Skip to content
Qr







باب 7

درجہ حرارت اور اس کی پیمائش

(Temperature and its Measurement)


غلط پیمائش سے بہتر ہے کہ پیمائش نہ ہو

— (انّامنی)

Screenshot 2025-11-03 at 14-22-05 fucu107.pdf

لیمبوک اور اس کی بڑی بہن فیبان شیلانگ میں رہتے ہیں۔ ایک دن وہ اسکول سے گھر واپس آئے۔ان کے والدین کام پر گئے ہوئے تھے اور لیمبوک نے اپنی بہن سےکہا کہ اسے بخارکی حرارت محسوس ہورہی ہے۔ فیبان نے اس کی پیشانی کو چھوا اور محسوس کیا کہ شاید اسے بخار
ہو رہا ہے۔ اس کی تصدیق کے لیے، اس نے الماری میں رکھا حرارت پیما یا(تھرمامیٹر) نکالا اور اس کی نوک کوصابن اورپانی سے دھویااورلیمبوک کا درجۂ حرارت ناپا۔ یہ دیکھ کر اسے راحت ملی کہ اس کے جسم کا
درجۂ حرارت معمول پر تھا۔ اس نے تھرمامیٹر کی نوک دوبارہ دھوکر اُسے واپس رکھ دیا۔ اس کے بعدفیبان نے لیمبوک سے اسکول یونیفارم کو تبدیل کرکے، کھانا کھانے اور کچھ دیر آرام کرنے کو کہا۔


کیا کسی شخص کو صرف چھونے سے ہمیشہ ہی اس بات کا صحیح اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اسے بخار ہے؟

7.1 کتنا گرم یا کتنا سرد؟

ہم اپنےتجربے کی بنیاد پر یہ جانتے ہیں کہ کچھ چیزیں دوسری چیزوں سے زیادہ گرم ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر گرمیو ں کے دوران، نل کاپانی، مٹکے یا ریفجریٹر کے ٹھنڈے پانی سے زیادہ گرم ہو سکتا ہے۔ ہم پانی کے دونوں نمونوں کو صرف چھوکر ا س کا احساس کر سکتے ہیں۔ لیکن کیا ہم ہمیشہ چھونے کی حس پر بھروسہ کر سکتے ہیں؟ آئیے معلوم کرتے ہیں۔

سرگرمی 7.1: آئیے چھان بین کریں

  • تین بڑے برتن لیجیےاُنھیں B,A اورC کے طور پر نشان زد کیجیے جیسا کہ شکل 7.1 میں دکھایا گیا ہے۔
  • برتن A میں گرم پانی ، B میں نل کا پانی اور C میں برفیلا پانی انڈیلیں۔
  • ہم اس سرگرمی کو دو حصوں میں کریں گے— قیاس آرائی اور مشاہدہ۔
  • سب سے پہلے ، قیاس (predict)کریں کہ آپ کیا محسوس کریں گے اگر
  • آپ اپنے دائیں ہاتھ کو برتن Aمیں اور بائیں ہاتھ کوبرتن Cمیں ڈبائیں اور 1سے2 منٹ تک ڈبوئے رکھیں۔
  • برتن A اور C سےاپنے ہاتھوں کو باہرنکالیں، اور فوراً دونوں ہاتھوں کو برتنBمیں ڈالیں۔
Screenshot 2025-11-03 at 14-22-14 fucu107.pdf
  • اپنےقیاسات درج کریں۔
  • B میں ڈبانے پر میرا دایاں ہاتھ کیا محسوس کرے گا؟

  • B میں ڈبانے پر میرابایاں ہاتھ کیا محسوس کرے گا؟

  • اب سرگرمی کو انجام دیجیے اور اپنے مشاہدات کو لکھیے۔

موازنہ (compare)کیجیے کہ کیا آپ کے مشاہدے آپ کے قیاسات سے مطابقت رکھتے ہیں ؟ کیا آپ کے دائیں ہاتھ کو برتن میں رکھا پانی ٹھنڈا محسوس ہوا اور وہی پانی آپ کے بائیں ہاتھ کو گرم لگا؟ آپ ان مشاہدوں سے کیا نتیجہ (infer)نکالتے ہیں؟

کوئی چیز گرم ہےیا سرد اس کے صحیح فیصلے کے لیے ہم ہمیشہ اپنے چھونے کی حس پر اعتبار نہیں کر سکتے ہیں۔


پھر ہم کیسے معلوم کریں گے کہ کوئی چیز کتنی گرم یا ٹھنڈی ہے؟

7.2 درجۂ حرارت(Temperature)

کسی چیز کی گرمی (یا ٹھنڈک) کی معتبر پیمائش اس کا درجۂ حرارت ہے۔ گرم چیز کا درجۂ حرارت ٹھنڈی چیز سے زیادہ ہوتا ہے۔ ایک چیز دوسری چیز کے مقابلےکتنی گرم ہے یہ ہمیں دو جسمو ں کے درجۂ حرارت کے درمیان فرق سے معلوم ہوتا ہے۔ درجۂ حرارت کی پیمائش کرنے والے آلے کو حرارت پیما (thermometer) کہتے ہیں۔

