Skip to content
Sitaar Urdu







2

ایک دریا کا سفر


میں کہاں سے شروع ہوتا ہوں، میں کہاں تک بہتا ہوں

گو کہ میرے پیر نہیں، لیکن میں دور تک جاتا ہوں،

میدانوں اور جنگلات سے ہو کر، چاند اور ستاروں کے تلے۔

میں آپ کی پیاس بجھاتا ہوں اور پیڑ پودوں کو پھلنے پھولنے میں مدد کرتا ہوں،

پہاڑوں سے سمندر تک، میں خاموشی سے بہتا ہوں۔

میں کون ہوں؟

جی ہاں! میں ایک دریا ہوں۔

میں دریائے گوداوری ہوں۔ میرے سفر کا آغاز مہاراشٹر میں ٹرمباکیشور کے مقام پر مغربی گھاٹوں کی بلندیوں سے ہوتا ہے۔

حالانکہ میری شروعات ایک چشمے کے طور پر ہوتی ہے، لیکن جیسے جیسے زمین پر میں آگے کی جانب بڑھتا ہوں، تو بارش کا پانی اور دیگر دھارے میرے ساتھ آ ملتے ہیں، جو مجھے وسیع اور مضبوط تر بناتے ہیں۔ جو چھوٹے چھو ٹے دھارے میرے ساتھ آکر ملتے ہیں وہ میرے معاون دریا ہیں۔

میں خلیج بنگال میں گرنے سے پہلے 1,465کلو میٹر کا سفر طے کرتا ہوں۔

میں دریائے گنگا کے بعد ہندوستان کا دوسرا سب سے لمبا دریا ہوں۔

ch2_jurnny_of_the_river

نیچے دی گئی تصویر کو دیکھیے اور درج ذیل کا جواب دیجیے۔

  1. ان ریاستوں کے نام بتائیے جن سے ہوکر دریائے گوداوری بہتا ہے۔

  2. گو داوری پر بنے ہوئے کسی باندھ اور جنگلی جانوروں کی کسی پناہ گاہ کا نام بتائیے۔

  3. گوداوری کے سفر میں کون کون سے چھوٹے دریا اس میں جا ملتے ہیں؟

Screenshot 2025-12-12 at 11-56-21 Chapter 2.pdf

میرے بارے میں پُرکشش کہانیاں ہیں، جن میں سے بہت سی رامائنسے اور بہت سی پُرانوں سے ہیں۔ مجھے دکشن گنگا کہا جاتا ہے کیونکہ میں جنوبی ہندوستان سے ہوکر بہتا ہوں اور مجھے مقدّس سمجھا جاتا ہے۔

ناسک جیسے مقامات پر ، جو میرے منبع کے قریب ہے، اطراف کے لوگ میرے مقدس پانی میں ڈبکی لگانے آتے ہیں۔ خاص طور پر لوگ گوداوری پُشکر م جیسے تہواروں کے دوران اسنان کرتے ہیں۔

chap_2

ایسی ہے میری زندگی !

میں پورے سال بہتا ہوں، جو مجھے تمام موسموں میں جاری رہنے والا دریا بناتا ہے۔ بہت سے دریا اسی وقت جاری ہوتے ہیں جب ان میں بارش کے موسم میں پانی آتا ہے، جس سے وہ موسمیاتی دریا کہلاتے ہیں۔

میں جنگلی حیات سے مالا مال جنگلات سے ہو کر گزرتا ہوں۔ ان میں ٹائیگر، کاکٹر یعنی بھوکنے والا ہرن، ہندوستانی سنہری چھپکلی اور مشہور سرخ صندل کے درخت شامل ہیں۔ آپ نے پچھلے باب میں سیکھا کہ میرے جیسے تازہ پانی کے وسائل بہت سے پیڑ پودوں اور جانوروں کے مسکن ہیں۔

میں جب سمندر تک پہنچتا ہوں، تو میں بہت سی چھوٹی چھوٹی دھاروں کی شکل میں پھیل جاتا ہوں جس سے مثلثی دہانہ (Delta)بنتاہے۔ یہاں پر میرا تازہ پانی سمندر کے کھارے پانی سے جا ملتا ہے۔ اس مقام کو کورِنگا مینگرو فارسٹ کہا جاتا ہے ، جہاں میرا سفر ختم ہو جاتا ہے۔

