Skip to content


مَیری کوم


 کھیلوں کی دنیاسےتعلق رکھنے والی میری کوم(Mary           Kom) سے بھلا کون واقف نہیں ہے۔ مُکّے بازی (Boxing) میں ان کے عظیم کارنامے صرف ہندوستان ہی میں نہیں بلکہ عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں۔میری کوم کی پیدائش ہمارے ملک کی شمال مشرقی ریاست مَنی پور میں ہوئی۔اُن کاپورانام  مانگٹے چنگنی جانگ میری کوم (Mangte       Chungneijang     Mary          Kom)   ہے۔میری کوم اپنے پانچ بھائی بہنوں میں سب سے بڑی تھیں۔اُن کے والدغریب کسان تھے۔ اس لیے وہ ان کا ہاتھ بٹانے کے لیے ان کے ساتھ کھیتوں میں بھی کام کرتی تھیں۔
میری کوم کوبچپن سے ہی کھیل کودمیں دل چسپی تھی ۔اس لیے وہ اسکول کے زمانے سے کھیلوں میں حصہ لینے لگیں۔1998میں جب منی پورکے مُکّے باز ڈینگوسنگھ نے ایشیائی کھیلوں (Asian Games)میں طلائی تمغہ جیتا،تووہ اُن کی کامیابی سے کافی متاثرہوئیں اور مُکّے بازی میں اپناکیریئربنانے کی ٹھان لی۔انھوں نے اپنے گھروالوں کوبتائےبغیر’ اسپورٹس اکیڈمی آف انڈیا ‘میں مُکّے بازی کی تربیت لینی بھی شروع کردی ۔چند برسوں بعدمیری کوم نے ’خمان پنک اسپورٹس کامپلیکس‘ میں لڑکیوں کولڑکوں کے ساتھ مُکّے بازی کرتے ہوئے دیکھا تو اُن کے ارادے میں اور پختگی آئی اورہرحال میں وہ اپنے ہدف کوحاصل کرنے کی تگ ودومیں لگ گئیں۔
Screenshot 2024-07-13 162822
میر ی کوم کے گھروالے اِس کھیل سے زیادہ خوش نہیں تھے،ان کے والدچاہتے تھے کہ وہ مُکّے بازی کے بجائے کسی دوسرے کھیل کاانتخاب کریں۔ لیکن میری کوم مُکّے باز ہی بننا چاہتی تھیں۔ اس لیےاُنھیں اپنے والد کی مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ایک بارتواُن کے والدنے غصے میں ان کےمُکّے بازی کے دستانوں کو بھی جلادیاتھالیکن اس کے باوجود میری کوم کے اِرادے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔
مُکّے بازی ایساکھیل ہے جس میں اکثربہت چوٹیں لگتی ہیں لیکن میری کوم   چوٹوں کوبرداشت کرتے ہوئےاپنا مقصدحاصل کرنے کے لیے آگے بڑھتی گئیں ۔اس طرح وہ والدکی مخالفت اورچوٹوں کی پرواہ کیے بغیراپنے علاقے میں کھیلے جانے والے کھیلوں میں حصہ لینے لگیں ۔
Screenshot 2024-07-13 162831

