Skip to content
Sitaar Urdu







13 دوستی کے رنگ


رنگ پور گاؤں میں ہولی کی چہل پہل شروع ہو گئی تھی۔ گاؤں والوں میں بہت جوش تھا اور سبھی نے اس تہوار کی خوب تیاری کی تھی۔

رنگ پور میں سمیر اور امن نام کے دو بچے رہتے تھے۔ وہ اپنی دوستی کے لیے مشہور تھے۔ وہ دونوں ایک دوسرے کے بہترین دوست تھے اور پڑوسی بھی۔ انھیں ایک ساتھ کھیلنا، ، گھومنا پھرنا اور اسکول جانا پسند تھا۔ اس بار انھوں نے اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ ہولی منانے کا ارادہ کیا۔

Screenshot 2025-09-25 103519

امن نے کہا : ” کیوں نہ ہم ہولی کا جشن منانے کے لیے سب کو اپنے گھر بلائیں ؟“ سمیر کی آنکھیں خوشی سے چمک اُٹھیں۔ ”ہاں ہاں ! ہمارے پاس بہت سے رنگ ہیں۔ ہم سب رنگ کھیلیں گے اور موج مستی کریں گے۔ گجیا اور طرح طرح کے پکوانوں کا لطف اٹھائیں گے۔“

اس بار ہولی کی صبح کا سورج کچھ زیادہ ہی روشن اور چمک دار تھا۔ اُس کی چمک نے پورے رنگ پور گاؤں کو سونے جیسا بنا دیا تھا۔سمیر اور امن نے گجیا اور ٹھنڈائی بنانے میں گھر والوں کی مدد کی۔ گھر والوں نے گلال اور رنگوں کی تھالیاں سجا کر رکھ لیں تا کہ جب مہمان آئیں تو وہ اُن سے ہولی کھیلیں۔

سمیر اور امن کے آنگن میں بہت سارے بچوں کے جمع ہونے سے رونق آگئی۔ ناچ گانے اور ہنسی مذاق کے درمیان امن ایک مونڈھے پر کھڑا ہو گیا۔ اس نے بچوں سے پوچھا: ” کیا آپ جانتے ہیں کہ ہولی کیوں منائی جاتی ہے؟“

جوہی نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا : ” یہ پر ہلاد اور ہو لیکا کی کہانی ہے۔“ ایسا مانا جاتا ہے کہ ہرن کشیپ خود کو بھگوان مانتا تھا مگر پر ہلادشیوجی کی بھکتی کرتے تھے، جو ہرن کشیپ کو ناپسند تھا اسی لیے انھوں نے پر ہلاد کو سزادینے کے لیے کئی کوششیں بار بار کیں لیکن پر ہلاد وشنو بھکتی کی ضد پر قائم رہے۔ جب وہ نہیں مانے تو ہرن کشیپ نے اسے جلانے کے لیے اپنی بہن کی مد دلی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکا۔ اسی خوشی میں ہولی منائی جاتی ہے۔

Screenshot 2025-09-25 104005

جی ہاں ! اور اسی لیے ہم ہولی سے ایک دن پہلے لکڑیاں جمع کر کے ہولی جلاتے ہیں۔ وکی نے ہنستے ہوئے کہا۔ عائشہ نے بتایا : ”ہولی رنگوں کا تہوار ہے۔ اس کو برائی پر اچھائی کی فتح کے طور پر منایا

جاتا ہے۔“

سمیر نے سر ہلایا ، اس کی آنکھیں چمک رہی تھیں۔ اس نے کہا: ” در اصل، ہولی کا تہوار دوستی، محبت اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی علامت بھی ہے۔“ ”ہمارے استاد نے بتایا تھا کہ ہولی ہمیں آپسی اختلاف اور لڑائی جھگڑے بھول کر محبت اور خوشی کے ساتھ رہنے کا پیغام دیتی ہے۔ ہولی کی اصل خوب صورتی صرف رنگوں میں نہیں بلکہ محبت اور اتحاد و اتفاق میں ہے۔“ پونم نے چہکتے ہوئے کہا۔

گاؤں کے بڑے بزرگ بھی سمیر اور امن کے گھر آگئے۔ یہ لوگ برآمدوں میں لگی چار پائیوں اور کرسیوں پر بیٹھ گئے۔ سب خوش تھے۔ لوگ ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے گلال لگا رہے تھے۔ پورا ماحول رنگوں کی ایک خوب صورت تصویر میں بدل گیا تھا۔ ہر طرف چہل پہل ہو گئی۔ چاروں طرف قہقہوں، گانوں کی آواز اور لذیذ کھانوں کی خوش بو پھیل گئی تھی۔