وہ بہت سے طریقے جن سے میں زندگی کی مدد کرتا ہوں

زمانۂ قدیم سے، لوگوں نے اپنے گھر ہمیشہ دریاؤں یا آبی ذخائر کے آس پاس تعمیر کیے ہیں۔ کیا آپ قیاس کر سکتے ہیں کہ ایسا کیوں؟

کیا آپ کو معلوم ہے کہ میں ہر روز کئی طریقے سے لوگوں کی مدد کر تاہوں؟ میں، اپنے آس پاس کے بہت سے شہروں، قصبوں اور گاؤں کو پانی فراہم کرتا ہوں۔

میں تمام گھروں، اسکولوں اور کھیت کھلیان کے لیے پانی فراہم کرتا ہوں۔ میں نہ صرف لوگوں کی مدد پانی پینے، کھانا پکانے اور کپڑے وغیرہ دھونے میں کرتا ہوں بلکہ اناج اُگانے اور ان کے کارخانوں میں اشیاتیار کرنے میں بھی مدد کرتا ہوں۔ میں کئی طرح سے روزی روٹی کے حصول میں بھی مدد کرتا ہوں۔

میرے پانی کو پائپوں اور نہروں کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جاتا ہے اور بہت سے لوگوں میں تقسیم ہوجاتا ہے۔

ماحولیاتی سیاحت کے معنٰی ہیں، جنگلات، دریا یا پہاڑ جیسے قدرتی مقامات کی سیر کرکے ان کی خوب صورتی کو محسوس کرنا، جانوروں اور پرندوں کو دیکھنا، اور ماحولیات کو کوئی نقصان پہنچائے بغیر فطرت کے بارے میں معلومات حاصل کرنا۔

  1. ایسے تین طریقوں کی فہرست بنایئے جن میں لوگ دریائے گوداوری پر انحصار کرتے ہیں۔

  2. دریائے گوداوری کے نزدیک رہنے والے افراد کن پیشوں سے وابستہ ہیں؟

  3. دریائے گوداوری کے آس پاس آپ کو کون کون سی فصلیں کھڑی نظر آتی ہیں؟

  4. آپ کے علاقے میں کون کون سی فصلیں ہوتی ہیں؟ آب پاشی کے لیے پانی کہاں سے آتا ہے؟


سرگرمی 1


اپنے کمرۂ جماعت میں ایک ایسا پوسٹر بنائیے جس میں وہ تمام طریقے دکھائے گئے ہوں جن سے دریا لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ گھروں، کھیتوں، کشتیوں، ماہی گیروں اور دیگر کی ڈرائنگ شامل کیجیے۔

باندھ — میرے پانی کا ذخیرہ کرتے ہیں ، میرے بہاؤ میں تبدیلی لاتے ہیں

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایسے 900 سے زیادہ باندھ ہیں، جہاں میرے پانی کا ذخیرہ کیا جاتا ہے، تاکہ لوگ اسے خشک موسم کے دوران بھی پانی پینے، فصلیں اُگانے اور بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرسکیں۔

لیکن کیا کبھی آپ نے سوچا ہے کہ جب کبھی کوئی باندھ تعمیر کیا جاتا ہے تو میرا کیا ہوتا ہے؟ جنگلات، جانوروں اور میرے نزدیک رہنے والے افراد کا کیا ہوتا ہے؟

باندھ ایک بہت بلند دیوار ہوتی ہے، جو میرے بہاؤ کو روک دیتی ہے اور ایک وسیع حوض نما جھیل کہلائے جانے والے آبی ذخیرے میں پانی جمع کرتی ہے۔جس وقت ذخیرہ کیا ہوا یہ پانی بہت سے لوگوں کی مدد کرتا ہے ،اسی وقت وہ جگہ بھی زیر آب آجاتی ہے جہاں کبھی جانور اور انسان رہا کرتے تھے۔ جب باندھ تعمیر کیے جاتے ہیں تو بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں کو خیر باد کہنا پڑتا ہے اور دوسرے مقامات پر منتقل ہونا پڑتا ہے۔

ch__2__dam_p_8

جب کبھی آپ پانی کا کوئی نل کھولتے ہیں ، تو اس کے سفر اور بہت سی قربانیوں کا اندازہ کرنا مشکل ہوتا ہے، جس کے بعد وہ آپ تک پہنچ سکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پانی کو سمجھ داری کے ساتھ استعمال کرنا اور اسے ضائع نہ ہونے دینا اتنا زیادہ اہم ہے!


