Skip to content
Qr







باب 4

مقناطیسوں کی چھان بین

(Exploring Magnets)


Screenshot 2025-10-31 at 11-15-21 fucu104.pdf

ریشما کیرالہ کے ایک ساحلی قصبے میں رہتی ہے اور اسے مختصر کہانیاں لکھنے کا بہت شوق ہے ۔اس کی دادی کو اس کی کہانیاں سننا اچھا لگتا ہے،تو ریشما اپنی دادی کی ساٹھویں سالگرہ پر انہیں سنانے کے لیے ایک نئی کہانی لکھ رہی تھی۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-15-27 fucu104.pdf

یہ کہانی قدیم زمانے میں تجارت کے لیے مسالے لانے والے جہاز پر مبنی تھی۔ ریشما اس سے واقف تھی کہ اُس زمانے میں جہازراں لوگ سمت معلوم کرنے کے لیے ستاروں کی مدد لیتے تھے۔ لیکن اس کی کہانی میں ایک ایسی صورتِ حال پیدا ہوگئی کہ جہاز راں طوفان میں گھر گئے، آسمان میں اندھیرا چھا گیا اور ستارے نظر نہیں آرہے تھے۔ ریشما اپنی کہانی کو آگے نہیں بڑھا سکی کیوں کہ وہ سمتیں تلاش کرنے کا کوئی طریقہ نہیں سوچ سکتی تھی۔

اس نے انٹرنیٹ پر اور اپنے اسکول کی لائبریری میں معلومات تلاش کیں۔ اُسے معلوم ہوا کہ سیّاح لوگ ایک آلے کی مدد سے سمت تلاش کر تے تھے جسے مقناطیسی کمپاس کہا جاتا ہے۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-15-31 fucu104.pdf

ریشما نے مقناطیس کی مدد سے بندہونے والا پنسل باکس اورپرس دیکھا تھا۔ اُس کی کلاس کے لکھائی بورڈ میں مقناطیس والا ڈسٹر تھا لیکن اس نے کبھی ان پر غور نہیں کیا تھا۔ اب اس میں مقناطیسوں اور مقناطیسی کمپاس کے بارے میں مزید جاننے کا تجسس پیدا ہوا۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-15-37 fucu104.pdf

ماضی میں بادبانی جہاز میں استعمال کیے جانے والے مقناطیس ،قدرتی مقناطیسوں کا استعمال کرتے تھے، جنھیں’لوڈاسٹون‘کہا جاتا تھا اور جن کی دریافت قدیم زمانےمیں ہوئی تھی۔ بعد میں لوگوں کو یہ معلوم ہوا کہ مقناطیس لوہے کے ٹکڑوں سے بھی بنائے جاسکتے ہیں۔اب ہمارے پاس مختلف اجزا سے بنے ہوئے مقناطیس ہیں۔ جو مقناطیس آپ اپنے اسکول کی تجربہ گاہ میں دیکھتے ہیں اور جو پنسل باکس / اسٹیکر/ کھلونوں میں استعمال ہوتے ہیں وہ سب مصنوعی مقناطیس ہیں (شکل4.1)۔ مقناطیس مختلف شکلوں کے ہوسکتے ہیں جن میں سے بعض شکل 4.2 میں دکھائے گئے ہیں۔

کیا مقناطیس صرف مخصوص مواد سے ہی بنی اشیا سے چپکتے ہیں؟


Screenshot 2025-10-31 at 11-15-44 fucu104.pdf

4.1 مقناطیسی اور غیر مقناطیسی مواد

سرگرمی 4.1: آیئے چھان بین کریں

  • مختلف مواد سے بنی چند اشیا اور مقناطیس بھی جمع کریں۔
  • قیاس کیجیے کہ کون سی اشیا مقناطیس سے چپکیں گی۔جدول 4.1 میں اپنا قیاس لکھیں۔
  • اب اپنے ہاتھ میں ایک مقناطیس پکڑ کر اُسے ایک ایک کرکے تمام اشیا کے قریب لایئے (شکل 4.3)۔ یہ مشاہدہ کیجیے کہ کون سی چیز مقناطیس سے چپکتی ہے۔
  • Screenshot 2025-10-31 at 11-15-50 fucu104.pdf
  • جدول 4.1 میں اپنے مشاہدات درج کیجیے۔

