11
ہندوستانی پرندے
(صبح صبح بچے اسکول آ رہے ہیں اور کلاس روم میں بیٹھ رہے ہیں) صائمہ کو کلاس کے اندر آتے ہوئے دیکھ کر رفیق نے پوچھا: ” صائمہ ! تم تو اپنے چھوٹے ماموں کی شادی میں گئی تھی۔ وہاں سے لوٹ کر کب آئی؟
صائمہ نے کہا: ” ابھی کل ہی آئی ہوں۔“
سلمی نے صائمہ کی بات سن کر کہا: اچھا! پھر تو تم نے خوب مزے کیے ہوں
گے۔“ صائمہ : ”ہاں بہت مزہ آیا۔ وہاں تو میں نے کئی طرح کے پرندے بھی
دیکھے۔“ ساحل نے تعجب سے پوچھا: اچھا! کچھ خاص پرندے تھے کیا ؟
رفیق نے تجسس بھری نگاہوں سے دیکھا اور کہا: ہاں ! ہاں ! کچھ ہمیں بھی بتاؤ ان پرندوں کے بارے میں۔
( کلاس میں استاد داخل ہوتے ہیں اور تمام طلبا و طالبات کھڑے ہو کر استاد کو سلام کرتے ہیں)
استاد : پیارے بچو! کیسے ہیں آپ لوگ؟
بچے : ہم سب خیریت سے ہیں۔
استاد : بہت اچھا! آپ لوگ بیٹھ جائیے ۔ کیسی ہو صائمہ ؟ اپنے ماموں کی شادی میں خوب مزے کر کے واپس آئی ہوگی ۔
صائمہ : جی سر ! بہت مزہ آیا۔
منیشا : سر ! صائمہ کہہ رہی تھی کہ اس نے وہاں کئی طرح کے پرندے دیکھے
استاد : اچھا! ذرا ہم لوگوں کو بھی بتاؤ۔
صائمہ : سر! میرے ماموں کے ایک دوست ہیں۔ ان کے بغیچے میں روزانہ بہت سارے کبوتر اور طوطے آتے ہیں۔
ساحل : اچھا کب ! کبوتر کیسے تھے؟ کیا وہ اسی طرح سے تھے جو ہمارے اسکول میں نظر آتے ہیں؟
صائمہ : یہاں تو ایک ہی طرح کے کبوتر نظر آتے ہیں۔ وہاں تو کبوتر کئی رنگ کے تھے اور جب وہ غٹرغوں غٹرغوں کرتے تھے تو سننے میں بڑا اچھا لگتا تھا۔
استاد : بچو! کیا تمھیں معلوم ہے کہ سفید کبوتر کو امن کی نشانی سمجھا جاتا ہے، کبوتر کئی رنگ اور نسل کے ہوتے ہیں۔ پرانے زمانے میں کبوتر سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پیغام پہنچانے کا کام بھی لیا جاتا تھا۔ سلمی نے بتایا کہ وہ چھٹیوں میں کہیں گھومنے گئی تھی تو راستے میں اس نے مور دیکھا تھا۔
استاد : ہاں بچو! مور بہت خوب صورت پرندہ ہے۔ مور عام طور پر چار فٹ لمبا ہوتا ہے۔ مور کے پنکھ بہت خوب صورت ہوتے ہیں۔ جب مور اپنے پنکھ پھیلا کر خوشی سے ناچنے لگتا ہے تو یہ منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ کیا آپ کو معلوم ہے کہ مور سفید بھی ہوتے ہیں۔
منیشا : سر ! میں اپنے گاؤں کے تالاب پر اپنے ابو کے ساتھ گئی تھی تو وہاں میں نے بگلا دیکھا تھا۔ اس کی ٹانگیں، چونچ اور گردن لمبی تھی لیکن دُم چھوٹی تھی۔ میرے ابو نے بتایا کہ بگلا کی طرح اور دو پرندے ہوتے ہیں ۔
سلمی نے فوراً کہا : ہاں سر ! وہ ہنس اور سارس ہیں۔
استاد : ہاں ! بالکل درست لیکن سارس کے اوپری حصے میں لالی چمکتی رہتی ہے۔
شاہد : سر ! اور دوسرے پرندوں کے بارے میں بھی کچھ بتائیے۔