تحریر کیجیے

کسی باندھ کی تعمیر کے بعد جومسائل ابھر کر سامنے آسکتے ہیں۔ انھیں کس طرح حل کیا جا سکتا ہے؟

کون سے عوامل مجھے آلودہ کرتے ہیں اور کیوں یہ اہم ہے

میرے کناروں کے آس پاس زیادہ سے زیادہ لوگوں کے بسنے اور کارخانے قائم ہونے کے ساتھ، کوڑا کرکٹ، پلاسٹک اور گندا پانی مجھے آلودہ کرتے ہیں۔ بعض مرتبہ مجھ میں سے بُو آتی ہے یا میں صاف ستھرا نظر نہیں آتا۔ اس کے باوجود لوگ میرا پانی استعمال کرتے ہیں، جو انھیں بیمار کر سکتا ہے۔ کاش میں انھیں یہ بتا سکتا کہ وہ مجھے صاف ستھرا اور کوڑے کرکٹ سے پاک رکھنے میں مدد کریں۔

Screenshot 2025-12-12 at 12-32-15 Chapter 2.pdf

ایسا کرنے کا ایک اہم طریقہ یہ ہے کہ ماحولیات کے لیے سازگار مصنوعات کا استعمال کیا جائے تا کہ بنیادی جگہ پر کم سے کم کوڑا کرکٹ جمع ہو۔

ان مچھلیوں، کچھوؤں، اور پرندوں کے بسنے کے لیے کوئی اور جگہ نہیں ہےجو میرے اندر اور میرے آس پاس رہتے ہیں۔ وہ آہستہ آہستہ غائب ہوتے جا رہے ہیں۔ اس سے مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔


تحریر کیجیے

  1. پلاسٹک کی پنیاں اور تھیلے، جنھیں ہم کوڑے میں ڈالتے ہیں، آخر جاتے کہاں ہیں؟

  2. آپ کے گھر میں کون سے صابن، شیمپو یا فرش صاف کرنے والی اشیا(قدرتی یاتیار شدہ) استعمال کی جاتی ہیں؟ صفائی کرنے والی ان اشیاکے ساتھ ملا ہوا گندا پانی کہاں جاتا ہے؟


بات چیت کیجیے

اپنے والدین یا بڑوں سے یہ معلوم کیجیے کہ جب وہ آپ کی عمر کے تھے تو اُس وقت آبی ذخائر کی صورت حال کیسی تھی۔ آج ان آبی ذخائر کی کیا صورت حال ہے؟

4,1

سرگرمی 2


ان اشیا کی ایک فہرست تیار کیجیے جنھیں ہم گھر یا اسکول کے کوڑے دان میں پھینکتے ہیں۔ اگر ان اشیا کو کسی دریا یا تالاب میں ڈال دیا جائے، تو ان میں سے ہر ایک شے کس طرح اُن جانوروں، پیڑ پودوں اور لوگوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، جو اسی کے آس پاس رہتے ہیں، اور اس پانی کا استعمال کرتے ہیں؟


سرگرمی 3


صاف پانی سے بھرے ہوئے دو گلاس لیجیے۔ ایک گلاس میں چینی سے بھرا ایک چمچ اور دوسرے میں کھانا پکانے کے تیل کا ایک چمچ ڈالیے۔ دونوں کو اچھی طرح سے ملایئے اور مشاہدہ کیجیے۔

آپ کیا مشاہدہ کرتے ہیں؟ دونوں میں سے کون سا گلاس صاف نظر آتا ہے؟

یہ تجربہ ہمیں سکھاتا ہے کہ بعض اشیا پانی میں گھل جاتی ہیں اور بعض نہیں گھلتیں۔کیا آپ ایسی چند اشیا کی فہرست تیار کر سکتے ہیں جو:

