10
چیونٹیوں کی قطار
کتنی دل کش ہے چیونٹیوں کی قطار
ہیں یہ اتنی نہیں ہے جن کا شمار
چال میں نظم و ضبط ہے کتنا
ان میں آپس میں ربط ہے کتنا
لشکر بے نظیر کی صورت
ایک کالی لکیر کی صورت
عزم و ہمت سے ہیں سبھی لبریز
اپنے کاموں میں ہیں یہ کتنی تیز
یہ نهایت ذہین لگتی ہیں
ننھی منی مشین لگتی ہیں
اپنی منزل کی سمت سب ہیں رواں
حوصلے ان کے لگ رہے ہیں جواں
جانتی ہی نہیں تھکاوٹ کو
مانتی ہی نہیں رکاوٹ کو
ٹوک سکتا نہیں انھیں کوئی
روک سکتا نہیں انھیں کوئی
عزم کی یہ چٹان ہوتی ہیں
اس لیے کامران ہوتی ہیں
سخت راہوں مشکلوں سے بھی گزر جائیں
مشکلوں سے کبھی نه گھبرائیں
ہم کو غفلت سے یہ جگاتی ہیں
کام کرنے کے گر سکھاتی ہیں
ہمتوں کا نشان ان کی قطار
عظمتوں کا جہان ان کی قطار
جان ننھی سی کام ان کا بڑا
پھر نہ کیسے ہو نام ان کا بڑا
دے رہی ہیں یہ محنتوں کا پیام
ہم کریں ان کے حوصلوں کو سلام
- ظفر کمالی
لفظ و معنی
غور کیجیے
- نظم میں یہ بتایا گیا ہے کہ ایک چھوٹی سی چیونٹی کس طرح اپنی قطار سے اجتماعی ہم آہنگی کی مثال پیش کرتی ہے۔ کثیر تعداد میں چیونٹیاں ایک لکیر کی شکل میں آگے بڑھتی اور ہمیں نظم وضبط کے ساتھ زندگی گزارنے کا سبق دیتی ہیں۔
- چیونٹیاں اپنی جسامت کی فکر کیے بغیر منزل کو نظر میں رکھ کر ایک ساتھ پر عزم طریقے سے چلتی رہتی ہیں۔ آپ نے انھیں کسی ایک جگہ خاموشی کے ساتھ ٹھہرے ہوئے نہیں دیکھا ہو گا۔ یہ ہمہ وقت متحرک اور اپنے کام میں مصروف رہتی ہیں۔
سوچیے اور بتائیے
- نظم میں چیونٹیاں کس طرح ہمیں غفلت سے بیدار کرتی ہیں؟
- چیونٹیاں عزم کی چٹان ہوتی ہیں، سے کیا مراد ہے؟
- چیونٹی کو نھی منی مشین کیوں کہا گیا ہے؟
- نظم کے ان اشعار کو لکھیے جن میں اجتماعیت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے
- کتنی دلکش ہے چیونٹیوں کی قطار
ہیں یہ اتنی نہیں ہے جن کا شمار
اس شعر میں چیونٹیوں کی کسی خوبی کو بیان کیا گیا ہے؟
نیچے لکھے سوالوں کے جوابات میں سے آپ کون سا جواب منتخب کریں گے اور کیوں؟
(الف) نظم چیونٹیوں کی قطار میں کس بات کا ذکر موجود ہے؟
- ان کی ہمت و حوصلہ کا ذکر کیا گیا ہے
- اتحاد کی طاقت کا ذکر کیا گیا ہے
- آپسی نظم و ضبط کی طرف اشارہ کیا گیا ہے
- ایک ساتھ مل کر رہنے کی تلقین کی گئی ہے
(ب) چیونٹیوں کی قطار ، ہمیں کیا پیغام دیتی ہے؟
- تھکاوٹوں اور رکاوٹوں سے بچنا
- منزل پر کامیابی کے ساتھ پہنچنا
- پہاڑوں اور چٹانوں کی دشواریوں سے نہ گھبرانا
- سختیوں اور مشکلوں کا مقابلہ کرنا
●اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر تبادلۂ خیال کیجیے:
(الف) دے رہی ہیں یہ محنتوں کا پیام
ہم کریں ان کے حوصلوں کو سلام
(ب) ہم کو غفلت سے یہ جگاتی ہیں
کام کرنے کے گر سکھاتی ہیں
ذیل کے کالم الف میں اشعار اور کالم 'ب، میں ان کے مفاہیم درج ہیں۔ کالم الف کے شعر کو کالم ”ب“ کے درست مفہوم سے ملائیے:
| الف | ب |
| 1. یہ نہایت ذہین لگتی ہیں ننھی منی مشین لگتی ہیں |
i. مشکل اور سخت راہوں سے گھبراتی نہیں ہیں۔ |
| 2. سخت راہوں سے بھی گزر جائیں مشکلوں سے کبھی نہ گھبرائیں |
ii. ہمت اور ارادے کے ساتھ اپنے سفر کی طرف آگے بڑھ رہی ہیں۔ |
