Skip to content
Qr







باب 9

روز مرہ زندگی میں چیزوں کی علاحدگی کے طریقے

(Methods of Separation in Everyday Life)


साधु ऐसा चाहिए जैसा सूप सुभाय ।
सार सार को गहि रहै थोथा दई उड़ाय ।।
कबीर -

جس طرح پھٹکنے سے بھوسی اڑ کر دور چلی جاتی ہے اور اناج باقی رہتا ہے اسی طرح سادھو سنت برائیوں کو ترک کرتے ہوئے اچھائیوں کو باقی رکھتے ہیں۔

(کبیر)


مَلّی اور اس کی بہن وَلّی اپنی گرمی کی چھٹیوں کو لے کر آج بہت خوش ہیں ۔ان کے والدین نے ہندوستان کے مختلف حصوں میں رہائش پذیر اپنے رشتے داروں اور دوستوں کے یہاں جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وہ اپنے رشتے داروں اور دوستوں کے رابطے میں رہتے ہیں۔ کیا آپ بھی اپنے عزیز واقارب کے ساتھ روابط رکھتے ہیں؟

ان کا پہلا پڑائو ہریانہ میں ان کی نانی کا گھر ہے۔ یہاں چاروں طرف بڑے بڑے کھیت ہیں۔ ملّی اور ولّی آنگن میں مختلف قسم کے اناجوں کا انبار دیکھ کر حیرت زدہ ہیں۔ ان کی ممانی اور ماموں معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ چاول اور گیہوں جیسے اناج کے دانوں سے چھوٹے کنکروں اور بھوسی کو ہاتھ سے علاحدہ کرنے میں مصروف ہیں۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-26-12 fucu109.pdf

ملّی اور ولّی یہ جاننے کے لیے بہت زیادہ متجسس ہیں کہ یہ کام کیوں کیا جارہا ہے، ان کی نانی نے ان کے اس تجسس کو بھانپ لیا اور بتایا، ”ہم ان کنکروں کو اس لیے علاحدہ کر رہے ہیں تاکہ یہ اناج پکانے کے لیے مناسب ہو۔“

وہ گھر کے باہر جاتے ہیں اور وہاں کھیت اور مویشیوں کو دیکھتے ہیں۔ انھیں مصروف رکھنے کے لیے نانی نے انھیں چنوتی دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آنکھیں بند کرکے اناج کے دانوں سے چھوٹے کنکروں کو ہاتھ سے چن کر علاحدہ کریں۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-26-19 fucu109.pdf

کسی آمیزہ (جب دو یا دو سے زیادہ اشیا کی آمیزش ہو) مثلاً گیہوں اور چاول کے دانوں سے پتھر کے چھوٹے ٹکڑوں اور بھوسی کو ہاتھ کی مدد سے علاحدہ کرنے کا طریقہ ہاتھ سے چننا (handpicking) کہلاتا ہے۔ یہ کام ذرات کا سائز، رنگ اور شکل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ اگر علاحدہ کیے جانے والے ذرات بہت کم مقدار میں موجود ہیں اورانھیں ہاتھ کی مدد سے علاحدہ کیا جاسکتا ہے تو ’ہاتھ سے چننا‘ ایک موزوں طریقہ ثابت ہوسکتا ہے۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-26-27 fucu109.pdf

دوپہر کے کھانے میں ملّی اورولّی سبزیوں سے بنا ہوا گرم پلائو پیش کیا گیا۔ جب وہ پلائو کھارہے تھے تو نانی نے دیکھا کہ ملّی ثابت سیاہ مرچ کو پلائو سے علاحدہ کرکے انھیں اپنی پلیٹ میں ایک طرف رکھ رہا ہے (شکل 9.1)۔ ولّی نے تفریحی انداز میں چھیڑتے ہوئے کہا، ’’واہ! یہ ہے ہاتھ سے چننے کا طریقہ، بہت خوب!‘‘ نانی نے انھیں سیاہ مرچ کھانے کے فوائد بتائے اور اسے کھانے کی ترغیب دی۔

اس کے بعد دن کے کسی وقت ان کے ماموں انھیں کھیتوں پر لے گئے جہاں انھوں نے کٹے ہوئے گیہوں کے ڈنٹھلوں کے گٹھروں کا مشاہدہ کیا۔ کچھ ڈنٹھلوں کو خشک ہونے کے لیے دھوپ میں پھیلا دیا گیا تھا۔ ان دونوں نے ایک ایک ڈنٹھل اٹھایا اور دیکھا کہ اس میں کثیر تعداد میں دانے لگے ہوئے ہیں۔ کچھ کسان ڈنٹھلوں کو لکڑی کے ایک موٹے لٹھے پر پیٹ رہے ہیں۔ ولّی نے تجسس آمیز انداز میں پوچھا، ماموں ’’یہ لوگ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟‘‘

ماموں نے انھیں بتایا ’’اس عمل کے دوران ڈنٹھلوں کو پیٹنے سے اناج کے دانے علاحدہ ہوجاتے ہیں، (شکل 9.2)۔‘‘ اس عمل کو گاہنا (threshing) کہتے ہیں۔ کسان بہت محنت کرتے ہیں مگر اس کے باوجود وہ اپنے کام سے لطف اندوز بھی ہوتے ہیں۔ وقتاً فوقتاً وہ کام کے ساتھ ساتھ عوامی گیت بھی گاتے رہتے ہیں۔


اپنے علاقے کے عوامی گیتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیجیے اور انھیں اپنے دوستوں کے ساتھ گایئے۔

سیکھیے اور لطف اٹھایئے

علاحدہ کیے گئے اناج کے دانے، بھوسے کے ڈھیروں میں مل جاتے ہیں۔

وَلّی نے مَلّی سے سرگوشی کرتے ہوئے پوچھا، ’’کیا کسان اتنی زیادہ بھوسی سے دانوں کو ہاتھ سے چن کر علاحدہ کریں گے؟‘‘ وہ اس بات کو لے کر بہت حیران تھی کہ ’’انھیں علاحدہ کرنے میں کسانوں کو کتنا وقت لگے گا؟‘‘

