Skip to content
Sitaar Urdu







9 گول گنبد


11

پیارے دوست نوید

آداب!

تمھارا خط ملا۔ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ تم اپنے اسکول کی طرف سے چھٹیوں میں کیرالا جا رہے ہو۔

پچھلے سال گرمی کی چھٹیوں میں ہمارے اسکول نے بیجار پور کی سیر کا پروگرام بنایا۔ یہ جنوبی ہندوستان کرناٹک کا ایک تاریخی شہر ہے۔ اسے اب وجے پور کہا جاتا ہے۔ یہ شہر عادل شاہی سلطنت کا پایہ تخت رہا ہے۔ تاریخی عمارتوں کی وجہ سے اس شہر کو دنیا بھر میں شہرت حاصل ہے۔ اس کے کئی تاریخی مقامات قابلِ دید ہیں۔ جیسے ابراہیم روضہ ، ملک میدان، آثار محل، باره کمان، گن محل، گول گنبد ، تاج باؤلی، قلعہ بیجاپور اور یہاں کی جامع مسجد وغیرہ۔ ان سب میں گول گنبد سب سے مشہور تاریخی عمارت ۔ ہے یہاں دور دور سے لوگ سیر و سیاحت کے لیے آتے ہیں۔

10

پیارے دوست! آج میں تمھیں گول گنبد کے بارے میں بتاؤں گا۔ اسے بھارت کا سب سے بڑا گنبد کہا جاتا ہے۔ یہ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا گنبد بھی ہے۔ اس کے چار مینار گنبد کی خوب صورتی میں چار چاند لگاتے ہیں۔ میں تو اس کی دل کشی کو دیکھ کر دنگ رہ گیا۔

دوست ! ہمارے استادِ محترم ہمیں گائیڈ کے ساتھ لے کر گول گنبد میں داخل ہوئے۔ گائیڈ ہمیں گول گنبد کی تاریخ سے واقف کراتا جارہا تھا۔ سبھی بچے بڑی دل چسپی سے اس کی باتیں سن رہے تھے اور اپنی ڈائری میں لکھ رہے تھے۔

اس عمارت کی بنیاد سلطان محمد عادل شاہ نے 1627ء میں رکھی۔ گول گنبد کی تعمیر میں 30 سال لگے۔ ایک ماہر تعمیر 'یا قوت 'کی نگرانی میں یہ مکمل ہوا۔ یہ عمارت جنوبی ہندوستان اور عادل شاہی دور کی یاد گار ہے۔ یہاں سلطان عادل شاہ کا مقبرہ ہے۔

9 8

تم کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ یہ گنبد اس قدر بڑا ہونے کے باوجود بغیر کسی ستون کے کھڑا ہے۔ گائیڈ نے اس کی ایک اور خصوصیت بتائی اور ہم سے مخاطب ہو کر کہا: ” کچھ بچے یہاں کھڑے ہو جائیں اور باقی بچے میرے ساتھ گنبد کی دوسری جانب آجائیں۔ میں وہاں پر دیوار سے اپنے ہاتھ کی گھڑی لگائے رکھوں گا۔ آپ دیوار کی دوسری جانب اپنے کان لگائے رکھنا۔ اب تو بچوں کا تجسس اور بھی بڑھنے لگا۔ گائیڈ نے اُدھر اپنی پرانی وضع کی ٹک ٹک کی آواز والی گھڑی دیوار پر لگائی۔ ادھر بچوں نے اپنے کان دیوار پر لگا دیے۔ ۔ بچوں کو گھڑی کی ٹک ٹک صاف سنائی دے رہی تھی۔ استاد محترم نے کہا: ”بچو! یہ سب گول گنبد کے فن تعمیر کا کمال ہے۔“

