Skip to content

6

CCTکاکنورجنس

’’دیہی علاقوں میں رہنے والے سات سو ملین لوگوں کو دیہی ترقی کے ایک منفرد  ماڈل کی ضرورت ہے جسے PURA یعنی Providing Urban Amenities in Rural Areas کہاجاتا ہے۔ ان سہولتوں میں مادّی رابطہ ، الیکٹرانک رابطہ اور اطلاعات کا رابطہ شامل ہیں ۔ یہ سب چیزیں اقتصادی رابطہ کی طرف لے جاتی ہیں ۔‘‘

ڈاکٹر اے۔ پی۔ جے۔ عبدالکلام 

مقاصد

اس باب کو مکمل کرنے کے بعد طلبا :
· CCTکے کنورجنس سے متعلق مختلف اصطلاحات کی شناخت کرسکیں گے ۔
· مواصلاتی نظام اور اس کے اجزا کے درمیان تعلق قائم کرسکیں گے ۔
· مواصلاتی نظام کے اجزا کی درجہ بندی کرسکیں گے۔
· ڈیٹا کی منتقلی کے طریقے کی وضاحت کرسکیں گے۔
· مختلف قسم کی ڈیٹا کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے درمیان موازنہ کرسکیں گے۔
· اگلی نسل کی یونیفائڈ ایپلی کیشن تیار کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے کنورجنس کی ضرورت کو حق بہ جانب ٹھہرا سکیں گے۔
· پیغام رسانی کے مربوط کی ایپلی کیشن کا تصور پیدا کرسکیں گے ۔
· کسی بھی نظام کے مختلف اجزا کے معیاری ہونے کی اہمیت کو اجاگر کرسکیں گے۔

تعارف 

گزشتہ ابواب میں ہم نے دیکھا کہ کمپیوٹر سسٹم ہماری روز مرہ کی زندگی کے لیے ایک اہم آلہ بن چکا ہے ۔ ATM، خود کار شکایت اندراج، ریلوے ریزرویشن وغیرہ جیسی آن لائن ایپلی کیشن کی وجہ سے ہماری پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے اور ہم اپنے کاموں کو آسانی کے ساتھ اور بہت تیزی سے انجام دے سکتے ہیں ۔ اگلا باب جو کہ انٹر نیٹ کے بارے میں ہے ، اس میں ہم دیکھیں گے کہ زیادہ تر موجودہ ایپلی کیشن انٹر نیٹ پر مبنی ہیں اوروہ مواصلاتی نظاموں پر بہت زیادہ انحصارکرتے ہیں۔ اس باب میں ہم دیکھیں گے کہ مواصلاتی نظاموں میں ٹیلی فون سسٹم سے ویڈیو کانفرنسنگ کی طرف بتدریج تبدیلی آئی ہے ۔ مواصلاتی نظام اگلی نسل کو ایپلی کیشن فراہم کرنے کے لیے منقلب اور مرکوز  (Converge) ہورہے ہیں (شکل  6.1)۔
کمپیوٹر کی ایجاد سے پہلے بھی مواصلات کے کئی طریقے موجود تھے، مثلاً ڈاک کی خدمات ، ٹیلی گراف اور ٹیلی فون ۔ بیسویں صدی میں ، قابل اعتماد اور کفایتی ٹیلی مواصلاتی نظاموں کو فروغ دینے کی قابل لحاظ کوششیں کی گئیں ۔ ٹیلی مواصلاتی نظاموں کو ٹیلی فون کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن اور ریڈیو پر خبروں کی نشریات وغیرہ جیسی مختلف خدمات میں مؤثر طور پر استعمال کے لیے فروغ دیا گیا ہے۔ٹیلی مواصلاتی نظاموں کا استعمال کمپیوٹروں کے درمیان طویل فاصلاتی مواصلات میں بھی کیا گیا ۔
 بیسویں صدی کے وسط میں کمپیوٹر ٹیکنا لوجی میں انقلاب رو نما ہو ا ۔ آج کمپیوٹر صرف ایک ترتیب معلومات کا آلہ ہی نہیں ہے بلکہ یہ کثیر مقصدی مفید آلہ بن چکا ہے۔کمپیوٹر کا استعمال کئی دوسری چیزوں کے ساتھ دستاویز سازی (Documentation)، تفریح اور مواصلات میں ہو رہا ہے ۔
11
مواصلاتی نظام ایک بہت ہی عام اصطلاح ہے جس کا مطلب ہے کمپیوٹر ، مواصلاتی آلات اور متعلقہ نیٹ ورک، اور مطلوبہ  سافٹ ویئر کا مجموعہ۔
آئیے کسی دوست کو ای میل کے ذریعہ تصویر بھیجنے کی ایک سادہ مثال پر غور کرتے ہیں ۔
روایتی طور پر تصویر کو ڈاک کے ذریعے بھیجا جا سکتا ہے ۔ بھیجنے والا تصویر کو ایک لفافے میں  رکھ کر اور کسی نزدیکی ڈاک خانہ میں ڈال دیتا ہے ۔ ڈاکیہ اس لفافے کو اسے وصول کنندہ کے پاس پہنچا دے گا ۔ ممکن ہے کہ یہ تصویر وصول کنندہ کو دو دن میں مل جائے یا مہینے بھر میں ملے ۔ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ تصویرو صول کنندہ کے پاس پہنچے ہی نہیں اور گم ہو جائے ۔
جدید مواصلاتی نظام کا استعمال کرکے تصویر کو مندرجہ ذیل طریقے سے فوری طور پر بھیجا جا سکتا ہے ۔
تصویر بھیجنے کے لیے ،ارسال کنندہ (Sender)اسکینر(Scanner) کا استعمال کرکے(شکل 6.2 ) اس کی ایک کاپی کمپیوٹر پر حاصل کرے گا ۔ اس کے بعد کمپیوٹر کو انٹر نیٹ سے جوڑا جائے گا ۔ ارسال کنندہ کسی انٹر نیٹ ایپلی کیشن،مثلاً ای میل کا استعمال کرے گا اور تصویر کو اس سے منسلک کرکے وصول کنندہ کے ای میل پتہ پر روانہ کردے گا۔
وصول کنندہ جو کہ دنیا کے کسی بھی حصہ میں ہو سکتا ہے ، اس فوٹو گراف کی کاپی کو چند منٹوں میں و صول کرسکتا ہے ۔ وہ انٹر نیٹ چلائے گا اور اپنے ای میل اکاؤنٹ کو لاگ اِن (Login)کرے گا اور تصویر کو اپنے کمپیوٹر میں ڈاؤن لوڈ کرلے گا ۔ اگر ضرورت ہو تو تصویر کی کاپی حاصل کرنے کے لیے پرنٹر کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔
اسی طرح جدید مواصلاتی نظاموں کا استعمال کرکے کسی بھی انفارمیشن ، جیسے کہ دستاویز ، تصویر یا موسیقی کوفی الفور دنیا کے کسی بھی حصّے میں منتقل کیا جا سکتا ہے ۔