آیئے وَلّی کے سوالوں کے جواب تلاش کرنے کے لیے ایک سرگرمی انجام دیں۔


مرمروں کی بہت تھوڑی سی مقدار کو ارہر کی دال کے ساتھ ملایا گیا ہے۔ کیا آپ ہاتھ سے چننے کے علاوہ کسی اور طریقے سے آمیزے کو علاحدہ کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں؟


سرگرمی 9.1: آیئے چھان بین کریں

  • ایک مٹھی بھنی ہوئی مونگ پھلی کے دانے لیجیے اور انھیں اپنی دونوں ہتھیلیوں کے درمیان رگڑیے۔ کیا ہوتا ہے؟
  • کیا مونگ پھلی کے دانوں سے اتری ہوئی جھلی کو علاحدہ کرنا ممکن ہے؟
  • آیئے، اس پر پھونک مارنے کی کوشش کریں۔ آپ کیا مشاہدہ کرتے ہیں؟

ان میں سے کون سا جزو ہوا کے ساتھ اُڑ کر دور چلا جاتا ہے، مونگ پھلی کے دانے یا دانوں سے اتری ہوئی جھلی؟

آپ نے مشاہدہ کیا ہوگا کہ جب ہوا چلتی ہے تو بھاری اور ہلکے دانوں کو علاحدہ کرسکتی ہے۔

آپ کے خیال میں کسان بھوسی سے اناج کے بہت سے دانوں کو کس طرح علاحدہ کرتے ہیں؟

Screenshot 2025-11-06 at 12-26-37 fucu109.pdf

روایتی طور پر، آمیزے کے ہلکے اور بھاری اجزا کو علاحدہ کرنے کے لیے چھاج (بانس کی بُنی ہوئی ٹرے) کا استعمال کیا جاتا ہے(شکل 9.3)۔

اگلے دن، ان کے نانا انھیں اس عمل کو ہوتے ہوئےدکھانے کے لیے کھیت پر لے گئے۔

ملّی اور وَلّی نے ایک کھیت میں یہ دیکھا کہ ایک کسان کسی اونچے چبوترے پر کھڑا ہے۔ وہ گیہوں کے دانوں سے بھرے ہوئے چھاج کو ہوا کی سمت میں حرکت دے رہا ہے (شکل 9.4)۔

آپ شکل 9.4 سے کیا نتیجہ اخذ کرتے ہیں؟ کیا دونوں اجزا یعنی گیہوں کے دانے اور بھوسی ایک ہی جگہ پر گرتے ہیں؟ ان میں سے کون سا جزو اڑ کر دور جا گرتا ہے، گیہوں کے دانے یا بھوسی؟ کیا ہوا دو اجزا کو علاحدہ کرسکتی ہے؟

Screenshot 2025-11-06 at 12-26-55 fucu109.pdf

باد یاچلتی ہوئی ہوا کی مدد سے آمیزے کے بھاری اور ہلکے اجزا کو علاحدہ کرنے کا یہ طریقہ پھٹکنا (winnowing)کہلاتا ہے۔ کیا آپ نے اپنے گھر میں کبھی اس قسم کی سرگرمی کا مشاہدہ کیا ہے؟


ولّی بند کمرے میں چاول سے بھوسی کو علاحدہ نہیں کرسکتی۔ آپ اس کی کس طرح مدد کرسکتے ہیں؟


ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی کے نتیجے میں گہائی مشینیں تیار ہوئیں جنھیں تھریشر (Thresher)کہتے ہیں۔ ان مشینوں کا استعمال ڈنٹھلوں اور بھوسی سے اناج کے دانوں کو علاحدہ کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ یہ مشینیں پھٹکنا اور گاہنا دونوں کام ایک ساتھ انجام دیتی ہیں۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-27-04 fucu109.pdf

مزیدجانیے!

اگلے دن مَلّی اور ولّی اپنے والد کے دوست گھنشیام بھائی سے ملاقات کرنے کے لیے احمدآباد جانے والی ٹرین میں سوار ہوگئے۔ وَلّی نے اپنی ممانی سے سفر کے لیے میٹھی پوری (بھارت میں گیہوں کے آٹے سے تیار کی جانے والی میٹھی روٹی) بنانے کی درخواست کی۔

وَلّی: کیا میں گیہوں کا آٹا گوندھنے میں آپ کی کچھ مدد کروں؟

ممانی: آٹے سے پکوان تیار کرنے کے لیے سب سے پہلے ہمیں چوکر کو علاحدہ کرنا ہوتا ہے جو آٹے میں موجود ہوسکتا ہے۔

وَلّی: ہم یہ کام کس طرح کرتے ہیں؟

ممانی: ہم اس مقصد کے لیے چھلنی کا استعمال کرتے ہیں۔

چھاننے سے آٹے کے باریک ذرات چھلنی کے سوراخوں سے ہوکر باہر نکل جاتے ہیں جیسا کہ شکل 9.5 میں دکھایا گیا ہے۔ بڑے ذرّات جیسے چوکر اور چھوٹے پتھر چھلنی کے اندر رہ جاتے ہیں۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-27-17 fucu109.pdf

چھلنی کا بغور مشاہدہ کیجیے۔ کیا چھلنی کے تمام سوراخ سائز کے اعتبار سے ایک جیسے ہیں؟ اگر چھلنی کے سوراخ اشیا کے مقابلے میں بڑے ہیں تو کیا چھاننے کا عمل بامقصد ہوگا؟ چھلنی کے سوراخوں سے ہوکر باہر نکلنے والےذرات اور چھلنی کے اندر باقی رہ جانے والے ذرات کے سائز میں کیا فرق ہے؟ چھاننے کے طریقے کا استعمال اس وقت کیا جاتا ہے جب ٹھوس-ٹھوس آمیزے کے اجزا کے سائز مختلف ہوں۔

