باب 8
وقت، ٹیم اور تکنیک
اب ہم آپ کی پیش کش کی تیاری شروع کر رہے ہیں۔اب تک آپ نے جماعت میں مختلف اسباق، تصورات اور مشترکہ تاثرات کی بنیاد پر مختلف مشقیں کی ہیں اور کردار ادا کیے ہیں۔اب ہر وہ چیز جو آپ نے سیکھی ہے، اسے یکجا کرکے ایک بڑے مجمع کے سامنے پیش کرنے کے لیے مناسب منصوبہ بندی اور طریقۂ کار کی ضرورت ہے۔
مرحلہ 1: اسٹوری بورڈ اور اسکرپٹ
کہانی بنانے کے لیے واقعات کو جوڑنے کے کئی طریقے آزمانے کے بعد، اب آپ کو ایک ایسی کہانی کا انتخاب کرنا ہے جسے آپ سال کے آخر میں اسٹیج پر پیش کریں گے۔ کلاس میں مل کر بات چیت کیجیے اور ایسی کہانی کا انتخاب کیجیے جو:
- پوری کلاس کو دل چسپ لگے۔اگر آپ کو خود کہانی دل چسپ نہیں لگے گی تو پھر آپ یہ توقع نہیں رکھ سکتے کہ ناظرین اسے پسند کریں گے۔
- مختصر اور سادہ ہو۔ڈرامے کا دورانیہ تقریباً 5 سے 8 منٹ کا ہو۔سازوسامان اور ملبوسات آسانی سے دستیاب ہوں۔
- اسے ایک تخلیقی عمل بنائیں۔کوشش کیجیےکہ موسیقی کی کلاس میں سیکھی گئی کوئی نظم شامل کریں یا کہانی کے مطابق کوئی رقص شامل کیجیے۔
- جماعت کے سبھی طلبا کو شامل کیجیے۔ کچھ بچے اداکاری کر سکتے ہیں، کچھ کہانی پر کام کرسکتے ہیں اور کچھ سجاوٹ یا ضروری چیزوں کی تیاری میں مدد دے سکتے ہیں۔
چند سال پہلے ایک اسکول میں ایک دل چسپ واقعہ پیش آیا۔آئیے ،میں آپ کو وہ کہانی سناؤں۔اس کے بعد آپ مجھے بتائیں گے کہ آپ نے اس سے کیا سیکھا۔
ایک بار گریڈ 5B میں کچھ بچوں نے ایک شاندار ڈراما پیش کرنے کا فیصلہ کیا جس کا نام تھا
جنگل کی مہم جوئی۔اس میں سب کچھ تھا — بولتے ہوئے درخت، ناچتے ہوئے بندر اور ایک جاسوس گلہری!سب بچے بہت پُرجوش تھے۔ اتنے زیادہ پُرجوش کہ ہر کوئی اسٹیج پر کوئی نہ کوئی کردار ادا کرنا چاہتا تھا۔
’’میں شیر بنوں گا!‘‘ آدتیہ نے کہا۔‘‘میں دریا بنوں گی!’’ میرا نے زور سے کہا اور پانی کی لہروں جیسا رقص کرنے لگی۔
’’میں کہانی سنانے والی بنوں گی، طوطا بھی، اور شاید آبشار بھی!‘‘ نشا نے کہا، جیسے کوئی عالمی ریکارڈ توڑنے کی کوشش کر رہی ہو۔
ایک ہفتے کی دل چسپ ریہرسل کے بعدوہ سب تیار تھے یا انہیں ایسا لگ رہا تھا۔
ڈرامے کی پیش کش سے تین دن پہلے ان کی ٹیچر نے پوچھا،’’روشنی، موسیقی، اور اسٹیج سجانے کا کام کون کرے گا؟ تمہارے ملبوسات کا کیا ہوگا؟‘‘
اچانک سناٹا چھا گیا۔
وہ سب اسٹیج کے پیچھے کے کام کو تو بھول ہی گئے تھے!