آپ نے دو طرح کے تھرمامیٹر دیکھے ہوں گے۔ طبی تھرمامیٹر(clinical thermometer)اور تجربہ گاہی تھرمامیٹر (laboratory thermometer) ۔طبی تھرمامیٹر سے ہمارے جسم کا درجۂ حرارت ناپا جاتا ہے جب کہ تجربہ گاہی تھرمامیٹر کا استعمال کئی دوسرے مقاصد کے لیے ہوتا ہے۔آئیے اب تھرمامیٹر کے بارےمیں مزید جانیں اور درجہ حرارت کی پیمائش کے لیے اس کے استعمال کو دیکھیں۔

7.3 درجۂ حرارت کی پیمائش

7.3.1 طبی تھرمامیٹر (Clinical Thermometer)

آپ شکل 7.2 میں دکھائے گئے تھرمامیٹر سے واقف ہوں گے، جس کا استعمال ہمارے جسم کے درجۂ حرارت کی پیمائش میں کیا جاتا ہے۔ اسے طبی تھرمامیٹر کہا جاتا ہے۔ اس طرح کے تھرمامیٹر درجۂ حرارت کو ڈجیٹل طور پر دکھاتے ہیں۔ اسے ڈجیٹل طبی تھرمامیٹر بھی کہتے ہیں اوریہ بیٹریوں کی مددسے چلتے ہیں۔ جب تھرمامیٹر کسی شخص کےجسم کے رابطے میں ہوتا ہے تو وہ درجۂ حرارت کی پیمائش کرتا ہے۔

Screenshot 2025-11-03 at 14-22-22 fucu107.pdf

درجۂ حرارت کی پیمائش کےلیے،طبی تھرمامیٹر میں عموماً جو اسکیل (پیمانہ) استعمال ہوتا ہے اسے سیلسیس اسکیل (Celsius scale)کہتے ہیں اس اسکیل پر درجۂ حرارت کی اکائی ڈگری سیلسیس (degree Celsius) ہوتی ہے اور اس کا اظہار (ºC) سے ہوتا ہے۔


پہلے پارے والے تھرمامیٹر کا استعمال جسم کا درجہ ٔحرارت ناپنے کے لیے ہوتاتھا۔ لیکن پارہ انتہائی زہریلا مادہ ہے اور اگر تھرمامیٹر کسی وجہ سےٹوٹ جائے تو اسے ٹھکانے لگانامشکل ہوتاہے۔

Screenshot 2025-11-03 at 14-22-28 fucu107.pdf

ڈجیٹل تھرمامیٹر میں اس طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا اور اس میں ظاہر ہو رہے اعداد کو پڑھنا بھی آسان ہے۔ اس لیے پارے والے تھرمامیٹر کی جگہ اب ڈجیٹل تھرمامیٹر استعمال ہو رہے ہیں۔ ڈجیٹل تھرمامیٹر میں درجۂ حرارت کا تعین حرارت شناس آلات (heat sensors)کی مدد سے ہوتاہے۔


کیا آپ جانتے ہیں؟


کووڈ 19 وبا کے دوران کچھ مخصوص تھرمامیٹر استعمال کیے گئے ، جو دور سے کسی شخص کے درجۂ حرارت کی پیمائش کر سکتے تھے۔ یہ کیا تھے؟


یہ غیر اتصالی (non-contact) تھرمامیٹر ہیں، جنھیں انفراریڈ تھرمامیٹر بھی کہا جاتا ہے۔ اس طرح کے تھرمامیٹر جسم کے رابطے میں آئے بغیر درجۂ حرارت کی پیمائش کرتے ہیں جس وجہ سے بیماری کے پھیلنے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

Screenshot 2025-11-03 at 14-22-35 fucu107.pdf

سرگرمی 7.2: آئیے پیمائش کریں

آئیے اب ہم ڈجیٹل طبی تھرمامیٹر کا استعمال جسم کے درجۂ حرارت کی پیمائش کےلیے کریں۔ آپ خود اپنا اور اپنے کچھ دوستوں کا درجۂ حرارت ناپ سکتے ہیں۔ اپنے دوستوں سے بات کریں اور معلوم کریں کہ کون آپ کے ذریعے اپنے
درجۂ حرارت کی پیمائش کروانے کے لیے تیار ہوگا۔

  • صابن اورپانی سے اپنے ہاتھوں اور ڈجیٹل تھرمامیٹر کی نوک کودھولیں۔
  • ری سیٹ بٹن کو دباکر تھرمامیٹر کو ری سیٹ کرلیں۔
  • تھرمامیٹر کو زبان کے نیچے رکھیں اور منہ بند کرلیں۔
  • تھرمامیٹر سے بیپ کی آواز ہونے تک یا لائٹ جلنے تک انتظار کریں۔
  • اسے منھ سے باہر نکالیں اور درجہ ٔحرارت کےلیے ڈجیٹل ڈسپلے کوپڑھیں۔
  • جدول 7.1میں درجۂ حرارت کو درج کریں۔
  • تھرمامیٹر کی نوک کو صابن اور پانی سے دھوئیں اور اسے سکھالیں۔
  • اپنے دوستوں کے درجہ ٔحرارت کی پیمائش کے لیے مذکورہ بالا اقدام کو دہرائیں۔

ڈجیٹل طبی تھرمامیٹر کے استعمال

کے وقت احتیاطی تدابیر

  • ہدایت نامہ کوپڑھنے کے بعد ہی تھرمامیٹر کو استعمال میں لائیں۔
  • تھرمامیٹر کی نوک کواستعمال سے پہلے اور بعد میں بھی صابن اور پانی سے دھولیں۔
  • دھوتے وقت دھیان رکھیں کہ ڈجیٹل حصہ مثلاً ڈسپلے میں پانی نہ جائے۔
  • تھرمامیٹر کونوک کی طرف سے مت پکڑیے۔

جدول 7.1: 10 اشخاص کا درجۂ حرارت

نمبر شمار

نام

درجۂ حرارت(ºC)

1

.

