Skip to content
Insanimaholiatauruloom-I-001



باب 4


وسائل کی انتظام کاری

(Management of Resources)


آموزشی مقاصد

یہ باب مکمل کرنے کے بعد  طالب علم اس لائق ہو جائے گا

•   وسائل (Resource) کے تصور پر گفتگو کر سکے گا۔

•   مختلف وسائل کی نشان دہی کر سکے گا۔

•   انسانی اور غیر انسانی وسائل کی درجہ بندی کر سکے گا۔

•   وسائل کی خصوصیات بیان کر سکے گا۔

•   وسائل کے انتظام کی ضرورت کو واضح کر سکے گا۔

•   انتظام کاری کے عمل کا تجزیہ کر سکے گا۔


4.1تعارف

ہم ہر روز بہت سے کام انجام دیتے ہیں۔آپ کسی بھی کا م کے بارے میں سوچئے جو آپ کرتے ہیں۔ آپ محسوس کریں گے کہ اس کام کی تکمیل کے لئے آپ کو مندرجہ ذیل میں سے کسی ایک یا کئی چیزوں کی ضرورت پڑتی ہے۔

•   وقت

•   توانائی

•   مطلوبہ چیزوں کو خریدنے کے لئے پیسہ

•   معلومات

•   دل چسپی/ترغیب

•   مہارت/مخصوص لیاقت و صلاحیت(Strength) ؍فطری میلان

•   قلم، کاغذ،پینسل،رنگ وغیرہ جیسی مادی اشیا

•   پانی ، ہوا

•   اسکول کی عمارت

یہ سب چیزیں۔ وقت ، توانائی، پیسہ ، معلومات ، دل چسپی،مہارتیں اور دیگر ساز و سامان۔ وسائل(Rresources) ہیں۔ وسائل وہ تمام چیزیں ہیں جن کا استعمال کسی بھی کام کو انجام دینے کے لئے کیا جاتا ہے۔ یہ وسائل ہمارے مقاصد کی تکمیل میں مدد گار ہوتے ہیں۔ کسی بھی کام کو انجام دینے کے لئے دیگر وسائل کے مقابلے میں کسی خاص وسیلے کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے ۔ پچھلے باب میں آپ اپنی طاقتوں ، مخصوص لیاقتوں اور صلاحیتوں(Strengths) کے بارے میں پڑھ چکے ہیں۔ یہی آپ کے وسائل ہیں۔

جو چیز ہم استعمال نہیں کرتے وہ وسیلہ(Resource) نہیں ہے۔ مثال کے طور پر ایک سائیکل جو بیکار پڑی ہے اور برسوں سے استعمال میں نہیں آ رہی ، وہ آپ کے لئے وسیلہ نہ ہو سکتی ۔ البتہ یہ ہو سکتا ہے کہ کسی اور کے لئے وسیلہ ہو۔

اگر آپ درج بالا وسائل کی فرہست پر دو بارہ نظر ڈالیں تو آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ وسائل دو زمروں میں تقسیم کئے جا سکتے ہیں۔

•   انسانی وسائل(Human Resources)

•   غیر انسانی وسائل یا مادی اشیا(Non Human Resources or Material goods)

معلومات 

فطری میلان                                                انسانی 

مہارتیں

وقت 

                                                                            وسائل 

پیسہ 

جگہ                                                غیر انسانی /مادی 

فرنیچر 

سازوسامان 


۲

وسائل

وسائل کی زمرہ بندی کئی طریقوں سے کی جا سکتی ہے۔

•   انسانی غیر انسانی وسائل

•   انفرادی مشترکہ وسائل

•   قدرتی وسائل؍قدرتی سماجی وسئل

ہم ان درجہ بندیوں میں سے ہر ایک کا الگ الگ مطالعہ کریں گے۔


انسانی وغیرانسانی وسائل   Human and non -human Resources

 انسانی وسائل

کسی کام کو انجام دینے میں انسانی وسائل کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ ان وسائل کو مشق اور ذاتی صلاحیتوں کو ترقی دے کر فروغ  دیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر کسی شعبے؍ کام سے متعلق واقفیت حاصل کی جا سکتی ہے اور فطری میلان کو فروغ دینے والی مہارت کو بڑھاوا دیا جا سکتا ہے۔ آئیے انسانی وسائل کے بارے میں تفصیل سے پڑھیں۔

(a) معلومات: یہ ایک ایسا وسیلہ ہے جو ہر شخص زندگی بھر کام میں لاتا رہتا ہے اور جو کسی کام کو کامیابی  سے انجام دینے کی اولین شرط ہے ۔ کسی باورچی کو کھانا تیارکرنے سے پہلے رسوئی گیس یاچولہا استعمال کرنے کے طریقے سے لازماً واقف ہونا چاہئے۔ اگر کوئی استاد اپنے مضمون کا پورا علم نہ رکھتا ہو تو وہ کامیاب استاد نہیں ہو سکتا۔ہمیں زندگی بھر علم سیکھنے کے لئے اپنے ذہن کو کھلا رکھناچاہئے۔