احمدآباد پہنچ کر انھوں نے گھنشیام بھائی کے ساتھ سابرمتی آشرم کا دورہ کیا جہاں انھوں نے نمک ستیہ گرہ (ڈانڈی مارچ) کے بارے میں جانا۔


کیا آپ نے کبھی تعمیراتی مقامات پر ریت سے پتھروں اور کنکروں کو علاحدہ کرنے کے لیے چھلنی کو استعمال کرتے ہوئے دیکھا ہے؟


سابرمتی آشرم کس لیے مشہور ہے؟

ڈانڈی مارچ کو دکھانے کے لیے ایک پوسٹر بنایئے۔ اپنے ساتھیوں سے اس کی اہمیت پر گفتگو کیجیے۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-27-23 fucu109.pdf

اس پر غور کیجیے!

مَلّی نے پوچھا، ’’نمک (عام نمک) کہاں سے حاصل ہوتا ہے؟‘‘

گھنشیام بھائی نے جواب دیا، ’’سمندر کے پانی سے‘‘

سمندر کا پانی بہت سے نمکوں اور دیگر اشیاکا آمیزہ ہے جو پانی میں گھلی ہوتی ہیں۔ نمک حاصل کرنے کے لیے سمندر کے پانی کو اتھلے گڑھوں میں بھر دیا جاتا ہے جہاں یہ دھوپ اور ہوا کے رابطے میں ہوتا ہے۔ چند دنوں میں پانی کی مکمل طور پرتبخیر(evaporation) ہوجاتی ہے اور گڑھوں میں نمک باقی رہ جاتا ہے (شکل 9.6)۔ نمکوں کے اس آمیزے کی مزید تخلیص (purification) کے بعد عام نمک حاصل ہوتا ہے۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-27-29 fucu109.pdf

بھارت میں ایسے آبی ذخائر کے بارے میں معلومات حاصل کیجیے جن میں عام نمک پایا جاتا ہے۔ ایسا ایک آبی ذخیرہ راجستھان میں واقع سامبھر جھیل ہے۔

اس پر غور کیجیے!

آیئے ہم خود یہ جاننے کی کوشش کریں کہ ہم نمک کے محلول سے نمک کو کس طرح علاحدہ کرسکتے ہیں۔


سرگرمی 9.2: آیئے مشاہدہ کریں اور تخلیقی صلاحیت کو فروغ دیں

  • ایک پیالہ یا کوئی دوسرا برتن لیجیے اور اس میں آدھے حصے تک پانی بھریے۔
  • اس میں 2 سے 3 چمچے نمک ملایئے اور نمک حل ہونے تک اسے اچھی طرح چلایئے۔
  • کالے یا گہرے رنگ کے موٹے کاغذ کا چھوٹا سا ٹکڑا لیجیے اور اس پر نمک کے محلول کے چند قطرے ڈالیے(شکل9.7a)۔
  • آپ اس نمک کے محلول سے اپنی پسند کی کوئی شبیہ بھی بناسکتے ہیں۔
  • اسے خشک ہونے دیجیے اور مشاہدہ کیجیے(شکل9.7b اور9.7c)۔

کیا آپ نے کبھی یہ مشاہدہ کیا ہے کہ گرمی کے موسم میں اگر ہم گہرے رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں تو ان پر سفید دھبے پڑجاتے ہیں۔ یہ دھبے کس طرح بنتے ہیں؟

Screenshot 2025-11-06 at 12-27-39 fucu109.pdf

کیا آپ کو کاغذ پر کچھ دھبے نظر آئے؟آپ کے خیال میں کاغذ پر کیا رہ گیا ہے؟ آپ کاغذ کو چھو کر اس پر نمک کی موجودگی کا احساس کرسکتے ہیں۔ پانی کہاں غائب ہوگیا؟ باب ’پانی کی حالتوں کا سفر‘ یاد کیجیے۔

آیئے اس کا جواب معلوم کرنے کے لیے مزید چھان بین کریں۔


مجموعی صحت اور طب کے روایتی ہندوستانی نظام میں، جسے آیوروید کہا جاتاہے، ڈاکٹر بعض اوقات جڑی بوٹیوں یا پودے کے حصوں کو علاج کے لیے تجویز کرتے ہیں۔ وہ عام طور سے مختلف قسم کے ادویاتی پودوں کی جڑوں یا پتیوں یا پھولوں یا بیجوں کو کسی سائے دار جگہ میں سکھاتے ہیں۔ ایسا کرنے سے اضافی پانی کی تبخیر ہوجاتی ہے اور دوا کا اہم حصہ باقی رہ جاتا ہے۔


کیا آپ جانتے ہیں؟


سرگرمی 9.3: آیئے تفتیش کریں

اس سرگرمی کا مظاہرہ استاد کرسکتا ہے۔

  • ایک چائنا ڈِش میں تھوڑا سا نمک محلول (سرگرمی 9.2 میں تیار کردہ) لیجیے۔ اگر چائنا ڈِش دست یاب نہیں ہے تو کسی دوسرے مناسب برتن کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
  • Screenshot 2025-11-06 at 12-27-47 fucu109.pdf
  • پانی کو گرم کیجیے اور ابلنے دیجیے جیسا کہ شکل 9.8 میں دکھایا گیا ہے۔
  • چائنا ڈِش کو ٹھنڈا ہونے دیجیے۔
  • آپ کیا مشاہدہ کرتے ہیں؟ چائنا ڈِش میں کیا باقی رہ گیا ہے؟

انتباہ:

چائنا ڈِش کو گرم کرتے وقت محتاط رہیے۔

کیا آپ کو نمک واپس مل گیا ہے؟ آپ چائنا ڈش میں نمک کی موجودگی کوانگلیوں سے رگڑ کر محسوس کرسکتے ہیں۔