.

.

.

10

صحت مند انسان کے جسم کا درجۂ حرارت عام طور پر 37ºC ہوتا ہے۔ لیکن کیا اس سرگرمی میں آپ نے ہر شخص کےجسم کا عام درجۂ حرارت 37ºCپایا؟ یا آپ نے کچھ لوگوں کے جسم کا درجۂ حرارت اس سے تھوڑا کم یا زیادہ پایا؟

ہر شخص کےجسم کا درجۂ حرارت 37ºC نہیں ہو سکتا۔ درحقیقت جسے ہم عام درجۂ حرارت کہتے ہیں اس سے مراد بڑی تعداد میں صحت مند لوگوں کےجسم کا اوسط درجۂ حرارت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک مکمل طور پر صحت مند انسان کا عام
درجۂ حرارت 37ºC سے تھوڑا مختلف ہو سکتا ہے۔ جسم کےدرجۂ حرارت کو مختلف عوامل متاثر کرتے ہیں جیسے عمر، دن کا وقت اور سرگرمی کی سطح وغیرہ۔

آپ اپنےجسم کے درجۂ حرارت کی پیمائش دن کے مختلف اوقات اور مختلف دنوں میں کر سکتے ہیں۔تھرمامیٹرکی ریڈنگ کو اپنی نوٹ بک میں درج کریں۔ ایک ماہ بعد درجۂ حرارت کے ریکارڈ کا تجزیہ کریں اور دیکھیں کہ کیا اس میں کوئی تغیر (variation) ہے۔ اگر ہاں، تو غورکیجیے کہ اس کی کیا وجوہات ہو سکتی ہیں۔

عام طور پر انسانی جسم کا درجۂ حرارت 37ºC سے نیچے یا 42ºC سے اوپر نہیں جاتا ہے۔


کیا چھوٹے بچوں کےجسم کا درجۂ حرارت بڑوں کےمقابلے زیادہ ہوتا ہے؟


صحت مند بزرگ افراد کے جسم کا درجۂ حرارت عام طور پر جوان لوگوں کےمقابلے میں کم ہوتا ہے؟

چھوٹے بچوں اور عمررسیدہ لوگوں کے درجۂ حرارت کی پیمائش کے لیے ایک ڈیجیٹل تھرمامیٹر ان کے بغل میں رکھاجاتاہے۔ اس طریقے سے ناپاگیا درجۂ حرارت عام درجۂ حرارت سے 0.5ºC سے 1ºC کم ہوتا ہے

درجۂ حرارت کا ایک اور اسکیل ہے جسے فارن ہائیٹ اسکیل (Fahrenheit scale)کہا جاتا ہے۔ اس اسکیل پردرجۂ حرارت کی اکائی ڈگری فارن ہائیٹ کہلاتی ہے اور اسے ºF سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ سیلسیس اسکیل پر37.0ºC درجۂ حرارت فارن ہائیٹ اسکیل پر98.6ºF کے برابر ہوتا ہے۔ فارن ہائیٹ اسکیل کا استعمال زیادہ تر سائنسی مطالعات میں نہیں کیا جاتا ہے۔ سائنسی کام میں ایک اور درجۂ حرارت کااستعمال ہوتا ہے جسے کیلون اسکیل ( Kelvin scale)کہتے ہیں۔ اس اسکیل پر درجۂ حرارت کی اکائی کیلون ہوتی ہےاور اسے Kسے ظاہر کیا جاتاہے۔ درجۂ حرارت کی ایس آئی (SI) اکائی کیلون ہے۔


میں نے اپنے ایک دوست کو ڈجیٹل تھرمامیٹر استعمال کرتے ہوئے دیکھا ہے جس میں درجۂ حرارت کی پیمائش کےلیے مختلف اسکیل ہیں۔ اس میں صحت مند انسان کا عام درجۂ حرارت 98.6ºF ظاہر ہوتاہے۔ اس فرق کی کیا وجہ ہے؟

درجۂ حرارت کے تینوں پیمانوں سلسیس، فارن ہائیٹ اور کیلون کے نام ان سائنسدانوں کے اعزاز میں رکھے گئے ہیں جنھوں نے ان کو وضع کیا تھا۔


درجۂ حرارت کوسیلسیس اسکیل سے کیلون اسکیل میں درج ذیل طریقے سے بدلا جا سکتا ہے۔

درجۂ حرارت کیلون اسکیل میں= درجۂ حرارت سلسیس اسکیل میں + 273.15


مزید جانیں!