جدول 4.1 : مقناطیس کی طرف کشش رکھنے والے موادکی نشان دہی

شے کا نام

وہ مواد جس سے کوئی چیز بنی ہے (پلاسٹک/لکڑی / شیشہ/لوہا/ کوئی دیگر)

مقناطیس کی طرف کشش رکھتا ہے

(ہاں/نہیں)

قیاس

مشاہدہ

پنسل

لکڑی

اریزر

ربر

کیا آپ کا قیاس تمام اشیا کے لیے درست تھا؟ کون سے اجزا مقناطیس سے چپکتے ہیں؟ آپ اس سے کیا نتیجہ نکال سکتے ہیں؟

اس سرگرمی سے ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ بعض اشیا مقناطیس کی طرف کھنچ کر اُس سے چپک گئیں جبکہ دوسری نہیں چپکیں۔ مقناطیس کی طرف کشش رکھنے والے مواد مقناطیسی مواد کہلاتے ہیں۔ لوہے کی دھات ایک مقناطیسی مواد ہے۔نکل اور کو بالٹ دوسری دھاتیں ہیں جو مقناطیسی ہیں۔ دیگر دھاتوں کے ساتھ اُن کے بعض ا متزاجات بھی مقناطیسوں کی طرف کشش رکھتے ہیں۔ مقناطیس کی طرف کشش نہ رکھنے والے اجزا غیر مقناطیسی مواد کہلاتے ہیں۔

جدول 4.1 میں درج مواد میں سے کون سے غیر مقناطیسی نظر آئے؟

کیا کسی مقناطیس کے تمام حصے یکساں طور پر مقناطیسی مواد کو کھینچتے ہیں؟


4.2 مقناطیس کے قطب

سرگرمی 4.2: آیئے تفتیش کریں

  • کچھ لوہے کی چھیلن (لوہے کے مختصر ٹکڑے) کاغذ کے کسی ورق پر پھیلایئے۔
  • اُن کے اوپر ایک چھڑ مقناطیس رکھ کر بغور مشاہدہ کریں کہ لوہے کی چھیلن میں کیا ہوتا ہے۔

کیا آپ ان کے مقناطیس سے چپکنے کے عمل میں کسی خاص بات کا مشاہدہ کرتے ہیں؟ کیا لوہے کی چھیلن مقناطیس پر یکساں طور پر چپک جاتی ہیں؟ یا وہ بعض جگہوں پر زیادہ چپک جاتا ہے؟

اگرہم اسی سرگرمی کو دیگر شکلوں کے مقناطیسوں سے دہرائیں تو کیا ہمیں ایسا ہی نتیجہ حاصل ہوگا؟

Screenshot 2025-10-31 at 11-15-57 fucu104.pdf

ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر لوہے کی چھیلن مقناطیس کے سروں پر چپکتی ہیں جیسا کہ شکل 4.4 میں دکھایا گیا ہے جبکہ لوہے کی چند ہی چھیلن مقناطیس کے باقی حصے پر چپکتی ہیں۔

مقناطیس کے یہ سرے مقناطیس کے دو قطب کہلاتے ہیں، شمالی قطب اور جنوبی قطب۔ زیادہ تر لوہے کی چھیلن کسی بھی شکل کے مقناطیس کے قطبین سے چپک جاتی ہیں۔

کیا ہمیں واحد قطب والا مقناطیس مل سکتا ہے؟

واحد قطب تک رسائی ممکن نہیں ہے۔ یہاں تک کہ ا گر کوئی مقناطیس زیادہ مختصر ٹکڑوں میں ٹوٹ جائے تو شمالی اور جنوبی دونوں قطب ہمیشہ مختصر ترین ٹکڑوں میں بھی باقی رہیں گے۔ مقناطیس ہمیشہ جوڑے کی شکل میں واقع ہوتے ہیں۔ ایک شمالی قطب اور دوسرا جنوبی قطب۔ کوئی واحد شمالی قطب اور جنوبی قطب وجود میں نہیں رہ سکتے۔

