگ ڈبہ بند کھانے یا پلاسٹک کی بوتل والے مشروبات سے پرہیز کرتے ہیں۔ کچھ لوگ پلاسٹک کے بجائے کپڑے سے بنے تھیلے کا استعمال کرتے ہیں تاکہ کوڑے کو کم کیا جاسکے۔
کیا آپ نے کبھی ایسا کچھ کیا ہے؟
اپنی وجہ سے بننے والے کوڑے کو کم کرنا وہ پہلا اصول ہے جس پر یہ لوگ عمل کرتے ہیں۔

سرگرمی 3
آپ کوڑے کو کم کرنے میں کس طرح مدد کرسکتے ہیں؟
اپنے پرانے کھلونے اور کتابیں ان لوگوں کو دیجیے جو انھیں خرید نہیں سکتے اور انھیں ان کی ضرورت ہے۔ اس طرح آپ صفائی ستھرائی مہم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
آپ اور کن طریقوں سے اِس کام میں مدد کرسکتے ہیں؟
ہم جتنی زیادہ چیزیں خریدیں گے اتنا ہی زیادہ ہم پھینکیں گے جس سے اور زیادہ کوڑا پیدا ہوگا۔ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ہم وہی چیزیں خریدیں جن کی ہمیں ضرورت ہے اور انھیں تب تک استعمال کریں جب تک وہ استعمال کے قابل ہوں۔
اس طرح ہم کوڑے کی مقدار کوجہاں تک ممکن ہو کم سے کم کرسکتے ہیں۔

دوبارہ استعمال
دوسرا کام جو کئی لوگ کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ وہ چیزوں کو پھینکنے کے بجائے انھیں دوبارہ استعمال کرتے ہیں۔ ہمارے دادا دادی کبھی پرانے کپڑوں کو پھینکتے نہیں تھے۔ وہ پرانی ساڑیوں سے رضائی اور پرانے کپڑوں سے تھیلے بنالیتے تھے۔ کبھی کبھی وہ پرانے کپڑے ضرورت مند لوگوں کو دے دیا کرتے تھے۔
تحفوں کو پیک کرنے کے لیے اخبارات یا پرانے کپڑوں کا استعمال ماحول دوست عمل ہے جس سے کوڑے کو کم کیا جاسکتا ہے اور وسائل کی بچت ہوسکتی ہے۔ ان چیزوں کا مناسب استعمال کرتےہوئے ہم نہ صرف اپنے کوڑے کرکٹ کو کم کرسکتے ہیں بلکہ اس طرح کے تحفوں سے تحفہ قبول کرنے والے کو آپ کی ذاتی وابستگی کا احساس بھی ہوگا۔
سرگرمی 4
کوڑے کو کم کرنے کے لیے آپ چیزوں کا استعمال دوبارہ کس طرح کرسکتے ہیں؟
آپ رف کام کے لیے ایک جانب سے استعمال کیے گئے کاغذ کو دوبارہ استعمال کرسکتے ہیں۔اسی طرح پانی کی نئی بوتل خریدنے کے بجائے آپ اسٹیل یا تانبے جیسی محفوظ چیزوں سے بنی بوتلوں کو دوبارہ بھر کر استعمال کرسکتے ہیں۔
آپ پرانے اخبارات، پرانے کیلنڈرس، بوتلوں یا ڈبوں وغیرہ کا دوبارہ استعمال کرتے ہوئے کھلونے یا سجاوٹ کی چیزیں بناسکتے ہیں۔ یہاں اسی طرح کی ایک ترکیب بتائی جارہی ہے۔آپ کو چاہیے صرف کچھ اخبار، نہ قینچی، نہ گوند صرف کاغذ۔
کاغذ کا تھیلا بنانے کا طریقہ
استاد کے لیے ہدایت
آپ اخبارات اور دوسرے بے کار سامان کا استعمال کرتے ہوئے کئی چیزیں بنا سکتے ہیں۔مزید معلومات کےلیے یہ ویب سائٹ دیکھیے: http://arvindguptatoys.com
سرگرمی5
بے کار ہوچکے سامان یا کباڑ سے ایسا کچھ بنائیے جو آپ کسی کو تحفے کے طور پر پیش کرسکیں۔
شکرگزاری کا اظہار کیجیے
آپ اس شخص کا شکریہ ادا کرسکتے ہیں جو آپ کے گھر یا محلے کے آس پاس کی صفائی کرتا ہے۔ انھیں بتائیے کہ آپ نے بے کار ہوچکے سامان یا کباڑ سے یہ تحفہ بنایا ہے تاکہ کوڑے کو کم کیا جاسکے اور صفائی والے کا کام ہلکا ہوسکے اور انھیں بہت زیادہ شکریہ ادا کرنا ہرگز نہ بھولیے۔
فخر کا مقام
