Skip to content
Qr






باب 2
موسم کو سمجھنا (Understanding the Weather)


محض موسم کی تبدیلی،انسان اور کائنات کو نئی صورت میں ڈھالنے کے لیے کافی ہے۔

— مارسل پراؤسٹ، فرانسیسی ناول نگار

Screenshot 2026-01-29 at 11-40-47 gues102.pdf

اہم سوالات

  1. ہم اپنے آس پاس کے موسم کی پیمائش اور نگرانی کیسےکرسکتے ہیں؟
  2. موسم کی پیش گوئیاں ہمیں بھاری بارش، طوفانی ہواؤں، خشک سالی اور لُو کے تھپیڑوں جیسے واقعات کی تیاری میں کس طرح مدد دیتی ہیں؟

موسم اور اس کے عناصر(Weather and its Elements)

آپ سردی کی ایک صبح اٹھتے ہیں اور ٹھنڈ سے کانپنے لگتے ہیں۔ آپ خودکوسردی سے بچانے کے لیے موٹے کپڑوں کا استعمال کرتے ہیں۔ گرمیوں میں آپ ایسے کپڑوں کا انتخاب کرتے ہیں جو آپ کو ٹھنڈک اور آرام کا احساس دلائیں ۔ یہ سب آپ کے جسم کی حرکات کا ردعمل ہے؛ آپ کا جسم موسم کو محسوس کررہا ہوتا ہے۔

موسم کیاہے؟ (What is Weather?)

Screenshot 2026-01-29 at 11-52-18 gues102.pdf

کسی مخصوص وقت اور مقام پر زمین کے فضائی کرّے(Atmosphere) کی کیفیت کو’موسم‘کہتے ہیں، لیکن فضائی کرہ کیا ہے؟ آسان لفظوں میں کہیں تو یہ گیسوں کی ایک پرت ہے جو کچھ سیاروں کو اپنے دائرے میں لیے ہوئے ہے۔ زمین کے معاملے میں ہم ان گیسوں کو ہوا کہتے ہیں۔زمین کے فضائی کرّے کا موازنہ ایک ایسے کیک سے کرسکتے ہیں جس کی کئی پرتیں ہوتی ہیں۔زمین کی سطح سے جو قریب ترین پرت ہے، اسے’کرۂ متغیرہ‘(Troposphere)کہتے ہیں اور یہی وہ جگہ ہے جہاں تمام زمینی پیڑ پودے اورجانور (بشمول انسان) رہتے اور سانس لیتے ہیں۔ یہی وہ پرت ہے جہاں تقریباً تمام موسمی تبدیلیاں وقوع پذیر ہوتی ہیں، جن کا مطالعہ ہم اس باب میں کریں گے۔
کرۂ متغیرہ زمین کی سطح سے 6سے 18 کلو میٹر کی بلندی تک پھیلا ہواہے؛قطبین کے قریب یہ نسبتاً پتلا ہے (جہاں سرد ہوا سِمٹ جاتی ہے) اور منطقۂ حارّہ (Tropical Zone)کےعلاقے میں زیادہ کثیف ہے (جہاں گرم ہوا پھیل جاتی ہے)۔ آپ دوسری پرتوں کےبارے میں زیادہ مطالعہ اپنی سائنس کی جماعتوں میں کریں گے۔

ہم مو سم کوبیان کرنے کے لیےبہت سے الفاظ استعمال کرتے ہیں—گرم، سرد، بارانی، ابرآلود، مرطوب، برفانی، تیز ہواؤں والا وغیرہ۔یہ ان مختلف حالات کی عکاسی کرتے ہیں جن میں ہم موسم کے عناصر کو محسوس کرتے ہیں۔

آئیے معلوم کریں

آپ کی مقامی زبان میں ایسے کون سے الفاظ ہیں جنھیں آپ مو سم کوبیان کرنے میں استعمال کرتے ہیں؟ گرم (Hot)، سرد (Cold)، ہلکی گرمی(Warm)،کڑاکے کی سردی(Chilly)، خنک(Crisp)اورمعتدل (Pleasant) وغیرہ عام طور سے اردو میں استعمال کیے جانے والے الفاظ ہیں۔

مو سم کے عناصر یہ ہیں:

  • درجۂ حرارت: فضا کتنی گرم یا سردہے۔
  • ترسیب(Percipitation): آسمان سے گرنے والےپانی کی کوئی بھی شکل، جیسے بارش، برف باری، اولہ یا ژالہ۔
  • فضائی دباؤ: ہمارے اوپر موجود ہوا کا وزن جو کہ زمین کی سطح پر محسوس کیا جاتا ہے۔
  • تندہوا: تند ہوا جس میں اس کی رفتار اور سمت شامل ہیں۔
  • نمی یا رطوبت: فضا میں موجود آبی بخارات کی مقدار۔

اس پرغور وفکرکریں

آئیے فرض کریں کہ چنئی سے کر شنن کشمیر میں موجود عامرکے ساتھ بات کررہا ہے۔ کرشنن ،عامر سے کہتا ہے کہ پچھلی رات کی بارش کےبعد چنئی کافی ٹھنڈا ہوگیا ہے۔ عامر اس سے پوچھتا ہے کہ کتنا سرد ہے؟ کرشنن عامر کو کیسے بتائے گا کہ کتنا سرد ہے؟ ہوسکتا ہے کہ جو کر شنن کے لیے سرد ہے، وہ عامر کےلیے معتدل ہو!

جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اگر درجۂ حرارت ناپنے کا ایک متفقہ پیمانہ نہ ہو تو کر شنن کے لیے عامر کو خنکی کا درست اندازہ بتانا کتنا مشکل ہوجائے گا۔یہی حال مو سم کے دیگر عناصر کا بھی ہے۔ اس باب میں ہم سیکھیں گے کہ کس طرح معیاری پیمانوں کی مدد سے مو سم کی پیمائش کی جاتی ہے۔

آئیے معلوم کریں

آپ کاکیا خیال ہے کہ موسم کو زیادہ در ستگی سے ناپنے کی اور وجوہات کیا ہوسکتی ہیں؟ (اشارہ: سوچیے کہ چند گھنٹوں یا چند دنوں کے مو سم کا پیشگی علم ہوجائے تو آپ کو اپنی سر گرمیوں کی بہتر منصوبہ بندی میں کس طرح مدد ملے گی۔)

قدیم زمانے سے ہی انسانوں نے فطرت کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا ہے اور اس کے اشاروں سے مو سم کی پیش گوئی کرنا سیکھا ہے۔پرندوں کا نیچے اڑنا، چیونٹیوں کا انڈے لے کر چلنا، گلہریوں کا میوے کےدانے جمع کرنا، مینڈکوں کا زور سے ٹر ٹرانا یا دیودار کے درخت کے پھل کا کھُلنا اور بند ہونا، یہ سب بارش یا طوفان آنے کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرتے ہیں۔یہ علم نسل درنسل منتقل ہوتا آیا ہے۔آج بھی ہندوستان کے کئی حصوں میں لوگ موسم کی پیش گوئی کے روایتی طریقے استعمال کرتے ہیں،خاص طور سے مانسون کی آمد کے سلسلے میں ۔

اولہ باری(Sleet):

منجمد یا جزوی منجمد بارش

ژالہ باری (Hail):

آسمان سے بارش کی طرح گرنے والے برف کے چھوٹے، سخت گولے۔

آبی بخارات

(Water Vapour):

آبی بخارات وہ پانی ہے جو مائع شکل میں نہ ہوکر گیس کی شکل میں ہوتا ہے۔

پیش گوئی (Forecast):

قبل از وقت بتانا یا پیشگی پتہ لگا لینا (ہمارے معاملےمیں موسم کےبارےمیں)

قدر ت کے اشاروں کا مشاہدہ (Observing Nature’s clues)

شکل2.3.1: چیونٹیوں کا اپنے انڈوں کو کسی بلندتر مقام پر منتقل کرنا ایک قدرتی عمل ہے جو موسم کی متوقع تبدیلی کا اظہار کرتا ہے۔ خاص طور سے بھاری بارش کا۔

شکل2.3.2: مغربی گھاٹ کے جنگل میں بارش کی امید میں مینڈک کا ٹرٹرانا۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-08-26 gues102.pdf

شکل2.3.3: دیودار کے درختوں کے پھلوں کا کھلنا اور بند ہونا قدرتی
طریقۂ کار ہیں جوماحولیاتی نمی سے اثر پذیر ہوتے ہیں۔دیودار کےدرختوں کےپھل نمی کے حالات میں اپنےبیجوں کومحفوظ رکھنے کے لیے بند ہوتے ہیں اورخشکی کےحالات میں کھلتے ہیں تاکہ انھیں کھلی ہوا میں رکھا جاسکے جس سے سازگار موسم میں ان پر پھل لگنے کو یقینی بنایا جاسکے۔

آئیے معلوم کریں

اپنے پڑوس میں بڑی عمر کے لوگوں سے بات کیجیے اور پوچھیےکہ وہ موسم کی پیش گوئی کس طرح کرتے ہیں۔وہ کیا علامتیں دیکھتے ہیں؟ موسم سے متعلق پیش گوئی کے کچھ بیانات کواپنی علاقائی زبان میں دستاویز کے طور پر تیارکیجیے۔

پچھلی چندصدیوں میں سائنس دانوں نے موسم کے عناصر کی زیادہ درستگی کےساتھ پیمائش اور نگرانی کرنے کے طریقوں پر کام کیاہے۔ان معلومات کی بنیاد پر ماہرین موسمیات پیش گوئی کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ چند گھنٹوں، دنوں یا ہفتوں کے بعد کسی مخصوص علاقےمیں موسم کا کیا حال رہےگا۔وہ یہ کیسےکرتےہیں؟ کیا وہ آسمان کی طرف دیکھتے ہیں اور اندازہ لگاتے ہیں؟ نہیں۔ ان کے پاس کچھ اچھے آلات ہوتے ہیں جن میں سےکچھ کے بارے میں اب ہم جانیں گے۔