4.3 سمتیں ڈھونڈھنا

سرگرمی 4.3: آیئے تجربہ کریں

Screenshot 2025-10-31 at 11-16-03 fucu104.pdf
  • جیسا کہ شکل 4.5 میں دکھایا گیا ہے، مقناطیس کے درمیانی حصے سے بندھے ہوئے دھاگے سے ایک چھڑ مقناطیس لٹکائیں۔ آپ کو مقناطیس کے افقی طور پر متوازن ہوجانے تک دھاگے کی حالت میں رد وبدل کرنے کی ضرورت ہوسکتی ہے۔
  • اب مقناطیس کو آہستہ سے افقی سمت میں گھمائیں اور اسے ساکن حالت میں آنے دیں۔
  • زمین پر یا زمین سے چپکے ہوئے کاغذ کے ٹکڑے پر مقناطیس کے سروں سے مطابقت رکھنے والی حالت پر نشان لگایئے۔ ایک لکیر سے زمین پر ان دونوں نقطوں کو جوڑ دیجیے۔ یہ لکیر اس سمت کو ظاہر کرتی ہے جس طرف ساکن رہنے کی حالت میں مقناطیس اشارہ کر رہا تھا۔
  • مقناطیس کے سرے کو ہلکے سے کھینچتے ہوئے اُسے دوبارہ گھمائیں اور اُس کے ساکن حالت میں آنے کا انتظار کریں۔ کیا مقناطیس اُسی لکیر کی طرف اشارہ کرتا ہے؟

یہ لکیر کس سمت میں اشارہ کرتی ہے جس میں مقناطیس ساکن حالت پر آتا ہے؟ یہ ہم کیسے جان سکتے ہیں؟


اگر ہم نے اس سمت پر غور کیا ہے جس میں سورج نکلتا یا ڈوبتا ہے تو ہمیں ایک تخمینی اندازہ ہوجاتا ہے کہ مشرق یا مغرب کدھرہے؛ اس طرح ہم لکیر کی اس سمت کا پتہ لگاسکتے ہیں جس کی طرف مقناطیس اشارہ کرتا ہے۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-16-08 fucu104.pdf

ایک آزادی سے لٹکتا ہوا مقناطیس شمال-جنوب کی سمت میں ساکن حالت میں آجاتا ہے۔شمال کی طرف اشارہ کرنے والا مقناطیس کا سرا شمال مرکوز مقناطیس یا مقناطیس کا شمالی قطب کہلاتا ہے۔ جنوب کی طرف اشارہ کرنے والا سرا جنوب مرکوز مقناطیس یا مقناطیس کا جنوبی قطب کہلاتا ہے۔ آزادی سے لٹکتا ہوا مقناطیس ہمیشہ شمال-جنوب سمت میں ٹھہرتا ہے کیوں کہ خود ہماری زمین ایک بہت بڑے مقناطیس کی طرح کام کرتی ہے۔

چھڑ مقناطیس کے بجائے لوہے کی چھوٹی چھڑ کی مدد سے یہی سرگرمی دہرائیں۔ آپ کیا دیکھتے ہیں؟ کیا وہ ہر بار شمال-جنوب سمت میں ٹھہرتی ہے؟ ایسا نہیں ہوتا۔ وہ کسی بھی سمت میں ٹھہر سکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صرف مقناطیس ہی شمال-جنوب سمت میں ٹھہرتے ہیں۔ یہ سرگرمی ہمیں اس کی جانچ کرنے کا ایک طریقہ بتاتی ہے کہ دھات کا کوئی ٹکڑا مقناطیس ہے یا نہیں۔

ہمیشہ شمال -جنوب سمت میں ٹھہرنے کی آزادی سے لٹکے مقناطیس کی خصوصیت سے سمتوں کے تعین میں کام لیا جاتا ہے۔ اس کی بنیاد پر پرانے وقتوں میں سمت معلوم کرنے کے لیے ایک مختصر آلہ بنایا گیاجسے مقناطیسی کمپاس(قطب نما) کہتے ہیں۔ اس میں سوئی کی شکل کا مقناطیس ہوتا ہے جو آزادانہ طور پر گھوم سکتا ہے
(شکل 4.6)۔ مقناطیسی کمپاس کی سوئی شمال-جنوب سمت کو بتاتی ہے۔

کمپاس اُس جگہ پر رکھا جاتا ہے جہاں ہم سمتیں معلوم کرنا چاہتے ہوں۔ کچھ دیر بعد سوئی شمال جنوب سمت میں ٹھہر جاتی ہے۔ اس کے بعد کمپاس کی ڈبیہ کو آہستہ سے گھماتے ہیں، یہاں تک کہ ڈائل پر نشان زد شمال اور جنوب سوئی کی سیدھ میں آجائیں۔ اب اس جگہ کی تمام سمتیں اُسی طرح ہوں گی جیسا کہ دکھائی گئی ہیں۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-16-17 fucu104.pdf