نیچے دیے گئے کئی گاؤں اور شہروں میں ہمیشہ کوڑا پڑا رہتا تھا لیکن اب وہ ملک کے شاید سب سے صاف ستھرے علاقے ہیں۔ ان جگہوں کے لوگوں نے اپنے آس پاس کے علاقے کو کس طرح تبدیل کیا؟
آئیے آج، اروناچل پردیش کے گاؤں سِلُّک چلتے ہیں۔ جیسے ہی ہم گاؤں میں داخل ہوتے ہیں ہمیں صاف ستھری سڑکیں نظر آتی ہیں۔ یہاں سڑکوں کے کناروں پر یا کونوں میں یا کھلی جگہوں پر کوڑا نظر نہیں آتا۔ قطار میں لگے درختوں سے آراستہ سڑکوں پر چلتے ہوئے ایسا لگتا ہے جیسے آپ کسی باغ میں ٹہل رہے ہیں۔ اس گاؤں کو اپنے کوڑے کا مناسب بندوبست کرنے کے لیے انعام بھی مل چکا ہے۔ اسے ’’صفر کوڑا کرکٹ گاؤں‘‘ کہا جاتا ہے۔
سِلُّک کی طرح ملک میں کئی ایسے گاؤں ہیں جو کوڑے کا بندوبست کرنے کے طریقوں میں مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔ چھوٹا نرینا کوڑے سے پاک ہونے والا پہلا گاؤں بن گیا ہے۔
اسی طرح اندور اور میسورو جیسے دوسرے کئی شہر اور قصبے صاف ستھرے شہر بن گئے ہیں۔


• صفائی ستھرائی کے لیے مشہور کسی گاؤں، قصبے یا شہر کے بارے میں اپنے بڑوں سے معلومات حاصل کیجیے۔ بڑوں سے ملی معلومات کو اپنی کلاس میں بیان کیجیے۔
• اپنے والدین یا اساتذہ سے ’’سوچھ بھارت مشن‘‘ کے بارے میں معلومات حاصل کیجیے۔
مختلف قسم کے کوڑ ے کرکٹ کو علاحدہ کرنا
اگر آپ اپنے آس پاس دیکھیں تو آپ کو دو مختلف رنگوں کے کوڑے دان نظر آئیں گے۔ یہ کوڑے دان آپ کے اسکول، مقامی بازار، پارک یا بس اسٹینڈ یا ریلوے پلیٹ فارم یا میلے میں دیکھے جاسکتے ہیں۔یہ دو طرح کے کوڑے دان کیوں استعمال کیے جاتے ہیں؟ آئیے اِن کے بارے میں پڑھ کر سمجھتے ہیں کہ ان کوڑے دانوں میں کیا ڈالا جاتا ہے۔
ہرے کوڑے دان سوکھے پتوں یا شاخوں، پھلوں کے چھلکوں، خراب ہوچکی سبزیوں یا انڈے کے چھلکوں کو ڈالنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ یہ چیزیں جلدی سڑ جاتی ہیں اور آسانی سے مٹی میں تحلیل ہوجاتی ہیں۔
ہرے کوڑے دان میں ڈالے جانے والے کوڑے کو مٹی میں ملا دیا جاتا ہے جہاں یہ کمپوسٹ کھاد بن کر پودوں کی غذا بن جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ،یہ مٹی میں موجود نہایت چھوٹے کیڑے مکوڑوں کی غذا بن جاتا ہے۔
نیلا کوڑے دان، اُن چیزوں کو ڈالنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو دھات، شیشہ، پلاسٹک اور کاغذ کی بنی ہوتی ہیں۔ ان پھینکی گئی چیزوں سے نئی چیزیں بنائی جاسکتی ہیں۔ اسے ’’ری سائیکلنگ‘‘ کہتے ہیں۔
کچھ گاؤں میں ان الگ الگ طرح کے کوڑے کے لیے الگ الگ کوڑے دان ہوتے ہیں تاکہ کوڑے کو ری سائیکلنگ کے لیے علاحدہ جگہوں پر بھیجنے میں آسانی ہو۔ وہ گاؤں اور شہر جو اپنے کوڑے کو الگ الگ کرکے اسے ری سائیکل کرتے ہیں، وہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھ پاتے ہیں۔ یہ گاؤں اور شہر اپنے کوڑے کا مناسب بندوبست کرپاتے ہیں۔

سرگرمی 6
اپنے کوڑے کو الگ الگ کیجیے
نیچے دو کوڑے دان دکھائے گئے ہیں، ان کوڑے دانوں پر ان چیزوں کے نام لکھیے جو ان میں ڈالی جاسکتی ہیں۔
پلاسٹک کی بوتلیں، پتے ، پیاز کے چھلکے، بجلی کے بلب، سڑے ہوئے پھل، کاغذ، انڈے کے چھلکے، استعمال شدہ دودھ کے پیکٹ، کپڑے کے ٹکڑے۔