موسمیات
(Meteorology):

موسمیات موسم اور اس کے ارتقا کا باضابطہ مطالعہ۔
یہ مطالعہ موسم کی پیش گوئی کی
بنیاد ہے۔

مو سم کی پیمائش کے آلات (Weather Instruments)

(a) درجۂ حرارت (Temperature)

اسے یاد رکھیں

گریڈ6 کی اپنی سائنس کی نصابی کتاب، ’تجسُّس‘ میں آپ نے درجۂ حرارت ناپنے کے لیے استعمال ہونے والے مختلف قسم کے تھرمامیٹروں کے بارے میں پڑھا ہے—طبّی حرارت پیما (Clinical Thermometer) اور تجربہ گا ہی حرارت پیما (Laboratory Thermometer)۔آپ نے درجۂ حرارت کے پیمانوں کے بارے میں بھی سیکھا ہے۔ان میں سے ایک سیلسیس پیمانہ؛ دوسرا فارن ہائٹ پیمانہ ہے۔ مثال کے طورپر اگر 15 ڈگری سیلسیس کا ٹھنڈا درجۂ حرارت ہو (جسے 15°C کے طورپر لکھا جائے گا) تو وہ 59 ڈگری فارن ہائٹ کے برابر ہوگا(جسے 59°F کے طور پر لکھا جائے گا)۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-12-17 gues102.pdf

شکل2.4.1: جب موسم گرم ہوتا ہے تو برف تیزی سے پگھلتی ہے۔

شکل2.4.2: ابرآلود موسم سردی میں اضافہ کرتا ہے۔

شکل2.4.3: سردیوں میں ناریل کا تیل جمنے لگتا ہے۔

شکل2.4.4: سرد موسم میں دہی کو جمنے کے لیے زیادہ وقت لگتاہے۔

محیطی(Ambient):

قریبی گرد وپیش

شماریات (Statistics):

طورطریقوں کا پتہ لگانے، واقعات کو سمجھنے یا پیش گوئیاں کرنے کے لائق ہونے کے لیے معلومات یا اعدادوشماریکجا کرنے اور تجزیہ کرنے کی تکنیک

حرارت پیماکی کئی قسمیں ہیں۔ کچھ صرف محیطی درجۂ حرارت کی پیمائش کرتے ہیں، جب کہ کچھ ایک دن کے دوران زیادہ سے زیادہ یا کم سے کم درجۂ حرارت کو بھی ریکارڈ کرتے ہیں۔ تھرما میٹر میں اکثر رنگین مائع کا استعمال ہوتا ہے جو زیادہ درجۂ حرارت بڑھنے پر پھیلتا ہے۔ تاہم اب ڈیجیٹل تھرمامیٹر کا استعمال زیادہ ہوتا ہے کیوں کہ یہ زیادہ در ست ہوتے ہیں اور زیادہ اعداد و شمار محفوظ کرسکتے ہیں۔

درحقیقت درجۂ حرارت کے محفوظ اعدادوشمارکچھ مفید شماریات حاصل کرنے میں استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ بہ شمول:

  • درجۂ حرارت کا دائرہ یعنی مخصوص مدت (عام طور سے 24 گھنٹے) میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت کا فرق۔
  • یومیہ اوسط درجۂ حرارت یعنی ایک دن کے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت کو جمع کرکے دو سے تقسیم دینا۔

یاد رکھیں

  • ہندوستان کا محکمۂ موسمیات (India Meteorological Department) ۔ 1875 میں قائم کیا گیا تھا۔اس کا نصب العین ‘ آدتیّات جائتے ورشٹی ہے جس کا مطلب ہےسورج سے بارش جنم لیتی ہے۔ یہ جملہ قدیم تصنیف منواسمرتی سے ماخوذ ہے۔ اصل عبارت یوں ہے: سورج سے بارش جنم لیتی ہے، بارش سے غذا پیدا ہوتی ہےاور غذا سے جان دار وجود میں آتے ہیں۔
  • کیا آپ اس کی کوئی وجہ بتا سکتے ہیں کہ سورج سے بارش کیوں جنم لیتی ہے؟
India_Meteorological_Department_(logo)

آئیےمعلوم کریں

  • یہاں مدھیہ پردیش کے ایک شہر کے درجۂ حرارت کا خاکہ ہے۔اس میں دکھایا گیا ہے کہ ہفتے میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت کیا رہا؟ اور کم سے کم کیا رہا؟ اس کی بنیاد پر درجۂ حرارت کا دائرہ (Range)نکالیے۔

تاریخ

زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت (C° میں)

کم سے کم درجۂ حرارت
(C° میں)