پانی میں گھل جاتی ہیں

پانی میں نہیں گھلتیں

کیمیاوی مادّے یا صابن کا گندا پانی میرے جیسے دریا میں دکھائی نہیں دیتا۔لہٰذا اس وقت بھی جب میرا پانی صاف نظر آتا ہو، تو ممکن ہے اس میں ایسی اشیا موجودہوں جو جانداروں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔


سرگرمی 4


نیچے دی گئی دو نوں تصویروں کو دیکھیے۔ کون سا دریا صاف ستھرا نظر آتا ہے اور کیوں؟پانی میں اتنے سارے پیڑ پودے کیوں اُگتے ہیں؟ جب دریا میں بہت زیادہ پیڑ پودے پنپتے ہیں توآپ کے خیال میں کیا ہوتا ہے؟

Screenshot 2025-12-12 at 14-46-02 Chapter 2.pdf

بعض مرتبہ فصلوں کو اُگانے والی کیمیائی کھاد پانی کے ساتھ بہہ کر میرے پانی میں آملتی ہیں۔ وہ پیڑ پودوں اور دیگر اُگنے والی اشیا کو بہت تیزی کے ساتھ بڑھاتی ہیں، یہاں تک کہ ہری کائی سے میری سطح کو پورے طور پر ڈھانک دیتی ہیں، جس سے میرے اندر موجود ہر طرح کی زندگی کی حرکت آہستہ آہستہ رکنے لگتی ہے۔ مچھلیوں کے لیے سانس لینا دوبھر ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ میرا پانی لوگوں کے لیے پینا غیر محفوظ ہو جاتا ہے۔

میں زور دے کر یہ کہوں گا کہ بہت سے لوگ میرے پانی کو صاف رکھنے میں مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میرے سفر کے راستے میں آنے والے مقامات پر بھی، لوگ کوڑا کرکٹ میرے پانی میں ڈالنے کے سلسلے کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔آپ کے ذریعے اٹھایا گیا ہر ایک چھوٹے سے چھوٹا قدم بھی مجھے ترو تازہ اور زندگی سے پُر رہنے میں مدد دیتا ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ میرے پانی کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔


کیا آپ جانتے ہیں؟


‘نمامی گنگا ’پروگرام دریائے گنگا کو صاف کرنے میں مدد کر رہا ہے تا کہ یہ لوگوں، مچھلیوں اور پرندوں کے لیے صحت مند رہے۔


تحریر کیجیے

کیا آپ ایسی تین تدابیر کی فہرست بنا سکتے ہیں جو آپ اپنے نزدیک کے آبی ذخائر کو محفوظ رکھنے کے لیے کر سکتے ہوں؟

جب کسی دریا میں سیلاب آتا ہے

زیادہ تر اوقات، میں معمول کے مطابق بہتا ہوں اور اپنے ارد گرد کی زندگی کو پھلنے پھولنے میں مدد کرتا ہوں۔ البتہ میں یہ بات کبھی نہیں بھولتا کہ میں طاقت ور ہوں۔ جب کبھی بھی بہت زیادہ بارش ہوتی ہے، میں پھیل جاتا ہوں اور تیز تر، زیادہ گہرا اور زیادہ وسیع ہو جاتا ہوں۔ میں کسی کے تصور سے بھی زیادہ تیز تر اور زیادہ سرکش ہو کر زمین پر بہتا ہوں۔ ایسا اس وقت ہوتا ہےجب میں پانی کو اپنے کناروں سے باہر نکلنے اور بڑے علاقے میں سیلاب آنے سے روکنے میں قاصر ہوتا ہوں۔

جب بہت زیادہ بارش ہوتی ہے تو تمام پانی مجھ میں سما جاتا ہے اور میرا بڑھتا ہوا پانی گھروں، میدانوں اور سڑکوں پر سیلاب کا باعث بن جاتا ہے جس سے بڑے پیمانے پر نقصان اور تباہی پھیلتی ہے۔ لوگوں کو اور جانوروں کو محفوظ رہنے کے لیے اکثر اپنے گھر چھوڑنے پڑتے ہیں۔