درجۂ حرارت کے پیمانوں، سیلسیس، فارن ہائیٹ اور کیلون اسکیل کےنام انگریزی کے بڑے حروف سے شروع ہوتےہیں۔ سیلیس اور فارن ہائیٹ درجۂ حرارت کی اکائیوں کے نام بڑے حروف سےجب کہ کیلون کا نام چھوٹے حرف سے شروع ہوتا ہے۔ ان تمام اکائیوں(ºC, ºF, K)کی علامتوں میں انگریزی کےبڑے حرف کا استعمال ہوتاہے۔ دھیان رہے کہ K کے ساتھ ڈگری کا نشان (º) نہیں لکھا جاتا ہے اور ان علامتوں کے بعد فل اسٹاپ
(full stop)نہیں لکھے جاتے ہیں، سوائے اس کے کہ جہاں جملہ ختم ہورہا ہو۔ درجۂ حرارت کو لکھتے وقت عدد اور اکائی کے درمیان تھوڑی سی جگہ چھوڑی جاتی ہے۔ اردو میں ایک ڈگری سے زیادہ درجۂ حرارت کے لیے صیغۂ واحد ہی استعمال کیا جاتا ہے، مثلاً 100 ڈگری۔


کیا اُبلتے ہوئے پانی کا درجۂ حرارت یا برف کے درجۂ حرارت کی پیمائش معلوم کرنے کے لیے طبی تھرمامیٹرکااستعمال کیا جاسکتا ہے؟


تھرمامیٹر کی ایجاد سے پہلے بخار کا پتہ کیسے لگایا جاتا تھا؟ بخار کسی شخص کی شرح ِنبض کو متاثر کرتا ہے۔ یہ بات ہندوستان میں پرانے زمانے میں مشہور تھی۔ تاہم بخار کے علاوہ کچھ دوسرے حالات بھی شرح ِنبض کو متاثر کرتے ہیں۔ اس لیے صرف
شرح ِنبض بخار معلوم کرنے کی قابلِ اعتماد علامت
نہیں ہے۔


کیا آپ جانتے ہیں؟


نہیں، ابلتے ہوئے پانی اور برف کے درجۂ حرارت طبی تھرمامیٹر کی حد سے باہر ہیں۔


ہم طبی تھرمامیٹر کی حد سے باہر درجۂ حرارت کی پیمائش کیسے کر سکتے ہیں؟

7.3.2 تجربہ گاہی تھرمامیٹر(Laboratory Thermometer)

Screenshot 2025-11-03 at 14-23-01 fucu107.pdf

شکل 7.3: تجربہ گاہی تھرمامیٹر



تجربہ گاہی تھرمامیٹر کی بہت سی قسمیں ہیں شکل 7.3aمیں دکھایاگیا تھرمامیٹر آپ کے اسکول کی تجربہ گاہ میں دستیاب ہو سکتا ہے۔ یہ ایک لمبی ، تنگ، ہموار شیشے کی نلی ہے جسے سیل بند کردیاجاتا ہے۔اس نلی کا ایک سرا بلب کی شکل میں ہے جس میں رقیق مادہ ہوتا ہے۔ بلب کے باہر نلی میں رقیق مادہ کا ایک تنگ کالم دیکھاجا سکتا ہے۔ نلی پر سیلسیس پیمانے کے نشانات لگے ہوتے ہیں۔درجۂ حرارت میں تبدیلی کے ساتھ یہ رقیق کالم بڑھتا اور گھٹتا ہے۔ اس رقیق کالم کی اوپری سطح سیلسیس پیمانے کےجس نشان کے ساتھ ملتی ہے، وہی درجۂ حرارت کی ریڈنگ ہوتی ہے۔


تجربہ گاہی تھرمامیٹر میں عام طور پر استعمال ہونے والا رقیق مادہ الکحل یا مرکری (پارہ) ہوتا ہے (اس کا رنگ سرخ ہوتا ہے تاکہ آسانی سے دیکھا جا سکے)


کیا آپ جانتے ہیں؟

سرگرمی 7.3: آئیے مشاہدہ کریں

آئیے ہم دیے گئے تھرمامیٹر کے درجہ حرارت کی وسعت(range) کو معلوم کریں۔

  • ایک تجربہ گاہی تھرمامیٹر لیجیے اور غور سے مشاہدہ کیجیے۔
  • مندرجہ ذیل کولکھیے۔
  • سب سے کم درجۂ حرارت کیا ہےجس کی پیمائش کی جا سکتی ہے؟ -------
  • سب سے زیادہ درجۂ حرارت کیا ہے جس کی پیمائش کی جا سکتی ہے؟ -----
  • اس لیے، اس تھرمامیٹر کی وسعت (range) ہے----------------------------

تجربہ گاہی تھرمامیٹر کااستعمال کرتےوقت احتیاطی تدابیر

  • احتیاط سے استعمال کریں۔ اگر یہ کسی سخت چیز سے ٹکرا جائے تو ٹوٹ بھی سکتا ہے۔
  • اسے بلب کی طرف سےمت
    پکڑ یے۔

اب شکل 7.3a میں دکھائے گئے تھرمامیٹر کو غور سے دیکھیے۔ کیا آپ اس کی وسعت بتاسکتے ہیں؟ اس کی وسعت -10ºC سے 110ºCہے۔