28.02.2025

29

16

01.03.2025

30

15

02.03.2025

31

17

03.03.2025

32

18

04.03.2025

30

17

05.03.2025

28

14

06.03.2025

29

15

  • کرشنن اور عامرکے درمیان بات چیت کو یاد۔اگرکرشنن نے کہا کہ چنئی میں 20°c تھا اور وہ تھوڑی ٹھنڈی محسوس کررہا تھا تو اس کے اورعامر کے پاس کوئی پیمانہ ہونا چاہیے جس سے وہ سمجھ سکیں۔آپ کے خیال سے کرشنن کے بیان پرعامرکا کیا ردِّعمل ہوسکتاہے؟

(b) ترسیب (Precipitation)

اگرخبر میں کہاجائے کہ کسی خاص مقام پر 30 ملی میٹر بارش ایک دن میں ہوئی ہے تو اس کاکیا مطلب ہے؟ بارش کی پیمائش کیسے کی جاتی ہے؟

بارش کی مقدار کی پیمائش ایک آلےکی مدد سے کی جاتی ہے جسے باراں پیما (Rain Gauge)کہا جاتا ہے (شکل 2.6)۔جب بارش ہوتی ہے تو پانی قیف(Funnel) میں گرتا ہے اور اُسطُوانہ(Cylinder) میں جمع ہوتا ہے۔ اُسطُوانہ میں ایک پیمانہ لگا ہوتا ہے جو جمع شدہ پانی کی پیمائش کرتا ہے۔مثال کے طور پر جب جمع شدہ پانی کی اونچائی
5 ملی میٹر ہوتی ہے تو ہم کہتے ہیں کہ اس علاقے میں5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-22-19 gues102.pdf

شکل2.6: باراں پیما (Rain Gauge)

آئیے معلوم کریں

اوپر دیے گئے خاکے کے مطابق ایک باراں پیمابنائیے۔ اسے کسی کھلی جگہ پربارش کو روکنے والی چیزوں سے ہٹاکر رکھیے ۔یہ یقینی بنائیے کہ پیمانہ ہموار سطح پر ہو اور ہوا کے ساتھ جھکے یا گرے نہیں۔اس پیمانے کی مدد سے روزانہ ایک ہی وقت پر جمع ہونے والی بارش کے پانی کی مقداردرج کیجیے۔ یہ عمل ایک ماہ تک جاری رکھیے۔ (اگربرف ہے تو اس کی پیمائش کرنے سے قبل اسے پگھلنے دیجیے۔) اس کے بعد ہر ہفتے کی اوسط بارش کا حساب لگائیے اور ہر ہفتے کے فرق پر تبصرہ کیجیے۔

(c) فضائی دباؤ (Atmospheric pressure)

ہم اپنے جسم پر درجۂ حرارت اور بارش کے اثرات کوبخوبی محسوس کرتے ہیں، لیکن آپ نے شاید یہ بھی محسوس کیا ہوگا کہ کبھی کبھی موسم میں’ بھاری پن ‘محسوس ہوتا ہے۔ خاص طور پر آند ھی طوفان سے پہلے۔ یہ کیفیت فضائی دباؤ کی وجہ سے ہوتی ہے جو ہمارے اوپر اور اردگرد موجود ہوا کے بھاری پن سے پیدا ہوتا ہے۔

فضائی دباؤ سمندری ساحل کے قریب زیادہ ہوتا ہے اور جیسے جیسے ہم پہاڑوں پر اوپر چڑھتے جاتے ہیں تو دبائوکم ہوتا جاتا ہے۔ جب ہم کسی پہاڑ پر چڑھتے ہیں تو وہاں کی ہوا نیچے کے میدان کی بہ نسبت ہلکی اور پتلی ہوتی جاتی ہے۔نتیجے کے طور پر فضائی دباؤ کم ہو جاتا ہے اور پھیپھڑوں کوملنے والی آکسیجن بھی کم ہوجاتی ہے۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-24-26 gues102.pdf

شکل2.7

جب آپ کے خون میں آکسیجن کم پہنچتی ہے تو آپ کے جسم کو حرکت میں رہنے کے لیے زیادہ مشقت کرنی پڑتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کبھی کبھی لوگ اونچائی پر سانس لینے میں دقت ،چکّر یا تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں۔

لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ فضائی دباؤ میدانی علاقوں یاساحل پر ہمیشہ زیادہ رہتا ہے۔ در حقیقت یہ کبھی کبھی بڑی تیزی سے گرجاتا ہے ۔ماہرین موسمیات اسے ’ڈپریشن‘ یا ‘کم دباؤ کا نظام’(Low-Pressure System)
کہتے ہیں جوبعض اوقات طوفان یا یہاں تک کہ سمندری طوفان (Cyclone)میں بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔

اس پرغوروفکرکریں

آپ کے خیال سے فضائی دباؤ کی پیمائش کیوں ضروری ہے؟ ایسی پیمائش سے سب سے زیادہ فائدہ کن لوگوں کو ہوتا ہوگا؟