’’جب گلہری خزانہ ڈھونڈ لے گی تو موسیقی کون چلائے گا؟‘‘
’’جب جنگل کا درخت بدلنا ہوگا تو پردے کے پیچھے کوئی نہ ہو تو کیسے ہوگا؟‘‘ کسی نے آہستہ سے کہا۔
انھوں نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔سب نے اسٹیج پر
ادا کاری کا کوئی نہ کوئی کردار لیا تھا۔کوئی بھی اسے چھوڑنا نہیں چاہتا تھا۔
طویل بحث و مباحثے کے بعدانھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ گریڈ A5سے مدد مانگیں گے۔
شروع میں A5کے بچوں نے اُن کا تھوڑا مذاق اُڑایا،’’اوہ! مشہور اداکار بھول گئے کہ اُنھیں ایک ٹیم کی بھی ضرورت ہے؟‘‘مگر پھر وہ مدد کے لیے راضی ہو گئے۔
انھوں نے ہر کام کا وقت اور طریقہ سیکھ لیا۔وہ ڈرامے کے اصل ہیرو بن گئے—پردہ کھینچنا،جنگل کی آوازیں چلانا، اسٹیج کی چیزیں سنبھالنااور یہاں تک کہ بندر کی دُم کو بار بار ٹھیک کرنا جو بار بار گر جاتی تھی۔ڈرامے کی پیش کش کے دن جنگل کی مہم جوئی زبردست کامیاب رہا! تماشائیوں نے تالیاں بجائیں، قہقہے لگائے اور خوشی سے شور مچایا۔لیکن اس بار سب نے اسٹیج کے پیچھے کام کرنے والی ٹیم کے لیے بھی تالیاں بجائیں۔
اس دن کے بعدگریڈB5 کے اداکار کبھی نہ بھولے:
’’اسٹیج پر ڈراما صرف اُن ستاروں کی وجہ سےچمکتا ہےجو پردے کے پیچھے ہوتے ہیں۔‘‘
تو ہمیں اس سے کیا سبق ملتا ہے؟ یہ کہ کام کے ہر پہلو کے لیے منصوبہ بندی ضروری ہے۔
مرحلہ2 : منصوبہ بندی
سب سے پہلے آئیے اُن تمام کاموں کی فہرست بنائیں جو ایک ڈراما پیش کرنے کے لیے انجام دینا ضروری ہے۔
اپنی فہرست کا دوسروں کی فہرستوں سے موازنہ کیجیے اور دیکھیے کہ کہیں آپ سے کوئی کام رہ تو نہیں گیا۔ہر شعبے میں کام کی نوعیت کے مطابق ذمہ داریاں اپنے ساتھیوں میں تقسیم کیجیے۔ ہر ٹیم میں شامل طلبا کی تعداد کام کی مناسبت سے ہوگی۔ مثال کے طور پراگر ہر منظر کے لیے زیادہ چیزوں کی ضرورت ہے،تو اس ٹیم میں چار یا پانچ افراد ہونے چاہیے۔ اگر میک اپ بالکل سادہ اور بنیادی ہےجو اداکار اپنے طور پر بھی کر سکتے ہیں تو اس ٹیم میں صرف ایک یا دو افراد کافی ہوں گےوغیرہ وغیرہ۔
1. میک اپ
2. ملبوسات
3. اسٹیج کے ساز و سامان
4. پروپس
5. موسیقی
6.
7.