ہم میں سے ہر کوئی اپنے گھر،اردگرد کی دنیا ، اسکول، شہر اور ملک کو صاف ستھرا رکھنے میں مدد کرسکتا ہے۔
استاد کے لیے ہدایت
آپ اس سرگرمی کا استعمال بچوں کو یہ سمجھانے کے لیے کرسکتے ہیں کہ ممکنہ طور پر نقصان دہ چیزوں جیسے ٹوٹے ہوئے شیشے کے ٹکڑے، سوئی وغیرہ کو کپڑے اور کاغذ میں لپیٹ کر کوڑے دان میں ڈالیں تاکہ ان سے صفائی کارکن کو نقصان نہ پہنچے۔
لکھیے
ان کاموں کی فہرست بنایئے جو آپ اپنے گھر یا اسکول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے کرسکتے ہیں۔
میں اپنے کمرے کو صاف رکھ سکتا ہوں۔
–––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––
–––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––
ان آلات کی فہرست بنایئے جن کے ذریعے آپ کے اسکول یا آس پاس میں صفائی ہوتی ہے۔
کیا آپ نے کبھی اپنے گھر میں صفائی کے لیے استعمال کیے جانے والے سامان پر غور کیا ہے؟ان سامانوں کی ایک فہرست بنایئے۔
بنائیے
نیچے دیے گئے خانے میں صفائی کے لیے استعمال ہونے آلات کی تصویریں بنایئے۔
اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا
جب آپ صفائی ستھرائی کا قومی دن (30 جنوری) منائیں تو حلف لیں کہ آپ خود کو اور اپنے
آس پاس کو ہمیشہ صاف رکھیں گے۔ کم کوڑا پیدا کرنے، اپنے کوڑے کا بندوبست کرنے اور اس کوڑے کو ٹھکانے لگانے کا خیال رکھیے تاکہ ایک صاف ستھری اور سرسبز دنیا بنائی جاسکے۔
ہمارا مقصد ہونا چاہیے: ’’نہ غیر ضروری چیزیں لیں نہ انھیں ضائع کریں۔‘‘
اپنی رائے کا اظہار کیجیے
A. بات چیت کیجیے
کوڑا کرکٹ کس طرح جمع ہوتا ہے؟
ہم کوڑے کا بندوبست کس طرح کرسکتے ہیں؟
B. لکھیے
1. اپنے اسکول اور گھر کا قریب سے جائزہ لیجیے اور سوچیے کہ پلاسٹک بیگ اور بوتلوں کے استعمال سے کس طرح بچا جاسکتا ہے۔پلاسٹک سے بنی چیزوں کی فہرست بنایئے اور لکھیے کہ ان چیزوں کی جگہ پرکس طرح دوسرے محفوظ مادّے استعمال کیے جاسکتے ہیں؟
2. اپنے اسکول اور گھر کی تین چیزوں کے نام لکھیے جو ہرے کوڑے دان میں ڈالی جاسکتی ہیں اور تین چیزوں کے نام لکھیے جنھیں نیلے کوڑے دان میں ڈالا جاسکتا ہے۔
C. اپنی نوٹ بک میں تصویر بنائیے
1. کوڑے کا صحیح طرح سے بندوبست کر رہے گاؤں یا شہر کا پوسٹر بنائیے۔ پوسٹر کو مناسب عنوان دیجیے۔
D. جوڑی بناکر کردار نبھائیے
آپ صاف ستھرا شہر بنیے اور اپنے دوست کو گندے شہر کا کردار نبھانے کو کہیے۔ آپس میں مختصر بات چیت کیجیے کہ آپ دونوں کیسا محسوس کررہے ہیں۔
E. سوچیے، بتائیے اور اظہار کیجیے
1. تصور کیجیے کہ آپ کے گھر پر سال گرہ کی دعوت ہے۔ وہ کون سے طریقے ہوسکتے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ اس دعوت کو کوڑے سے مکمل پاک بنا سکتے ہیں؟ اس کے لیے پہلے غور کیجیے کہ سال گرہ کی اس دعوت سے کس طرح کا کوڑاکرکٹ جمع ہوسکتا ہے اور آپ اس سے کس طرح بچ سکتے ہیں یا اسے کم کرسکتے ہیں۔
2. کیا آپ نے قدرت میں کوڑاکرکٹ دیکھا ہے؟ آپ کو کیا لگتا ہے کہ جنگل میں جانوروں کے فضلے، سوکھے پتوں اور دوسری چیزوں کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا؟