فضائی دباؤ کی پیمائش میں جوآلہ استعمال کیا جاتا ہے اسے ’دبائوپیما‘ (Barometer)کہتے ہیں۔ حرارت پیما (Thermometer) کی طرح ہی دبائوپیما کی بھی کئی قسمیں ہیں۔دبائوپیما پر عموماً پیمائش کی اکائی ملی بار (Millibar) میں درج کی جاتی ہے۔ سمندر کی سطح کے قریب عام فضائی دباؤ تقریباً 1013ملی بار ہوتا ہے؛ اگر دباؤ 1000 ملی بار سےکم ہو جائے تو اسے کم دباؤ(Depression) کہا جاتا ہے ۔

اس پرغوروفکرکریں

جو لوگ اونچے مقامات کا سفر کرتے ہیں، انھیں راستے میں وقفے وقفے سے رکنے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاکہ جسم نئے ماحول سے ہم آہنگ (Acclimatise) ہوسکے۔ ہمارے فوجی بلند مقامات پر خدمات انجام دیتے ہیں جیسے لداخ کے خردُنگ لا میں جوسمندری سطح سے 5600 میٹر بلندی پر واقع ہے۔ یہ تصورکرنا بھی مشکل ہے کہ وہ ایسے بلند مقامات پر کیسے رہتے اور کام کرتے ہیں ،کیوں کہ ان علاقوں میں عام طور پر فضائی دباؤ صرف 650 ملی بار کے قریب ہوتا ہے۔

dreamstime_xxl_43350785

شکل 2.8

ماحول سے ہم آہنگ ہونا

(Acclimatise):

جسم کو نئے ماحول سے ہم آہنگ بنانے کی کوشش کرنا

(d) تُندہوا (Wind)

در اصل تندہوا فضا میں زیادہ دباؤ والے علاقوں سے کم دباؤ والے علاقوں کی طرف حرکت کرنے والی ہواکو کہا جاتا ہے۔ جب ہم تند ہوا کے بارے میں بات کرتے ہیں تو رفتار اورسمت،ان دو اہم پہلوؤں کی بنیاد پر ہم اس کی وضاحت کرتے ہیں۔

اس پر غوروفکرکریں

کیا آپ نے کبھی ایسے بیج دیکھے ہیں جو ہوا کے ساتھ اڑتے ہیں؟ اگر ہوا نہ چلے تو ان بیجوں کا کیا ہوگا؟

Screenshot 2026-01-29 at 12-27-29 gues102.pdf

تُندہوا موسم کا ایک اہم جزہے۔ اس کی سمت اور رفتار موسم کی پیش گوئی میں مددگارہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ، ہوائی پائلٹوں اور ملاحوں کوبھی ہوا کے اعداد و شمار(Wind Data)سے آگاہ ہونے کی ضرورت ہوتی ہے کیوں کہ تُندہوا، ہوائی جہازکی پرواز اورکشتی رانی پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔ کسان بھی ہوا کی سمت سے اندازہ کرلیتے ہیں کہ بارش کس طرف سے آسکتی ہے۔ تُند ہوا مٹی کو جلد خشک بھی کردیتی ہے۔

ہو ا کی سمت اور رفتار کی پیمائش کیسے کی جاتی ہے؟ باد نما (یا موسم کا رخ بتانے والا آلہ)میں ایک گھومتا ہوا بازو ہوتا ہے جس کے ایک سرے پر رخ دکھانے والا آلہ ہوتا ہے اور دوسرا سرا دُم دار ہوتا ہے۔ جب ہوا چلتی ہے تو دُم کو د ھکیلتی ہے اور رُخ بتانے والا آلہ ہوا کی سمت کی طرف مڑ جاتا ہے۔ یہ آلہ ہلکی سی ہوا پر بھی رد عمل ظاہر کرتا ہے۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-27-54 gues102.pdf

پختہ زمینی سطح (Tarmac)پر نصب یہ بادنما کو’ہوائی جرّاب‘ (Wind Sock)کہتے ہیں۔یہ اڑان بھرنے اور اترنے کے دوران پائلٹ کے لیے ہوا کے رُخ کی نشان دہی کرتا ہے۔اسی طرح کی جرّابیں ان صنعتوں میں بھی استعمال کی جاتی ہیں جہاں راکھ یا گیسیں خارج ہوتی ہیں۔

ہوا کی سمت اور رفتار کی پیمائش کا سب سے آسان ترین آلہ باد پیما (Anemometer)ہے۔ اس میں دھات کے بنے ہوئے تین یا چار پیالے(Metal Cups) ایک کھمبے پر نصب ہوتے ہیں۔ جب ہوا چلتی ہے تو یہ پیالے گھومنے لگتے ہیں— ہوا جتنی تیز ہوتی ہے، اتنی ہی تیزی سے وہ گھومتے ہیں ۔اس کے نیچے لگاہواپیما نہ یہ شمار کرتا ہے کہ کسی مخصوص وقت میں اوپر لگے پیالے کتنی بارگھومے اور ہوا کی رفتار فی گھنٹےکتنے کلومیٹررہی ۔