آپ کی رہنمائی کے لیے مندرجہ ذیل فہرست پیش ہے:
|
نمبر شمار |
ٹیم |
نام |
|
|
.1 |
کہانی او راسکرپٹ |
.1 .2 .3 |
![]() |
|
.2 |
اسٹیج کے سازو سامان |
.1 .2 .3 |
![]() |
|
.3 |
پروپس |
.1 .2 .3 |
![]() |
|
.4 |
میک اپ |
.1 |
![]() |
|
.5 |
ملبوسات |
.1 |
|
|
.6 |
موسیقی اور مختلف قسم کی آوازیں |
|
|
|
.7 |
اداکاری اور رقص |
مرحلہ 3: وقت کا تعین
یہ منصوبہ بندی کا ایک اہم حصہ ہے۔منصوبہ بندی اور تیاری کے لیے مناسب وقت دینا ایک کامیاب ڈرامے کو یقینی بناتا ہے۔اگر وقت کا تعین غلط ہو جائے تو کیا مسائل پیدا ہو سکتے ہیں؟
ڈرامے کی پیش کش کی تاریخ بہت قریب ہو: ریہرسل کے لیے وقت نہیں ملتا،ملبوسات اور دیگر ضروری چیزیں تیار کرنے کے لیے وقت کم پڑ جاتا ہے، اداکار پوری طرح تیاری نہیں کر پاتے اور اپنے مکالمے بھول سکتے ہیں۔
ڈرامے کی تاریخ بہت دور ہو:ٹیم کی دل چسپی اور خوشی کم ہو جاتی ہے، زیادہ ریہرسل ڈرامے کو بور کر دیتی ہے،درمیان میں اور کام آ سکتے ہیں جیسے کسی اداکار کوشہر سے باہرجانا پڑے،کوئی بیمار ہو جائےیا اسکول میں کوئی نیا پروگرام آجائےجس کی تیاری میں تمام طلبا کو شامل ہونا پڑے ۔لہٰذا وقت کی منصوبہ بندی بہت سوچ سمجھ کر کیجیے صرف ڈرامے کے دن کے لیے نہیں بلکہ ہر مرحلے کے لیے۔
اوپر دیا گیا یہ وقت کا شیڈول صرف ایک مثال ہےتاکہ آپ کو یہ اندازہ ہو سکے کہ منصوبہ بندی کیسے کی جا سکتی ہے۔دنوں کی تعداد آپ کے شیڈول اور کہانی کے مطابق کم یا زیادہ ہو سکتی ہے۔لیکن ہمیشہ یاد رکھیں کہ منصوبہ بندی شروع کرنے کے بعد ڈرامے کی تاریخ کم از کم 15 سے 20 دن بعد رکھیں۔اگر ڈرامے کی تاریخ پہلے ہی اسکول یا استاد نے طے کر دی ہےتو آپ کو اس پر کام کم از کم 20 دن پہلے شروع کرنا ہوگا۔
مرحلہ 4: ریہرسل
یہ مرحلہ سب سے زیادہ وقت لیتا ہے اور اس میں ٹیم کو سب سے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ریہرسل بھی ایک خاص ترتیب کے ساتھ کی جاتی ہے:
- اسکرپٹ کی قرأت: پوری ٹیم اکٹھی بیٹھے،ہر کوئی باری باری چند جملے پڑھے۔ اس عمل کو کئی بار دہرایا جائے ۔
- کاسٹنگ: اداکاروں کو کردار تفویض کرنا۔
- منظر کی ترتیب : ہر منظر کے لیے اداکاروں کی جگہیں اور حرکات طے کرنا۔
- مکالموں اور حرکات کے ساتھ مشق: ہر منظر کی الگ الگ ریہرسل کیجیے۔
- پورے ڈرامے کی ریہرسل: ابتدا سے خاتمے تک مکمل پرفارمنس کی مشق۔
یہ بہتر ہوگا کہ ان تمام مراحل کے لیے الگ سے وقت کا تعین کیا جائےتاکہ سب کچھ وقت پر مکمل ہو سکے۔
تکنیکی ٹیم
اس میں اسٹیج کا سامان ، ملبوسات، میک اپ، موسیقی اور اسٹیج کے پیچھے کام کرنے والی دیگر ٹیمیں شامل ہوتی ہیں۔