پیارے دوست ! میں نے موقع غنیمت جان کر گائیڈ سے پوچھا: "کیا گول گنبد کو 'بولی گنبد 'بھی کہتے ہیں؟“ گائیڈ نے کہا: ”بچو! اب آپ اپنے استادِ محترم کے ساتھ گنبد کے بالائی حصے کی طرف چلیے اور وہاں پہنچ کر اپنے ساتھیوں کو زور سے آواز دیجیے۔ آپ کو اپنی آواز سات بار سنائی دے گی۔ نوید ! اب تو بچوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہ تھا۔ جب وہ اپنا نام بلند آواز میں لے رہے تھے، وہ اپنی آواز کو سات سات بار سن کر بہت خوش ہو رہے تھے۔

اب ہمیں معلوم ہوا کہ آواز کی بازگشت اور گونج اس گنبد کی اہم خصوصیت ہے۔ اسی وجہ سے اسے 'بولی گنبد 'بھی کہا جاتا ہے۔ اس عظیم تاریخی عمارت کی سیر ہم سب کے لیے ایک حسین لمحہ تھا ، جس کی یاد بہت دنوں تک ہمارے دلوں میں رہے گی جب میں اس گنبد کو دیکھ رہا تھا تو تمھاری بہت یاد آ رہی تھی۔

پیارے دوست! امید ہے ہماری اس سیر کا حال جان کر آپ کو خوشی ہوئی ہو گی۔ گھر میں سب کو سلام ... دعا۔

تمھارا دوست

ساحل

7

مشق

پڑھیے اور سمجھیے

مسرت خوشی
پایہ تخت راجدھانی، دار الحکومت
قابل دید نہایت خوب صورت
سیاحت ملکوں اور شہروں کی با مقصد سیر
دنگ رہنا عقل حیران ہونا۔ حیرت میں پڑنا
گائیڈ رہنمائی کرنے والا
مقبره وہ عمارت جو قبر پر بنائی گئی ہو
ستون کھمبا
تجسس جاننے کی خواہش
پرانی وضع پرانی شکل، پرانی بناوٹ
بالائی اوپری
بازگشت لوٹنا، منھ سے نکلی ہوئی آواز کا دوبارہ گونج کر لوٹنا
گونج آواز کی گردش
6

سوچیے اور بتائیے

  1. کرناٹک میں لوگ دور دور سے سیر و سیاحت کے لیے کیوں آتے ہیں؟
  2. تاریخی عمارتوں میں گول گنبد کی کیا اہمیت ہے؟
  3. گول گنبد کو بولی گنبد کیوں کہا جاتا ہے؟
  4. گول گنبد میں گائیڈ نے اپنی گھڑی کو دیوار سے کیوں لگائی؟
  5. گول گنبد کی اہم خصوصیت کیا ہے؟

واحد کی جمع اور جمع کی واحد بنائیے

واحد عمارت گھڑی
جمع مقامات چھٹیوں ساتھیوں احوال

درج ذیل صحیح بیان پر (✔) اور غلط بیان پر (✖) کا نشان لگائیے

  • گول گنبد بھارت کا سب سے بڑا گول گنبد ہے۔
  • وجے پور قطب شاہی سلطنت کا پایہ تخت تھا۔
  • گول گنبد کو بولی گنبد بھی کہتے ہیں۔
  • گول گنبد میں بولنے پر اپنی ہی آواز پانچ بار سنائی دیتی ہے۔
  • گول گنبد کا تعمیری کام تیس سال میں مکمل ہوا۔

درج ذیل الفاظ کے متضاد لکھیے

الفاظ خوشی بڑا دوست پرانی داخل
متضاد

درج ذیل خالی جگہوں میں مناسب لفظ چن کر لکھیے

قابل دید   پایہ تخت   بازگشت   سیر و سیاحت   گول گنبد

  • یہ شہر عادل شاہی سلطنت کا ___ رہا ہے۔
  • اس شہر میں کئی تاریخی مقامات ___ ہیں۔
  • یہاں دور دور سے لوگ ___ کے لیے آتے ہیں۔
  • ____ بھارت کا سب سے بڑا گنبد مانا جاتا ہے۔
  • آواز کی ___ اور گونج اس گول گنبد کی اہم خصوصیت ہے۔