سرگرمی 7.4: آیئے مشاہدہ کریں اور حساب لگائیں

آئیےاب ہم وہ سب سے چھوٹی قدر تلاش کرنے کی کوشش کریں جسےدیے ہوئے تھرمامیٹر سے پڑھا جا سکتا ہے۔

  • وہی تھرمامیٹر لیجیے جسے آپ نے سرگرمی 7.3 میں استعمال کیاتھا۔ اس کا بغورمشاہدہ کیجیے۔
  • مندرجہ ذیل کو لکھیے۔
  • دو بڑے نشانات کے درمیان دکھائے گئے درجۂ حرارت کا فرق کتنا ہے؟
    ----------------------

  • ان دو بڑے نشانات کے درمیان خانوں کی کتنی تعداد (جیسا کہ چھوٹے نشانات سے دکھا یا گیا)ہے؟
    ----------------------
  • ایک چھوٹا نشان کتنے درجہ حرارت کی نشاندہی کرتاہے؟ -----------
  • اس لیے، سب سے چھوٹی قدر جسے تھرمامیٹر سے پڑھا جا سکتا ---------------------- ہے۔
Screenshot 2025-11-03 at 14-23-19 fucu107.pdf

شکل 7.3: شکل 7.3a میں دکھائے گئے تھرمامیٹر کی قریب سے لی گئی تصویر

شکل 7.3bمیں دکھایاگیا تھرمامیٹر شکل 7.3aکے تھرمامیٹر کی قریب سے لی گئی تصویر ہے۔کیا آپ وہ سب سے چھوٹی قدر بتاسکتے ہیں جسے اس تھرمامیٹر کی مدد سے پڑھا جاسکتا ہے؟

شکل 7.3bمیں دکھائے گئے تھرمامیٹرکے لیے،0ºC اور10ºC یا 10ºCاور 20ºCکے درمیان درجۂ حرارت کا فرق 10ºCہے۔ اوران نشانات کے درمیان خانوں کی تعداد 10 ہے۔ اس لیے ایک چھوٹا نشان10/10یعنی 1ºCکوظاہر کر تاہے۔

مراد یہ ہے کہ سب سے چھوٹی قدر جسے اس تھرمامٹر سے پڑھا جا سکتا ہے وہ 1ºCہے۔

آپ کے اسکول کی تجربہ گاہ میں ایسے تھرمامیٹربھی ہو سکتے ہیں جن کی وسعت اور سب سے چھوٹےنشان کی قدر مختلف ہو ۔ اس لیے جس تھرمامیٹر کا استعمال آپ کو کرنا ہے اسے ہمیشہ غور سے دیکھنا ضروری ہے۔

آپ دیے گئے تجربہ گاہی تھرمامیٹر کے درجۂ حرارت کی وسعت معلوم کرنا سیکھ گئے ہیں۔ آپ نے یہ بھی سیکھا ہے کہ تجربہ گاہی تھرمامیٹر سے پڑھی جانے والی سب سے چھوٹی قدر کیسے معلوم کی جاتی ہے۔ اب ہم سیکھیں گے کہ تجربہ گاہی تھرمامیٹر سے درجۂ حرارت کی پیمائش کیسے کی جاتی ہے۔ لیکن اس سے قبل آئیے ہم تجربہ گاہی تھرمامیٹر کا استعمال کرناسیکھیں۔

تجربہ گاہی تھرمامیٹر سے درجۂ حرارت کی پیمائش کا درست طریقہ

  • جب تھرمامیٹر کو پانی میں ڈبویا جائے، تو اس کا بلب بیکر کے پیندے یا دیواروں کو نہیں چھونا چاہیے۔
  • تھرمامیٹر کو عمودی حالت میں رکھا جانا چاہیے
    (شکل 7.4) اسے جھکانا نہیں چاہیے۔
  • تھرمامیٹرمیں درجۂ حرارت کواسی وقت پڑھا جائے جب وہ پانی میں ڈوباہواہو۔
  • تھرمامیٹر سے ریڈنگ لیتے وقت، آنکھ کو براہ راست رقیق کالم کی اس سطح کی سیدھ میں برابر رکھنا چاہیے جسے پڑھنا ہے (شکل 7.4)
Screenshot 2025-11-03 at 14-23-27 fucu107.pdf

سرگرمی 7.4: آئیے پیمائش کریں

  • کسی بیکر میں گرم پانی لیجیے۔
  • تھرمامیٹر کو پانی میں اس طرح لے جائیے کہ اس کا بلب پانی میں ڈوب جائے۔
  • تھرمامیٹر میں رقیق کالم کی سطح کے اوپر اٹھنے کا مشاہدہ کیجیے۔

اس وقت تک انتظار کیجیے جب تک کہ کالم کا بڑھنا بند نہ ہوجائے اور درجۂ حرارت کو نوٹ کیجیے (زیادہ انتظار مت کیجیے ورنہ پانی ٹھنڈا ہونے لگے گا)۔

پانی کا وہ درجۂ حرارت کتناہےجس کی آپ نے پیمائش کی ہے؟ اس کا موزانہ اپنے دوستوں کی ریڈنگ سے کیجیے۔

کیا آپ نے دیکھا کہ جیسے ہی تھرمامیٹر کوپانی سے باہر نکالتے ہیں، رقیق کالم کی سطح گرنا شروع ہوجاتی ہے؟