جب اداکاروں کی ٹیم اپنے مکالمے اور مناظر کی ریہرسل کر رہی ہوتی ہےتو یہ تمام ٹیمیں بھی اپنےاپنے کام میں اُتنی ہی تندہی سے مصروف ہوتی ہیں۔
اسٹیج کا سامان: ضرورت کی چیزیں گتے سے بنائیں یا دوسروں سے مستعار لیں۔یاد رکھیے گریڈ 3 اور 4 میں آپ نے ’اشیا میں تخلیقی تبدیلی‘سیکھی تھی۔اپنی اسی مہارت کا استعمال کیجیے۔
ملبوسات: دستیاب وسائل سے بہترین ممکنہ ملبوسات تیار کرنے کا منصوبہ بنائیے۔آپ کسی سے مستعار لے سکتے ہیں یا گتے سے چیزیں بنا سکتے ہیں جیسے تاج وغیرہ۔منصوبہ ایسا بنائیں جس میں کچھ خریدنا یا کرائے پر لینا نہ پڑے۔
موسیقی: پچھلے دو سال میں جو کچھ آپ نے سیکھا ہے،اسے استعمال کرتے ہوئے دیکھیں کہ آپ کس طرح مختلف قسم کی آوازیں پید ا کر سکتے ہیں یا ضرورت پڑنے پر گانے بھی گا سکتے ہیں۔
استاد کے لیے نوٹ: کاسٹنگ اور منظر کی ترتیب (سین بلاکنگ) کے مراحل میں استاد کی کچھ مدد اور رہنمائی درکار ہوگی۔بچوں کو زیادہ سے زیادہ خود کام کرنے کی ترغیب دیجیے۔مداخلت صرف اسی وقت کریں جب واقعی ضرورت ہو۔
مرحلہ 5: ڈراما کی پیش کش کے لیے تیاری
گھبراہٹ محسوس ہو رہی ہے؟ جیسے جیسے ڈرامے کا دن قریب آتا ہےسب کا جوش بڑھتا جاتا ہے اور شاید گھبراہٹ بھی۔
یہ بالکل معمول کی بات ہے۔درحقیقت وہ پیشہ ور اداکار بھی جو کئی برسوں سے اسٹیج پر ادا کاری کر رہے ہیں ،اسٹیج پر جانے سے پہلے گھبراہٹ محسوس کرتے ہیں۔ ماہرینِ نفسیات کہتے ہیں کہ یہ گھبراہٹ اکثر اداکاروں کو بہتر ادا کاری کرنے میں مدد دیتی ہے۔لہٰذا بس یہ محنت جاری رکھیے اور اپنے مکالموں اور حرکات کو اچھی طرح یاد کیجیے۔
گھبراہٹ پر قابو پانے اور ڈرامے کی پیش کش کے لیے پُراعتماد رہنے کے طریقے۔
1. ریہرسل
گھبراہٹ پر قابو پانے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے بار بار مشق کرنا۔جتنا زیادہ آپ کو ڈرامے کی تفصیلات یاد ہوں گی، اتنا ہی آپ کا اعتماد بڑھے گا۔جب بھی وقت ملےمشق کیجیے۔کبھی ٹیم کے ساتھ اور کبھی اکیلے۔اس میں آخری مکمل ریہرسل بھی شامل ہے،جو بالکل اصل شو کی طرح ہوتا ہے۔یہ ریہرسل اعلان سے شروع ہوتا ہے اور اس میں تمام پہلو شامل ہوتا ہیں جیسےاسٹیج کے سازو سامان ، ملبوسات، مختلف قسم کی آوازیں ، موسیقی، رقص اور دیگر تمام مناظر۔یہ ایک طرح کی آزمائشی پیش کش ہوتی ہے، جو آپ کو یہ سمجھنے کا موقع دیتا ہے کہ کہاں غلطی ہو سکتی ہےاور ٹیم کے طور پر کہاں بہتری لانی ہے۔آپ اپنے چند اساتذہ کو یہ ریہرسل دکھا سکتے ہیں تاکہ اصل پرفارمنس سے پہلے وہ آپ کو قیمتی مشورے اور تجاویز دے سکیں۔
2. آرٹ کا استعمال!