کیا کوئی ایسا طریقہ بھی ہے جس کی مدد سے میں نمک اور پانی دونوں کو دوبارہ حاصل کرسکتا ہوں؟


شکل کا مشاہدہ کیجیے۔ کیا اس میں آپ کے سوال کا جواب ہے؟ کیا آپ اس سے متعلق عمل کا نام بتاسکتے ہیں؟

Screenshot 2025-11-06 at 12-27-54 fucu109.pdf

اب جنوبی ہند میں واقع پدوچیری میں رہنے والے دادا اور دادی سے ان کےملنے کا وقت ہے۔ مَلّی اور وَلّی اپنے پرانے پڑوسی دوست بالان سے ملنے کے لیے بہت خوش نظر آرہے ہیں۔ پدوچیری پہنچنے کے بعد وہ پرانی باتیں کرنے لگتے ہیں اور انھیں پتا ہی نہیں چلا کہ کب شام ہوگئی۔ دادی کے چائے پینے کا وقت ہوگیا۔

دادا: میں آپ کے لیے چائے بنائوں گا۔

بچے: ہم بھی آپ کی مدد کریں گے۔

دادا چائے بناتے جاتے ہیں اور بچوں کو اچھی چائے بنانے کا ہنر بھی بتاتے جاتے ہیں۔

بالان: چائے بنانے کے بعد آپ چائے کی پتیوں کو کس طرح الگ کرتے ہیں؟

دادا: چھلنی کی مدد سے، لیکن اگر ہمارے پاس چھلنی نہیں ہے تو بھی ہم زیادہ تر پتیاں الگ کرسکتے ہیں۔

وَلّی: کس طرح؟

دادا: چائے کے برتن کو کچھ دیر کے لیے یوں ہی رکھا رہنے دیجیے اور چائے کو کپ میں انڈیلیے
(شکل 9.9)

Screenshot 2025-11-06 at 12-28-03 fucu109.pdf

وَلّی: اچھا! اور چائے کی پتیاں برتن میں نیچے رہ جائیں گی۔

ٹھوس اوررقیق کے آمیزے میں بھاری جز نیچے بیٹھ جاتی ہے۔اس عمل کو تہہ نشینی (sedimentation) کہتے ہیں۔جب برتن کو ترچھا کرکے پانی (رقیق)کو علاحدہ کرتے ہیں تو یہ عمل نتھارنا (decantation) کہلاتا ہے۔


باب ’ہمارے اردگرد کی اشیا‘ میں آپ نے پڑھا ہے کہ تیل پانی میں حل نہیں ہوتا اور جب اسے کچھ دیر کے لیے ایک طرف رکھ دیا جائے تو ایک علاحدہ پرت بنالیتا ہے۔ آپ پانی اور تیل کو الگ کرنے کے لیے علاحدگی کا کون سا طریقہ استعمال کریں گے؟

دادا: لیکن ابھی بھی کچھ پتیاں میرے منہ میں آسکتی ہیں کیوں کہ نتھارنے کے عمل میں چائے سے تمام پتیوں کو مکمل طور پر علاحدہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔

بالان: اوہ! اس کا مطلب ہے کہ یہ علاحدگی کا اچھا طریقہ نہیں ہے۔

دادا: ٹھیک ہے بچو، چائے تیار ہے۔

مَلّی الماری سے چائے کی چھلنی اٹھاتا ہے اور دادا کو دے دیتا ہے۔

دادا: اب میں اس چھلنی میں چائے انڈیلتا ہوں۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ تمام چائے کی پتیاں چھلنی میں ہی رہ جاتی ہیں۔یہ عمل تقطیر (filtration) کہلاتا ہے۔

بالان نے مَلّی سے پوچھا کیا وہ گدلے پانی کو چھاننے کے لیے چائے کی چھلنی کا استعمال کرسکتا ہے۔ آیئے کوشش کریں اور پتہ لگائیں۔

دادا: گدلے پانی کو کپڑے کے ٹکڑے سے بھی چھاننے کی کوشش کیجیے اور فرق کا مشاہدہ کیجیے۔

ملّی: ہمیں کپڑے کا ٹکڑا کیوں استعمال کرنا چاہیے؟

دادا: کپڑے کے ٹکڑے میں بنے ہوئے دھاگوں کے درمیان چھوٹے سوراخ یا مسام ہوتے ہیں۔ کپڑے میں موجود ان سوراخوں کو چھلنی کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ قدیم زمانے میں بھی لوگ اسی طریقے کو استعمال کرتے رہے ہیں۔

لیکن، اگر پانی اب بھی گدلا ہے تو ملاوٹوں کو نسبتاً چھوٹے سوراخوں یا مسامات والے فلٹر کا استعمال کرکے علاحدہ کیا جاسکتا ہے۔ فلٹر پیپر اسی طرح کا ایک فلٹر ہے جس میں بہت باریک مسامات ہوتے ہیں۔


صاف پانی حاصل کرنے کے لیے مجھے کپڑے کی کتنی تہیں استعمال کرنے کی ضرورت ہے؟


سرگرمی 9.4: آیئے ایک تجربہ کریں

  • آپ ایک فلٹر پیپر کو مخروط کی شکل میں موڑنے کی کوشش کیجیے جیسا کہ شکل 9.10 میں دکھایا گیا ہے۔
  • Screenshot 2025-11-06 at 12-28-13 fucu109.pdf
  • اسے مخروطی فلاسک کے اوپر رکھے ہوئے قیف میں لگایئے اور فلٹر پیپر لگے ہوئے قیف میں گدلا پانی ڈالیے (شکل 9.11)۔
  • Screenshot 2025-11-06 at 12-28-20 fucu109.pdf
  • آپ کیا مشاہدہ کرتے ہیں؟ کیا ٹھوس ذرات فلٹر پیپر سے ہوکر گزرجاتے ہیں؟
  • قیف سے ہوکر آنے والے پانی کو مخروطی فلاسک میں جمع کیجیے۔
  • آپ دیکھیں گے کہ کیچڑ، تلچھٹ کی شکل میں فلٹر پیپر پر رہ گئی ہے اور صاف پانی مقطر (filtrate) کے طور پر مخروطی فلاسک میں آجاتا ہے۔