اس کا مطلب یہ ہے کہ درجۂ حرارت کی ریڈنگ اس وقت لی جانی چاہیے جب تھرمامیٹرپانی میں ڈوباہوا ہو۔


کیا ہم کسی شخص کے جسم کے
درجۂ حرارت کی پیمائش کے لیے تجربہ گاہی تھرمامیٹر کا استعمال کر سکتے ہیں؟


مندرجہ ذیل دو تجرباتی سیٹ اپ آپ کےٹیچرترتیب دیں گے۔ ایک ایک کرکے، اپنی باری کے مطابق، سیٹ اپ کے قریب ہوجائیں اور دونوں تھرمامیٹر کی ریڈنگ کا مشاہدہ کریں۔ برف اور ابلتے پانی کا درجۂ حرارت کیا ہے؟

Screenshot 2025-11-03 at 14-23-38 fucu107.pdf

تھوڑی دیر بعد ابلتے پانی کا درجۂ حرارت دوبارہ پڑھیے۔ کیا یہ وہی ہے یا بدل گیا ہے؟ آپ نے دیکھا ہوگا کہ پانی کا درجۂ حرارت ابلتے وقت مستقل رہتا ہے۔اسی طرح برف کا درجۂ حرارت پگھلتے وقت مستقل رہتاہے۔


مزید کیجیے!


انتباہ

اس سرگرمی کو صرف ٹیچرکی سخت نگرانی میں کیجیے۔آپ تجرباتی سیٹ اپ کو ہرگز نہ چھوئیں۔

سرگرمی 7.6: آئیے موازنہ کریں

  • فیبان کی سائنس ٹیچر نے ابلتے پانی کے درجہ ٔحرارت کی پیمائش کے لیے تجرباتی سیٹ اپ کو ترتیب دیا۔ شیلانگ میں فیبان اور اس کے ہم جماعت ساتھیوں نے ابلتے پانی کے درجۂ حرارت کی ریڈنگ لی جسے جدول 7.2 میں دیا گیا ہے۔

جدول 7.2: ابلتے پانی کا درجۂ حرارت

نام

ابلتے پانی کا درجہ حرارت (ºC)میں

فیبان

97.8

شیمپھانگ

98.0

اونسٹر

97.9

کلوئی

98.0

بندریشا

98.1

  • مختلف طلبا کے ذریعہ ریکارڈکیے گئے ابلتے پانی کے درجۂ حرارت کا موازنہ کیجیے۔

اس ریڈنگ میں فرق کیوں ہے؟ ممکنہ وجوہات پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کریں۔ ہو سکتا ہے کہ سبھی طلبا نے درجۂ حرارت کی ریڈنگ لینے کا درست طریقہ نہ اپنایا ہو۔

7.3.3 ہوا کا درجۂ حرارت

آپ نے شاید اسکول کی تجربہ گاہ ، ڈاکٹروں کی کلینک، اسپتال وغیرہ کی دیواروں، پر لٹکا ہوا تھرمامیٹر دیکھا ہوگا، جیسا کہ
شکل 7.5میں ظاہر کیا گیا ہے ۔ یہ کمرے کے درجۂ حرارت کا تخمینہ لگاتے ہیں۔

کیا آپ نے اخبارات/ٹی وی نیوز/انٹرنیٹ پر موسم کی خبریں دیکھی ہیں؟ ان خبروں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر ہوا کے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت کا ذکر ہوتاہے۔

Screenshot 2025-11-03 at 14-23-45 fucu107.pdf

شکل 7.5: کمرے میں لگایا جانے والا تھرمامیٹر

سرگرمی 7.7 : آئیے تجزیہ کریں

  • لگاتار دس دنوں تک کسی جگہ کے موسم کی رپورٹ پڑھیں یاسنیں۔
  • روزانہ کی بنیا دپر ہواکے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت کو جدول 7.3 میں درج کیجیے۔
  • جدول 7.3 میں درج کی گئی معلومات کا تجزیہ کیجیے۔

جدول 7.3 : ہوا کا زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت

نمبر شمار

تاریخ

زیادہ سے زیادہ
درجۂ حرارت

کم سے کم درجۂ حرارت

.1

.

.

.10

کیا ہر دن زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت ایک ہی سطح پر رہتا ہے؟

چونکہ موسم کئی عوامل پر منحصر ہوتاہے لہٰذا یہ درجۂ حرارت عام طور پر ہر روزبدلتے رہتے ہیں۔ جیسے جیسے ہم موسم گرما کے قریب آتے ہیں درجۂ حرارت بڑھتا جاتا ہے اور سردیوں کے موسم میں یہ گھٹتا جاتا ہے۔


ہوا کے درجۂ حرارت کی پیمائش کے لیے بہت سی تکنیکیں ہیں۔ ہوا کا
درجۂ حرارت ایک اہم موسمی معیار ہے اور پوری دنیا کے موسمی اسٹیشنوں پر اس کی نگرانی کی جاتی ہے۔ ہوا کے درجۂ حرارت سے متعلق جمع کردہ ڈیٹا اوردیگر بہت سے معیارات کا استعمال موسم کی پیشین گوئی میں ہوتا ہے۔


مزید جانیے!


