Skip to content
Sitaar Urdu







2 چھپا خزانہ


ایک کسان تھا، اُس کے چار بیٹے تھے۔ چاروں بیٹے بڑے کاہل تھے اور محنت کرنے سے جی چراتے تھے۔ کسان اکیلا کھیت میں جاتا اور سارا کام کرتا۔ جب کسان بوڑھا ہو گیا تو زیادہ محنت نہیں کر پاتا تھا، اس لیے کھیت سے آمدنی کم ہو گئی۔ گھر کا خرچ مشکل سے چلنے لگا۔ پھر بھی بیٹوں پر کوئی اثر نہ ہوا۔

1

ایک دن کسان نے اپنے چاروں بیٹوں کو بلایا اور کہا: ”دیکھو! میں تو بوڑھا ہو گیا ہوں، اب مجھ سے زیادہ محنت کا کام نہیں ہو پاتا ہے۔ دوسروں سے کھیت کا کام کرایا نہیں جاسکتا، کیوں کہ کھیت میں خزانہ چھپا ہوا ہے۔ میرے بعد تم لوگ اسے نکال لینا، تمھارے کام آئے گا۔“

بیٹوں نے کہا: ” آپ ہمیں وہ جگہ بتائیے جہاں خزانہ چھپا ہوا ہے۔ ہم ابھی اُسے کھود کر نکال لیں گے۔ لیکن کسان نے کہا: ” خزانے کی ایک نشانی ہے تم زمین میں ہل چلا کر بیچ ڈالو گے تو کچھ دنوں بعد پودے نکل آئیں گے اور جب فصل پک جائے گی تو خزانے کی نشانی دکھائی دے گی۔“

اگلے دن چاروں بیٹے ہل ، کدال اور پھاؤڑا لے کر کھیت پر پہنچ گئے اور زمین تیار کرنے لگے۔ شام ہوتے ہی کسان بھی کھیت پر پہنچ گیا۔ اس نے دیکھا کہ اس کے بیٹوں نے بہت محنت سے ہل چلایا ہے۔ بیٹوں سے کہا: اب تم اس میں بیچ ڈالو۔“ بیٹوں نے ایساہی کیا۔ اب وہ کھیت کی نگرانی بھی کرنے لگے۔ کچھ دنوں کے بعد پودے نکل آئے۔ فصل پک گئی تو چاروں بیٹے کسان کے پاس گئے اور کہا: ”بابا! فصل تو تیار ہوگئی ہے ، آپ نشانی دیکھ کر بتائیے کہ خزانہ کہاں ہے؟“

کسان ان کے ساتھ کھیت پر گیا۔ فصل کو دیکھ کر بہت خوش ہوا اور کہا: ”میں نے نشانی دیکھ لی ہے اور تمھیں بھی بتادوں گا۔ پہلے تم فصل کاٹو اور بازار میں بیچ آؤ۔“

2

بیٹوں نے ایسا ہی کیا۔ اناج کے بہت اچھے دام ملے۔ گھر پہنچ کر اُنھوں نے رقم باپ کے سامنے رکھی۔ کسان نے کہا: ” دیکھو یہی تو وہ خزانہ ہے جو زمین میں چھپا ہوا تھا۔ اپنی محنت سے تم اسے باہر لے آئے ۔“

بیٹوں نے کہا: ”بابا! اب آپ گھر پر آرام سے رہیے، ہم خوب محنت کریں گے تا کہ یہ خزانہ ہر سال ہم کو اسی طرح ملتا ر ہے۔"

-لوک کہانی

مشق

پڑھیے اور سمجھیے

نگرانی دیکھ بھال، حفاظت
دام قیمت
آمدنی کمائی
اناج غلہ : گیہوں، چاول، جو ، چنا وغیرہ
کدال زمین کھودنے کا اوزار
خزانہ مال و دولت، قیمتی چیز
جی چرانا کام سے بچنا
پھاؤڑا مٹی کھودنے کا اوزار
فصل پیداوار
3