ہر قسم کا فن گھبراہٹ کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ آپ وہ طریقہ اپنا سکتے ہیں جس سے آپ کو سکون ملے۔آپ موسیقی، رقص، تھیٹر اور بصری آرٹ سیکھ رہے ہیں اور یہ تمام فنون ایک دوسرے کو مضبوط بناتے ہیں۔ ان کے کئی مثبت اثرات ہوتے ہیں، جیسے ذہنی سکون، دباؤ اور تناؤ میں کمی، حوصلہ افزائی، دماغ کو تازگی دینا، تخلیقی سوچ کو ابھارنا، توجہ مرکوز کرنے میں مدد دینا، اور بہت کچھ۔دیکھتے ہیں کہ ہم کس طرح اس صورت حال میں ان فنون کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
موسیقی: خوشگوار دُھن گنگنانا یا کوئی مزاحیہ گیت گانا آپ کو سکون دے سکتا ہے۔
تھیٹر: آنکھیں بند کریں اور اپنے مناظر کو تمام تفصیلات کے ساتھ ذہن میں دہرائیں، آپ خود کو زیادہ پُراعتماد محسوس کریں گے۔
رقص: اچھلیں، اپنے ہاتھوں کو حرکت دیں اور رقص کے کچھ اسٹیپ کریں ۔یہ گھبراہٹ کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
بصری آرٹ: اپنی حرکات اور مناظر کے خاکے بنائیں۔جو بھی آپ کے ذہن میں آئے اسے رنگوں کی مدد سے کاغذ پر اتاریں۔
یہ طریقے نہ صرف آپ کو سکون اور تازگی محسوس کراتے ہیں بلکہ آپ کے ذہن کو بہتر طور پر توجہ مرکوز کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں اور اس کا مطلب ہے —ڈرامے کی ایک شاندار پیش کش!
3. ٹیم کا ربط
ایک دائرے میں بیٹھیے اور ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑیے۔آہستہ اور گہری سانسیں لیجیے۔سانس ناک سے اندر لیجیے اور منہ سے باہر نکالیے۔تصور کیجیے کہ آپ ایک پرسکون کچھوےکی طرح ہیں۔یہ عمل آپ کی دل کی دھڑکن کو سست کردیتا ہے اور ذہن کو سکون بخشتا ہے۔اسے دو سے تین مرتبہ دہرائیے۔جب آپ سکون اور انہماک محسوس کریں تو سب مل کر ایک دعا پڑھیں۔ یہ ایک تجویز کردہ دعا ہے جو مل جل کر کام کرنے کی بھلائی اور کامیابی کے بارے میں ہے۔ یہ دعا اُ پنیشد کا ایک ا شلوک ہے۔
ॐ सह नाववतु । सह नौ भुनक्तु ।
सह वीर्यं करवावहै । तेजस्वि नावधीतमस्तु मा विद्विषावहै ।
ॐ शान्तिः शान्तिः शान्तिः ॥
اوم سہ ناوَ اَوتُو | سہ تو بھُنکتُو |
سہ وِریم کرواواہے | تیجَسوی ناوَ ادھیتَم استُو ما وِدوِشاواہے |
اوم شانتی شانتی شانتی
اردو ترجمہ:
- مل کر آگے بڑھیں اور ترقی کریں۔
- مل کر لطف اور سکون پائیں۔
- مل کر قوت اور توانائی کے ساتھ کام کریں۔
- ہمارا کام علم اور روشنی سے بھرپور ہو؛ اور ہم میں کسی قسم کی دشمنی پیدا نہ ہو۔
- اوم شانتی ، شانتی ،شانتی
اس سے پوری ٹیم میں ایک مثبت توانائی پیدا ہوگی۔ یاد رکھیں آپ کے دوست آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ سب ایک ساتھ یہ کام کر رہے ہیں اور ہر فرد چاہتا ہے کہ ان کی پیش کش کامیاب ہو۔ اپنی پوری ٹیم پر یقین رکھیں۔
4. ڈرامے کی پیش کش سے پہلے جن باتوں سے بچنا چاہیے
زیادہ کھانا نہ کھائیں
زیادہ کھانے سے پیٹ میں بھاری پن یا بد ہضمی ہو سکتی ہے۔آپ کو بھاری پن محسوس ہوسکتا ہے اور نیند بھی آسکتی ہے۔جنک فوڈ یا سوڈا پینے سے بھی شو کے دوران تکلیف ہو سکتی ہے۔اس کے بجائے ہلکی اور صحت مند غذائیں کھائیں۔
ویڈیو نہ دیکھیں یا گیم نہ کھیلیں
اسکرین آپ کی توجہ بھٹکا سکتی ہے یا آپ کو تھکا سکتی ہے۔کوئی بھی چیز جو