سائنس داں کے بارے میں جانیے

انّا منی (1918-2001) ہندوستانی سائنس داں تھیں، جنھیں ’ویدروومن آف انڈیا‘ بھی کہا جاتا ہے۔ انھوں نے بڑی تعداد میں موسم کی پیمائش کرنے والے آلات ایجاد اور تیارکیے۔ اس کے نتیجے میں ایسے آلات کے لیے دیگر ممالک پر ہندوستان کا انحصار کم ہوگیا۔انھوں نے ہوا اور شمسی توانائی سے متعلق ہندوستان میں نئے امکانات کی جستجو بھی کی۔ ان کے کام نے قابل تجدید توانائی کے تعلق سے عالمی رہنما کے طور پر ابھرنے میں ہندوستان کے لیے ایک مضبوط بنیادرکھی۔

Screenshot 2025-11-03 at 14-23-52 fucu107.pdf
Screenshot 2025-11-03 at 14-24-01 fucu107.pdf

خلاصہ

کلیدی نکات

  • کسی چیز کا درجۂ حرارت ہمیں یہ بتاتا ہے کہ وہ کتنی گرم یا ٹھنڈی ہے۔
  • درجۂ حرارت کی پیمائش کے لیے تین اہم اسکیل (a)سیلسیس اسکیل ، (b)فارن ہائیٹ اسکیل اور (c) کیلون اسکیل ہیں۔ ان پیمانوں میں درجہ حرارت کی اکائی (a) ڈگری سیلسیس ہوتی ہے جسے ºCسے ظاہر کیا جاتا ہے، (b) ڈگری فارن ہائیٹ ہوتی ہے جسے ºF سے ظاہر کیا جاتا ہے اور (c)کیلون ہوتی ہے جسے Kسے ظاہر کیا جاتا ہے۔
  • درجۂ حرارت کی SI اکائی کیلون ہوتی ہے۔
  • طبی تھرمامیٹر کا استعمال جسم کے درجہ ٔحرارت کی پیمائش میں ہوتاہے۔
  • صحت مند بالغ انسان کے جسم کا نارمل درجہ ٔحرارت 37.0ºCیا98.6ºFہوتاہے۔
  • عام طور پر تجربہ گاہی تھرمامیٹر -10ºCسے 110ºC تک درجۂ حرارت کی پیمائش کر سکتا ہے۔

آیئے اپنی آموزش میں اضافہ کریں

  1. صحت مند انسان کا نارمل درجۂ حرارت تقریباً---------ہوتاہے۔

(i) 98.6 °C

(ii) 37.0 °C

(iii) 32.0 °C

(iv) 27.0 °C

  1. 37ºCدرجہ حرارت ------ کےبرابر ہے۔

(i) 97.4 °F

(ii)97.6 °F

(iii)98.4 °F

(iv)98.6 °F

  1. خالی جگہوں کو پُر کیجیے:

(i) کسی نظام کی تپش اور ٹھنڈک کا تعین اس کے ---کے ذریعے ہوتا ہے۔

(ii) برفیلے پانی کا درجۂ حرارت --- تھرمامیٹر سے نہیں ناپا جاسکتا ہے ۔

(iii) درجۂ حرارت کی اکائی ڈگری ---ہوتی ہے۔

  1. عام طور پر تجربہ گاہی تھرمامیٹر کی وسعت ہوتی ہے۔

(i) 10 °C to 100 °C

(ii) 10 °C to 110 °C –

(iii)32 °C to 45 °C

(iv)35 °C to 42 °C

  1. چار طلبا تجربہ گاہی تھرمامیٹر کا استعمال پانی کے درجۂ حرارت کی پیمائش کے لیے کرتے ہیں جیسا کہ شکل 7.6 میں دکھایا گیا ہے۔
Screenshot 2025-11-03 at 14-24-11 fucu107.pdf

آپ کے خیال میں کس نے درجۂ حرارت کی پیمائش درست طریقے سے کی ہے؟

(i) طالب علم1

(ii) طالب علم2

(iii) طالب علم3

(iv) طالب علم4

  1. تھرمامیٹر کی تصاویر (شکل 7.7) الکحل کے سرخ کالم کو دکھانے کے لیے ان کے سامنے لکھے ہوئے
    درجۂ حرارت کے مطابق رنگ بھرئیے۔
  2. Screenshot 2025-11-03 at 14-24-22 fucu107.pdf
  3. شکل 7.8 میں دکھائے گئے تھرمامیٹر کے ایک حصےا مشاہدہ کیجیے اور مندرجہ ذیل سوالات کے جواب دیجیے ۔
Screenshot 2025-11-03 at 14-24-29 fucu107.pdf

(i) یہ کس قسم کا تھرمامیٹر ہے؟

(ii) تھرمامیٹر کی ریڈنگ کیاہے؟

(iii) اس تھرمامیٹر کی مدد سے کم سے کم کتنے درجۂ حرارت کی پیمائش کی جا سکتی ہے؟

  1. تجربہ گاہی تھرمامیٹر کا استعمال ہمارے جسم کے درجہ ٔحرار ت کی پیمائش میں نہیں کیا جاتا ہے۔ وجہ بتائیے۔
  2. ویشنوی آج اسکول نہیں گئی ہے کیونکہ وہ بیمار ہے۔ اس کی ماں نے تین دنوں تک اس کے جسم کے درجۂ حرارت کو درج کیا جیسا کہ جدول 7.4 میں دکھایا گیا ہے۔