استاد : ہاں بچو ! رفیق نے کہا تھا کہ اس کے نانا نے مرغ پال رکھتے ہیں۔ مرغ کی طرح چھوٹے چھوٹے دو اور پرندے ہوتے ہیں تیتر اور بٹیر ۔ ایسا ہی ایک پرندہ چکور بھی ہے۔ یہ ایک قسم کا بڑا تیتر ہوتا ہے۔
ساحل : سر ! میں اسکول آتے ہوئے روز ایک چھوٹا سا کالا پرندہ دیکھتا ہوں ہر ! اس کا نام کیا ہے؟
صائمہ بول پڑی : وہ کوئل ہے۔ میں نے گاؤں کے باغ میں بہت ساری کوئلیں دیکھی تھیں۔ آم کے درخت پر جب چھوٹے چھوٹے آم پھلنے لگتے ہیں تو کوئل کی میٹھی میٹھی آواز کو ہو کو ہو سنائی دیتی ہے۔
منیشا : سر ! ان پرندوں کا کیا کام ہے؟ ان سے ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے؟
استاد : بچو! پرندے ہمارے لیے بہت فائدے مند ہیں۔ یہ آسانی سے اُڑ سکتے ہیں، یہ چھوٹے موٹے کیڑے مکوڑے کھا کر فصلوں کی حفاظت بھی کرتے ہیں، کچھ پرندے مرے ہوئے جانوروں کا گوشت کھا کر ہوا اور فضا کو گندا ہونے سے بچاتے بھی ہیں۔
رفیق : سارے پرندوں کے گھونسلے کون بناتا ہے؟
استاد بچو! یہ پرندے اپنا گھونسلا بڑی محنت سے خود ہی بناتے ہیں۔ پرندے درخت کی شاخوں کے علاوہ گھر کے مختلف کونوں میں بھی گھونسلے بنا لیتے ہیں۔ یہ پرندے تنکا تنکا جمع کر کے اپنا گھونسلا بناتے ہیں۔ ایک ہی درخت پر الگ الگ پرندوں کے گھونسلے ہو سکتے ہیں۔ ہاں! لیکن کچھ پرندے اپنا گھونسلا نہیں بناتے ہیں جیسے کوئل ۔ وہ اپنے انڈوں کو کوے کے گھونسلے میں چپکے سے رکھ دیتی ہے اور کوا اپنا انڈا سمجھ کر سیتا ہے اور کوئل کے بچوں کو اپنا بچہ سمجھ کر کھلا پلا کر بڑا کرتا ہے۔
۔
پیارے بچو! ذرا سوچو! ان خوب صورت پرندوں کے بغیر دنیا کیسی لگتی۔ ناچتا ہوا مور ، گاتی ہوئی کوئل، بولتے ہوئے طوطے، ہوا میں اُڑتے ہوئے کبوتر دیکھ کر کتنا لطف آتا ہے۔ پرندے ہمارے ماحول کو بھی خوش گوار بناتے ہیں۔ اگر یہ نہ ہوں تو دنیا ایسی حسین اور خوب صورت نہ ہوتی۔ تو بچو ! ان پرندوں کے تئیں ہمارا کیا فرض ہے؟
تمام بچے ایک ساتھ بولتے ہیں: "ہمیں پرندوں کی حفاظت کرنی چاہیے۔ گرمیوں میں ہمیں ان کے لیے پانی اور دانے کا اہتمام بھی کرنا چاہیے۔“
مشق
پڑھیے اور سمجھیے
سوچیے اور بتائیے
- صائمہ کہاں سے لوٹ کر آئی ہے؟
- امن کی نشانی کس پرندے کو سمجھا جاتا ہے؟
- مور کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟
- سارس اور بگلا میں فرق بتائیے؟
- پرندے اپنا گھونسلا کیسے بناتے ہیں؟
- آپ پرندوں کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں؟
خالی جگہوں میں مناسب لفظ چن کر لکھیے
کوئل کبوتر تیتر بگلا
- ___غڑغوں غڑغوں کرتے تھے تو سننے میں بڑا اچھا لگتا تھا۔
- ___عام طور پر چارفٹ لمبا ہوتا ہے۔
