10
بادل اور تارے
ختم ہوا دن، سورج ڈوبا
شام ہوئی اور اُبھرے تارے
جگمگ جگمگ کرتے تارے
نور کے ٹکڑے پیارے پیارے
دور کہیں سے ٹھنڈے ٹھنڈے
تیز ہوا کے جھونکے آئے
کاندھوں پر اپنے وہ اُٹھا کر
چھوٹے چھوٹے بادل لائے
ان کو دیکھ کے اور بھی برسا
نور مسرت کا تاروں سے
کوئی چھپا اور کوئی نکلا
بادل کے ان انباروں سے
کھیل رہے ہوں جیسے بچے
آنکھ مچولی گلی گلی میں
یا شبنم کے قطرے چمکیں
اوجھل ہو کر گلی گلی میں
-تلوک چند محروم
مشق
پڑھیے اور سمجھیے
سوچیے اور بتائیے
- تارے شام ہونے کے بعد ہی کیوں دکھائی دیتے ہیں؟
- بادل کس کے سہارے ایک جگہ سے دوسری جگہ کا سفر کرتے ہیں؟
- آسمان میں ٹمٹماتے ہوئے تارے کیسے لگتے ہیں؟
- آنکھ مچولی کھیلتے ہوئے بچے کس کو کہا گیا ہے؟
- شبنم کے قطروں کو آپ نے کہاں کہاں دیکھا ہے؟
مثال کے مطابق ہم آواز لفظوں کی جوڑی بنائیے
| الف | ب |
| تارے | جام |
| چھوٹے | بو جهل |
| نور | پیارے |
| شام | موٹے |
| او جهل | دور |
مصرعے مکمل کیجیے اور ان پر غور کیجیے
| الف | ب |
| ختم ہوا دن سورج ڈوبا | نور مسرت کا تاروں سے |
| دور کہیں سے ٹھنڈے ٹھنڈے | اوجھل ہو کر گلی گلی میں |
| اُن کو دیکھ کے اور بھی برسا | آنکھ مچولی گلی گلی میں |
| کھیل رہے ہوں جیسے بچے | شام ہوئی اور اُبھرے تارے |
| یا شبنم کے قطرے چمکیں | تیز ہوا کے جھونکے آئے |
بلند آواز سے پڑھیے اور خوش خط لکھیے
- جگمگ ___________
- ٹھنڈے __________
- جھونکے _________
- انباروں ________
- شبنم ___________
خالی جگہوں میں مناسب لفظ چن کر لکھیے
جھونکے ابھرے مسرت قطرے انباروں
- شام ہوئی اور ___ تارے
- تیز ہوا کے ________________ آئے
- نور ____________ کا تاروں سے
- بادل کے ان _____ سے
- یا شبنم کے ____________چمکیں
کیجیے
●کچھ تارے الگ دکھائی دیتے ہیں، کیا آپ نے ان تاروں کو دیکھا ہے ، ان کے بارے میں لکھیے اور تصویر بنائیے
نیچے دیے گئے لفظوں سے جملے بنائیے
- سورج ___________
- بادل ___________
- انبار ___________
- نور ___________
- شبنم ___________
پڑھیے ، سمجھے اور لکھیے
●درج ذیل مصرعوں میں خط کشیدہ لفظوں کو غور سے پڑھیے
جگمگ جگمگ کرتے تارے
نور کے ٹکڑے پیارے پیارے
کاندھوں پر اپنے وہ اُٹھا کر
چھوٹے چھوٹے بادل لائے
جگمگ جگمگ ، پیارے پیارے ، چھوٹے چھوٹے“ کو دو دو بار استعمال کیا گیا ہے۔
بات میں زور اور شدت پیدا کرنے کے لیے جب کسی ایک لفظ کو دوبار لکھا یا بولا جاتا ہے تو لفظوں کی اس ترکیب کو تکرار لفظی کہتے ہیں۔
●دیے ہوئے الفاظ کو جملوں میں استعمال کیجیے
- کھیلتے کھیلتے _______________
- آتے آتے _______________
- ہنستے ہنستے ________________
- رفتہ رفتہ _________________
- روز روز ___________________
پہیلی
وہ کیا ہے جس کی آنکھیں نہیں پھر بھی روتا ہے
اور اس کے پر نہیں لیکن اُڑتا ہے؟
اساتذہ کے لیے ہدایات
- طلبا کو تارامنڈل کی سیر کرائی جاسکتی ہے۔
- خلائی و فضائی معلومات والی فلمیں دکھائی جاسکتی ہیں۔
- طلبا کو بلند آواز سے نظم خوانی کرائی جاسکتی ہے۔
- بادل اور تارے سے بھرے آسمان کی تصویر بنا کر رنگ بھروایا جا سکتا ہے۔
کیجیے
●مثال کے مطابق خانوں میں دیے گئے حروف کی مدد سے درج ذیل الفاظ تلاش کیجیے
شام سورج تارے ہوا نور کھیل شبنم قطرے گلی
رنگ بھر لیے