12
ظاہری طور پر یہ کام بہت آسان نظر آتا ہے مگر اس کے پس منظر میں آپس میں منسلک متعدد آلات اور نیٹ ورک ملوث ہوتے ہیں ۔ ہمارا ڈیٹا (تصویر) اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے مختلف مراحل میں متعدد شکلوں میں تبدیل ہوتا ہے ۔
کوئی بھی اطلاع جس کی ڈیجٹل سازی کی جا سکتی ہے ، چاہے وہ آواز ہو یا ڈیٹا ، یا ویڈیو ہو ،موجودہ الیکٹرونک مواصلاتی نظام کے ذریعے بھیجی جاسکتی ہے۔

6.1   مواصلاتی نظام کے اجزا

مواصلاتی نظام میں متعدد اجزا ہوتے ہیں جو کہ مواصلاتی آلات ، نیٹ ورک اور مواصلاتی سافٹ ویئر کے ذریعہ آپس میں منسلک رہتے ہیں ۔ سبھی مواصلاتی نظاموں میں مندرجہ ذیل پانچ لازمی اجزا ہوتے ہیں جو کہ مسلسل رابطہ فراہم کرنے کے لیے ایک دوسرے سے تعامل کرتے رہتے ہیں (شکل  6.3)۔
13

 6.1.1   پیغام  (Message)

ایسا مواد جس کی دستاویز ، تصویر، نغمہ وغیرہ کی شکل میں ترسیل مقصود ہے،پیغام کہلا تا ہے ۔ یہ کسی بھی شکل میں ہو سکتا ہے ، جیسے متن ، عدد ، تصویر ، آڈیو یا ویڈیو ۔

6.1.2   ارسال کنندہ   (Sender)

ارسال کنندہ کوئی آلہ ہوسکتا ہے، جیسے کمپیوٹر ، موبائل ، ٹیلی فون ، ویڈیو کیمرہ وغیرہ جن کا استعمال اطلاع کو بھیجنے میں کیا جاتا ہے ۔

6.1.3   وصول کنندہ   (Reciever)

وصول کنندہ کوئی بھی آلہ ہو سکتا ہے، جیسے کمپیوٹر ، موبائل ، ٹیلی فون ، ویڈیو کیمرہ وغیرہ ۔ وہ آلہ جو اطلاع کوو صول کرتا ہے ۔

6.1.4   ترسیلی وسیلہ   (Transmission Medium)

یہ ارسال کنندہ اور وصول کنندہ کے درمیان اتصال ہے جو کسی بھی وسیلے سے قائم ہو سکتا ہے، جیسے بل دیا ہوا جوڑا بند کیبل، فائبر آپٹک کیبل ، ہم محوری کیبل (Coaxial Cable)  یا ریڈیو لہریں ۔

6.1.5   پروٹو کول  (Protocol)

پروٹو کول ضابطۂ عمل یعنی ان قوانین کا مجموعہ ہے جو ارسال کنندہ  اور وصول کنندہ کے درمیان مواصلات کو کنٹرول کرتے ہیں۔ مواصلاتی سافٹ ویئر دو آپس میں منسلک آلات کو انٹر فیس (Interface)کرتا ہے اور ڈیٹا کے بہاؤ کو کنٹرول کرتا ہے ۔ کامیاب مواصلات کے لیے دونوں آلات کا مشترک مواصلاتی پروٹوکول کا اتباع کرنا لازمی ہے ۔

 6.1.6ایپلی کیشن  

یہ وہ سافٹ ویئر یا پروگرام ہیں جنھیںصارف کی مخصوص ضروریات کی تکمیل کے لیے تشکیل دیا جاتا ہے ۔ مثلاً موزیلا براؤزر (Mozilla browser)،  آؤٹ لک ایکسپریس(Outlook Express)وغیرہ ۔

انٹر نیٹ سروس پرووائڈر (ISP):  وہ کمپنی جو انٹر نیٹ کی خدمات فراہم کرتی ہے ۔

6.2 مواصلاتی نظاموں کا ارتقا

جدید مواصلاتی نظاموں کو فروغ دینے کا کام انیسویں صدی کے بعداس وقت شروع ہوا جب برق مقناطیسی ٹیلی گراف نظا مِ وجود میں آیا ۔
ٹیلی فون سسٹم میں (شکل  6.4) مائکرو فون کا استعمال آواز کے سگنلوں کو برقی سگنلوں میں تبدیل کرنے کے لیے کیا جاتا ہے اور پھر ان برقی سگنلوں کی ترسیل طویل فاصلوں تک جوڑا بند تانبے کے تاروں کے ذریعے کی جاتی ہے ۔دوسرے سرے پراسپیکر/ایئر فون (Earphone)کا استعمال کرکے برقی سگنلوں کو واپس آواز کے سگنلوں میں تبدیل کیا جاتا ہے ۔تمام مقامی ایکسچینج ایک دوسرے سے PSTN  یا (Public Switched Checked Telephone  Network)کے ذریعے منسلک رہتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں مواصلاتی نظاموں میں بھی بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے ۔ آج یہ نظام مختلف قسم کی سہولتیں فراہم کراتے ہیں جیسے کہ FAX،  SMS، ٹیلی ویژن ، انٹر نیٹ ، ڈیٹا کی  ترسیل وغیرہ ۔
14
جدید  PSTN  فائبرآپٹکس اور وائرلیس جیسے متعدد قسم کے مواصلاتی میڈیا کا استعمال کرتے ہیں ۔ مواصلاتی نظام میں نمایاں ترقی مندرجہ ذیل ٹیکنالوجیوں کے فروغ پا نے کے بعد ہی حاصل ہوئی ۔
پلس کوڈ ماڈیولیشن(Pulse Code Modulation):  آواز /اینا  لاگ سگنلوں کو ڈیجٹل سگنلوں میں تبدیل کرنے کی  ٹیکنالوجی(شکل 6.5 ) ۔
15
کم رفتار والے سگنلوں کی تیز رفتار سگنلوں میں تبدیلی ۔
مختلف مواصلاتی میڈیا جیسے وائر لیس ، فائبر آپٹک کیبل وغیرہ کی ایجادوغیرہ۔

وائر لیس نیٹ ورک  : وہ مواصلاتی وسیلہ جہاں آلات ایک دوسرے سے کسی کیبل وغیرہ کے ذریعے منسلک نہیں ہوتے بلکہ ریڈیو لہروں کے ذریعے منسلک رہتے ہیں ۔اس کازیادہ تر استعمال ان علاقوں کو جوڑنے کے لیے کیا جاتا ہے۔جہاں صارفین اکثر سفر میں رہتے ہیں یا کہیں آتے جاتے رہتے ہیں  یا جہاں کیبل بچھانا ممن نہ ہو ۔