- ___کی ٹانگیں، چونچ اور گردن لمبی تھی لیکن دم چھوٹی تھی۔
- چکور ایک قسم کا بڑا ___ ہوتا ہے۔
- آم کے درخت پر جب چھوٹے چھوٹے آم پھلنے لگتے ہیں تو ___ کی میٹھی میٹھی آواز کو ہو ، کو ہو سنائی دیتی ہے۔
بے جوڑ لفظ پر دائرہ O بنائیے
حوصلہ ہمت تجویز قوت
تجویز منزل مشوره رائے
زمین پڑاؤ گھر منزل
مٹی خاک پانی زمین
پانی لکڑی آب جل
یہ بات کس نے کہی؟ اس کا نام لکھیے
- وہ کوئل ہے۔ ____
- اچھا! کبوتر کیسے تھے؟ ____
- ہاں سر ! وہ ہنس اور سارس ہیں۔ ____
- سارے پرندوں کے گھونسلے کون بناتا ہے؟ ____
- سر ! ان پرندوں کا کیا کام ہے؟ ان سے کیا فائدہ ہوتا ہے۔ ____
- کبوتر سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پیغام پہنچانے کا کام بھی لیا جاتا تھا۔ ____
درج ذیل جملوں میں جمع تلاش کر کے لکھیے
- وہاں تو میں نے کئی طرح کے پرندے بھی دیکھے۔ ____
- رفیق نے تجسس بھری نگاہوں سے کہا۔ ____
- میں نے گاؤں کے باغ میں بہت ساری کو کوئلیں دیکھی تھیں۔ ____
- ان پرندوں کے گھونسلے کون بناتا ہے؟ ____
دیے گئے لفظوں سے جملے بنائیے
- تعجب ________
- تجسس ________
- حفاظت _______
- نسل _________
- منظر ________
خانوں میں سے صحیح املا والے لفظ کو خالی جگہوں میں لکھیے
- کو امن کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔ ____
- کبوطر
- کبوتر
- قبوتر
- سارس کے اوپری حصے میں ___ چمکتی رہتی ہیں۔
- العلی
- لعالی
- لالی
- ہمیں پرندوں کی ___ کرنی چاہیے۔
- حفاظت
- ہفاظت
- حفازت
- ہم سب ___ سے ہیں۔
- خیریت
- کھیریت
- خیریط
- مور بہت خوب صورت ____ہے
- پرندا
- پر بنده
- پرنده
بلند آواز سے پڑھیے اور خوش خط لکھیے
منيشا ____________
بگلا ____________
بٹیر ____________
پیغام ____________
تئیں ____________
تصویروں کو دیے گئے بیانات سے ملائیے
![]() |
بگلا کی دم چھوٹی ہوتی ہے |
![]() |
سفید کبوتر کو امن کی نشانی سمجھا جاتا ہے |
![]() |
ہنس کے اوپری حصے میں لالی چمکتی رہتی ہے |
![]() |
کوئل اپنا گھونسلا نہیں بناتی ہے |
![]() |
مور ہمارا قومی پرندہ ہے |
کیجیے
- اپنے پسندیدہ پرندے کی تصویر تلاش کر کے چپکائیئے اور اس کے بارے میں معلومات حاصل کر کے پانچ جملے لکھیے۔
پہیلی
ایک جانور ایسا جس کی دم پر پیسا سر پر ہے تاج بھی بادشاہ جیسا
اپنے پسندیدہ پرندے کی تصویر بنا کر اس میں رنگ بھریئے
اساتذہ کے لیے ہدایات
- طلبا سے مختلف قسم کے پرندوں کی تصویریں (ان کے ناموں کے ساتھ )اکٹھا کر وائے جاسکتے ہیں۔
- اپنے پسندیدہ پرندہ پر مختصر مضمون لکھوایا جا سکتا ہے۔
- پرندوں کی دنیا پر ویڈیو دکھائی جاسکتی ہے۔