(e) نمی یا رطوبت (Humidity)

ہماری فہرست میں نمی یا رطوبت موسم کا آخری عنصر ہے۔اس سے فضا میں آبی بخارات کی مقدار کا پتہ چلتا ہے۔اور یہ درجۂ حرارت ، ہوا، دباؤ اور مقام جیسے عوامل پر بھی منحصر ہوتی ہے۔

آئیے معلوم کریں

آپ کے خیال سے کوچی اور جے پور میں سے کہاں سب سے زیادہ نمی کا امکان ہے؟ آپ شاید اندازہ لگائیں کہ جے پور کے مقابلے میں کوچی میں نمی زیادہ ہوگی ۔ کیوں کہ وہ سمندرسے زیادہ نزدیک ہے لیکن یہ ہم یقینی طورسےکیسے جانیں گے؟ اگر ہمیں کوچی اور منگلورو کے درمیان نمی کی مقدار کا موازنہ کرنا ہو تو ہم کیسے کریں گے؟ اپنی جماعت کے ساتھیوں کےہمراہ اس پر گفتگو کیجیے۔

ان سوالات کا زیادہ درست جواب ہم اس وقت دے سکتے ہیں جب ہم رطوبت پیمائی کا طریقہ سیکھ لیں۔

اس سے پہلے کہ ہم آگے بڑھیں ،یہ ضروری ہے کہ ہم گریڈ6 کے سائنس کے اپنے اس سبق کو یاد کریں جو پانی کی حالتوں کے بارے میں ہے۔یہ رطوبت پیمائی کا طریقہ جاننے میں ہماری مدد کرے گا ۔

یاد رکھیں

  • جب پانی بخارات بن کر اڑتا ہے تو ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے۔
  • اگر فضا میں پہلے سے ہی پانی کی مقدار زیادہ ہے (زیادہ نمی ہو) تو پانی بخارات بن کر آہستہ آہستہ اڑتا ہے۔ایسا خاص طور سے بارش کے دنوں میں ہوتا ہے۔

فضا کی نمی کو اضافی نمی (Relative Humidity)کے طور پرناپا جاتا ہے۔ وہ فضا جس میں ذرا بھی آبی بخارات نہ ہوں( جو کہ قدرتی حالات میں ناممکن ہے) 0% پر شمار کی جاتی ہے،جب کہ آبی بخارات سے لبریز ہوا میں 100%نمی ہوگی۔ عام حالات میں خشک مو سم میں اضافی نمی کی حد 20% اور 40% کے درمیان ہوتی ہے جب کہ مرطوب موسم میں عام طور پراضافی نمی60% اور 80%کے درمیان ہوتی ہے۔

اس پر غوروفکرکریں

اگر دہلی میں نمی % 52ہے جب کہ کوچی میں 84% ہو تو ان دونوں مقامات میں سے کہاں پر کپڑے زیادہ جلدی سوکھنے کا امکان ہے؟ اور یہ فرض کریں کہ دونوں مقامات میں درجۂ حرارت برابر ہےتو آپ کو پسینہ کہاں زیادہ آئے گا۔

لیکن ہم ایسے اعداد کی پیمائش کیسے کرسکتے ہیں ؟ یہ ایک آلے کے ذریعے کیا جاتا ہے جس کو ’رطوبت پیما‘ (Hygrometer)کہتے ہیں۔ رطوبت پیماکی کئی قسمیں ہیں جو مختلف سائنسی اصولوں پر مبنی ہیں۔ نمی کی پیمائش بہت سی صنعتی سرگرمیوں میں بڑی اہمیت رکھتی ہے، جیسے غذاسازی (Food Processing)کے عمل میں۔ عجائب گھر بھی نمی پر کڑی نظر رکھتے ہیں کیوں کہ انھیں اپنی نوادرات کو محفوظ رکھنے کے لیے خشک ماحول برقرار رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-33-17 gues102.pdf

موسمیاتی اسٹیشن (Weather Stations)

جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کسی مخصوص مقام اور وقت پرموسم کی پیمائش کےلیے ہمیں کئی آلات کی ضرورت ہوتی ہے۔موسمیاتی اسٹیشن ان تمام آلات کو ایک جگہ جمع کردیتا ہے جس سے موسم کی پیمائش اور اس پر نظر رکھنا آسان ہوجاتا ہے۔ تمام پیمائشوں کے اعداد وشمار مقررہ وقفوں پر درج کیے جاتے ہیں، جو موسم کی نقشہ سازی اور پیش گوئی میں مددکرتے ہیں۔

خودکا رموسمیاتی اسٹیشن

(An automated weather station)