مقناطیسی کمپاس جیسا کہ شکل 4.6 میں دکھایا گیا ہے، عموماً شیشے کے ڈھکن والی ایک مختصر گول ڈبیہ ہوتا ہے۔ سوئی کی شکل میں مقناطیس ایک کیل پر جڑا ہوتا ہے جو ڈبیہ کی تہہ میں کھڑی ہے۔ یہ سوئی کیل پر اس طرح متوازن انداز میں ٹکی رہتی ہے کہ وہ اس نقطے کے چاروں طرف آسانی سے حرکت کرسکے۔ یعنی کہ وہ آزادی سے حرکت کرسکتی ہے۔شمال کی سمت میں ٹکے ہوئے سوئی کے سرے پر عموماً سرخ نشان لگا ہوتا ہے۔ سوئی کے نیچے ایک ڈائل ہےجس پر سمتوں کے نشانات بنے ہیں۔

جاننے کی مزید باتیں


ہم خود اپنا مقناطیسی کمپاس کیسے بناسکتے ہیں؟


سرگرمی 4.4: آیئے مقناطیس کمپاس بنائیں

  • چند چیزیں جمع کیجیے جیسے کارک کا ٹکڑا، لوہے کی سلائی والی سوئی، مستقل چھڑمقناطیس، شیشے کا پیالہ اور پانی۔
  • لوہے کی سلائی والی سوئی کو لکڑی کی میز پر رکھیے۔ پھر ایک مضبوط چھڑ مقناطیس کے ایک قطب کو سوئی کے ایک سرے پر رکھیں۔ مقناطیس کو سوئی کے اوپر لمبائی میں حرکت دیں۔جیسا کہ شکل 4.7aمیں دکھایا گیا ہے۔جب وہ دوسرے سرے پر پہنچ جائے تو اسے اوپر اٹھایئے۔
  • Screenshot 2025-10-31 at 11-16-27 fucu104.pdfScreenshot 2025-10-31 at 11-16-32 fucu104.pdf
  • مقناطیس کے جس قطب سے آپ نے شروعات کی تھی سلائی کی سوئی کے اُسی سرے پر لائیں جہاں سے آپ نے شروع کیا تھا اور اس عمل کو کم از کم 30 سے 40 بار دہرائیں۔
  • لوہے کی کچھ چھیلن یا اسٹیل کی پنوں کو سوئی کے قریب لایئے۔ اگر پنیں یا لوہے کی چھیلن سوئی کی طرف کشش رکھتی ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ سوئی مقناطیس بن چکی ہے۔
  • اس سوئی کو افقی حالت میں کارک میں سے گزارکر کارک کو پانی سے بھرے ہوئے پیالے میں تیرایئے اس طرح کہ سوئی جیسا کہ شکل 4.7bمیں دکھایا گیا ہے ہر وقت پانی کی سطح کے اوپر ہی رہے۔
  • جب سوئی ٹھہر جائے تو آپ کا مقناطیس کمپاس استعمال کے لیے تیار ہے۔ اس سمت پر غور کیجیے جس کی طرف سوئی کے دونوں کنارے اشارہ کرتے ہیں۔
  • کارک کو آہستہ سے گھمایئے اور گھومنا بند ہونے تک انتظار کریں۔ اس عمل کو مزید چند بار دہرایئے۔ کیا سوئی کے سرے ہر وقت ایک ہی سمت میں اشارہ کرتے ہیں؟

جدید کمپاس کے عام استعمال سے بہت پہلے (شکل 4.6) آپ کی بنائی ہوئی کمپاس سوئی (شکل4.7b) جیسا ہی ایک آلہ ہندوستانی جہاز راں سمندر میں سمت معلوم کرنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ یہ تیل کے برتن میں رکھے مقناطیس شدہ مچھلی نما لوہے کے ٹکڑے پر مشتمل تھا۔ اسے ’’متسیہ نیتر‘‘ (یا ماچھ نیتر) کہا جاتا تھا۔