جدول 7.4 : ویشنوی کےدرجۂ حرارت کا اندراج

درجۂ حرارت

دن

7am

10am

1pm

4pm

7pm

10pm

پہلا

38.0 °C

37.8 °C

38.0 °C

38.0 °C

40.0 °C

39.0 °C

دوسرا

38.6 °C

38.8 °C

39.0 °C

39.0 °C

39.0 °C

38.0 °C

تیسرا

37.6 °C

37.4 °C

37.2 °C

37.0 °C

36.8 °C

36.6 °C

(i) ویشنوی کا سب سے زیادہ درج شدہ درجۂ حرارت کیاتھا؟

(ii) کس دن اور کس وقت ویشنوی کا سب سے زیادہ درجۂ حرارت درج کیا گیا؟

(iii) کس دن ویشنوی کا درجۂ حرارت نارمل ہوگیا تھا؟

  1. اگر آپ 22.5ºCدرجہ ٔحرارت کی پیمائش کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے کس تھرمامیٹر کا استعمال کریں گے (شکل 7.9)؟وضاحت کیجیے۔
  2. Screenshot 2025-11-03 at 14-24-38 fucu107.pdf
  3. شکل 7.10 میں تھرمامیٹر کے ذریعے دکھایا گیا درجۂ حرارت ہے۔

    28.0 °C (i)

    27.5 °C (ii)

    26.5 °C (iii)

    25.3 °C (iv)

  4. Screenshot 2025-11-03 at 14-24-43 fucu107.pdf

12.کسی تجربہ گاہی تھرمامیٹر میں 0ºCاور100ºCکے درمیان 50خانے (نشان)ہیں۔ اس تھرمامیٹر کے ایک نشان کی پیمائش کیاہے؟

13.تھرمامیٹر کا اسکیل بنائیے جس میں سب سے چھوٹا خانہ 0.5ºCکوظاہر کرتا ہے۔ آپ صرف10ºC اور 20ºC کے درمیان کا حصہ بناسکتے ہیں۔

14.کسی نے آپ کو بتایا کہ اسے 101 ڈگری بخا رہے۔ اس کی مراد سیلسیس اسکیل سے ہے یا فارن ہائیٹ اسکیل سے ؟

مزید آموزش

  • انٹرنیٹ سے معلومات اکٹھا کریں او ر معلوم کریں کہ بلی، کتا، گھوڑا، اونٹ، گائے اور بھینس جیسے جانوروں کا درجہ ٔحرارت کیسے ناپا جاتا ہے۔ اگرآپ کے قریب کوئی جانوروں کا اسپتال ہو، تو آپ وہاں جانوروں کے درجہ ٔحرارت کی پیمائش کو دیکھنےکے لیے جا سکتے ہیں۔
  • معلوم کیجیے کہ ہندوستان میں کون سے مقامات عام طور پرسب سے زیادہ سرد اور سب سے زیادہ گرم ہیں۔نیز ان جگہوں کے لیے درج شدہ کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ ٔحرارت معلوم کیجیے۔
  • ہمارے شمسی نظام میں مختلف سیارے سورج سے مختلف فاصلے پر ہیں۔ انٹرنیٹ پر تلاش کیجیے اور ایک جدول بنائیے جس میں سیّاروں کے نام ،سورج سے ان کی دوری (بڑھتی ہوئی ترتیب میں)اور ان کے
    درجہ ٔحرارت کودرج کیجیے۔ کیاسورج سے فاصلہ بڑھنے پرسیّاروں کا اوسط درجہ ٔحرارت کم ہوجاتا ہے؟ اگر یہ درست نہیں ہے تو معلوم کیجیے کہ یہ کس سیارے کے لیے ہےاور کیوں؟
  • اپنے کلاس روم کی دیوار پر ایک تھرمامیٹر لٹکایئے۔ دیوار پرلٹکے ہوئے تھرمامیٹر کے قریب آلے کو ترتیب دیجیے جیسا کہ شکل 7.11 میں دکھایا گیا ہے۔

تھرمامیٹر 1 اور 2 کی دن میں تین دفعہ ریڈنگ لیجیے، مثال کے طور پر پہلے پیریڈ، کھانے کے وقفہ میں، اور آخری پیریڈ میں۔اس ریڈنگ کا موازنہ کیجیے اور نتیجہ اخذ کیجیے۔ اس سرگرمی کو دو ہفتے تک دہرائیے۔

Screenshot 2025-11-03 at 14-24-49 fucu107.pdf

سورج کے مرکز کا درجۂ حرارت 15 ملین ڈگری سیلسیس تک پہنچ جاتا ہے۔ کیا آسمان میں ایسی چیزیں ہیں جن کا درجۂ حرارت اس سے بھی زیادہ ہے؟سب سے زیادہ
درجۂ حرارت کی کوئی حد نہیں ہے۔ البتہ سائنسی تفہیم کے مطابق، کم ترین درجۂ حرارت کی حد ہوتی ہے جسے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ تقریباً 273.15–ڈگری سیلسیس ہے اور اس کومطلق صفر (absolute zero)کہا جاتا ہے۔


مزید جانیے!


Screenshot 2025-11-03 at 14-25-04 fucu107.pdf