سوچیے اور بتائیے

  1. کسان کے کھیت سے آمدنی کم کیوں ہوگئی تھی ؟
  2. ____________________
  3. کسان نے اپنے بیٹوں کو بلا کر کیا کہا؟
  4. ____________________
  5. کھیتی کے لیے زمین کیسے تیار کی جاتی ہے؟
  6. ____________________
  7. بوڑھے کسان کے خوش ہونے کی وجہ کیا تھی؟
  8. ____________________
  9. آخر میں بیٹوں نے کسان سے کیوں کہا کہ ” آپ گھر پر آرام سے رہیے؟“
  10. ____________________
  11. ہمارے لیے کسان کیوں اہم ہیں؟
  12. ____________________
  13. آپ نے اپنے آس پاس خواتین کو کام کرتے دیکھا ہے، وہ کس طرح کھیتی باڑی میں تعاون دیتی ہیں ؟
  14. ____________________

سامنے دیے ہوئے لفظوں کی مدد سے خالی جگہوں کو بھریے

● کسان کے بیٹے ____تھے۔محنتی / سست


●کام سے جی چرانے والے__ہوتے ہیں۔(کامیاب /نا کام)

●___میں ایک دوسرے کے کام آنا چاہیے۔(مصیبت / خوشی)

●محنت کا پھل ___ ہوتا ہے۔میٹھا/ کڑوا


●کھیت میں خزانہ ____ہوا ہے۔چھپا / گاڑا

کالم 'الف 'کو 'ب 'سے ملا کر جملہ مکمل کیجیے

الف ب
کھیت میں فصل کو دیکھ کر کسان کے پاس گئے۔
فصل پک گئی تو چاروں بیٹے زمین میں چھپا ہوا تھا۔
بابا! ہمیں وہ جگہ بتائیے جہاں پھل میٹھا ہوتا ہے۔
فصل ہی وہ خزانہ ہے جو کسان بہت خوش ہوا۔
محنت کرو محنت کا خزانہ چھپا ہوا ہے۔

مثال کے مطابق لفظوں کی جمع لکھیے

واحد بیٹا لڑکا پودا بوڑھا نالا چیتا
جمع بیٹوں بیٹے

دیے گئے الفاظ کے متضاد پتوں پر تلاش کیجیے اور باکس میں لکھیے

بوڑھا
سست
خوشی
شام
مشکل
4

نیچے دیے گئے لفظوں کو جملوں میں استعمال کیجیے

فصل ____________

خزانہ ____________

محنت ______________

رقم ______________

اناج ____________

مثال کے مطابق بے جوڑ لفظ کو پہچان کر دائرہ بنائیے

پودا (کتاب) درخت پھل

کتاب قلم پتھر اسکول

پتھر مٹی ریت سورج

سورج تارے فصل چاند

فصل ڈاکٹر ریت زمین

تصویر کی مدد سے حروف کو ترتیب دے کر با معنی لفظ بنائیے

5 6

بلند آواز سے پڑھیے اور خوش خط لکھیے

پھاؤڑا _____________

کھیت ________________

کدال _________________

مشکل __________________

خزانہ _________________

مثال کے مطابق درج ذیل لفظوں کا پہلا حرف ہٹا کر نیا لفظ بنائیے

اکیلا کیلا
مشکل
کدال
نکل
آرام

اساتذہ کے لیے ہدایات

  • بچوں کو کھیت کی سیر کرائی جاسکتی ہے۔
  • کھیتی کس طرح کی جاتی ہے، گروپ بنا کر بچوں سے گفتگو کرائی جاسکتی ہے۔
  • آج کل سینچائی کے لیے کون کون سے نئے ذرائع استعمال ہوتے ہیں، ان پر ایک ویڈیو دکھائی جاسکتی ہے۔
  • کھیتی سے متعلق لوک گیت اور فلمی گانے جماعت میں سنوائے جاسکتے ہیں۔ جیسے: میرے دیس کی دھرتی سونا اگلے

کیجیے

●آپ کے گھر میں استعمال ہونے والے اوزاروں کی تصویر دیکھ کر ان کے نام لکھیے

7

●ہل ، بیل اور کسان کی آؤٹ لائن میں رنگ بھر لیے

8

پہیلی

چار پاؤں پر چل نہ پاؤں

بنا ہلائے ہل نہ پاؤں

پھر بھی سب کو دوں آرام

جھٹ پٹ بولو میرا نام