Skip to content
Jaan Pehchan  Chapter-14


انٹر نِٹ


(Internet )

سائنس نے ہمارے لیے بہت سی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ ہم بیمار پڑ جائیں تو علاج کے لیے بہت سی دوائیں ، بہت سی مشینیں مہیّا ہیں۔ مواصلاتی نظام پر غور کریں تو خط سے لے کر تار ، ٹیلی فون ، ٹیلی وِژن ، موبائل اور اب انٹرنٹ جیسی کئی آسانیاں ہمیں حاصل ہیں۔

دوسری عالمی جنگ (46-1939) کے زمانے میں ایک نئے مواصلاتی نظام کی ضرورت شدّت سے محسوس کی گئی، ایک ایسا نظام جو بہت تیزی سے کام کرسکے۔ سائنس دانوں نے کمپیوٹر کے ذریعے اس نئے نظام کو کھوج نکالا۔ اسی کو ہم انٹرنٹ کہتے ہیں۔ 


c14.1

انٹر نِٹ کمپیوٹر نِٹ ورک(Network ) کا ایک اہم حصّہ ہے ۔ یہ دراصل الیکٹرانک سلسلوں کا ایک مجموعہ ہے جو تمام دنیا میں مواصلاتی رشتہ یا وحدت قائم کرتا ہے۔ ہم دنیا کے کسی بھی حصّے میں ہوں، انٹرنٹ کے ذریعے کسی سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔ رابطے کا یہ طریقہ ای ۔میل (e-mail )کہلاتا ہے ۔ ای۔ میل انٹرنٹ کی ایک ایسی خدمت ہے جس نے ٹیلی فون سے زیادہ تیز تر رابطے کا نہایت آسان طریقہ، بہت کم خرچ پر مہیّا کردیا ہے۔ چونکہ ای ۔ میل کی سہولت اب موبائل پر بھی دستیاب ہے لہذا تار بچھانے اور دیگر زمینی انتظامات کرنے کی ضرورت بھی باقی نہیں رہی ہے۔
کمپیوٹر کی انٹرنٹ یا ای۔میل خدمات حاصل کرنے کے لیے تین چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک موڈیم(MODEM) ،  دوسری ٹیلی فون یا موبائل کنکشن اور تیسری انٹرنٹ سروس مہیّا کرنے والی تنظیم ۔ موڈیم ایک آلہ ہے جو کمپیوٹر کے اعداد و شمار اور عبارتوں کو ایک خاص قسم کے اشاروں میں تبدیل کردیتا ہے۔ یہ اشارے ٹیلی فون یا موبائل لائن کے ذریعے دنیا کے کسی بھی حصّے میں بھیجے جاسکتے ہیں۔ انھیں حاصل کرنے والا موڈیم اشاروں کو دوبارہ اعداد و شمار اور عبارت میں بدل دیتا ہے۔ اس طرح ہم آنے والے پیغام کو اپنے کمپیوٹر یا موبائل کے پردے (SCREEN ) پر پڑھ سکتے ہیں۔
انٹر نٹ کے ذریعے پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے کا طریقہ نیچے دیے ہوئے نقشے کی مدد سے سمجھا جاسکتا ہے:

مقام ’الف‘    مقام ’ب‘
کمپیوٹر انٹرنٹ سروس
یا
موبائل موڈیم۔ کمپیوٹر۔ پر نٹر

کی بورڈ پرنٹر موڈیم ٹیلی فون کنکشن پیغام
c14.2

(نقشہ 1 )


ای ۔ میل (e-mail )کیا ہے؟


ای۔میل انٹر نٹ خدمات کاایک حصّہ ہے جو پیغامات کو اشاروں میں تبدیل کرکے ایک جگہ سے دوسری جگہ بھیجتا ہے۔ اس کے لیے اوپر بیان کی گئی سہولتوں کے ساتھ ہمیں ای۔ میل کا پتا معلوم ہونا بھی ضروری ہے ۔ ای ۔میل کا پتا ہم اپنی مرضی سے مقرّر کرسکتے ہیں۔ یہ پتا عام طور پر اپنے پورے نام یا اس کے’ مخفَّف‘( مختصر شکل) کو انٹرنٹ سروس کے نام کے ساتھ جوڑ کر بنایاجاتا ہے۔ 
فرض کیجیے ہمارانام سیّد زاہد علی اور انٹرنٹ سروس کا نام AALOO ہے، اس لحاظ سے ہمارا ای۔میل پتا اس طرح ہوسکتا ہے:
یا

www (ورلڈ وائڈ ویب)