فلٹر پیپر کے علاوہ روئی، چار کول، ریت وغیرہ جیسی دیگر اشیا کو بھی فلٹر کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ فلٹر کا انتخاب علاحدہ کی جانے والی اشیا کے ذرّات کے سائز پر منحصر ہوتا ہے۔


مزید جانیے


سرگرمی 9.5: آیئے خاکہ بنائیں اور تخلیقی صلاحیت کو فروغ دیں

وَلّی فطرت کے سیر کے لیے جاتی ہے اور ایک تالاب سے کچھ گندا پانی جمع کرتی ہے۔ وہ اس میں کچھ غیر ضروری (ناپسندیدہ) چیزوں کا مشاہدہ کرتی ہے۔ کم لاگت والے مواد کا استعمال کرکے واٹرفلٹر کے ایک فعال ماڈل کا خاکہ بنایئے اور اس کی تشکیل کیجیے۔


شروع میں چائے کی پوٹلیاں (Tea bags) ریشم جیسے نرم کپڑے سے تیار کی جاتی تھیں کیوں کہ یہ چائے کی پتی کو پکڑ کر رکھ سکتی تھیں اور چائے بنانے کے لیے پانی ان سے ہوکر گزر سکتا تھا۔ ریشم مضبوط ہونے کی وجہ سے گرم پانی کے رابطے میں آنے پر ٹوٹتا نہیں تھا۔ بعد میں لوگوں نے سوتی کپڑا یا ململ استعمال کرنا شروع کردیا۔ بالآخر وہ فلٹر پیپر کا استعمال کرنے لگے اور آج زیادہ تر چائے کی پوٹلیاں اسی سے بنائی جاتی ہیں۔


کیا آپ جانتے ہیں؟

مَلّی اور وَلّی اپنے دادا اور ان کے دوست اوٹکّم کے ساتھ قریب کی ایک ندی میں کشتی کی سواری کے لیے جاتے ہیں۔ اوٹکّم ایک ماہی گیر ہیں۔ جیسے ہی وہ مچھلی پکڑنے والا جال پانی میں ڈالتے ہیں، پانی جال سے باہر نکل جاتا ہے۔ وَلّی کو تقطیر کا طریقہ یاد آیا جسے اس نے پہلے سیکھا تھا اور یہ محسوس کیا کہ مچھلی پکڑنے کا یہ طریقہ کافی حد تک اسی جیسا ہے۔ مَلّی پلاسٹک، ٹوٹی ہوئی بوتلوں، ایک بڑی مچھلی جس کے منہ میں اسٹرا(straw) پھنسی ہوئی تھی، کھانے کے لفافے اور دیگر مچھلیوں کو جال میں پھنسا ہوا دیکھ کر حیران رہ گیا۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-28-30 fucu109.pdf

آیئے ہم نکڑ ناٹک (رول پلے) یا نظم کی تخلیق کرکے دریائی اور بحری آلودگی کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔

یہاں چند سطریں لکھی گئی ہیں، اس میں مزید سطریں شامل کیجیے —

میرے گلے میں پلاسٹک کا ٹکڑا

میں درد سے کراہ اٹھتی ہوں

کوئلاس، کوئلاس ...تم کہاں ہو پیارے؟

پاپا مچھلی چلّائی اورماما مچھلی روئی۔



وہ نقصان سے آگاہ ہیں پھر بھی اسے بہاتے ہیں

کوئلاس بے بسی سے ماں کی تکلیف کو سنتا ہے


پلاسٹک کی آلودگی کو موقع پرروکیے۔

بے حس وحرکت دریا ہمارے بڑے وسائل ہیں۔


اپنے والدین سے گفتگو کیجیے

آپ کے گھر میں پیالے میں رکھا ہوا دودھ کھٹا ہوگیا ہے۔ اپنے والدین سے گفتگو کیجیے کہ آپ اسے کسی دوسرے مقصد کے لیے کس طرح استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس عمل میں آپ علاحدگی کے کون سے طریقے کا استعمال کریں گے؟

ملّی اور وَلّی دادا اوردادی کی دعائیں لیتے ہیں، بالان کو الوداع کہتے ہیں اور مدھیہ پردیش کے سفر پر روانہ ہوجاتے ہیں۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-28-43 fucu109.pdf

ٹرین مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال پہنچتی ہے۔ سورج چڑھنے لگا ہے اور گرمی بڑھنے لگی ہے۔ خالہ کے گھر کی طرف جاتے وقت راستے میں وہ ایک ڈھابے پر چھاچھ پیتے ہیں۔ مَلّی نے دکاندار سے ڈھابےکی دیوار پر لٹکی ہوئی ایک بڑی پینٹنگ کے متعلق دریافت کیا۔دکاندار تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ اس میں گھر پر ایک بڑی متھنی(churner) کی مدد سے دہی بلونے(churning) کے عمل کو دکھایا گیا ہے جس کے نتیجے میں مکھن حاصل ہوتا ہے۔ اس عمل میں مکھن ہلکا ہونے کی وجہ سے بالائی سطح پر تیرنے لگتا ہے جب کہ چھاچھ نیچے رہ جاتی ہے۔


کیا آپ باورچی خانے میں بجلی سے چلنے والے کسی ایسے آلے کا نام بتاسکتے ہیں جسے چھاچھ تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہو؟

