پیامِ عمل
گر قوم کی خدمت کرتا ہے احسان تو کس پر دھرتا ہے
کیوں غیروں کا دَم بھرتا ہے کیوں خوف کے مارے مرتا ہے
اُٹھ باندھ کمر، کیا ڈرتا ہے!
پھر دیکھ، خدا کیا کرتا ہے!
جو عمریں مفت گنوائے گا وہ آخر کو پچھتائے گا
کچھ بیٹھے ہاتھ نہ آئے گا جو ڈھونڈے گا، وہ پائے گا
تو کب تک دیر لگائے گا یہ وقت بھی آخر جائے گا
اُٹھ باندھ کمر، کیا ڈرتا ہے!
پھر دیکھ، خدا کیا کرتا ہے!

جو موقع پاکر کھوئے گا وہ اشکوں سے منہ دھوئے گا
جو سوئے گا، وہ روئے گا اور کاٹے گا جو بوئے گا
تو غافل کب تک سوئے گا جو ہونا ہوگا، ہوئے گا
اُٹھ باندھ کمر، کیا ڈرتا ہے!
پھر دیکھ، خدا کیا کرتا ہے!
یہ دنیا آخر فانی ہے پھر تجھ کو کیوں حیرانی ہے
جب ہمت کی جولانی ہے اور جان بھی اک دن جانی ہے
کر ڈال جو دل میں ٹھانی ہے تو پتھر بھی پھر پانی ہے
اُٹھ باندھ کمر، کیا ڈرتا ہے!
پھر دیکھ، خدا کیا کرتا ہے!
— محمد فاروق دیوانہ

لفظ و معنی
پیام : پیغام
اشک : آنسو
غافل : غفلت کرنے والا
فانی : ختم ہونے والا، فنا ہونے والا
جَولانی : جوش، طبیعت کی روانی

غور کرنے کی بات
اس نظم میں وقت کی قدر کرنے، حوصلہ مند رہنے اور نیک عمل کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ انسان جو کچھ حاصل کرنا چاہتا ہے وہ اسے اپنی محنت، کوشش اور لگن سے حاصل کرسکتا ہے۔
سوچیے اور بتائیے
قوم کی خدمت کیوں کرنی چاہیے؟
اشکوں سے منہ دھونے کا کیامطلب ہے؟
‘ہمت کی جَولانی’ سے آپ کیاسمجھتے ہیں؟
پتھر کے پانی ہونے سے کیا مراد ہے؟
نظم میں ‘اٹھ باندھ کمرکیاڈرتاہے’کی تکرارسے ہمیں کیاسبق ملتاہے؟

تلاش کیجیے اور لکھیے
ذیل کے الفاظ سبق سے لیے گئے ہیں،انھیں سبق میں تلاش کرکے اپنے جملوں میں اس طرح استعمال کیجیے کہ ان کامذکریامؤنث ہوناواضح ہوجائے۔
قوم ____________________________________
احسان ____________________________________
وقت ____________________________________
موقع ____________________________________
دنیا ____________________________________
جان ____________________________________
کالم میں دیےگئے عنوان پر پانچ پانچ جملےلکھیے
وقت پر کام کرنے کے فائدے وقت پر کام نہ کرنے کے نقصانات
1. ____________________ ____________________
2. ____________________ ____________________
3. ____________________ ____________________
4. ____________________ ____________________
5. ____________________ ____________________
پڑھیے ،سمجھیے اورلکھیے
جب کسی بات کوشاعری میں کہا جاتا ہے توجملوں کے لفظوں کی ترتیب میں تبدیلی آجاتی ہے جیسے”احسان توکس پردھرتاہے“ کونثرمیں لکھاجاسکتاہے۔“کس پرتواحسان دھرتاہے۔” اس طرح نیچے دیے گئے مصرعوں کونثرکے لفظوں کی ترتیب سے لکھیے۔
جو عمریں مفت گنوائے گا __________________
اورکاٹے گاجوبوئے گا __________________
توغافل کب تک سوئے گا __________________
اورجان بھی اِک دن جانی ہے __________________
عملی کام
اپنے گھریاخاندان کے کسی ایسے شخص کے بارے میں لکھیے جس نے اپنی محنت اورلگن سے نمایاں کامیابی حاصل کی ہواورنام پیداکیاہو۔
اپنی زندگی کوکامیاب بنانے کے لیے آپ کاکیامنصوبہ ہے؟ایک پیراگراف میں لکھیے۔
اس نظم کاکوئی دوسراعنوان آپ کے ذہن میں آرہاہوتواسے لکھیے۔