16

سٹیلائٹ نیٹ ورک : ایسامواصلاتی نظام جہاں ایک بڑے خطے میں پھیلے ہوئے متعدد مقامات پر سگنلوں کی ترسیل سٹیلائٹ کے ذریعے براہِ راست کی جاتی ہے ۔ اس کا استعمال بڑے پیمانے پر طویل فاصلاتی ٹیلی مواصلات اور ٹیلی ویژن نشریات میں کیا جا رہا ہے ۔

18
 پہلے زمانے میں کمپیوٹر پرنٹر ، ٹرمنل ، مانیٹر وغیرہ جیسے آلات سے براہِ راست منسلک رہتے تھے ۔ دو آلات کے درمیان کا فاصلہ بھی ایک کمرے یا عمارت تک ہی محدود تھا ۔ ڈیٹا کی منتقلی چھوٹے چھوٹے متنی پیغامات اور احکامات بھیجنے تک ہی محدود تھی ۔ 
19
طویل فاصلوں کے لیے مواصلات کا کام کم رفتار ایک سرے سے دوسے سرے تک اتصال  (point to point)کنکشن جیسے لیزڈ لائن   (Leased lines)اورڈائل اپ   (Dial-up)کے ذریعے انجام دیا گیا (شکل  6.7)۔
20
لیزڈلائن (Leased lines)اور ڈائل اپ(Dial-up)کنکشن ٹیلی کمیونیکیشن انفرااسٹرکچر کو اپنے محور کے طور پر استعمال کرتے ہیں ۔ دونوں سروں پر کنکشن کو محدود (Terminate)کرنے کے لیے ایک آلے کااستعمال کیا جاتا ہے جسے موڈیم (Modem) کہا جاتا ہے ۔ موڈیم کمپیوٹر کے ڈیجٹل سگنلوں کو آواز کے درجہ کے اینا لاگ (Analogue)سگنلوں میں ماڈیولٹ (Modulate)کردیتا ہے اور پھر ان اینا لاگ سگنلوں کی ترسیل ٹیلی فون لائنوں کے ذریعے کردیتا ہے ۔ ڈائل اپ اور لیزڈ لائن کنکشن میں ، ٹیلی فون لائنوں کا استعمال یا تو ڈیٹا کی ترسیل یا آواز کی ترسیل میں کیاجاتا ہے، لیکن دونوں کی ترسیل ایک ساتھ نہیں کی جاسکتی ۔
21

  6.3مواصلاتی ٹیکنالوجی کا کنورجنس

پہلے آواز ، ویڈیو اور ڈیٹا کی ترسیل کے لیے علاحدہ نیٹ ورک ہوتے تھے ۔ یہ نیٹ ورک ویڈیو کانفرنسنگ ، نیٹ میٹنگ وغیرہ جیسی اگلی  نسل کی مربوط ملٹی میڈیا ایپلی کیشن (Integrated Multimedia Applications)کی ضروریات کو پورا نہیں کرتے تھے کیوں کہ ان ایپلی کیشن کے لیے آواز ، ڈیٹا اور ویڈیو کی ترسیل بہ یک وقت ہونی ضروری ہے ۔واحد مواصلاتی نظام کے ذریعے ملٹی میڈیا ایپلی کیشن کی معاونت کے لیے مربوط حل  (Integrated solution)تیار کرنے کی کوششیں کی گئی ہے ۔ کیوں کہ زیادہ سے زیادہ کام اب کمپیوٹر پر مبنی ہے لہٰذا ٹیکنالوجی کا کنورجنس ضروری ہو گیا ہے ۔
مواصلاتی ٹیکنالوجی کے کنورجنس کے مقاصد مندرجہ ذیل ہیں :
(i) کم لاگت کے مواصلاتی نظام فراہم کرنا ۔
(ii) ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کو آسان اور سہل بنانا ۔
(iii) ملٹی میڈیا ایپلی کیشن کی معاونت کے لیے موجودہ بنیادی ڈھانچہ کا زیادہ سے زیادہ استعمال ۔
(iv) ٹیلی میڈیسن ، ویڈیو کانفرنسنگ جیسی آن لائن مکالماتی (Interactive)ایپلی کیشن کی معاونت کے لیے تیز رفتار نیٹ ورک کوفروغ دینا ۔
(v) کفایتی مربوط خدمات  فراہم کرنا ۔
عالمی مسابقت  ISPsکوآمادہ کرتا ہے کہ وہ موجودہ بنیادی ڈھانچہ کا استعمال ایک ہی پلیٹ فارم سے ای میل ، بات چیت (Talk)، چیٹ(Chat)، ویب سرچ(Web search)وغیرہ جیسی مربوط خدمات فراہم کرنے میں مدد کریں ۔ ٹیلی مواصلات کی خدمات فراہم کرانے والی کمپنیاں انٹر نیٹ ایکسس ، نشریاتی خدمات جیسے کہ ویڈیو آن ڈمانڈ ، IPTVوغیرہ جیسی اضافی خدمات فراہم کرنے لگی ہیں۔  صارفین ایسے ISPsکا انتخاب کرتے ہیں جو سبھی مطلوبہ خدمات کے لیے ایک حل فراہم کرسکتے ہیں۔
VOIP  (Voice Over Internet Protocol)اور IPTVجیسی نشریاتی خدمات کے لیے ٹیلی مواصلاتی خدمات کا اب بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے ۔ کیبل ٹی وی آپریٹر کیبل کنکشن کے ساتھ ساتھ انٹر نیٹ کنکشن بھی فراہم کررہے ہیں ۔ آج موبائل فون انٹر نیٹ اور FMریڈیو خدمات سے آراستہ ہیں ۔
آلات بنانے والی کمپنیاں پلگ اینڈ پلے (Plug and play)آلے تیار کر رہی ہیں جنھیں مختلف نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے اور انھیں یکساں فاصلے سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