Screenshot 2025-12-12 at 14-50-35 Chapter 2.pdf

سرگرمی 5


خانوں کو ملایئے

توجہ دیجیے: ایک مسئلہ ایک سے زیادہ چیزوں پر اثر انداز ہو سکتاہے۔

سیلاب کے مسائل اس سے کیا متاثر ہوتا ہے

(i) گنداپانی (a) لوگوں کے لیے پناہ گاہ

(ii) ٹوٹی ہوئی سڑکیں (b) محفوظ طور سے پینا

(iii) برباد ہوئی فصلیں (c) سیکھنا

(iv) بجلی نہیں (d) سفر اور نقل و حمل

(v) بیماریوں کا پھیلنا (e) بتیاں، پنکھے اور فون

(vi) ٹوٹے ہوئے مکانات (f) لوگوں کی صحت

(vii) اسکول بند (g) کھانے کی فراہمی


سرگرمی 6

Screenshot 2025-12-12 at 14-53-11 Chapter 2.pdf

سرگرمی 7


سرگرمی 6 میں سیلاب سے متعلق تحفظ کی تدابیر کا مطالعہ کیجیے اور کردارپر مبنی ڈرامہ کا انعقاد کیجیے، جس میں آپ اپنے گاؤ ں یا شہر کے سرپنچ یا میونسپل کارپوریٹر ہوں۔

بات چیت کیجیے کہ آپ درج ذیل کے لیے کیا اقدامات کریں گے —

  • سیلاب کو روکنے کے لیے
  • سیلاب سے ہونے والے نقصان کو روکنے کے لیے
  • بزرگ افراد اور جسمانی طور پر معذور افراد کو محفوظ کرنے کے لیے
  • جانوروں کو محفوظ رکھنے کے لیے

تباہی سے متعلق ایک ہنگامی کٹ تیار کیجیے

21

جب کوئی دریا خشک ہو جاتا ہے!

جب میری وجہ سے کسی مقام پر سیلاب آتا ہے تو لوگ فکر مند ہو جاتے ہیں۔لیکن جب کوئی دریا خشک ہو جاتا ہے، تو اس وقت بھی لوگوں کے لیے بڑے مسائل کھڑے ہو جاتے ہیں۔

ایک لمحے کے لیے کسی دن پانی کے بغیر رہنے کا تصور کیجیے۔ یہ کوئی آسان بات نہیں ہے، درست کہا نہ؟

  1. آپ اُس وقت کیا کریں گے جب آپ کے گھر میں پورے دن پانی نہ ہو؟

  1. کیا ہو ،اگر پورے ایک ہفتے پانی دستیاب نہ ہو؟ آپ کس طرح نہائیں گے، پانی پئیں گے، کھانا پکائیں گے اور صفائی کریں گے؟ پانی حاصل کرنے کے لیے آپ کہاں جائیں گے؟

اگر طویل مدت تک پانی دستیاب نہ ہوتو خاندانوں کو اپنے گھروں کو چھوڑ کر ایسے مقامات پر منتقل ہونا پڑ سکتا ہے جہاں پانی دستیاب ہے۔ صرف انسانوں کو ہی نہیں بلکہ جانوروں کو بھی اس صورت حال کا سامنا ہوتا ہے۔ خوش قسمتی سے ان کے لیے میں سبھی موسموں کا دریا ہوں اور پورے سال بہتا ہوں۔ اس لیے میں ہر ایک کی دیکھ بھال کر سکتا ہوں جو میرے کنارے کے علاقوں میں بسے ہوئے ہیں۔


کیا آپ جانتے ہیں؟


2019 میں، دوسرے اضلاع سے چنئی کے لیے پانی کی خصوصی ٹرینیں چلانی پڑی تھیں کیونکہ وہاں کے آبی ذخائر خشک ہو گئے تھے۔ اس کے برعکس 2022 میں بنگلورو میں شدید بارش سے آئے سیلاب نے گھروں اور سڑکوں کو بڑا نقصان پہنچایا تھا۔ اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ پانی کی قلت اور زیادتی، دونوں سے زندگی متاثر ہوتی ہے۔