میری کوم کی زندگی میں ایک زبردست انقلاب اُس وقت  آیاجب انھوں نے باکسنگ رِنگ میں قدم رکھا ۔     2002 میں AIBA یعنی       (Association     Internationale                   de    Boxe-Amateur) چمپئن شِپ میں کامیاب ہوکر گولڈمیڈل حاصل کیا۔پھرکیاتھا! شہرت اورکامیابی اُن کے قدم چومنے لگی۔ 2012 میں انھوں نے ہندوستان کی پہلی خاتون مُکّے بازکے طورپرلندن میں موسمِ گرماکے اولمپکس میں شرکت کی اورکانسے کاتمغہ حاصل کیا۔اب ان کی شہرت دوردورتک پہنچنے لگی۔ 2014میں جنوبی کوریا کے ایشیائی کھیلوں اور آسٹریلیا میں 2018 کے دولتِ مشترکہ کھیلوںمیں انھوں نے طلائی تمغے حاصل کیے۔انڈونیشیاکے پریسیڈنٹ کپ میں  طلائی تمغہ حاصل کرکے انھوں نے ہندوستان کانام روشن کردیا۔میری کوم نے  پانچویں مرتبہ مکے بازی کی عالمی چمپئن بن کر ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ میں ایک سنہرےباب کا اضافہ کیا۔
میری کوم کی محنت اورکامیابی کے اعتراف میں بھارت سرکارنےانھیں پدم شری،پدم بھوشن اور پدم وِبھوشن جیسے قابل فخر اعزازات سے نوازا اور 2016 میں صدرجمہوریہ ہندنے اُنھیں راجیہ سبھا      کا        رکن  نام زدکیا۔ اس طرح میری کوم کی لگاتار کامیابیوں نے عالمی سطح پرانھیں ایک مثالی شخصیت بنادیا۔
Screenshot 2024-07-13 162843
میری کوم کی جدوجہدصرف خطابات جیتنے تک محدودنہیں ہے۔ان کی کوشش اورمحنت سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ محدود وسائل اور انتہائی دشوارحالات کے باوجودبھی کوئی عام انسان اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرتے ہوئے بلند مقام تک پہنچ سکتاہے۔

   لفظ ومعنی
حیرت انگیز : حیرت پیدا کرنے والا
شمال مشرق : نارتھ ایسٹ
معاشی : مالی
ہدف : نشانا، مقصد
طلائی تمغہ : گولڈ میڈل
رکن : ممبر
تگ ودَو : بھاگ دوڑ
موسمِ گرما : گرمی کا موسم
نام زد کرنا : کسی کام کے لیے مقرر کرنا
وسائل : وسیلہ کی جمع بمعنی ذریعہ
جد و جہد : کوشش
Screenshot 2024-07-13 162856
 غورکرنے کی بات
سبق میں باکسنگ ،چمپئن اور آئیڈیل الفاظ آئے ہیں۔ باکسنگ کے معنیٰ ہیں ‘ مکے بازی ’ چمپئن کے معنی ‘مقابلے میں اول آنے والا’اور آئیڈیل کے معنیٰ ہیں ‘مثالی شخصیت’۔یہ الفاظ انگریزی زبان کے ہیں جواردومیں روانی سے مستعمل ہیں۔ ہماری اُردو   زبان میں اتنی وسعت ہے کہ وہ کسی بھی دوسری زبان کے الفاظ کواپنے اندراس طرح سمولیتی ہے  کہ وہ کسی غیر زبان  کا لفظ محسوس نہیں ہوتا۔
کھیلوں کے مقابلے میں پہلا مقام حاصل کرنے والے کھلاڑی کو سونے کا، دوسرا مقام حاصل کرنے والے کو چاندی کا اور تیسرا مقام حاصل کرنے والے کو کانسے کا تمغہ دیا جاتا ہے۔ سونے کے تمغے کو طلائی تمغہ اور چاندی کے تمغے کو نقرئی تمغہ کہا جاتا ہے۔

سوچیے اور بتائیے
میری کوم کی شخصیت کی کس خوبی نے آپ کو متاثر کیا؟
میری کوم نے                   مُکےبازی کو اپنا کیرئیر بنانے کا فیصلہ کیوں اور کب کیا؟
میری کوم اپنی زندگی میں کن کن پریشانیوں سے دوچار ہوئیں؟
بھارت سرکار نے میری کوم کو کن کن اعزازات سے نوازا؟
میری کوم کی جدوجہدسے کیاسبق ملتاہے؟

 درج ذیل الفاظ کےمترادف لکھیے
   واقف _______
    والد _______
    کافی _______
    انجام _______
    بلندی _______
Screenshot 2024-07-13 162907