(b) ترغیب دل چسپی: ایک عام مقولہ ہے’ جہاں چاہ وہاں راہ‘۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کارکن کو کوئی کام انجام دینے کے لئے ترغیب دی جانی چاہئے اور اسے یہ کام کرنے میں دلچسپی ہونی چاہئے۔ مثال کے طور پر اگر طالب علم کو کوئی کام سیکھنے میں دلچسپی نہیں ہے تو وہ تمام وسائل دست یاب ہونے کے باوجود بہانے بنائے گا اور کام  مکمل نہیں کرے گا۔ ہم اپنی رغبت اور دل چسپی کے مطابق رقص، مصوری ، کتب بینی، آرٹ اور دست کاری اور دیگر مشاغل سیکھ سکتے ہیں۔

(C) مہارتیں مخصوص لیاقت و صلاحیت فطری میلان: ہر شخص ہر کام انجام دینے کی یکساں مہارت نہیں رکھتا۔ ہم میں سے ہر شخص مخصوص کاموں کا فطری میلان رکھتا ہے، اس لئے ہم انہیں مخصوص دائروں میں دوسروں کے مقابلے میں بہتر طور پر کام کر سکتے ہیں۔ مثلاً مختلف افراد کے بنائے ہوئے اچار اور چٹنی کا ذائقہ ان کی مہارت کے اعتبار سے الگ ہوگا۔ پھر بھی ہم بہت سے ہنر آموزش اور تربیت سے حاصل کر سکتے ہیں۔

(d) وقت: یہ ایک ایسا وسیلہ ہے جو ہر شخص کویکساں طور پر دست یاب رہتا ہے۔ ایک دن میں چوبیس گھنٹے ہوتے ہیں اور ہر شخص اپنا وقت اپنے طریقے سے گزارتا ہے۔ گیا وقت پھر ہاتھ نہیں آتا۔ اس لئے یہ بیش قیمت وسیلہ ہے۔ مخصوص مدت کے اندر وقت مناسب استعمال اور طے شدہ ہدف کو حاصل کرنا بہت اہم ہے۔ مطلوب کام کو مکمل کرنے کے لئے ہمیں مسلسل منصوبہ بندی کرنی چاہئے اور دست یاب وقت کو استعمال کرنے کی صلاحیت پیدا کرنی چاہئے۔

وقت کے بارے میں تین پہلوؤں سے غور کیا جا سکتاہے۔کام کا وقت ، فرصت کے وقت اور آرام و تفریح کا وقت ۔ اپنے مقررہ نشانوں کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں ان تین پہلوؤں کے اعتبار سے وقت کا متوازن استعمال کرنا چاہئے۔ جب ہم ان تینوں پہلوؤں میں توازن پیدا کرنا سیکھ جاتے ہیں تو ہمیں جسمانی طور پر چست ، جذباتی طور پر مستعد اور ذہنی طور پر توانا رہنے میں مدد ملتی ہے۔ آپ کو اس بات سے بھی واقف ہونا چاہئے کہ آپ کسی وقت کوئی کام بہترین انداز سے کر سکتے ہیں اور آپ کے اندر اپنے مقررہ نشانوں کی تکمیل کے لئے اس قیمتی وسیلے کے استعمال کرنے کی بھر پور صلاحیت ہونی چاہئے۔

(e) توانائی: فرد کی مسلسل نشو و نما اور اس کی جسمانی کار کردگی کے لئے توانائی کی بنیادی اہمیت ہے۔ توانائی کی سطحیں لوگوں میں ان کی جسمانی مستعدی، ذہنی حالت، شخصیت، عمر ، خاندانی پس منظر اور معیار زندگی کے اعتبار سے الگ الگ ہوتی ہیں۔ توانائی کے تحفظ اوراس کے موثر ترین استعمال کے لئے ہمیں کسی کام کے بارے میں محتاط ہو کر سوچنا اور اس کی منصوبہ بندی کرنی چاہئے تاکہ ہم موثر طور پر کام کر سکیں۔

غیر انسانی وسائل

(a) پیسہ: اس وسیلے کی ہم سب کو ضرورت ہوتی ہے لیکن ہم میں سے ہر شخص کے پاس اس کی مقدار یکساں نہیں ہوتی۔ یہ وسیلہ کسی کے پاس زیادہ ہوتا ہے تو کسی کے پاس کم ۔ ہمیں یہ بات ضرور یاد رکھنی ہے کہ پیسہ ایک محدود وسیلہ ہے اور ضروریات کی تکمیل کے لئے اس کا استعمال بہت ہوش مندی سے کرنا چاہئے۔

(b) مادی وسائل: جگہ ، فرنیچر،کپڑے،اسٹیشنری،غذائی سامان وغیرہ مادی وسائل ہیں۔ اپنی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے  ہمیں ان وسائل کی ضرورت پڑتی ہے۔


انفرادی اور مشترکہ وسائل (Individual and Shared Resources)

