1
حمد
تعریف اس خدا کی جس نے جہاں بنایا
کیسی زمیں بنائی! کیا آسماں بنایا!
مٹی سے بیل بوٹے کیا خوش نما اُگائے
پہنا کے سبز خلعت اُن کو جواں بنایا
میوے لگائے کیا کیا، خوش ذائقہ رسیلے
چکھنے سے جن کے مجھ کو شیریں وہاں بنایا
سورج بنا کے تو نے رونق جہاں کو بخشی
رہنے کو یہ ہمارے اچھا مکاں بنایا
کیا دودھ دینے والی گائیں بنائیں تو نے
چڑھنے کو میرے گھوڑا کیا خوش عناں بنایا
آب رواں کے اندر مچھلی بنائی تو نے
مچھلی کے تیرنے کو آب رواں بنایا
ہر چیز سے ہے تیری کاری گری ٹپکتی
یہ کارخانہ تو نے کب رائیگاں بنایا
مشق
پڑھیے اور سمجھیے
سوچیے اور بتائیے
- شاعر کن چیزوں کی وجہ سے خدا کی تعریف کر رہا ہے؟ ____________________
- نظم میں شاعر نے بیل بوٹے کو مٹی سے اُگایا ہوا کیوں کہا ہے؟ ____________________
- گائے اور گھوڑے ہماری زندگی میں کیا اہمیت رکھتے ہیں؟ ____________________
- سورج سے دنیا کو کیا فائدہ ہوتا ہے؟ ____________________
- مچھلی کے لیے پانی کیوں ضروری ہے؟ ____________________
- شاعر نے نظم میں کارخانہ کسے کہا ہے؟ ____________________
شعر مکمل کیجیے
تعریف اس خدا کی جس نے جہاں بنایا____________
____________پہنا کے سبز خلعت اُن کو جواں بنایا
سورج بنا کے تو نے رونق جہاں کو بخشی__________
____________مچھلی کے تیرنے کو آب رواں بنایا
دیے ہوئے الفاظ کے متضاد لکھیے
| الفاظ | زمین | خوش نما | جوان | چڑھنا | رونق | رائیگاں |
| متضاد |
درست املا والے لفظ پر دائرہ بنایئے اور سامنے لکھیے
●خوس کھوش خوش ___
●لباس لباص لباث ___
●سورز صورج سورج ___
●کھاک خاک خاق ___
●کار کھانہ قارخانہ کارخانہ ___
بلند آواز سے پڑھیے اور خوش خط لکھیے
خوش نما______________
خلعت_______________
ذائقہ _______________
شیریں______________
کارخانہ______________
پڑھیے، مجھے اور لکھیے
●اس مصرعے کو غور سے پڑھیے
رہنے کو یہ ہمارے اچھا مکاں بنایا
اس مصرعے میں لفظ اچھا مکان کی خوبی کو ظاہر کرتا ہے۔
ایسے الفاظ جو کسی اسم کی خوبی، خامی، کیفیت کو ظاہر کرتے ہیں انہیں صفت کہتے ہیں۔
●اس نظم سے چار صفت تلاش کر کے لکھیے
کیجیے
●خدا کی بنائی ہوئی کچھ چیزوں کے نام لکھیے
●اپنے پسندیدہ پھلوں کی تصویریں بنائیے ، ان میں رنگ بھریے اور ان کے نام لکھیے
لطیفہ / چٹکلہ
ایک بچہ رو رہا تھا۔ باپ نے رونے کا سبب پوچھا تو بولا:
ایک روپیہ دیں تو بتاؤں گا۔
باپ نے جلدی سے روپیہ دیا اور کہا: بتاؤ کیوں رو رہے تھے؟
اس روپے کے لیے ہی رو رہا تھا۔ بیٹے نے چپ ہوتے ہوئے جواب دیا۔
اساتذہ کے لیے ہدایات
- بچوں سے اس نظم کو زبانی یاد کرا کے گروپ میں اسکول کی اسمبلی میں پیش کرایا جا سکتا ہے۔
- خدا کی بنائی ہوئی بے شمار چیزوں میں صرف دو چیزوں کے نام اور ان سے حاصل ہونے والے دو فائدے بھی لکھوائے جاسکتے ہیں۔
- اساتذہ طلبا کو 'حمد ، نظم کی منفر د خصوصیت سے بھی متعارف کر اسکتے ہیں نیز کچھ اور حمد پر مشتمل نظموں کی طرف طلبا کی راہ نمائی بھی کر سکتے ہیں۔