ورلڈ وائڈ ویب کے نام ہی سے ظاہر ہے کہ یہ تمام دنیا میں پھیلاہوا ایک الیکٹرانک جال ہے جس کا استعمال ہم دنیا کے ہر حصّے میں کر سکتے ہیں۔ اس کے استعمال کے لیے کمپیوٹر پر ویب سائٹ کا فراہم ہونا ضروری ہے ۔ ویب سائٹ (website) ایک قسم کا کنکشن ہے جسے انٹرنٹ سروس دینے والی تنظیم فراہم کرتی ہے۔ انٹرنٹ پر ویب سائٹ اور اس کے عمل کو نیچے دیے گئے نقشے سے سمجھا جاسکتا ہے:

کمپیوٹر: موڈیم ورلڈ وائڈ ویب
ٹیلی فون کنکشن فائل ٹرانسفر پروٹوکول
سروس مہیّا کرانے والا ٹیل نٹ یونٹ
ویب سائٹ گورنر
c14.3

(نقشہ : 2 )

فائل ٹرانسفر پروٹوکول(F.T. P )

اس کے ذریعے کسی بھی ویب سائٹ میں محفوظ کی جانے والی اطلاعات کو اپنے کمپیوٹر پر دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کی نقل کی ضرورت ہو تو پرنٹر کے ذریعے نقل بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔

ٹیل نِٹ(Telnet )


اس کی مدد سے کسی بھی دور دراز کے کمپیوٹر کو ہم گھر بیٹھے اپنے کمپیوٹر ہی کی طرح استعمال کرسکتے ہیں۔

یوزنٹ(Usenet)


یہ طریقہ اطلاعات کو بھیجنے او رمنگانے کا سب سے تیز رفتار طریقہ ہے۔ اپنی برق رفتاری کی وجہ سے انٹرنٹ کا یہ طریقہ بہت مقبول ہوا ہے۔

بینکوںمیں انٹرنٹ کا استعمال (e-banking )

ہم نے شہروں میں اے۔ٹی۔ایم (ATM )کے کاؤنٹر دیکھے ہیں۔ اس کا پورا نام اوٹومیٹک ٹرانزیکشن مشین ( AUTOMATIC TRANSACTION MACHINE )ہے۔ یہ مشین انٹرنٹ کے ذریعے کام کرتی ہے۔ ہمارا بینک کھاتا دنیا کے کسی بھی حصّے میں ہو، اسے انٹرنٹ کے ذریعے کہیں بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔بینک ہر کھاتے دارکو ایک پہچان کارڈ جاری کرتا ہے۔اس کارڈ کو اے ٹی ایم میں ڈالنے سے کمپیوٹر ہماری پہچان کرلیتا ہے۔ پہچان قائم ہوتے ہی ہم رقم نکال سکتے ہیں اس لیے بینک جانے کی یا فارم بھر نے وغیرہ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بینک کے کلرک خزانچی یا کیشیئر کی بھی ضرورت نہیں۔ بس بٹن دبایا اور اے۔ ٹی۔ایم سے گنی گنائی رقم ہمارے ہاتھوں میں آگئی۔

ای۔ٹکٹ(e-ticket )


بینک کی طرح اب ریل ، بس اور ہوائی جہاز کی کمپنیاں بھی انٹرنٹ کا استعمال کرنے لگی ہیں۔ ہمیں ٹکٹ لینے کے لیے ریلوے اسٹیشن یا ہوائی اڈّے جاکر گھنٹوں لائن میں کھڑے رہنے کی ضرورت نہیں۔ ہم کمپیوٹر کے ذریعے یا قریب کے سائبر کیفے میں اپنا ٹکٹ بُک کراسکتے ہیں۔ ٹکٹ کی رقم ہمارے ای۔ بینک اکاؤنٹ سے خود بخود ادا ہوجاتی ہے۔

معلومات کا خزانہ—(انٹرنٹ)


آج کل دنیا کی ہر معلومات انٹرنٹ پر دستیاب ہے۔ تمام اخبارات، اطّلاع نامے، اشتہارات اور کتابیں وغیرہ انٹرنٹ پر دے دیے جاتے ہیں۔ ہم اپنے کمپیوٹرپر انھیں بہ آسانی پڑھ سکتے ہیں۔ خود اپنی معلومات، اطّلاعات ہم انٹرنٹ پر ڈال سکتے ہیں تاکہ وہ تمام دنیا کو آسانی سے دستیاب ہوسکیں۔