 6.4.1 یکساں ڈیٹا کی نمائندگی اور ڈیجٹل سازی کی تکنیک کو فروغ دینا 

ڈیٹا کی ڈیجٹل سازی کنورجنس کے عمل کا پہلا مرحلہ ہے ۔ سبھی قسم کا ڈیٹا چاہے وہ متن ، اعداد ، تصویر ، آواز یا ویڈیو کی شکل میں ہو ، بائنری شکل میں ظاہر کیا جاتا ہے ۔ ڈیجٹل سازی وہ عمل ہے جس میں کسی بھی قسم کے ڈیٹا کو بائنری ڈیجٹ میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ بائنری ڈیجٹ کو کسی بھی کمپیوٹر کے ذریعے پراسیس کیاجاسکتا ہے ۔
ڈیجٹل سازی کے پیچھے جو ترغیب پوشیدہ ہے وہ یہ ہے کہ کمپیوٹر اعداد کے جوڑ توڑ اور استعمال (Manipulation)کے اصول پر کام کرتا ہے ۔ اگر کوئی ڈیٹا بائنری شکل میں ہے تو کمپیوٹر اسے آسانی سے استعمال کرسکتا ہے ۔ لہٰذا مختلف قسم کے ڈیٹا کی بہتر ترسیل اور اسٹوریج کے لیے ڈیجٹل سازی کی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ڈیٹا کسی بھی قسم کا ہو ، ڈیجٹل سازی کے بعد اس کی ترسیل اسی مواصلاتی نظام سے کی جا سکتی ہے ۔

 6.4.2 معیار اور پروٹوکول کاکنورجنس

ترسیل کے دوران ، پیغام (Message)کو متعددضمنی ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر اجزا کے ذریعے مختلف مرحلوں میں پروسیس کیاجاتا ہے ۔ اگر تمام اجزا یکساںپروٹوکول اور معیاروں کا اتباع کرتے ہیں تو انھیںمربوط کرنا آسان اور کفایتی ہوتا ہے ۔کچھ ایسے معیار اور پروٹو کول ہیں جو کافی مقبول ہیں اورمعیار کی شکل میں سامنے آئے ہیں ۔صنعتیں اور مصنوعات ساز ادارے ان معیاروں پر عمل کرتے ہیں ۔ اس قسم کے کچھ پروٹوکول درج ذیل ہیں :
انٹر نیٹ پروٹو کول (IP)مقبول ترین پروٹوکول ہے جس کے ذریعے مختلف نیٹ ورک آپس میں منسلک کیے جاتے ہیں ۔
اتھر نیٹ (Ethernet)لوکل ایریا نیٹ ورک (LAN)کے لیے مقبول ترین معیار ہے ۔
HTTPویب ایپلی کیشن کو آپس میں منسلک کرنے کے لیے مقبول ترین معیار ہے ۔
MPEGویڈیو کی ترسیل کے لیے کمپریشن ٹیکنالوجی ہے ۔
 انٹر نیٹ پروٹوکول بالکل اسی طرح کام کرتا ہے جس طرح کا ہمارا ڈاک کی تقسیم کا نظام ہے بس یہ الیکٹرونک طرز پر اور تیز رفتار کے ساتھ کام کرتا ہے ۔
روایتی ڈاک نظام میں ، پیغام کو خط کی شکل میں لکھا جاتا ہے جس پر وصول کنندہ اور ارسال کرنے والے کے پتے لکھے ہوتے ہیں ، خط کو نزدیکی لیٹر باکس میں ڈال دیاجاتا ہے ۔ خطوط کو مختلف لیٹر باکس سے جمع کرنے کے بعد انھیں ڈاک خانے میں صوبہ /شہر کے اعتبا سے الگ کیا جاتا ہے ۔ ایک ہی شہر کے تمام خطوط کو ایک جگہ اکٹھا کرکے فاصلے اور سہولت کے اعتبار سے ہوائی جہاز/ ریل گاڑی کے ذریعے بھیج دیاجاتا ہے ۔ دوسرے شہر میں ان خطوط کو الگ الگ کرتے ہیں اور متعلقہ مقامی ڈاک خانے کو بھیج دیتے ہیں۔ آخر میں ڈاکیہ ان خطوط کو ان کی منزل تک پہنچا دیتا ہے۔
اسی طرح انٹر نیٹ میں (شکل  6.9)تمام پیغامات کو پیکٹ کی شکل میں بھیجا جاتا ہے جنھیں IPپیکٹ کہتے ہیں ۔
22
 ہر ایک پیکٹ پر اس کے ارسال کنندہ کا پتہ (source address)اور وصول کنندہ کا پتہ (destination address)درج ہوتا ہے ۔ جس طرح ہر ایک شخص کی شناخت اس کے نام اور پتہ کے ذریعے کی جاتی ہے اسی طرح انٹر نیٹ سے منسلک ہر ایک کمپیوٹر کی شناخت ایک مخصوص پتہ /نام کے ذریعہ کی جاتی ہے جسے بالترتیب  IP address  / domain nameکہتے ہیں ۔ کمپیوٹریہ IPپیکٹ منسلک نیٹ ورک کو براہِ راست بھیج دیتا ہے ۔ انٹر نیٹ میں پیکٹ کو اس کی منزل کے پتہ کے مطابق ایک نیٹ ورک سے دوسرے نیٹ ورک کو اس وقت تک آگے بھیجتے ہیں جب تک کہ یہ و صول کنندہ کے پاس نہ پہنچ جائے ۔
انٹر نیٹ پروٹوکول بہت زیادہ مقبول ہوچکا ہے کیوں کہ یہ مواصلاتی رابطہ کے بار بار ٹوٹ جانے کا مقابلہ کرسکتا ہے اور اس پر قابو پاسکتا ہے ۔ اسے اس طرح ڈیزائن کیاگیا ہے کہ یہ خود بخود متبادل راستہ تلاش کرلیتا ہے اور ترسیل کے عمل کو بغیر رکاوٹ کے جاری رکھتا ہے۔
اتھر نیٹ (شکل  6.10)ایک اور مواصلاتی پروٹوکول ہے جو کاپر ، وائرلیس اور آپٹیکل فائبر جیسے مختلف قسم کے ترسیلی واسطے کے ذریعے مواصلاتی آلات کو منسلک کرنے کی وجہ سے کافی مقبول ہے۔ یہ ڈیٹا کے منتقل ہونے کی مختلف شرحوں کی معاونت کرتاہے، جیسے 10 Gbps/ 1 Gbps/ 100 Mbps/ 10 Mbps  ۔  اس کا نفاذ بہت آسان ہے۔ آج کل کمپیوٹر سے وابستہ دیگر سامان  جیسے پرنٹر، اسکینر وغیرہ میں سلسلہ وار /متوازی انٹرفیس کے بجائے اتھرنیٹ انٹرفیس لگے ہوتے ہیں۔
23

6.3.3  نیٹ ورک کا کنورجنس

براڈ بینڈ(Broadband) آواز، ویڈیو اور ڈیٹا کے کنورجنس کی ایک عام مثال ہے۔ براڈ بینڈ ایک جدید ٹیکنالوجی ہے جس کے ذریعے صارف ایک ہی ٹیلی فون لائن پروائس کال، انٹرنیٹ ایکسس اور کیبل ٹیلی ویژن کا استعمال بہ یک وقت کرسکتاہے (شکل6.11)۔ مختلف قسم کے ترسیلی میڈیا کے ذریعے بہت زیادہ بینڈ وسعت  (Bandwidth) خدمات فراہم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