 کالم‘الف ’ اور‘ ب ’کےصحیح جوڑملایئے
(الف)                (ب)
لندن پریسیڈینٹ کپ
جنوبی کوریا موسمِ گرما کے اولمپکس
آسٹریلیا ایشیائی کھیل
انڈونیشیا دولتِ مشترکہ کھیل

  درست بیان پرصحیح()اورغلط بیان پرغلط ()کانشان لگائیے
1. میری کوم کے والدمالدارتاجرتھے۔
2. 8991میں میری کوم نے ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتاتھا۔
3. 2002میں ABIAچمپئن شپ میں میری کوم نے گولڈمیڈل حاصل کیا۔
4. میری کوم کوبھارت رتن کے اعزازسے نوازاگیا۔
5. 8102 میں دولت مشترکہ کھیلوں میں میری کوم نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔
6. 6102میں میری کوم کولوک سبھا      کا    رکن نام زدکیاگیا۔

 پڑھیے ،سمجھیے اور لکھیے

نیچے دی گئی عبارت کو غور سے پڑھیے:

میر ی کوم کے گھروالے اِس کھیل سے زیادہ خوش نہیں تھے،ان کے والدچاہتے تھے کہ وہ مُکّے بازی کے بجائے کسی دوسرے کھیل کاانتخاب کریں۔ لیکن میری کوم مُکّے باز ہی بننا چاہتی تھیں۔ اس لیےاُنھیں اپنے والد کی مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ایک بارتواُن کے والدنے غصے میں ان کےمُکّے بازی کے دستانوں کو بھی جلادیاتھالیکن اس کے باوجود میری کوم کے اِرادے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔
اوپر دیے گئےعبارت کے پہلے جملے میں ‘میری کوم ’ ایک جگہ آیا ہے۔ اس کے بعد دوسرے جملوں میں میری کوم کی جگہ ‘ان کے’،‘وہ ’  اور‘ انھیں ’ الفاظ آئے ہیں۔ وہ لفظ جو اسم کے بدلے استعمال ہوتے ہیں ’ضمیر ‘ کہلاتے ہیں۔ضمیر کے استعمال سے اسم کی تکرار کی وجہ سے پیداہونے والی بدنمائی دور ہوتی ہے اور عبارت میں روانی اور خوب صورتی  پیداہوتی ہے۔آپ ایک مرتبہ دی گئی عبارت میں وہ   ،   ان کے،   انھوں نے کی جگہ میری کوم لکھ کر پڑھیے اور اپنی رائے ظاہر کیجیے۔

نیچے دی گئی پہیلیوں کا حل معلوم کیجیے۔ ان پہیلیوںکا جواب کوئی نہ کوئی کھیل ہے:

(اشارہ:                          گلی ڈنڈا                    فٹ بال                             ہاکی     )
1.                ایک میدان میں لڑتے دیکھے لکڑی باز کرارے
لپکیں جھپکیں بھڑ جائیں پر ایک کو ایک نہ مارے
بال نہ بیکا ہونے دیں پر تیزم تاز بلا کی
لڑنے والے اِنے ِگنے اور جان لڑی صد ہاکی
2. آپ ہی اس کو نام نچاوے
 وہ ناچے تو پیٹی جاوے
3. کیسے بھیچ رکھے ہیں دانت
  جنے جنے کی سہے ہے لات

 عملی کام
آپ کوکون ساکھیل زیادہ پسندہے؟اس کے بارے میں ایک مضمون لکھیے۔
میری کوم کے علاوہ کھیل سے وابستہ کون سی شخصیات ہیں جن  کے نام سے آپ واقف ہیں،اُن کی فہرست تیارکیجیے اوران شخصیات کی تصویریں تلاش کرکے ایک چارٹ پرچپکائیے۔
Screenshot 2024-07-13 162927