| 3. اپنی منزل کی سمت سب ہیں رواں حوصلے ان کے لگ رہے ہیں جواں |
iii. یہ ایک چلتی پھرتی چھوٹی مشین معلوم ہوتی ہے۔ |
پڑھیے، سمجھیے اور لکھیے
●اس نظم میں عزم و ہمت اور نظم وضبط دو الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔ ان دونوں لفظوں کو دو سے جوڑا گیا ہے جس کا مطلب اور ہے۔ ایسے الفاظ کو مرکب الفاظ کہا جاتا ہے۔ نیچے دیے گئے مرکب الفاظ پر غور کیجیے اور انھیں جملوں میں استعمال کیجیے:
- آب و ہوا __________
- آمد و رفت ___________
- خیر و شر ________________
- عقل و شعور ______________
- صبح و شام ________________
●ان لفظوں پر غور کیجیے:
دل کش عقل مند شاندار
ان الفاظ میں دل، عقل اور شان اسم ہیں لیکن ان کے ساتھ کش، مند اور دار الفاظ کا اضافہ کرنے سے ان کے معنی تبدیل ہو گئے ہیں۔ جب اسم کے آگے کوئی لفظ یا حروف بڑھا کر صفت بنائی جاتی ہے تو اسے لاحقہ کہتے ہیں۔ نیچے دیے گئے الفاظ کے آگے لاحقہ لگا کر الفاظ بنائیے:
- ایمان = _____________
- دولت = _____________
- جان = _____________
- ضرورت = _____________
- فکر = _____________
●نظم کے ہر شعر میں ہم آواز الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے، مثال کے طور پر ربط اور ضبط نظم میں استعمال ہونے والے پانچ ہم آواز الفاظ تلاش کر کے لکھیے:
مثال نظیر لکیر
●ایک لفظ بتائیے:
آپ کو معلوم ہے کہ اردو میں ایسے الفاظ بکثرت موجود ہیں جو کئی لفظوں میں کہی جانے والی بات کو ایک لفظ یا میں ادا کرتے ہیں، جیسے ٹکسال یعنی وہ جگہ جہاں سکے ڈھالے جاتے ہیں۔ نیچے لکھے لفظوں کے لیے ایک لفظ معلوم کر کے لکھیے:
- وہ کاپی جس پر اشعار لکھتے ہیں۔ ____
- سات ستارے جو آس پاس رہتے ہیں۔ ____
- وہ پہاڑ جو آگ اگلتا ہے۔ ____
- وہ پتھر جس پر سونے کو گھس کر پر کھتے ہیں۔ ____
- وہ جگہ جہاں زمین اور آسمان ملے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ ____
●نیچے دی گئی پہیلی کو پڑھیے۔ اس پہلی کا جواب چیونٹی ہے:
ایک نار بھونرا سی کالی
آپس میں رہتی خوش حالی
محنت کرکے کام بنائیں
آپ سے دونا بوجھ اٹھائیں
اپنے ہم جماعت طلبا کے ساتھ گفتگو کیجیے اور نیچے دی گئی پہیلیوں کے جواب معلوم کیجیے:
1. ننھی سی جان ہے یہ
لیکن مہان ہے یہ
گر گر کے سنبھلے خود ہی
حاصل جہان ہے یہ
2. کالا ہے کوا نہیں ، سر بڑا ہے ہاتھی نہیں
کمر پتلی چیتا نہیں پیڑ پر چڑھتا بندر نہیں
3. بندہ پہیلی بزم میں اب ایسی کہے گا
جس میں کہ رہے نام پروانہ کرے گا
تخلیقی اظہار
- کیا آپ نے کبھی چیونٹیوں کی قطار کو روکنے کی کوشش کی ہے، اس کے نتیجے میں آپ نے جو محسوس کیا اسے اپنے الفاظ میں لکھیے۔
- چیونٹیاں متحد ہو کر اپنا کام کرتی ہیں اور یہ سکھاتی ہیں کہ ہمیں کس طرح مل جل کر کام کرنا چاہیے۔ آپ اپنے ہم جماعت ساتھیوں کے ساتھ مل کر کون کون سے کام کرتے ہیں؟ فہرست تیار کیجیے اور ان کی تفصیل لکھیے۔
عملی کام
- چیونٹیوں کی طرح کچھ اور بھی جاندار ہوتے ہیں جو ایک ساتھ مل کر منظم طریقے سے زندگی گزارتے ہیں۔ معلوم کیجیے اور ان کے بارے میں لکھیے ۔
- چیونٹیوں سے متعلق کوئی کہانی یا نظم تلاش کیجیے اور اس کا خلاصہ اپنی زبان میں لکھیے۔