خود کار موسمیاتی اسٹیشن خود بخود چلنے والانظام ہےجوموسم کی پیمائش اور اعداد وشمارکاحساب رکھنے کے لیے مختلف حسّی آلات کااستعمال کرتا ہے۔ جیسے درجۂ حرارت، نمی، ہوا کی رفتار، شدیدبارش اور فضائی دباؤ۔اس طرح کے اسٹیشن زراعت، ہوابازی،جہاز رانی، ماحولیاتی نگرانی اور دیگر شعبوں میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں جو بغیرانسانی مداخلت کے درست اوربروقت موسم کی خبردیتے ہیں۔

اسے دیکھنانہ بھولیں

قومی مقتدرہ برائے انسدادِ آفات (National Disaster Management Authority) نے 2023 میں سمندری سطح سے4800 میٹرسے زیادہ اونچائی پر سکّم کی برفیلی جھیل پر ایک خودکار موسمی اسٹیشن قائم کیا تھا۔خود کار موسمیاتی اسٹیشن آئندہ موسمی حالات کی پہلے سے ہی خبردے دیتا ہے۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-34-18 gues102.pdf

موسم کی پیش گوئی (Predicting the weather)

ماہرین موسمیات ان آلات کی مدد سے طویل مدت تک اعداد وشمار جمع کرتے ہیں۔وہ اس اعداد وشمار کا تجزیہ کرکے سائنسی طریقۂ کار کی مددسے موسم کی پیش گوئی کی کوشش کرتے ہیں ۔اس طرح کی پیش گوئیاں آج کے زمانے میں بہت اہمیت رکھتی ہیں ۔کیوں کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید موسم (جیسے خشک سالی، سیلاب، سمندری طوفان وغیرہ) کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-35-02 gues102.pdf

درست موسمی پیش گوئیاں ہمیں اس طرح کے موقعوں کے لیے تیار رہنے میں مدد کرتی ہیں۔ یہ مقامی حکومتوں کو بھی وسائل کو منظم کرنے اور کسی ممکنہ آفت کے لیے قبل از وقت اقدامات کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر سمندر میں طوفانی موسم کا اندیشہ ہوتا ہے تو ماہی گیروں کو اپنی کشتیوں کو لے کر باہر نکلنے سے روک دیا جاتا ہے یا اگر سمندری طوفان کا اندیشہ ہو تو تمام ساحلی علاقے کو خالی کرالیا جاتا ہے۔

آئیے معلوم کریں

موسم کی پیش گوئیاں کن مواقع پر زیادہ مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس پر دودو کی جوڑیاں بناکر تبادلۂ خیال کیجیے۔ ان حالات کی ایک فہرست بنائیے اور اسے مکمل کرنے کے بعد اس کا اشتراک کیجیے اور اپنے پاس بیٹھی جوڑی کے ساتھ اس پر گفتگوکیجیے۔ دیکھیے کہ آپ حالات کے کتنے مختلف زمروں کی شناخت کرنے میں کامیاب رہے ہیں؟

اوپر دیے گئے ہندوستان کے نقشے کو توجہ سے دیکھیے۔ یہ نقشہ ہندوستان کے محکمۂ موسمیات نے 19 مئی 2024 کو جاری کیا تھا۔نقشے پر موجود علامتوں کا مطالعہ کیجیے اور دیکھیے کہ ان سے کون سے موسمی حالات ظاہر کیے جارہے ہیں، انھیں حالات سے جوڑیے۔

آئیے معلوم کریں

  • آپ کو اس دن نقشے میں کیا کچھ ہوتا ہوا نظر آرہا ہے؟ وہ کون سے مختلف موسمی حالات ہیں جن سے ہندوستان کا محکمۂ موسمیات لوگوں کو خبردار کررہا ہے؟
  • کن صوبوں پر خبردار کی علامتیں ہیں؟
  • ہندوستان کے کن حصوں میں شدید موسم کےخطرے کا امکان نہیں ہے؟
  • گرم ہواؤں کا سامنا کرنے والے ممکنہ صوبے کون کون سے ہیں؟
  • تری پورہ اورلکش دیپ میں ہوشیار رہنے کی کیا وجوہات ہیں؟

اس سے پہلے کہ ہم آگے بڑھیں...