بلند آواز سے پڑھیے اور خوش خط لکھیے

سلطنت ______ _____ ____

یاقوت ______ _____ ____

خصوصیت ______ _____ ____

غنیمت ______ _____ ____

باز گشت ______ _____ ____

پڑھیے اور سمجھیے

●بیجار پور میں کئی قابلِ دید تاریخی مقامات ہیں جیسے : ابراہیم روضہ، ملک میدان ، آثار محل، باره کمان، گول گنبد ، تاج باؤلی، قلعہ بیجاپور اور وہاں کی جامع مسجد وغیرہ۔ اس جملے میں بہت سے تاریخی مقامات کا ذکر ہے۔ ہر مقام کے لکھنے کے بعد (،) یہ نشان لگایا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہاں ہر لفظ کے بعد تھوڑا ٹھہرنا ہے۔ کسی جملے یا عبارت میں جب کم ٹھہرنے کا وقفہ ہو اسے اس نشان (،) سے ظاہر کرتے ہیں۔ یہ علامت سکتہ کہلاتی ہے۔

●پیارے دوست ! آج میں تمھیں گول گنبد کے بارے میں بتاؤں گا۔

●بچو! یہ سب گول گنبد کے فن تعمیر کا کمال ہے۔

ان جملوں میں لفظ ”پیارے دوست اور بچو“ کے فوراً بعد یہ نشان (!) لگا ہے۔ کسی عبارت یا جملے میں کسی کو مخاطب کرنے یا کسی خوشی، غم اور حیرت کے اظہار کے لیے جو نشان لگایا جاتا ہے، اسے ندائیہ یا فجائیہ کہتے ہیں۔

پہیلی

کھاتا ہے نہ پیتا ہے
بات کر کے جیتا ہے

کیجیے

●مثال کے مطابق خانوں میں دیے گئے حروف کی مدد سے درج ذیل الفاظ تلاش کیجیے

عمارت امید کرناٹک خواب گھڑی شہر تاریخ

5

●دیے گئے اشارے کی مدد سے اپنا ایک یاد گار سفر لکھیے

سمیر____حیدر آباد____چار مینار____قلعہ گولکنڈہ

سیر و تفریح ___ گائیڈ ___ استاد ___ دوست

تصاویر ___ تاریخی ___ مقامات ___ خوشی

Screenshot 2025-09-25 094728

اساتذہ کے لیے ہدایات

  • طلبا سے کسی اور مقام کی سیر سے متعلق سنوایا جا سکتا ہے۔
  • گول گنبد کی ویڈیو کمرہ جماعت میں دکھائی جاسکتی ہے۔
  • طلبا کو سیر و تفریح کے لیے لے جایا جا سکتا ہے۔
  • طلبا سے رموز اوقاف کے متعلق سرگرمیاں کرائی جا سکتی ہیں۔
  • طلبا کو اسکول کی لائبریری لے جا کر مختلف تاریخی عمارتوں کے بارے میں معلومات حاصل کروائی جاسکتی ہے۔

●آپ اپنے علاقے کی کسی تاریخی عمارت یا جگہ کے بارے میں معلومات حاصل کر کے اپنے دوست کو ایک خط لکھیے

4

●ساحل کو گول گنبد تک پہنچائیے

3

صرف پڑھنے کے لیے

نیک بنو ، نیکی پھیلاؤ

سچ بولو سچ کہلاؤ
جب اوروں کو راہ بتاؤ

سچ کی سب کو ریس دلاؤ
خود رستے پر تم آجاؤ

قوم کو اچھے کام دکھاؤ
نیک بنو، نیکی پھیلاؤ

ہوگی تم میں گر ستھرائی
ہمسائے کی دیکھ بھلائی

سب سیکھیں گے تم سے صفائی
چھوڑتے ہیں ہمسائے برائی

قوم کو اچھے کام دکھاؤ
نیک بنو، نیکی پھیلاؤ

2

جو پڑھنے میں کرتے ہیں محنت
ہوتی ہے جن کو کھیل کی عادت

سیکھتی ہے شوق، اس سے جماعت
دیتے ہیں سب کو کھیل کی رغبت

قوم کو اچھے کام دکھاؤ
نیک بنو، نیکی پھیلاؤ

-الطاف حسین حالی

1