کیا آپ جانتے ہیں؟


دو مقناطیسوں کو ایک دوسرے کے قریب کرنے پر کیا ہوتا ہے؟


4.4 : مقناطیسوں کے درمیان کشش اور دفاع

سرگرمی 4.5 : آیئے تجربہ کریں

  • دو چھڑ مقناطیس لیجیے جن پر شمالی اور جنوبی قطب کے نشان لگے ہوں۔ دونوں چھڑ مقناطیس پر Aاور Bکا نشان لگالیجیے۔
  • مقناطیس Aکے نسبتاً لمبے کنارے کو 6-5گول شکل کی پنسلوں کے اوپر رکھیے جیسا کہ شکل 4.8aمیں دکھایا گیا ہے۔
  • اب مقناطیس Bکے ایک سرے کو پنسلوں پر رکھے گئے مقناطیس کے قریب لایئے۔ یہ یقینی بنائیں کہ دونوں مقناطیس ایک دوسرے کو چھو نہیں رہے ہیں۔ غور سے دیکھیے کہ کیا ہوتا ہے۔
  • اس کے بعد مقناطیس Bکے دوسرے سرے کو مقناطیس Aکے اسی سرے پر لائیں(شکل 4.8b)۔کیا پنسلوں پر رکھا ہوا مقناطیس حرکت کرنے لگتا ہے؟ کیا وہ ہر بار قریب آئے ہوئے مقناطیس کی سمت میں حرکت کرتا ہے؟ ان مشاہدات سے کیا ظاہر ہوتا ہے؟
Screenshot 2025-10-31 at 11-16-40 fucu104.pdf

آپ دیکھیں گے کہ غیر یکساں قطب (شمال-جنوب) ایک دوسرے کو کھینچتے ہیں۔ جب کہ یکساں قطب (شمال، جنوب) ایک دوسرے کو دفع کرتے ہیں

  • اس سرگرمی کو کسی ایک مقناطیس کے بجائے لوہے کی چھڑ کی مدد سے دہرایئے۔ اس بار آپ کے مشاہدے میں کیا آتا ہے؟

آپ دیکھیں گے کہ لوہے کی چھڑ کے دونوں سرے مقناطیس کے شمالی اور جنوبی دونوں قطبوں کی طرف کھنچیں گے۔ اس سرگرمی سے ہم یہ نتیجہ نکالتے ہیں کہ کسی مقناطیس کو اُس کی دفع کی صلاحیت سے پہچانا جاسکتا ہے۔

سرگرمی 4.6: آیئے تجربہ کریں

  • ایک مقناطیسی کمپاس اور ایک چھڑ مقناطیس لیجیے۔
  • مقناطیسی کمپاس کسی افقی سطح پر رکھیے اور اُس کی سوئی کے ٹھہرنے کا انتظار کیجیے۔
  • کمپاس کی سوئی بھی ایک مقناطیس ہے اگر اس کے قریب کوئی مقناطیس لایا جائے تو کیا وہ بھی کام کرے گی؟

  • اب آہستہ سے چھڑ مقناطیس کے شمالی قطب کو کمپاس کی سوئی کے شمالی قطب کے قریب لائیں جیسا کہ شکل6.9aمیں دکھایا گیا ہے۔ کمپاس کی سوئی کو غور سے دیکھیے۔ آپ کے مشاہدے میں کیا آتا ہے؟ کیا سوئی منحرف ہوجاتی ہے؟ اگر ہاں، تو کس سمت میں؟
  • اب مندرجہ بالا طریقے کو چھڑ مقناطیس کے جنوبی قطب کی مدد سے دہرائیں۔ کیا اس بار آپ کو کوئی فرق نظر آتا ہے؟ (a) Screenshot 2025-10-31 at 11-16-46 fucu104.pdf

    شکل 4.9: کمپاس کی سوئی اور مقناطیس

جب مقناطیس کے شمالی قطب کو کمپاس سوئی کے جنوبی قطب کے قریب لاتے ہیں تو وہ دور ہٹ جاتا ہے جیسا کہ شکل 4.9a میں دکھایا گیا ہے۔ جب مقناطیس کے جنوبی قطب کو کمپاس سوئی کے شمالی قطب کے قریب لاتے ہیں تو وہ اس کے قریب آجاتی ہے۔(شکل 4.9b)

فرض کیجیے کہ ہم کمپاس سوئی اور مقناطیس کے درمیان لکڑی کا ایک ٹکڑا رکھتے ہیں۔ کیا اس کمپاس سوئی کے انحراف میں کوئی فرق آئے گا؟