24

6.3.4  آواز کی ترسیل میں کنورجنس

کنورجنس کے اس دور میں آواز کی ترسیل باہم منسلک مختلف آلات پر مبنی کئی نیٹ ورکوں اور مختلف مقامات سے کی جاسکتی ہے (شکل6.12)۔ وائر لیس نیٹ ورک سے منسلک موبائل فون،  PSTN نیٹ ورک سے منسلک لینڈ لائن ٹیلی فون اور انٹر نیٹ سے منسلک ملٹی میڈیا یا کمپیوٹر کے ساتھ رابطہ قائم کرسکتاہے۔ کمپیوٹر سے موبائل فون پر فوری پیغامات بھیجے جاسکتے ہیں۔ ایک نیٹ ورک سے منسلک آلات دوسرے نیٹ ورک کے آلات کے ساتھ گیٹ ویز (Gateways)  کے ذریعہ رابطہ کرسکتے ہیں۔ گیٹ ویز ایسے مواصلاتی آلات ہیں جن کا استعمال مختلف نیٹ ورکوں کو انٹر فیس کرنے میں کیاجاتاہے۔ مصنوعات ساز ادارے کثیر مقصدی پلگ اینڈ پلے آلات تیارکررہے ہیں جنھیں کسی بھی وقت کہیں بھی منسلک کیاجاسکتاہے۔
25

6.3.5  ویڈیو مواصلات کا کنورجنس

ویڈیو کانفرنسنگ اور ویڈیو– اسٹریمنگ (Video-streaming)(شکل 6.13)چند ایسی ملٹی میڈیا ایپلی کیشن ہیں جو کافی مقبول ہو رہی ہیں ۔ ویڈیو کانفرنسنگ کو شروع میں ISDN ، لیزڈ لائن جیسے نقطہ بہ نقطہ کنکشن کے ذریعے انجام دیاگیا اور اس کے لیے مخصوص آلات درکار تھے۔
آج کنور جنس کی بدولت، ویڈیو کانفرنسنگ کو IP نیٹ ورک کے ذریعے انجام دیاجاتاہے اور اس میں مہنگے ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کی ضرورت نہیں ہوتی۔ صرف ایک ملٹی میڈیاسسٹم، ایک کیمرہ اور متعلقہ سافٹ ویئر کی ہی ضرورت ہوتی ہے۔
26
معیار خدمت (Quality of Services QOS) جیسی خصوصیت اور MPEG جیسی کمپریشن ٹیکنالوجی کے فروغ کی وجہ سے اعلیٰ معیار اور قابل اعتماد ویڈیو مواصلات کا قیام ممکن ہوگیاہے۔

وہ ٹیکنالوجی جو آواز اور ویڈیو ٹریفک پرمشتمل IP پیکٹ کو دیگر ڈیٹا پیکٹ پر فوقیت دیتی ہے معیار خدمت (Quality of Service) کہلاتی ہے۔

(Moving Picture Expert Group) MPEG  بائٹ کی تعداد کو کم کرنے کے لیے ویڈیو ڈیٹا کو کمپریس کردیتی ہے جن کی ترسیل بآسانی ہوجاتی ہے اور پھر انھیں ڈی کمپریس کردیاجاتاہے۔

چوں کہ ویڈیو ٹریفک کو بہت زیادہ بینڈ وسعت (Bandwidth) کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا جب اس کی ترسیل کم رفتار والے PSTN یا سیٹلائٹ لنک کے ذریعے کی جاتی ہے تو قابل قبول معیار حاصل کرنا مشکل ہوجاتاہے۔ لہٰذا ترسیل سے پہلے ان ویڈیو سگنلوں کو کمپریس اور فارمیٹ کیاجاتاہے۔ MPEG کمپریشن تکنیک ویڈیو ڈیٹا کو 100 گنا تک کمپریس کرسکتی ہے اور پھر کم رفتار والے نیٹ ورک کے ذریعے اس کی ترسیل کی جاسکتی ہے۔
اب سے پہلے خبروں اور فلموں کو سیٹلائٹ، وائرلیس اور کیبل کا استعمال کرکے براڈ کاسٹ میڈیا کے ذریعے نشرکیاجاتاتھا۔ اشاروں کی کارکردگی شور و غل سے متاثر ہوتی تھی اور یہ غیر مکالماتی (Non-interactive) تھی۔ اب IPTV اور حسب طلب ویڈیو(ویڈیو آن ڈیمانڈ )جیسی ٹیکنالوجی کی بدولت اعلیٰ معیار کی ویڈیو حاصل کی جاسکتی ہے۔ IPTV ایک نشریاتی خدمت ہے جسے ٹیلی کام آپریٹر اپنے PSTN نیٹ ورکوں کے ذریعے فراہم کراتے ہیں۔ صارفین ویڈیو نشریات کو اپنے روایتی TV سیٹ اور کمپیوٹر سسٹم کے ذریعے دیکھ سکتاہے۔ 
حسب طلب ویڈیو (Video-on-demand) ایک اور ویڈیو اسٹریمنگ خدمت ہے جہاں صارفین میڈیا سرور میں ذخیرہ شدہ مواد میں سے اپنی پسند کا مواد منتخب کرسکتاہے۔

6.3.6  وائرلیس نیٹ ورک کا کنورجنس

وائرلیس کا شمار ان نیٹ ورکوں میں ہوتاہے جو بہت تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ اس کی مانگ میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے زیادہ سے زیادہ صارفین کو ایک ہی وقت میں کئی مقامات سے انٹر نیٹ سے استفادہ کرنے کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ یہ بھی مو بائل فون کی طرح ایک لازمی ضرورت بن چکی ہے۔
وائر لیس LAN ،  WiFi  اور  WiMax کچھ ایسی ٹیکنالوجی ہیں جو وائرلیس نیٹ ورک کے ذریعے تیز رفتار ڈیٹا کو کمیونیکیشن فراہم کرتی ہیں۔ کمپیوٹر سسٹم کو وائرلیس انٹرفیس کارڈ کے ساتھ ڈیزائن کیاگیاہے تاکہ کسی بھی وائر لیس نیٹ ورک سے رابطہ کیاجاسکے۔
27
 وائرلیس نیٹ ورک میں کمپیوٹروں کو سب سے نزدیک دستیاب نقطۂ رسائی (Access point)  سے منسلک کیاجاتاہے۔
یہ رسائی کے نقطے دیگر نیٹ ورکوں سے تار والے اتھرنیٹ کنکشن یا براڈ بینڈ کنکشن کے ذریعے منسلک رہتے ہیں۔
GPRS جیسی تیسری نسل کی موبائل ٹیکنالوجی کی بدولت موبائل فون کا استعمال وائس کمیونیکیشن، انٹرنیٹ اور ویڈیو کانفرنسنگ جیسی ملٹی سروس ایپلی کیشن تک رسائی میں کیاجاسکتاہے۔