انٹرنٹ پر کتب خانے:


دنیا کی بڑی بڑی لائبریریاں اپنی کتابیں انٹرنٹ پر فراہم کرتی ہیں۔ آپ کو جس کتاب کی ضرورت ہو، اپنے کمپیوٹر پر دیکھ اور پڑھ سکتے ہیں۔ آج انگلینڈ ، امریکہ اور تمام بڑے ملکوں کی لائبریریاں ہمیں انٹرنٹ پر دستیاب ہیں۔ اس کا سب سے زیادہ فائدہ پڑھنے والے بچّوں کو ہورہا ہے۔ ہم اپنے مضامین سے متعلق سارا مواد گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں۔ اسی طرح اخبارات بھی انٹرنٹ پر پڑھ سکتے ہیں۔

انٹر نِٹ کے فائدے:


انٹر نٹ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ فاصلوں کو نہایت تیزی کے ساتھ ختم کرتا ہے۔ ہم دنیا کے کسی بھی حصّے میں، کسی بھی شخص سے فوراً رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس کے ذریعے آن کی آن میں پیغامات اور تصاویر بھیجی جاسکتی ہیں۔ ویب سائٹ میں محفوظ ہر قسم کی معلومات بٹن دباتے ہی کمپیوٹر سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ کتب خانوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ علوم کے ماہرین، تاجر، صنعت کار اور پیشہ ور حضرات اس کی مدد سے اپنا کام بہت عمدہ طریقے سے اور بہت جلد پورا کرسکتے ہیں۔ اس سے کھیل تماشے اور دل بہلاوے کا سامان بھی مہیّا کیا جاسکتا ہے۔ اشتہارات کے ذریعے ضرورت کی اشیا کو تلاش کیا جاسکتا ہے۔ طالبِ علم اس کے ذریعے اپنی تعلیم آسانی سے پوری کر سکتے ہیں۔ انٹرنٹ کے بغیر اب ہماری ترقّی ممکن نہیں۔
(ادارہ)


مشق



معنی یاد کیجیے:


مواصلاتی نظام(Communication System)     :       وہ جدید وسائل جن کی مدد سے پیغامات ایک جگہ سے دوسری                                                                          جگہ بھیجے جاتے ہیں
مہیّا                                                           :       فراہم ،دستیاب
تنظیم                                                         :        ادارہ
وحدت                                                       :         اکائی
دستیاب ہونا                                                  :         حاصل ہونا، ہاتھ آنا
صنعت کار                                                    :        کارخانے دار (Industrialist )

غور کیجیے:

•       اس سبق میں ای۔میل ، ای۔ ٹکٹ اور اے۔ٹی۔ایم وغیرہ کا تعارف پیش کیا گیاہے۔ آپ روز مرّہ زندگی میں انٹرنٹ کے               استعمال کی دوسری صورتیں بتائیے۔
      ہر چیزکے فائدے اور نقصانات ہوتے ہیں۔ انٹرنٹ کے فائدوں پر ہم نے غور کیا ۔ آپ اس کے نقصانات پر غور                   کیجیے اور  کم از کم تین نقصانات کاپی میں لکھیے۔

•     سوچیے اور بتائیے:

مواصلاتی نظام کسے کہتے ہیں اور اس میں کون سے وسائل شامل ہیں؟
 2۔ انٹرنٹ کس طرح کام کرتا ہے؟
ای۔ میل بھیجنے کا کیا طریقہ ہے؟
موڈیم کسے کہتے ہیں؟
بینک کے نظام میں انٹرنٹ کس طرح مفید ہے؟
ای۔ ٹکٹ کسے کہتے ہیں؟
انٹر نٹ سے طلبا کو کیا فائدے ہیں؟

نیچے لکھے ہوئے الفاظ کے واحد لکھیے:


تصاویر اطلاعات ماہرین معلومات کتب اخبارات
مضامین اعداد آلات

عملی کام

٭ کسی سائبر کیفے میں جاکر انٹر نٹ کی تمام عملی صورتوں سے واقفیت حاصل کیجیے اور اس موضوع پر ایک تصویری مضمون تیار کیجیے۔
٭ انٹر نٹ کے فائدے اور نقصانات کے بارے میں اپنے دوستوں سے بات چیت کیجیے۔