سرگرمی4.7: آیئے تفتیش کریں

Screenshot 2025-10-31 at 11-16-53 fucu104.pdf
  • سرگرمی 4.6کا پہلا یا دوسراحصہ دہرائیں
  • چھڑ مقناطیس اور مقناطیسی کمپاس کی حالت میں خلل ڈالے بغیر اُن کے درمیان میز کے عمود میں لکڑی کا ایک ٹکڑا رکھیے جیسا کہ شکل 4.10 میں دکھایا گیا ہے۔ کمپاس سوئی کو غور سے دیکھیے۔
  • کیا لکڑی کا ٹکڑا رکھ دیئے جانے کی وجہ سے کمپاس سوئی کے انحراف پر کوئی اثر پڑتا ہے؟ جدول 4.2 میں اپنا مشاہدہ درج کیجیے۔
  • لکڑی کے ٹکڑے کی جگہ گتے کی شیٹ، پتلی پلاسٹک شیٹ اور پتلی شیشے کی شیٹ رکھ کر اس عمل کو دہرائیں۔

جدول 4.2 : غیر مقناطیسی اجزا کے ذریعے مقناطیس کے اثر کا مشاہدہ

نمبر شمار

مقناطیس اور کمپاس سوئی کے درمیان رکھی گئی چیز

مشاہدات

1.

لکڑی

2.

گتّا

3.

پلاسٹک

4.

شیشہ

مقناطیس اور کمپاس سوئی کے درمیان مندرجہ بالا اشیا میں سے کسی کی بھی شیٹ رکھی جانے پر ہمیں سوئی کے انحراف میں کوئی قابل ذکر تبدیلی نظر نہیں آتی۔ اس سے ہم اس نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں کہ مقناطیسی اثر غیر مقناطیسی اشیا کے ذریعے بھی کام کرسکتا ہے۔

4.5 مقناطیس کا کھیل

Screenshot 2025-10-31 at 11-16-59 fucu104.pdf

مقناطیسوں کے بارے میں جاننے کے بعد ریشما بہت پُرجوش تھی اور اُس نے اپنے اسکول کے میلے میں مقناطیسوں کی مدد سے کچھ تفریحی سرگرمیوں کے انتظام کا فیصلہ کیا۔ آپ خود اُنھیں بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں اور مزید تفریحی خیالات کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔

کیا ہم کوئی ہار بنا سکتے ہیں ؟(شکل 4.11)۔

مقناطیس چھوئے بغیر بعض اشیا کو حرکت میں لاسکتے ہیں! کیا یہ حیرت ناک بات نہیں ہے؟

کیا ہم گتے کی ٹرے کے نیچے کسی مقناطیس کو حرکت دے کر اسٹیل کی گولیوں کو بھول بھلیاں سے نکال سکتے ہیں ؟(شکل 4.12)۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-17-07 fucu104.pdf

کیا ہم اپنی انگلیوں یا مقناطیس کو بھگوئے بغیر مقناطیس کی مدد سے پانی میں گری ہوئی پیپر کلپ کو باہر نکال سکتے ہیں؟(شکل 4.13)۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-17-12 fucu104.pdf

کیا دو کاریں ایک دوسرے کی طرف تیز رفتاری سے جاسکتی ہیں یا ایک دوسرے سے دور جاسکتی ہیں؟ (شکل 4.14)۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-17-19 fucu104.pdf

کچھ مقناطیسوں میں شمالی قطب اور جنوبی قطب کے لیے Nاور Sکے نشان لگے ہوتے ہیں۔ کچھ دیگر مقناطیسوں میں شمالی قطب کی نشاندہی سفید نقطے سے کی جاتی ہے۔ بعض اوقات مقناطیس کے شمالی قطب کو سرخ اور جنوبی قطب کو نیلے رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے۔

مزید جانیے!


کیسے مقناطیسوں کومحفوظ رکھیں؟

مقناطیس کہتا ہے!

”مجھے مناسب طریقے سے رکھیے۔مجھے جوڑے میں اس طرح رکھیے کہ مخالف قطبین ایک ہی طرف ہوں۔ان کے درمیان لکڑی کے ٹکڑے رکھیے اور سروں کے آخر میں نرم لوہے کے دو ٹکڑے رکھیے۔“

مزید جانیے!