6.3.7  ایپلی کیشن کا کنورجنس

انٹرنیٹ ایکسپلورر، فائرفاکس (Fire fox) وغیرہ جیسے ویب براؤزر (Web browsers)ایسی ایپلی کیشن ہیں جن کا استعمال انٹرنیٹ ایکسس کے لیے کیاجاتاہے۔ آلات کے تیار کنندگان اپنے سسٹم کو کنٹرول کرنے اور اس کے انتظام کے لیے مخصوص پروڈکٹ کلائنٹ ایپلی کیشن کے بجائے ویب انٹرفیس فراہم کررہے ہیں۔
زیادہ تر ایپلی کیشن ویب انٹرفیس کے ساتھ تیار کی گئی ہیں تاکہ ایپلی کیشن تک رسائی آپریٹنگ سسٹم کے ایک حصہ کے طور پر فراہم کی گئی معیاری کلائنٹ ایپلی کیشن سے حاصل کی جاسکے ۔
مربوط پیغام رسانی نظام کنورجنس کی ایک اور مثال ہے ۔ ویب خدمت فراہم کرانے والی کئی معروف کمپنیاں ہیں مثلاً Yahoo،  MSN اور Google  ،جنھوں نے یا توای میل یا پھر سرچ انجن (Search engines) کے ساتھ شروعات کی تھی مگراب متعددپیغام رسانی خدمات فراہم کررہی ہیں جیسے ای میل،  چیٹ(Chat)،آئی ایم (Instant Messenger)، کانفرنسنگ، فائل شیئرنگ اور VoIP۔
ایسی متعدد ایپلی کیشن ہیںجو کہ ٹیلی فون،فیکس،آنسرنگ مشین (answering machine)،کتابیں وغیرہ جیسے مختلف مواصلاتی آلات کو صرف ایک ملٹی میڈیا کمپیوٹر سے بدل سکتے ہیں۔ اس قسم کی خدمات اور ایپلی کیشن کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے براڈ بینڈ اور   (Direct to–Home) یعنیDTH ایسی مواصلاتی ٹیکنالوجی ہیں جوکہ مکالماتی خدمات مثلاً حسب طلب فلم ، انٹرنیٹ ایکسس، ویڈیو کانفرنسنگ اور ای میل کی سہولت کو ایک ہی کنکشن کی مدد سے فراہم کرتی ہیں۔
مختصر یہ کہ وہ ڈیٹا جس کی ڈیجٹل سازی کی جاسکتی ہے، اس کی ترسیل ارتکاز شدہ  (Converged) مواصلاتی نظام کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ ٹیلی مواصلات اور ڈیٹا مواصلات کے درمیان کی واضح تفریق ایک ارتکاز شدہ   (Converged) مواصلاتی نظام کی شکل میں ڈھل چکی ہے۔ IP اور نیٹ ورک سے آراستہ زیادہ سے زیادہ خدمات فراہم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
آئندہ باب میں ہم مواصلات کے لیے استعمال کی جانے والی متعدد انٹرنیٹ ایپلی کیشن پر روشنی ڈالیں گے۔

6.4  معیاربندی  کی اہمیت  (Importance of Standardisation)

ہماری روزمرہ کی زندگی سے وابستہ ہر ایک شعبے میں معیاربندی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ معیاربندی سے مراد ہے کسی عمل یا پروڈکٹ سے متعلق تکنیکی خصوصیات کو تسلیم کرنا ۔
معیار بندی کے بنیادی مقاصد میں یہ چیزیں شامل ہیں :  مطابقت پذیری   (Compatability)، بین تعمیلی صلاحیت  (Inter-operatability)، سلامتی  (Safety)، تکراری صلاحیت  (Repeatability) اور معیار(Quality)مسابقتی بازار میں صنعتوں کے لیے معیاربندی بہت اہمیت رکھتی ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو ترقی دے سکیں۔ اطلاعاتی ٹیکنالوجی یا  IT  صنعت کے لیے بھی واضح معیار طے کیے گئے ہیں۔مختلف مصنوعات میں مطابقت پذیری ہو  اور ان کے اجزا بین تعمیلی صلاحیت کے ساتھ کام کرتے رہیں ، اس کی گارنٹی مختلف فروخت کنندگان دیتے ہیں ۔ عالمی سطح پر معیار بندی کی مختلف تنظیمیں کام کررہی ہیں ۔ یہ تنظیمیں بنیادی طور پر دستاویز سازی  ، تحقیق ، ترقی اور آزمائش (ٹیسٹنگ )کے کام میں لگی ہیں جو کمپیوٹرہارڈ ویئر ، سافٹ ویئر اور مواصلات سے متعلق ہے۔ ان میدانوںمیں وہ معیار طے کرتی ہیں ۔ جب کسی معیار کو تسلیم کر لیا جاتا ہے تو پھر فروخت کنندگان اس معیار کے مطابق مصنوعات کا ڈیزائن تیار کرنے اور اسے فروغ دینے کے لیے آزاد ہوتے ہیں ۔
اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے میدان میں معیاربندی کرنے والی کچھ اہم تنظیمیں مندرجہ ذیل ہیں–
· امریکن نیشنل اسٹینڈرڈ انسٹی ٹیوٹ(ANSI)
· انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین(ITU)
· انٹرنیٹ انجینئرنگ ٹاسک فورس(IETF) 
· انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الکٹرونک انجینئرس(IEEE)
· الکٹرونک انڈسٹری ایسو سی ایشن ٹیلی کمیونیکشن ایسوسی ایشن(EIA/TIA)
· انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن(ISO)
· ویڈیو الکٹرونکس اسٹینڈرڈس ایسو سی ایشن(VESA)
انٹرنیٹ انجینئرنگ ٹاسک فورس (IETF) نیٹ ورک ڈیزائنر، آپریٹر، فروخت کنندگان  (Vendor) اور محققین کا ایک بہت بڑا بین الاقوامی گروہ ہے جو انٹرنیٹ آرک ِٹیکچر اور انٹرنیٹ کی بے روک ٹوک آپریشن سے سرو کار رکھتی ہے ۔ IEEE عام طور سے ہارڈ ویئر سے متعلق ہے جب کہ ANSI کا تعلق بنیادی طور پر سافٹ ویئر سے ہے۔ ANSI نے کئی پروگرامنگ لینگو یجز کے لیے معیار متعین کیے ہیں جس میں C، C++،  COBOL اور FORTRAN شامل ہیں۔یہ تمام تنظیمیں مجموعی طور پر ساری دنیامیں ITسے متعلق معیاروں کے فریم ورک فراہم کرتی ہیں۔ یہ ہمیں کسی بھی جگہ پرمطابقت پذیری   (Compatibility)کے مسئلہ میں الجھے بغیر آسانی سے کام کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر IEEE نے نیٹ ورک کے معیار متعین کیے ہیں جن سے نیٹ ورک آلات کے کسی بھی ماڈل کو چلانا آسان ہوجاتاہے۔
 ITU خاص طور ے مواصلاتی پروٹوکول کے لیے بین الاقوامی معیار متعین کرتی ہے۔ اس نے کئی معیار متعین کیے ہیں جن میں V.22،  V.32،  V.34 اور V.42شامل ہیں جو کہ ٹیلی فون لائنوں پر ڈیٹا کی ترسیل کے لیے پروٹوکول کی نشاندہی  کرتے ہیں۔
 EIA/TIAجیزک ٹیلی کمیونیکیشن کیبلنگ سسٹم  (Generic tele communication Cabling System) کی نشاندہی کرتی ہے جو کہ ملٹی پروڈکٹ، ملٹی وینڈرماحول فراہم کرتاہے۔ مثال کے طور پر EIA/TIA 568A اور 568B معیار LAN کیبل کے پن تشاکل (Pin Configuration)کے لیے ہیں۔ 
ان معیار ساز  تنظیموں کے علاوہ تیار کنندگان کی اسی علاقائی تنظیمیں بھی ہیں جو اس مخصوص علاقے کی ضروریات کے اعتبار سے معیار بندی میں معاونت کرتی ہیں۔ ہندوستان میں معیار بندی کی کچھ تنظیمیں ہیں جیسے BIS  (Bureau of Indian Standard)جو مختلف شعبوں میں معیار سازی او رانھیں قائم رکھنے میں سرگرم ہیں ۔

