ڈائری لکھیے

رات کا کھانا کھانے کے بعد گھر کے لوگ ٹی وی دیکھنے میں مصروف تھے۔ حامد اپنے کمرے میں لیٹا آرام کررہاتھا۔ دوستوں کی کئی دل چسپ باتیں اسے یاد آرہی تھیں۔ آج پکنک میں بڑا مزا آیا۔
’’حامد بیٹا! ایک گلاس پانی لانا۔ ‘‘ابو کی آواز سنائی دی۔ وہ پانی لے کر پہنچا تو دیکھا کہ ابّومیز پر جھکے ہوئے کچھ لکھ رہے تھے۔ حامد نے پوچھا — ’’ابّواس وقت آپ کیا لکھ رہے ہیں؟ ‘‘
’’بیٹا ، میں ڈائری لکھ رہاہوں۔‘‘
’’ ابّوٗکل ہماری کلاس ٹیچر بھی ڈائری کا ذکر کررہی تھیں۔ آپ مجھے ڈائری کے بارے میں کچھ بتائیے۔‘‘
حامد کے ابّونے بتایا — ڈائری لکھنا ایک دل چسپ مشغلہ ہے۔ اس کے بہت سے فائدے ہیں۔ بعض مشہور لوگوں کی زندگی کے بارے میں تو اُن کی ڈائری ہی سے معلومات حاصل ہوتی ہیں۔ اردو میں ڈائری کو روزنامچہ بھی کہتے ہیں۔ کچھ لوگ اسے پابندی کے ساتھ لکھتے ہیں اور کچھ لوگ کبھی کبھی۔ زندگی کے اہم واقعات ڈائری کی شکل میں پیش کیے جاتے ہیں۔
’’بیٹے! تم خود بھی ڈائری لکھ سکتے ہو، اس طرح تمھیں لکھنے کی عادت اور مشق ہوجائے گی۔ ڈائری میں اپنی زندگی کے علاوہ دوست، احباب، خاندان اور ملک کے اہم واقعات اور حالات غرض سبھی کچھ لکھا جاسکتاہے۔ ‘‘
ابّو نے حامد کو ایک نئی سادہ ڈائری دی۔ حامد نے پوچھا — ’’ابّوٗ میں ڈائری میں لکھنا کیسے شروع کروں؟‘‘ ابّو نے بتایا — ’’حاشیہ چھوڑ کر سب سے پہلے تاریخ اور دن لکھو۔ پھر لکھو کہ تم صبح کس وقت جاگے۔ معمولات میں کوئی تبدیلی آئی ہو تولکھو کہ آج صبح میں سات بجے جاگا۔ ویسے میں روزانہ پانچ بجے اٹھ جاتاہوں۔ دراصل میں کل پکنک پر گیا تھا۔ تکان کی وجہ سے دیر تک سوتارہا۔ ٹھیک ہے بیٹا!۔اپنی پکنک کے بارے میں کچھ باتیں لکھو۔ جیسے بس کا سفر ،جب چڑیا گھر پہنچے تو وہاں کیا کیا دیکھا ،موسم کا ذکر،جانوروں کے بارے میں لکھو۔کسی دن کوئی عزیز آجائے، یا تم کسی دوست کے یہاں گئے ہوتو اس کا ذکر بھی ڈائری میں ہوسکتاہے۔
امّی یا بھیّا کے ساتھ بازار جانا ہوا ہوتو وہ بھی لکھ سکتے ہو۔ جو چیزیں خریدی ہوں، ان کی قیمت لکھ لو۔ اس طرح چیزوں کی قیمتیں بھی تمھاری ڈائری میں محفوظ ہوجائیں گی۔ اگرتم پرانے لوگوں کی ڈائری دیکھوگے تو چیزوں کی قیمتیں جان کر تمھیں حیرت ہوگی۔‘‘
حامد غور سے ساری باتیں سن رہاتھا — ’’ابّو! ڈائری لکھنا تو واقعی دل چسپ اور اہم کام ہے۔ ڈائری میں اورکیاکچھ لکھا جاسکتاہے؟‘‘
’’زندگی کے کسی بھی اہم اور دل چسپ واقعے کوڈائری میں قلم بند کیا جاسکتاہے۔ کسی عزیز، کسی ادیب، اہم سیاسی لیڈر، مذہبی رہنما کا انتقال ہواہو یا ملک میں کوئی اہم واقعہ پیش آیاہو تو اس کا بھی ذکر کرسکتے ہیں۔ اگر تمھارے ساتھ کسی نے بھلائی یااحسان کیا ہوتواس کاذکر بھی ضرور کرنا چاہیے۔ ایسا کوئی واقعہ جس سے اخلاقی سبق ملتاہو، یا کسی کااچھا شعر یا قول بھی اپنی ڈائری میں لکھا جاسکتاہے۔ اس طرح تمھاری ڈائری کی ایک دستاویزی اہمیت بھی ہوجائے گی۔ آج کل کمپیوٹر میں بھی زندگی کی اہم یادیں محفوظ کی جانے لگی ہیں۔ یہ بھی ڈائری کی ہی ایک شکل ہے۔‘‘
مشق
1 معنی یاد کیجیے:
معمولات : وہ کام جو روزانہ کیے جائیں ، معمول کی جمع
حیرت : تعجب
احباب : دوست ، حبیب کی جمع
حاشیہ : صفحے کا کنارہ
قلم بندکرنا : لکھنا
دستاویز : قیمتی کاغذات
2 سوچیے اور بتائیے:
(i) حامد کے ابو اپنی میز پر جھکے ہوئے کیالکھ رہے تھے؟
(ii) ڈائری کو اردو میں کیاکہاجاتاہے؟
(iii) ڈائری لکھنے کے کیا فائدے ہیں؟
(iv) حامد کے ابّو نے کیوں کہا کہ اگر تم پرانے لوگوں کی ڈائری دیکھو گے تو چیزوں کی قیمتیں جان کر تمھیں حیرت ہوگی؟
3 نیچے دیے ہوئے الفاظ کو جملوں میں استعمال کیجیے:
قیمت رہنما مشق موسم
4 خالی جگہوں کو نیچے دیے ہوئے الفاظ سے بھرئیے:
تکان دل چسپ مشغلہ یاد عادت
(i) دوستوں کی دل چسپ باتیں اسے ________آرہی تھیں۔
(ii) ڈائری لکھنا ایک دل چسپ ________ ہے۔
(iii) اس طرح تمھیں لکھنے کی ________ اور مشق ہوجائے گی۔
(iv) ________ کی وجہ سے دیر تک سوتارہا۔
(v) ڈائری لکھنا تو واقعی ________ اور اہم کام ہے۔
5 عملی کام:
مشہور ڈائریوں اور ان کے مصنفین کے نام معلوم کرکے لکھیے۔