وہ خالہ کے یہاں قیام کے دوران لطف اندوز ہو رہے ہیں اور گھر لوٹنے کے بعد جمع کی گئی تمام معلومات کو اپنے دوستوں کو بتانے کے منتظر ہیں۔ اب میگھالیہ کی راجدھانی شیلانگ پہنچنے کا وقت آگیا ہے جو ان کے سفر کی آخری منزل ہے۔

شیلانگ میں اپنی پھوپی کے گھر پہنچنے پر انھوں نے دیکھا کہ ایک بڑھئی لکڑی کا دروازہ بنا رہا ہے۔ کام کرتے وقت اس سے چند لوہے کی کیلیں لکڑی کے برادے میں گرجاتی ہیں۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-28-51 fucu109.pdf

بڑھئی لوہے کی کیلیں ہاتھ سے چننے لگتا ہے۔ بچے اسے انتظار کرنے کے لیے کہتے ہیں۔ وہ اپنی پھوپی سے ایک مقناطیس لیتے ہیں اور بڑھئی سے مقناطیس کو لکڑی کے برادے میں گھمانے کے لیے کہتے ہیں۔ تمام کیلیں مقناطیس پر چپک جاتی ہیں (شکل 9.12)۔بڑھئی نے علاحدگی کا کون سا طریقہ استعمال کیا ہے؟ ’مقناطیسوں کی چھان بین‘ عنوان کے تحت سبق کو یاد کیجیے۔

وہ اشیا جو مقناطیس کی طرف کشش رکھتی ہیں، مقناطیسی اشیا کہلاتی ہیں۔ لوہا مقناطیسی اشیا کی ایک عام مثال ہے۔ مقناطیس کی مدد سے مقناطیسی اور غیر مقناطیسی اشیا کو علاحدہ کرنے کا طریقہ مقناطیسی علاحدگی(magnetic separation)کہلاتا ہے۔


آج کل اشیا کی باز تشکیل (ری سائیکل) کرنے والے لوگ کچرے کے ڈھیر سے لوہے کی چیزوں کو الگ کرنے کے لیے مقناطیس کا استعمال کرتے ہیں۔

بہت سی صنعتوں کے کچرے میں اکثر ردی لوہا موجود ہوتا ہے۔ اسے کچرے کے انبار سے کرین میں لگے ہوئے مقناطیس کی مدد سے علاحدہ کیا جاتا ہے۔

ردی لوہے کی باز تشکیل (recycle) کی جاسکتی ہے اور اسے دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔


Screenshot 2025-11-06 at 12-28-58 fucu109.pdf

مزید جانیے!

مَلّی اور وَلّی کی چھٹیاں خوش گوار رہیں اور موج مستی سے بھری ’بھارت یاترا‘ (ہندوستان کا دورہ) انھیں ہمیشہ یاد رہے گی۔

انھوں نے نہ صرف ہندوستان کے مختلف خطوں کی چھان بین کا لطف اٹھایا بلکہ اپنے اطراف میں اشیا کی علاحدگی کے مختلف طریقوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔


سرگرمی 9.6: آیئے کھیلیں

درج ذیل فقروں کو کاغذ کی چھوٹی پرچیوں پر لکھیے۔

  1. دال سے چھوٹے پتھروں کو علاحدہ کرنا۔
  2. مکھن نکالنے کے لیے دہی کو بلونا۔
  3. پکے ہوئے دلیے (کوٹے ہوئے گیہوں سے بنایا گیا پکوان) اور پوہا (چپٹے چاول سے بنا ہوا پکوان)سے ہری مرچ نکالنا۔
  4. تربوز سے بیج نکالنا۔
  5. تعمیراتی مواد کے مخلوط ڈھیر سے لکڑی کے ٹکڑوں اور لوہے کی کیلوں کے انبار کو چھانٹنا۔
  6. مالا (ہار) بنانے کے لیے دوسرے پھولوں کے ڈھیر سے گیندے کے پھول چننا۔
  7. ریت سے کنکر علاحدہ کرنا۔
  8. گیہوں کے آٹے سے ناریل کے ٹکڑوں کو علاحدہ کرنا۔
  9. پانی سے تیل علاحدہ کرنا۔
  10. نمک کے محلول سے نمک علاحدہ کرنا۔

اب دو ٹوکریاں لیجیے۔ ان میں ہر ٹوکری ان دو مقاصد میں سے کسی ایک کی نمائندگی کرتی ہے جن
کے لیے ہم اشیا کو علاحدہ کرتے ہیں۔ دو ٹیمیں بنایئے اور دیکھیے کون سی ٹیم کو سب سے زیادہ درست اندراجات حاصل ہوئے۔

سوچیے اور شروع کیجیے

Screenshot 2025-11-06 at 12-29-07 fucu109.pdf

یہ سرگرمی اس بات کی تفہیم کا جائزہ لینے میں آپ کی مدد کرے گی کہ ہم اشیا کو کیوں علاحدہ کرتے ہیں؟