خلاصہ 

· ٹیلی مواصلات آواز ، ڈیٹا اور ویڈیو پیغامات کو ارسال کرنے اور وصول کرنے کے لیے الیکٹرونک نظام کا استعمال ہے۔
· مواصلاتی نظام کے پانچ اجزا ہیں: اطلاع /پیغام، آلہ ، ایپلی کیشن، پروٹوکول اور نیٹ ورک۔
· آواز کی ترسیل  میں PSTN،  وائرلیس یا ڈیٹا نیٹ ورک کے لیے ٹیلی فون ، موبائل یاVoIP جیسے ٹیلی فون آلات کی ضرورت ہوتی ہے۔ 
· ڈیٹا کمیونیکیشن اطلاعات کی منتقلی اور آلات کے انتظام میں مدد دیتا ہے۔ 
· ڈیٹا کی ترسیل کسی لوکل ایریانیٹ ورک میں براہ راست جوڑے گئے کمپیوٹروں اور پرنٹروں وغیرہ سے انجام دی جاتی ہے۔
· طویل فاصلاتی  ڈیٹا ترسیل کا کام PSTNیا وائرلیس نیٹ ورک کا استعمال کرکے نقطہ بہ نقطہ کنکشن کے ذریعے انجام دیاجاتا ہے۔
· ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر آڈیو اور ویڈیونشریات وائرلیس رابطے کے ذریعے انجام دی جاتی ہیں۔
· اتھرنیٹ ڈیٹا کمیونیکیشن کی مقبول ترین LAN ٹیکنالوجی ہے جو 10Gbps تک کی مواصلاتی رفتار فراہم کرتی ہے۔
· انٹرنیٹ پروٹوکول(IP) یکساں یا متنوع نیٹ ورکوں سے کمپیوٹر کومنسلک کردیتاہے۔
· IP میں ڈیٹا پیکٹ کی ترسیل ایسے پیکٹوں کی شکل میں ہوتی ہے جن پر اس جگہ کے منفرد IP پتے ہوتے ہیں جہاں سے یہ بھیجے جاتے ہیں اور جہاں انھیں پہنچنا ہوتاہے۔
· IP دستیاب راستہ کے ذریعے پیکٹوں کو ان کی مقررہ منزل کی طرف خود کار طور پر روانہ کردیتاہے۔
· اگلی نسل کی مربوط ایپلی کیشن سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا کنورجنس ضروری ہے جہاں ڈیٹا کی تینوں شکلوں کی بیک وقت ترسیل درکار ہوتی ہے۔
· IP بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ پروٹوکول ہے جس کے ذریعے ڈیٹا کی مختلف شکلوں کی ترسیل کی جاتی ہے۔ 
· کنورجنس کا مقصد مواصلاتی نظام کے تمام اجزا کو IP  سے آراستہ کرنا ہے۔
· کنورجنس کے حصول کے لیے موجودہ بنیادی ڈھانچہ کی جزوی اصلاح کی کوششیں جاری ہیں۔
· براڈ بینڈ اور IPTV  دو اگلی نسل کی ٹیکنالوجیاں ہیں جو آواز ، ڈیٹا اور ویڈیو کی مربوط خدمت فراہم کرانے کے لیے PSTN کا استعمال کرتی ہیں۔
· VOIP ایک ڈیٹا کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ہے جو  IPفون اور کمپیوٹروں کو PSTN اور موبائل نیٹ ورک کے ذریعے ٹیلی فون سے منسلک کرنے میں مدد کرتی ہے۔
· مربوط پیغام رسانی نظام ، ویب سروس کمپنیوں کی طرف سے فراہم کیا جاتاہے۔ اس نظام کا استعمال کرکے انٹر نیٹ کنکشن سے آراستہ کمپیوٹر کے ذریعے ای میل، چیٹ، کال اور تفریح جیسی متعدد خدمات کو ایکسس کیا جاسکتاہے۔
· کسی بھی سسٹم میں متعدد اجزا کے بین تعمیلی صلاحیت ) (Interoperability کے لیے معیاربندی نہایت اہم ہے۔
· ایسی کئی تنظیمیں ہیں جو کسی پروڈکٹ کے لیے معیاری قاعدے اور تخصیصات (Specification) متعین کرتی ہیں جن کی تعمیل مصنوعات سازوں کے لیے ضروری ہوتی ہے۔

مشق

مختصر جواب والے سوالات

.1 رمز بندی (Coding)کیاہے؟
.2 ڈیجٹل سازی کیوں ضروری ہے؟
.3 وہ کون سی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی ہیں جو آواز، ڈیٹا اور ویڈیوکی ترسیل میں معاونت کرتی ہیں؟
.4 براڈ بینڈ کنکشن کے ذریعے کون کون سی خدمات فراہم کی جاتی ہیں؟
.5 مربوط پیغام رسانی خدمات کیوں مقبول ہو رہی ہیں؟
.6 سرکٹ سوئچنگ ٹیکنالوجی کی خصوصیات واضح کیجیے۔
.7 پیکٹ سوئچ ٹیکنالوجی کی خصوصیات کیاہیں؟
.8 ان سائٹ کو تلاش کیجیے جو مربوط پیغام رسانی خدمات فراہم کرتی ہیں۔
.9 LAB میں کمپیوٹروں کو منسلک کرنے کا آسان طریقہ کیاہے؟
.10 کسی بھی ادارے کے احاطے کے اندر کمپیوٹروں کو منسلک کرنے کا تیز رفتار اور آسان طریقہ کیاہے؟