Screenshot 2025-09-25 104445

سمیر نے چاندنی اور اس کے بھائی کو دیکھا۔ وہ کچھ دن پہلے ہی اس گاؤں میں آئے تھے اور ابھی تک ان کا کوئی دوست بھی نہیں تھا۔ سمیر اُن کے پاس آیا اور مسکراتے ہوئے بولا:

آؤ! ہمارے ساتھ شامل ہو جاؤ۔ ہولی کا تہوار مل جل کر مناتے ہیں ۔ “ وہ دونوں تھوڑا ہچکچائے لیکن اور سب بچوں کے بلانے پر وہ بھی منڈلی میں شامل ہو گئے۔ اُنھوں نے نئے دوست بنا لیے۔ چاندنی کے والدین بھی آگئے۔ امن کے والد نے اُن کا استقبال کیا۔ اس طرح رنگ پور گاؤں کی ہولی یاد گار بن گئی۔

مشق

پڑھیے اور سمجھیے

چہل پہل رونق
لطف اٹھانا مزہ لینا
اختلاف نا اتفاقی
پیغام سندیس، پیام
برآمده مکان کے سامنے بغیر دروازے کا کمرہ، دالان
اتحاد اتفاق، میل جول
منڈلی گروپ، گروه

سوچیے اور بتائیے

  1. رنگ پور کا ماحول کیسا تھا؟
  2. سمیر اور امن کیوں مشہور تھے ؟
  3. سمیر اور امن نے ہولی کا جشن کس طرح منانے کا منصوبہ بنایا ؟
  4. ہوئی کیوں منائی جاتی ہے ، اس کی وضاحت کیجیے ؟
  5. ہولی کا تہوار کس بات کی علامت ہے؟
  6. سمیر اور امن کے گھر کیسی چہل پہل تھی؟

نیچے دیے گئے لفظوں سے جملے بنائیے

رونق ____________

دوستی ____________

لطف ____________

جشن ____________

پیغام ____________

سامنے دیے گئے الفاظ کی مدد سے خالی جگہوں کو بھر یے

  • گاؤں والوں میں بہت ___ تھا۔ (جذبہ/ جوش)
  • وہ دونوں ایک دوسرے کے ___ دوست تھے۔(بہترین / پرانے)
  • امن ایک ___ پر کھڑا ہوا گیا۔(مونڈھے/ ٹیبل)
  • جوہی نے ___ سے کہا۔(فخر / خوشی)
  • گاؤں کے ___ بھی سمیر اور امن کے گھر آگئے۔(بڑے بوڑھے/ چھوٹے بڑے)

نیچے دیے گئے لفظوں کے مترادف سبق سے تلاش کر کے لکھیے

لفظ مترادف
موج
روشن
چہل پہل
گلال
پکوانوں
اتفاق

نیچے دیے گئے جملوں کو درست کیجیے

جشن آزادی کا چہل پہل شروع ہو گیا۔


لوگوں میں بڑی جوش تھی۔


سمیر کی آنگن میں ایک پودا ہے۔


والدین کو دیکھ کر اس کے چہرے پر رونق آ گیا۔


خوشی سے اس کی دونوں آنکھیں چمک اٹھا۔


بلند آواز سے پڑھیے اور خوش خط لکھیے

چہل پہل _________

تہوار ___________

جشن _____________

قہقہوں __________

پیغام ___________

مثال کے مطابق خانوں میں دیے گئے حروف کی مدد سے تہواروں کے کے نام تلاش کیجیے

ہولی   دیوالی   عید  اونم  بیہو  بے ساکھی  کرسمس  دسہرہ

Screenshot 2025-09-25 112356

کیجیے

گلال بنانے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟ اپنے استاد کی مدد سے گلال بنائیے؟

Screenshot 2025-09-25 141745

●ہولی کے دن کون کون سے پکوان بنتے ہیں؟ آپ کو کون سا پکوان بنانا آتا ہے؟






●ہندوستان میں منائے جانے والے قومی، علاقائی اور مذہبی تہواروں میں سے دو دو تہواروں کے نام لکھیے ۔

قومیعلاقائیمذہبی

لطیفہ چٹکلہ

برخوردار تم کیوں رو رہے ہو؟

میرے ابا جان نے ایک نئی قسم کا صابن تیار کیا ہے۔

تو اس میں رونے کی کیا بات ہے؟

در اصل جو بھی گاہک آتا ہے وہ نمونہ دکھانے کے لیے منھ میرا دھوتے ہیں۔

اساتذہ کے لیے ہدایات

  • طلبا سے دوسرے تہواروں جیسے عید اور کرسمس کے بارے میں بات کی جاسکتی ہے۔
  • کسی علاقائی ، قومی یا مذہبی تہوار پر جملے یا مضمون کو لکھوایا جاسکتا ہے۔
  • تہواروں پر نظم تلاش کر کے کلاس میں سنوائی یا پڑھوائی جاسکتی ہے۔