Screenshot 2025-11-06 at 12-29-13 fucu109.pdf

خلاصہ

کلیدی نکات



  • سائز ، رنگ اور شکل کی بنیاد پر کسی آمیزے سے ٹھوس اشیا کو علاحدہ کرنے کے لیے ہاتھ سے چننے کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔
  • وہ طریقہ جس میں ڈنٹھلوں کو پیٹ کر اناج کے دانوں کو علاحدہ کیا جاتا ہے، گاہنا (تھریشنگ)کہلاتا ہے۔
  • اناج کے بھاری دانوں سے ہلکی بھوسی کو ہوا یا ہوا کے جھونکوں کی مدد سے علاحدہ کرنے کا طریقہ پھٹکنا کہلاتا ہے۔
  • ذرّات کے سائز میں فرق کی بنیاد پر چھلنی کے ذریعے آمیزے سے ٹھوس اجزا کو علاحدہ کیا جاتا ہے۔اس طریقے کوچھاننا کہتے ہیں۔
  • تبخیر وہ عمل ہے جس میں کوئی رقیق شے ابخرات میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ اس کا استعمال رقیق میں حل پذیر ٹھوس کو علاحدہ کرنے کے لیے کیا جاسکتا ہے۔
  • غیر حل پذیر بھاری جزو کا رقیق کی تلی میں بیٹھنے کا عمل تہہ نشینی کہلاتا ہے۔ جب برتن کو ترچھا کرکے رقیق جزو کو علاحدہ کیا جاتا ہے تویہ عمل نتھارنا کہلاتا ہے۔
  • کسی رقیق سے غیر حل پذیر ٹھوس اجزا کو علاحدہ کرنے کے لیے تقطیر کا طریقہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
  • دہی سے مکھن نکالنے کے لیے بلونے کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔
  • مقناطیس کی مدد سے مقناطیسی اور غیر مقناطیسی اشیاکو علاحدہ کرنے کا طریقہ مقناطیسی علاحدگی کہلاتا ہے۔

ایک کھیل کھیلیے — عقل مند مچھلی

مقامی طور پر دست یاب ماحول دوست اشیا کا استعمال کرکے اپنے لیے مچھلی پکڑنے والی چھڑی تیار کیجیے۔ چھڑی کے ایک سرے پر ڈوری اور ڈوری کے آزاد سرے پر ایک مقناطیس باندھ دیجیے۔ ٹینک 1 میں لال رنگ کے گتے کی مچھلیاں ہیں اور ٹینک 2 میں نیلے رنگ کے گتے کی پرچیاں ہیں جن میں لوہے کے کلپ لگے ہوئے ہیں۔ پہلے لال رنگ کی مچھلی کو پکڑیے جو علاحدگی کے کسی ایک طریقے کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس کے بعد اس لال رنگ کی مچھلی سے متعلق کم از کم ایک نیلے رنگ کی پرچی کو باہر نکالیے۔

اپنے دوستوں کو دیکھیے، کیا وہ اسے صحیح طریقے سے کر پا رہے ہیں؟

پہلے مجھے پکڑیے!

Screenshot 2025-11-06 at 12-29-22 fucu109.pdf

پھر مجھے!

آیئے اپنی آموزش میں اضافہ کریں

  1. علاحدگی کے عمل میں ہاتھ سے چننے کا کیا مقصد ہے؟

(i) تقطیر (ii) چھنٹائی

(iii) تبخیر (iv) نتھارنا

  1. درج ذیل میں سے کون سی اشیا کو علاحدہ کرنے کے لیے عام طور سے بلونے کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔

(i) پانی سے تیل (ii) پانی سے ریت

(iii) دودھ سے کریم (iv) ہوا سے آکسیجن

  1. تقطیر کے لیے عام طور سے کیا ضروری ہے؟

(i) آلے کا سائز (ii) ہوا کی موجودگی

(iii) مسام کاسائز (iv) آمیزہ کا درجۂ حرارت

  1. وجہ بیان کرتے ہوئے صحیح اور غلط بیانات کی نشاندہی کیجیے۔ غلط بیانات کو درست بھی کیجیے۔

(ii) نمک محلول کو دھوپ میں رکھ کر اس سے نمک کو علاحدہ کیا جاسکتا ہے۔ ( )

(ii) ہاتھ سے چننے کا طریقہ صرف اسی وقت استعمال کیا جانا چاہیے جب ایک جزو کی مقدار کم ہو۔ ( )

(iii) مرمرے اور چاول کے دانوں کے آمیزے کو تھریشنگ کے ذریعے علاحدہ کیا جاسکتا ہے۔ ( )

(iv) سرسوں کے تیل اورلیمو پانی کے آمیزے کو نتھار کر علاحدہ کیا جاسکتا ہے۔ ( )

(v) چاول کے آٹے اور پانی کے آمیزے کو علاحدہ کرنے کے لیے چھاننے کے طریقے

کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ( )

    کالمI

    کالم II

    (i) بیسن اور کالے چنے کا آمیز

    (ii) چاک پائوڈر اور پانی کا آمیزہ

    (iii) مکئی اور آلوکا آمیزہ

    (iv) لوہے کے برادے میں لکڑی کے برادے کی آمیزش

    (iv) پانی میں تیل کی آمیزش

    (a) ہاتھ سے چننا

    (b) مقناطیسی علاحدگی

    (c) نتھارنا

    (d) چھاننا

    (e) تقطیر

  1. کالم Iمیں دیے گئے آمیزوں کو کالمII میں ان کی علاحدگی کے طریقے سے ملایئے۔
  2. آپ کن حالات میں رقیق شے سے ٹھوس شے کو علاحدہ کرنے کے لیے تقطیر کے بجائے نتھارنے کا طریقہ استعمال کریں گے؟
  3. کیا آپ ناک میں بالوں کی موجودگی کو علاحدگی کے کسی عمل کے ساتھ جوڑ سکتے ہیں؟
  4. کووڈ19-کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کے دوران ہم سب نے ماسک پہنا تھا۔ عام طور سے ماسک کون سی اشیا سے بنے ہوتے ہیں؟ آپ کے منہ اور ناک کو ڈھانپنے میں یہ ماسک کیا کام انجام دیتے ہیں۔
  5. آپ کو آلو، نمک اور لکڑی کے برادے کا آمیزہ دیا گیا ہے۔ اس آمیزے کے ہر جزو کو علاحدہ کرنے کے لیے مرحلے وار طریقے کا خاکہ تیار کیجیے۔
  6. ‘ذہین لیلا’ عنوان کے تحت ذیل میں دی گئی کہانی پڑھیے اور مناسب ترین متبادلات پر نشان لگایئے۔ اس پیرا گراف کے لیے اپنی پسند کا کوئی مناسب عنوان تجویز کیجیے۔

