ساحرؔ لدھیانوی
(1980 – 1921)
ساحرؔ کا اصل نام عبد الحئی تھا وہ ساحر لدھانوی کے نام سے مشہور ہوئے۔ لدھیانہ (پنجاب) میں پیدا ہوئے ۔ زمانۂ طالب علمی ہی سے شعر کہنے لگے تھے۔ 1936 میں ترقی پسند تحریک شروع ہوئی۔ اس تحریک سے وابستہ ہونے والوں میں ساحرؔ بھی شامل تھے۔ 1947 میں تقسیم ملک کے بعد دہلی چلے آئے پھر تلاش معاش میں ممبئی پہنچے،جہاں انھوں نے فلموں کے لیے گیت لکھے۔ساحرؔ نے اپنی شاعری سے ہندوستانی فلموں میں گانوں کے معیار کو بہت بلند کیا۔ اپنے زمانے کے وہ سب سے مشہور گیت کار تھے۔ ان کے فلمی گیتوں میں بھی ان کی شاعری کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔ عوام کے دکھ درد کا احساس او رماحول کی کشمکش کا اثر ان گیتوں میں نمایاں ہے۔ ’’تلخیاں‘‘ ان کی شاعری کا پہلا مجموعہ ہے۔ اس کے بہت سے ایڈیشن شائع ہوئے۔ ’’آؤ کہ کوئی خواب بُنیں‘‘ بھی ان کی شاعری کا معرو ف مجموعہ ہے۔ ’’گاتا جائے بنجارہ‘‘ میں ساحرؔ کے فلمی گیت یکجاکردیے گئے ہیں۔ ساحرؔ کی ’’پرچھائیاں‘‘ اردو کی طویل نظموں میں ایک خاص حیثیت رکھتی ہے۔
اے شریف انسانو!
خون اپنا ہو یا پرایا ہو
نسلِ آدم کا خون ہے آخر
جنگ مشرق میں ہوکہ مغرب میں
امنِ عالم کا خون ہے آخر
بم گھروں پر گریں کہ سر حد پر
روحِ تعمیر زخم کھاتی ہے
کھیت اپنے جلیں کہ غیروں کے
زیست فاقوں سے تِلملاتی ہے
ٹینک آگے بڑھیں کہ پیچھے ہٹیں
کوکھ دھرتی کی بانجھ ہوتی ہے
فتح کا جشن ہوکہ ہار کا سوگ
زندگی میّتوں پہ روتی ہے
جنگ تو خود ہی ایک مسئلہ ہے
جنگ کیا مسئلوں کا حل دے گی
آگ اور خون آج بخشے گی
بھوک اور احتیاج کل دے گی
اس لیے اے شریف انسانو!
جنگ ٹلتی رہے تو بہتر ہے
آپ اور ہم سبھی کے آنگن میں
شمع جلتی رہے تو بہتر ہے
(ساحرؔ لدھیانوی)
مشق
• معنی یاد کیجیے:
نسلِ آدم : آدم کی نسل ، تمام انسان
مشرق : پورب
مغرب : پچھم
فتح : جیت
احتیاج : ضرورت
عالم : دنیا
روحِ تعمیر : تعمیر کا جذبہ، زندگی کو بنانے، سنوارنے کی خواہش
زیست : زندگی
جشن : خوشی کی تقریب ، چہل پہل
• غور کیجیے:
٭ جنگ سے بربادی اور تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔جنگ انسانی ترقّی اور خوش حالی کی دشمن ہے۔
•سوچیے اور بتائیے:
1 ۔ ’’روحِ تعمیر‘‘ کے زخم کھانے سے شاعر کی کیا مراد ہے ؟
2 ۔ دھرتی کی کوکھ بانجھ ہونے سے کیا مطلب ہے؟
3 ۔ شاعر نے جنگ کو امنِ عالم کا خون کیوں کہاہے؟
• عملی کام:
٭ اس نظم میں اپنا ، پرایا، مشرق، مغرب وغیرہ متضاد الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔ ایسے ہی کچھ لفظوں کی فہرست بنائیے۔
٭ جنگ کے نقصانات پر مختصر مضمون لکھیے۔