آپ کا دھیان ہٹائے اچھی نہیں ہوتی،ورنہ آپ پر پورے شو کے دوران اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔
دیر نہ کریں
جلد بازی آپ کو مزید گھبرا ہٹ میں ڈال دیتی ہے۔وقت سے پہلے پہنچیے، اپنی تمام چیزیں ترتیب سے رکھیے اور خود کو توجہ مرکوزکرنے کے لیے مناسب وقت دیجیے۔
شو سے پہلے کی رات اچھی نیند لیں
اگلے دن جسمانی اور ذہنی توانائی برقرار رکھنے کے لیےاچھی نیند ضروری ہے۔ پوری نیند آپ کی یادداشت اور توجہ کو بہتر بناتی ہے۔اکثر نیند پوری نہ ہونے کی صورت میں آپ کے مکالمے بھولنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
اگر آپ نے پوری ایمانداری سے محنت کی ہے تو اس کا عکس پیش کش کے بعد ضرور نظر آئے گا۔تمام تیاری اور محنت کے ساتھ، ڈراما ضرور کامیاب ہوگا۔تقریباً 1000 سال پہلے سوم دیو نے اپنی لوک کہانیوں کی کتاب — کَتھا سَرِت سا گر میں کہا تھا:
अप्राप्यं नाम नेहास्ति धीरस्य व्यवसायिनः।
اپراپیم نام نیہاستی دھیرسیہ ویوسائینہ
ترجمہ: ’ایسا کچھ بھی نہیں جو محنت کرنے والے اور حوصلہ رکھنے والے شخص کو حاصل نہ ہو سکے۔‘
- کون سا مرحلہ سب سے زیادہ دل چسپ تھا؟ اور کون سا سب سے مشکل؟
- کیا آپ اور آپ کے دوست اسی منصوبے پر قائم رہے جو آپ نے پہلے بنایا تھا؟
- کون سی تبدیلیاں کرنی پڑیں جو اصل منصوبے میں شامل نہیں تھیں اور کیوں؟
- کیا اسٹیج کے پیچھے کا کام اور اسٹیج پر اداکاری ایک جیساہے؟ ان میں سے کس میں زیادہ محنت اور کوشش کی ضرورت ہوتی ہے؟
جائزہ
|
باب 8 – وقت، ٹیم اور تکنیک |
||||
|
صلاحیتیں سی3.1-: ڈرامائی آر ٹ میں استعمال ہونے والے مواد، اشیا اور تکنیک کے ساتھ کام کرتے ہوئے امکانات تلاش کریں۔ سی3.2-: انفرادی یا اشتراکی طور پر ڈراما تیار کرتے ہوئے منصوبہ بندی، مشق اور پیش کش کے اقدامات پر عمل کریں۔ |
||||
|
سی جی |
سی |
آموزشی ماحصل |
استاد |
خود |
|
2 |
3.1 |
کہانی میں موسیقی اور رقص کو شامل کرنے کے امکانات تلاش کر نا ۔ |
||
|
3.1 |
منصوبہ بندی اور وقت کے تعین سے متعلق خیال میں مکمل وضاحت کا اظہار کرنا۔ |
|||
|
3.2 |
بیک اسٹیج کے عناصر کو اہمیت دینا۔ |
|||
|
3.1, 3.2 |
منصوبہ بندی کے اقدامات کے لیے اتفاق رائے قائم کرنے کی خاطرٹیم کے ساتھ بات چیت کرنا۔ |
|||
|
3.2 |
الگ الگ کاسٹ اور تکنیکی ٹیم کے ساتھ ریہرسل کی منصوبہ بندی پر کام کرنا۔ |
|||
|
3.2 |
منظر کو حقیقت سے قریب کرنے کے لیے فوری طور پر پروپرٹیز، آواز وغیر ہ کا استعمال کرنا۔ |
|||
|
کلاس میں مجموعی شرکت ۔ |
||||
استادکےمشاہدات:
______________________________________________________________________________________________
______________________________________________________________________________________________
______________________________________________________________________________________________
دیگر تاثرات:
______________________________________________________________________________________________
______________________________________________________________________________________________
______________________________________________________________________________________________