لیلا اپنے والد کے ساتھ کھیت میں کام کر رہی تھی۔ اسے احساس ہوا کہ وہ پینے کا پانی گھر بھول آئی ہے۔اس سےپہلے کہ اس کے والدکو پیاس/ بھوک لگتی وہ پانی/ اناج لینے کے لیے نزدیکی تالاب کی طرف دوڑی۔ برتن میں تھوڑا سا پانی بھرنے کے بعد اس نے دیکھا کہ پانی گدلا ہے اور پینے کے لیے موزوں/غیر موزوں ہے۔ پانی کو صاف کرنے کے لیے اس نے اسے کچھ دیر تک یوں ہی رکھا رہنے دیا اور پھر گدلے پانی کو کاغذ/ ململ کے کپڑے کے ٹکڑے کی مدد سے چھانا/ بلو لیا۔ اس کے بعد لیلا نے پانی کو ایک بند برتن میں تقریباً 10 منٹ تک ٹھنڈا کیا/ ابالا۔ ٹھنڈا کرنے/ ابالنے کے بعد اس نے اسے دوبارہ چھان کر/ بلوکر پینے کے لیے موزوں/ غیر موزوں بنا دیا۔ اس نے یہ پانی اپنے والد کو پیش کیا جنھوں نے اسے دعائوں سے نوازا اور خوشی کا اظہار کیا۔

    مزید آموزش

  • والدین کے ساتھ تفریح: ہمیں اپنے ہندوستانی ورثے پر فخر ہے۔ اپنے بڑوں کی نگرانی میں گھریلو استعمال کے لیے جڑی بوٹیوں/ پودوں/ درختوں سے نباتاتی دوا تیار کیجیے۔ مثال کے طور پر تلسی کا کاڑھا۔ نباتاتی کاڑھا تیار کرتے وقت آپ علاحدگی کے کون سے طریقوں کا استعمال کریں گے؟
  • ڈراما اسٹیج کرنا: تصور کیجیے کہ آپ اور آپ کے دوست مَلّی اور وَلّی ہیں۔ اشیا کی علاحدگی کے مختلف طریقوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ہندوستان کے مکمل دورےکو پیش کرنے کے لیے مکالمے تحریر کیجیے۔ اپنے اسکول کی اسمبلی میں ڈراما پیش کیجیے۔
  • اجتماعی سرگرمی: علاحدگی کے ان طریقوں کی فہرست تیار کیجیے جنھیں آپ نے صبح سے سونے کے وقت تک ایک ہفتے کے دوران استعمال کیا اور اپنے اردگرد کے ماحول میں استعمال ہوتے ہوئے دیکھا۔ ان طریقوں کو استعمال کیے جانے کے اسباب کی وضاحت کیجیے اور ان طریقوں کو مرتب کیجیے جن کا آپ نے سب سے زیادہ استعمال یا مشاہدہ کیا ہے۔ اپنے مشاہدات کا گروپ کے دیگر اراکین کے ساتھ موازنہ کیجیے۔
  • اپنی کمیونٹی کے باعزم رکن بنیں: کچرا چننے والے کسی شخص کا انٹرویو لیجیے اور وہ اپنی روز مرہ زندگی میں علاحدگی کے جن طریقوں کو استعمال کرتا ہے ان کے بارے میں ایک نظیری مطالعہ تیار کیجیے۔ اپنی کمیونٹی کے 14 سال سے کم عمر کے بچوں کو پڑوس کے اسکول میں داخلہ لینے کی ترغیب دیجیے۔
  • رپورٹر بنیے: (i) اپنے معاشرے میں مثلاً کھیتوں میں یا تعمیراتی مقامات پر استعمال کیے جانے والے علاحدگی کے مختلف طریقوں سے متعلق اخبارات کے تراشے اور مضامین جمع کیجیے۔ (ii) زراعت میں استعمال کیے جانے والے علاحدگی کے جدید ترین طریقوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے مقامی کسانوں کا انٹرویو لیجیے۔
  • سائنس داں کے طور پر غور وفکر کیجیے: آپ کو لوہے کی کیلوں، ریت، سیاہ مرچ، پتھر، نمک اور پانی پر مشتمل آمیزہ دیا گیا ہے۔ آپ اس آمیزے کے ہر ایک جزو کو علاحدہ کرنے کے لیے کن اقدامات پر عمل کریں گے؟

ذیل میں دیے گئے اقدامات ایک سائنس داں کے طور پر غور وفکر کرنے میں آپ کی مدد کریں گے۔

عکاسی اقدام

میں نے مشاہدہ کیا ................میں حیرت زدہ ہوں۔

آپ ان سوالات کے تعلق سے بھی حیرت زدہ ہوں گے —

  • مجھے سب سے پہلے کون سے جزو کو علاحدہ کرنا چاہیے؟
  • مجھے سب سے پہلے علاحدگی کے کون سے طریقے کو استعمال کرنا چاہیے؟
  • ہم ان اجزا کو موثر طور پرکس طرح علاحدہ کرسکتے ہیں؟
  • کیا ان میں سے کچھ اجزا پانی میں حل پذیر ہوں گے؟
  • اجزا کی کون سی خصوصیات انھیں علاحدہ کرنے میں ہمارے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں؟
  • مناسب ترین ترتیب کیا ہے؟

سرگرمی کے اقدامات

  • میرے ذہن میں جو سوال پیدا ہوئے ہیں ان کے ممکنہ جوابات ہیں.......................................................................................................................
  • میں نے علاحدگی کے درج ذیل طریقوں پر عمل کیا۔..................................................................................................................................
  • میں نے مندرجہ ذیل نتائج اخذ کیے ہیں ........................................................

اشارہ: دو سے زیادہ اجزا پر مشتمل آمیزوں کے معاملے میں علاحدگی کے کئی طریقوں کو ایک ساتھ استعمال کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔

Screenshot 2025-11-06 at 12-29-32 fucu109.pdf