طویل جواب والے سوالات

.1 فائل پرنٹ ہونے کے دوران ڈیٹا کمیونیکیشن کے پانچ اجزا کی شناخت کیجیے۔
.2 اپنے اسکول کی لیب کے کمپیوٹر اور پرنٹر میں دستیاب انٹرفیس کی قسموں کی نشاندہی کیجیے۔
.3 آپ کے لوکل سروس پرووائڈر(LSP)کے ذریعے فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کیا کیاہیں؟ اور ہر ایک خدمت کے بدلے ادا کی جانے والی رقم کا موازنہ مقامی ISPs سے کیجیے۔
.4 گھر کے کمپیوٹر کو کتنے طریقوں سے انٹر نیٹ سے منسلک کرسکتے ہیں؟
.5 ڈیٹا اور آواز کی ترسیل کے لیے براڈ بینڈ کنکشن کو Configure کیجیے۔
.6 مواصلات کے کچھ روایتی ذرائع کے بار ے میں بتائیے۔
.7 معیار بندی کے کیا فائدے ہیں؟
.8 اپنے کمپیوٹر سسٹم کی تخصیصات (Specification)کا پتہ لگائیے۔
.9 ڈیٹا کمیونیکیشن کے اجزا کی شناخت کیجیے۔
.10 ابلاغ عامہ کے اجزا کی شناخت کیجیے۔
.11 آواز کی ترسیل اور ڈیٹا کمیونیکیشن میں کیا فرق ہے؟
.12 آڈیو اور ویڈیو سگنلوں کی ڈیجٹل سازی کے کیافائدے ہیں؟
.13 طویل فاصلاتی ڈیٹا کی ترسیل کس طرح کی جاتی ہے؟
.14 X .25کے مقابلے میںاتھرنیٹ نیٹ ورک کا قیام کیوں زیادہ آسان ہے؟
.15 انٹرنیٹ پروٹوکول کے کیا فائدے ہیں؟
.16 مواصلاتی ٹیکنالوجی کنورجنس کیاہے؟
.17 مواصلات کے کنورجنس کے کیا فائدے ہیں؟
.18 مواصلات کے کنورجنس میں کیا رکاوٹیں ہیں؟
.19 اگلی نسل کی ایپلی کیشن کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کون سے مختلف طریقے اختیار کیے گئے ہیں؟

متبادل جواب والے سوالات

.1 پہلا جدید مواصلاتی آلہ تھا
(i) ٹیلی فون
(ii) ٹیلی گراف
(iii) کمپیوٹر 
(iv) ٹیلی ویژن
.2 قاعدے جو دو آلات کے درمیان مواصلات کو کنٹرول کرنے والے ضابطوں کا مجموعہ کہلاتا ہے۔
(i) نیٹ ورک
(ii) ایپلی کیشن 
(iii) پروٹوکول
(iv) میڈیا
.3 پیکٹ سوئچنگ ٹیکنالوجی کی مثال ہے
(i) اتھرنیٹ
(ii) X.25
(iii) براڈ بینڈ
(iv) RS 232
.4 فریم سوئچنگ ٹیکنالوجی کی مثال ہے
(i) اتھرنیٹ
(ii) X.25
(iii) براڈ بینڈ
(iv) RS 232

.5 سرکٹ سوئچنگ نیٹ ورک ہوتا ہے
(i) نقطہ بہ نقطہ (Point to point) 
(ii) کثیر نقاطی (Multi point) 
(iii) کنکشن سے خالی 
(iv) مجازی (Virtual)کنکشن
.6 ISDN وہ ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ہے جس میں 
(i) بہ یک وقت آواز اور ڈیٹا 
(ii) صرف آواز
(iii) صرف ڈیٹا
(iv) صرف ویڈیو
.7 انٹرنیٹ پروٹوکول (IP)ہے
(i) سرکٹ سوئچنگ
(ii) پیکٹ سوئچنگ
(iii)  فریم سوئچنگ
(iv) نقطہ بہ نقطہ 
.8 براڈ بینڈ ایک کنورجنس ٹیکنالوجی ہے
(i) آواز ،ڈیٹا اور ویڈیو کے لیے
(ii) صرف ڈیٹا کے لیے 
(iii) صرف آواز کے لیے
(iv) صرف ویڈیو کے لیے
.9 VoIP ٹیکنالوجی جوڑنے میں مددگار ہوتی ہے
(i) صرف PSTN ٹیلی فون کو 
(ii) صرف موبائل فون کو 
(iii) صرف   VoIP ٹیلی فون کو 
(iv) تمام آراستہ ٹیلی فون سسٹم کو 
.10 موبائل فون میں GPRS کا استعمال ہوتا ہے
(i) ڈیٹاکمیونیکیشن کے لیے 
(ii) آواز کی ترسیل  کے لیے 
(iii) SMS بھیجنے کے لیے 
(iv) ان میں سے کسی کے لیے بھی نہیں

سرگرمیاں

.1 فائل کی طباعت کے مرحلے میں ڈیٹا کمیونیکیشن کے پانچ اجزا کی شناخت کیجیے۔
.2 اپنے اسکول لیب کے کمپیوٹر اور پرنٹر میں دستیاب انٹرفیس کی قسم کی نشاندہی کیجیے۔
.3 آپ کے لوکل سروس پرووائڈر (LSPS) کے ذریعے فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کیاکیا ہیں؟ہر ایک خدمت کے بدلے ادا کی جانے والی رقم کا موازنہ مقامی ISPs سے کیجیے۔
.4 گھر کے کمپیوٹر کو کتنے طریقے سے انٹر نیٹ سے منسلک کرسکتے ہیں؟
.5 ڈیٹا اور آواز کی ترسیل کے لیے براڈ بینڈ کنکشن کو Configure کیجیے۔
.6 آپ کے علاقے میں دستیاب ایسے موبائل فون کا ماڈل معلوم کیجیے جس میں وائس اور انٹرنیٹ دونوں سہولتیں موجود ہوں۔
.7 ان سائٹوں کو تلاش کیجیے جو مربوط پیغام رسانی خدمات سروس فراہم کرتی ہیں۔
.8 LAB میں کمپیوٹروں کو منسلک کرنے کا آسان طریقہ کیاہے؟
.9 کسی بھی ادارے کے احاطے کے اندر میں کمپیوٹروں کو منسلک کرنے کا تیز رفتار اور آسان طریقہ کیاہے؟