بعض مقامات پر، لوگ پانی کے اےٹی ایم کا استعمال کرتے ہیں، یہ ایسی مخصوص مشینیں ہیں جو اس وقت تازہ پانی دیتی ہیں جب آپ ان میں کارڈ یا سکہ ڈالتے ہیں۔ یہ اقدامات ہمیں پانی کو سمجھ داری سے استعمال کرنے اور اسے مستقبل کے لیے بچا کر رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔


قومی آبی مشن پورے ہندوستان میں پانی کا باقاعدگی کے ساتھ انتظام کرنے اور لوگوں کو اسے سمجھ داری سے استعمال کرنے میں مدد کرتا ہے۔

1

میری کہانی سننے کے لیے آپ کا بے حد شکریہ۔ لیکن مجھے آپ کی مدد کی بھی ضرورت ہے۔ جب کبھی آپ پانی کی بچت کرتے ہیں، کوئی پودا لگاتے ہیں یا کوڑا کرکٹ کو مجھ تک پہنچنے سے روکتے ہیں، تو سمجھیے آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ یاد رکھیے چھوٹے اقدامات بھی بہت بڑا فرق پیدا کر سکتے ہیں!


آپ میں سے ہر کوئی، ہر روز چھوٹے چھوٹے کام کرکے پانی کی بچت کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

• پانی کو ضرورت کے مطابق استعمال کیجیے۔ ا سے ضائع نہ کیجیے۔

• جب اپنے دانت صاف کر رہے ہوں تو نل کو بند کردیجیے۔

• پینے کے پانی کو ضائع مت کیجیے۔

• ٹپکتے ہوئے نل کو بڑوں کی مدد سے ٹھیک کیجیے۔

• پھلوں اور سبزیوں کو دھونے والے پانی کو، پیڑ پودوں کی سینچائی کر نے کے لیے دوبارہ استعمال کیجیے۔

• اپنے گھر کے افراد اور دوستوں کو بھی پانی کی بچت کرنے کی یاد دہانی کرائیے۔

• یاد رکھیے، ہر ایک بوند انتہائی اہمیت کی حامل ہے!

  1. یہ معلوم کیجیےکہ کون کون سے دریا آپ کی ریاست سے ہوکر گزرتے ہیں۔
    1. ان کا استعمال کس لیےکیا جاتا ہے؟
    2. کیا ان پر کوئی باندھ بنا ہوا ہے؟
  2. اپنے دادا ،دادی یا والدین سے کہیے کہ وہ آپ کو علاقے کے دریاؤں سے متعلق کوئی کہانی یا تہوار کے بارے میں بتائیں۔ آپ اسے کمرہ ٔجماعت میں بیان کیجیے۔
  3. اپنے خاندان کے کسی بزرگ سے معلوم کیجیے:
    1. جب آپ بچے تھے تو اس وقت دریاؤں کی کیا نوعیت تھی؟
    2. اس کے بعد اُن میں کیا تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں؟
  4. ماضی میں لوگ گھر اور شہر دریاؤں کے قریب بسایا کرتے تھے۔ اس کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا آج بھی دریا اسی طرح اہمیت کے حامل ہیں؟
  5. اگر آپ اپنے شہر یا گاؤں میں دریاؤں کے تحفظ کے لیے کوئی ایک نیا ضابطہ وضع کر یں تو وہ کیا ہوگا؟
  6. اس وقت کے بارے میں سوچیے جب آپ نے پانی ضائع کیا ہو۔ اس کے برعکس آپ کیا کر سکتے تھے؟
  7. کیا آپ روز مرہ کے استعمال والے مواد سے ایک سادہ سا پانی کا فلٹر تیار کر سکتے ہیں؟ آپ اس میں کیا کیا شامل کریں گے اور کیوں؟
  8. تصور کیجیے کہ آپ کسی دریا کے نزدیک ایک نیا شہر بسانے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ آپ درج ذیل کے لیے کیا کیا اقدامات کریں گے؟
    1. دریا کو صاف رکھنے کے لیے۔
    2. شدید بارش کے دوران سیلاب کو روکنے کے لیے۔
    3. اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ گرمیوں میں بھی ہر ایک شخص کو مناسب مقدار میں پانی دستیاب ہو۔