Screenshot 2025-10-31 at 11-17-29 fucu104.pdf

انتباہ

لطف لیجیے، لیکن مقناطیسوں کے استعمال میں احتیاط برتیے۔

Screenshot 2025-10-31 at 11-17-35 fucu104.pdf

خلاصہ

کلیدی نکات

  • مقناطیس میں دو قطب ہوتے ہیں۔ شمالی قطب اور جنوبی قطب
  • مقناطیسی قطب ہمیشہ جوڑوں میں پائے جاتے ہیں۔ کوئی تنہا شمالی یا جنوبی قطب نہیں ہوسکتا۔
  • مقناطیسی اجزا وہ اجزا ہوتے ہیں جو مقناطیس کی طرف کشش رکھتے ہیں۔
  • غیر مقناطیسی اجزا، وہ اجزا ہیں جو مقناطیس کی طرف کشش نہیں رکھتے۔
  • آزادی سے لٹکا ہوا مقناطیس شمال-جنوب سمت میں ٹکا رہتا ہے۔
  • مقناطیس کمپاس کی سوئی شمال-جنوب سمت کو ظاہر کرتی ہے۔
  • جب دو مقناطیس ایک دوسرے کے قریب لائے جاتے ہیں تو یکساں قطب (شمال-شمال، جنوب-جنوب) ایک دوسرے کو دفع کرتے ہیں جب کہ غیر یکساں قطب (شمال-جنوب) ایک دوسرے کو کھینچتے ہیں۔

    آیئے اپنی آموزش میں اضافہ کریں

    1. مندرجہ ذیل میں خالی جگہیں بھریئے

    (i) کسی مقناطیس کے غیر یکساں قطب ایک دوسرے کو ........... جب کہ یکساں قطب ایک دوسرے کو ..........

    (ii) مقناطیس کی طرف کشش رکھنے والے اجزا کو .............. کہتے ہیں۔

    (iii) ............. کی سوئی شمال- جنوب سمت میں ٹکی ہوتی ہے۔

    (iv) کسی مقناطیس کے ہمیشہ .......... قطب ہوتے ہیں۔

  1. بتایئے کہ مندرجہ ذیل بیانات صحیح () ہیں یا غلط ()

(i) واحد قطب حاصل کرنے کے لیے مقناطیس کو ٹکڑوں میں توڑا جاسکتا ہے ( )

(ii) مقناطیس کے یکساں قطب ایک دوسرے کو دفع کرتے ہیں۔ ( )

(iii) جب چھڑ مقناطیس کو لوہے کی چھیلنوں کے قریب لاتے ہیں تو زیادہ سے زیادہ

چھیلنیں اس کے بیچ میں چپک جاتی ہیں۔ ( )

(iv) آزاد انہ معلق چھڑ مقناطیس ہمیشہ شمال-جنوب سمت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ ( )

  1. کا لم I میں ایسی مختلف حالتیں دکھائی گئی ہیں جن میں مقناطیس کا ایک قطب دوسرے کے قریب رکھا جاتا ہے۔ کا لم II مختلف حالات کے لیے اُن کے درمیان واقع ہونے والے تعامل کو ظاہر کرتا ہے۔ خالی جگہیں بھریے۔
  2. Screenshot 2025-10-31 at 11-17-43 fucu104.pdf
  3. اتھرو نے ایک تجربہ کیا جس میں اُس نے ایک چھڑ مقناطیس لےکر اسٹیل پنوں کے ڈھیر کے اوپر پھیر دیا (شکل 4.15)۔
  4. Screenshot 2025-10-31 at 11-17-48 fucu104.pdf

آپ کے مطابق، جدول 4.3 میں دیے گئے متبادلات میں سے کون سا متبادل اُس کا ہوسکتا ہے۔

جدول 4.3 : پنوں کی تعداد جنھیں مقناطیس اپنی مختلف حالتوں میں کھینچتا ہے

حالت A

حالت B

حالت C

(i)

10

2

10

(ii)

10

10

2

(iii)

2

10

10

(iv)