  • درجۂ حرارت، نمی، بارش، تندہوا اور فضائی دباؤ مل کر کسی مخصوص مقام کے موسم کی کیفیت طے کرتے ہیں۔
  • ان عناصر کی پیمائش کے لیے خاص آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان آلات سے جمع کیے گئے اعدادوشمار موسم پر نظر رکھنے اور اس کی پیش گوئی میں ہماری مددکرتے ہیں۔
  • مختلف اوقات یا حالات میں موسم کے مختلف عناصر میں سے کوئی ایک نمایاں ہوجاتا ہے—مثال کے طور پر ،جولائی میں بارش،مئی اور دسمبر میں درجۂحرارت،طوفان کے دوران فضائی دباؤ اور لُو(شمالی ہند کی گرمیوں میں چلنے والی شدید ،گرم اور دھول بھری ہوائیں) یا جنگلات میں لگنے والی آگ کے دوران ہوا کی تیز رفتاری۔
  • موسم کا تعلق آب و ہوا سے بہت گہرا ہوتا ہےجس پر ہم اگلے باب میں بات کریں گے۔

سوالات اورسرگرمیاں

  1. آلے کو اس موسمی عنصر کے ساتھ ملائیے جس کی وہ پیمائش کرتاہے۔

    استعمال کیا جانے والاآلہ

    موسم کاعنصر

    (1)

    رطوبت پیما (Hygrometer)

    (a)

    بارش

    (2)

    بادپیما (Anemometer)

    (b)

    فضائی دباؤ

    (3)

    دبائوپیما (Barometer)

    (c)

    ہوا کی سمت اوررفتار

    (4)

    حرارت پیما (Thermometer)

    (d)

    نمی

    (5)

    باراں پیما(Rain Gauge)

    (e)

    درجہ ٔحرارت

2. جیوتسنا تعلیمی سیاحت(School Trip) کے لیے جون کے مہینے میں ممبئی جانے کے لیے کپڑے تیار کررہی ہے۔ موسم کی پیش گوئی کے مطابق درجۂ حرارت 29اور 84%نمی ہے ۔ اسے آپ کیا مشورہ دیں گے؟

3. تصور كیجیے كہ طلبا كا ایك چھوٹا سا گروپ باراں پیما نصب کرنا چاہتا ہے۔

ان کے پاس درج ذیل مقامات کے متبادلات ہیں:

1. اسكول کی سبزیوں کی کیاریاں

2. اسكول کی عمارت كی چھت

3. اونچے چبوترے والا کھلا میدان

4. اسکول کی بیرونی دیوار

5. اسكول كی تجربہ گاہ كا برآمدہ

اپنے گروپ میں اس پر تبادلہ ٔ خیال كیجیے اور جگہ كا تعین كیجیے۔ اپنے انتخاب کی وجوہات بھی لکھیے۔

4. ذیل میں ایك خاكہ ہے جو ہندوستانی محكمۂ موسمیات جموں اوركشمیر سے لیا گیاہے۔ دست یاب اعداد و شمار كو دیكھتے ہوئے دكھائی گئی تاریخ میں جموں اوركشمیر كے مختلف حصوں میں موسمی حالات کی اطلاع دینے كے لیے ایك مختصر تحریر لكھیے۔

(اشارہ: درجۂ حرارت كی حد، زیادہ سے زیادہ اور كم سے كم درجۂ حرارت، نمی، بارش یا برف باری کی تفصیل وغیرہ)

روزانہ موسم کے اعدادوشمار

جموں وکشمیر(شام)

تاریخ: 01-02-2024

اسٹیشن

آج کا زیادہ سے زیادہ
درجۂ حرارت

آج کاکم سے کم
درجۂ حرارت

08:30 بجےسے 17:30 بجے تک
(mm
/cm)

24 گھنٹےکےاندر بارش ختم ہونے کا وقت 08:30
تاریخ (mm/cm)

اضافی نمی

اصل

Act

(C°)

معمول کے مطابق

NOR

(C°)

معمول سے زیادہ فرق

DEP

(C°)

اصل

Act

(C°)

معمول کے مطابق

NOR

(C°)

معمول سے زیادہ فرق

DEP

(C°)

08:30
(%)

17:30
(%)

بارش

R/F

(mm)

برف

باری

S/N

(cm)

بارش

R/F

برف باری

S/N

سری نگر

6.5

8.9

2.4–

0.2

0.7–

0.9

TR

0.0

13.4

2.4

89

89

قاضی گنڈ

3.2

8.5

5.3–

0.4–

2.1–

1.7

11.8

10.0

36.2

22.0

97

90

پہل گام

1.1

5.6

4.5–

4.1–

6.1–

2.0

6.0

8.0

19.4

23.0

96

96

کپواڑہ

5.1

8.5

3.4–

0.7–

2.3–

1.6

0.5

0.0

21.9

10.0

97

94

ککرناگ

2.6

6.6

4.0–

1.4–

2.4–

1.0

12.0

8.0

35.2

30.0

96

97

گل مرگ

2.6–

1.4

4.0–

7.6–

7.6–

0.0

8.2

6.35

35.2

35.0

76

100

مظفرآباد

8.5

5.6

25.8

93

نوٹ: ACT کا مطلب ہےاصل درجۂ حرارت؛ NOR کا مطلب ہے معمول کے مطابق درجۂ حرارت؛ DEP کا مطلب ہے معمول سے زیادہ فرق۔ R/Fکا مطلب ہے بارش ؛ S/N کا مطلب ہےبرف باری ؛ TR کا مطلب ہے برائے نام مقدار۔

Screenshot 2026-01-29 at 12-39-56 gues102.pdf