10

10

10

  1. ریشما نے بازار سے دھات کی ایک جیسی تین چھڑیں خریدیں۔ ان چھڑوں میں سے دو مقناطیس کی تھیں اور ایک بس لوہے کا ٹکڑا تھی۔ کوئی دوسری چیز استعمال کے بغیر وہ کیسے پہچانے گی کہ تینوں میں سے کونسی دو چھڑ مقناطیس ہوسکتی ہیں؟
  2. آپ کو ایک ایسا مقناطیس دیا گیا ہے جس کے قطبوں پر نشان نہیں لگا ہے۔ دوسرے مقناطیس کی مدد سے جس پر اُس کے قطبوں کے نشان پڑے ہیں آپ اس کے قطبوں کو کیسے معلوم کرسکتے ہیں؟
  3. کسی چھڑ مقناطیس پر اُس کے قطب ظاہر کرنے کے لیے کوئی نشان نہیں ہوتا۔ کسی دوسرے مقناطیس کی مدد لیے بغیر آپ کیسے جانیں گے کہ کس سرے کے قریب اس کا شمالی قطب واقع ہے؟
  4. اگر زمین خود ایک مقناطیس ہے تو کیا آپ مقناطیسی کمپاس کی سمت دیکھ کر زمین کے مقناطیس کے قطبوں کا قیاس لگاسکتے ہیں؟
  5. ایک مستری پیچکس کی مدد سے کسی گیجٹ کی مرمت کر رہا تھا تو اسٹیل کے پیچ گرتے جارہے تھے۔ اس باب میں آپ نے جو کچھ سیکھا ہے اس کی مدد سے مستری کے مسئلے کے حل کا طریقہ تجویز کریں۔
  6. Screenshot 2025-10-31 at 11-18-01 fucu104.pdf
  7. دو مقناطیس XاورYکو شکل 4.16 میں دکھائی گئی ترتیب میں رکھا گیا ہے۔ مشاہدے میں یہ آتا ہے کہ مقناطیس Xمزید نیچے کی طرف حرکت نہیں کرتا۔ اس کی ممکن وجہ کیا ہوسکتی ہے؟ دونوں میں سے کسی بھی مقناطیس کو پیچھے کھینچے بغیر مقناطیس Xکو Yمقناطیس کے رابطے میں لانے کا طریقہ تجویز کیجیے۔
  8. تین مقناطیس شکل 4.17 میں دکھائی گئی ترتیب میں ایک میز پر رکھے ہوئے ہیں۔ مقناطیسوں کے 1، 2، 3، 4 اور 6 سروں پر قطبیت کیا ہے N یا S؟ ایک سرے (5)کی قطبیت آپ کے لیے دی گئی ہے۔

مزید آموزش

  • تین یا چار مختلف مقناطیسوں کی مدد سے اسٹیل کی پنوں یاUکلپس کو اٹھانے کی کوشش کریں۔ اور یہ جانچیں کہ کون سا مقناطیس سب سے زیادہ تعداد میں پنیں اٹھاتا ہے۔ اپنے دوستوں کے ساتھ اس پر تبادلہ خیال کریں کہ کیوں مختلف مقناطیسوں نے مختلف مقدار میں پنوں کو اٹھایا ہوگا۔
  • اپنے ٹیچر کی مدد سے کلاس کی مشترک سرگرمی کے طو رپر ایک کھلونا ‘پھُدکتا ہوا مینڈک’ بنایئے۔ اس کھلونا کو بنانے
    کے لیے،ایک اسکیل لیجیے اور گوند کی مدد سے ایک اسکیل کی لمبائی میں شکل (4.18a) متبادل شمال-جنوب انداز سے حلقہ نما مقناطیسوں کو جوڑیے۔ کاغد پر ایک مینڈک کی تصویر بنایئے۔کناروں پر سے کاٹ کر تلی میں ایک چھلے دار مقناطیس چپکائیں۔ مختصر سائز کی ایک شفاف، لچکدار، (شکل4.18a)پلاسٹک کی پٹی لے کر اُس حلقہ نما مقناطیس سے چپکائیں جو مینڈک سے جڑا ہوا ہے۔
Screenshot 2025-10-31 at 11-18-08 fucu104.pdf

جب آپ پیمانے کے اوپر (شکل 6.18b) پلاسٹک کی پٹی (مینڈک والی)کو سرکاتے ہیں تو آپ مینڈک کو پھدکتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔

  • میگلیو(Maglev) ٹرین کے بارے میں جانیے اور اس کا ماڈل بنانے کی کوشش کیجیے۔
  • یہ جاننے کی کوشش کیجیے کہ مختلف شکلوں کے مقناطیس بنانے کی ضرورت کیوں ہوتی ہے۔
  • طب کے میدان میں مقناطیسوں کے استعمال سے متعلق معلومات جمع کیجیے۔

مزید جانیے!

مقناطیس کہتا ہے ’’انسانوں نے اپنی ضرورت کے مطابق مجھے مختلف شکلوں اور سائزوں میں بنایا ہے۔ تاہم میرے قطب ہمیشہ جوڑوں کی حالت میں ہی ہوتے ہیں چاہے میری شکل کچھ بھی ہو‘‘

Screenshot 2025-10-31 at 11-18-14 fucu104.pdf