 (a) انفرادی وسائل: یہ وہ وسائل ہیں جوہر فرد کو صرف اپنے ذاتی استعمال کے لئے حاصل ہوتے ہیں۔یہ انسانی وسائل بھی ہو سکتے ہیں اور غیر انسانی وسائل بھی۔ آپ کی اپنی مہارتیں، معلومات آپ کا وقت،آپ کا اسکول بیگ اور آپ کے کپڑے انفرادی وسائل کی کچھ مثالی ہیں۔

(b) مشترکہ وسائل: یہ وہ وسائل ہیں جو گروہ /سماج کے ایک سے زیادہ افراد کو دست یاب ہوتے ہیں۔ مشترکہ وسائل قدرتی بھی ہو سکتے ہیں اور کسی سماج سے متعلق بھی۔


4.1.3  قدرتی اور عوامی وسائل(Natural and Community Resources)

 (a) قدرتی وسائل: فطرت(Nature) میں موجود وسائل، جیسے پانی، پہاڑ، ہوا وغیرہ قدرتی وسائل ہیں۔ یہ ہم سب کو دستیاب ہیں۔ اپنے ماحول کی حفاظت کے لئے ہم میں سے ہر شخص کی ذمے داری ہے کہ ان قدرتی وسائل کا سمجھ داری سے استعمال کرے۔

(b) عوامی وسائل(Community Resources) : یہ وسائل کسی گروہ /سماج کا فرد ہونے کی حیثیت سے لوگوں کو حاصل ہوتے ہیں۔ عام طور پر یہ وسائل حکومت مہیا کراتی ہے۔ یہ وسائل انسانی بھی ہو سکتے ہیں اور غیر انسانی بھی۔ سرکاری اسپتالوں اور ڈاکٹروں کی فراہم کردہ مشاورتی خدمات،سڑکیں،پارک اور ڈاک خاہ وغیرہ عوامی وسائل کی کچھ مثالیں ہیں۔ ہر شخص کو ان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہئے، اور انہیں محفوظ رکھنے کی ذمے داری محسوس کرنی چاہئے۔


سرگرمی1

آپ خود اپنے بارے میں سوچئے اور آپ کے پا س جو انسانی وسائل ہیں ان کی ایک فہرست بنائیے۔اس موضوع پر سوچنے کے لئے درج ذیل ہدایات پر عمل کیجئے۔

•   معلومات۔ آپ کی معلومات کا تعلق کن شعبوں سے ہے۔

•   ترغیب دلچسپی۔ آپ کس قسم کے کاموں میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

•   مہارتیں/طاقتیں/فطری میلان۔ آپ کون سا کام اچھی طرح کرتے ہیں

•   وقت۔ دن کے کس وقت آپ کام کے لئے سب سے زیادہ پر جوش ہوتے ہیں۔

•   توانائی۔ کیا آپ اپنے آپ کو زیادہ تر توانا بے کیف/تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں۔


وسائل کی خصوصیات(Characteristics of Resources)

اگر چہ ہم نے وسائل کو مختلف طور پر الگ الگ زمروں میں تقسیم کردیا ہے ، پھر بھی ان سب میں کچھ مماثلتیں بھی ہیں۔ وسائل کی کچھ خصوصیات در ج ذیل ہیں:

(i) افادیت(Utility): افادیت کا مطلب کسی مقصد کے حصول میں ہماری مدد کرنے میں کسی وسیلے کی اہمیت یا اس کا کارگر ہونا ہے۔ کوئی وسیلہ سود مند اور مفید ہے یا نہیں اس کا انحصار مقصد یا موقع و محل پر ہے۔ مثال کے طور پر گوبر فضلے(Waste)ف میں شمار ہوتا ہے لیکن اس کا استعمال ایندھن کی طور پر بھی کیا جا سکتاہے اور اس کے علاوہاس سے کھاد بھی تیار کی جا سکتی ہے۔ کسی خاندان یا سماج کو حاصل اہم وسائل کا مناسب استعمال اس کے لئے باعث اطمینان ہوتاہے۔

(ii) حصولیابی(Accessibility): پہلی بات تو یہ ہے کہ بعض وسائل دوسروں کی بہ نسبت زیادہ آسانی سے دست یاب ہوتے ہیں۔دوسری بات یہ کہ کچھ لوگوں کو وسائل آسانی سے دستیاب ہو جاتے ہیں اور دیگر لوگوں کو اتنی آسانی سے دستیاب نہیں ہوتے۔ تیسری بات یہ ہے کہ وسائل کی دست یابی وقت کے ساتھ بدلتی رہتی ہے۔اس طرح ہم دیکھ سکتے ہیں کہ وسائل کی دست یابی ایک شخص سے دوسرے شخص اور ایک وقت سے دوسرے وقت میں مختلف ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر ہر خاندان کے پاس وسیلے کے طور پر پیسہ ہوتا ہے ۔ کچھ لوگوں کے پاس تو ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی پیسہ ہوتا ہے جب کہ دوسروں کا بجٹ بہت محدود ہوتاہے۔ پیسے کی جو مقدار مہینے کے شروع میں ہوتی ہے وہ مہینے کے آخر کی مقدار سے مختلف ہو سکتی ہے۔

(iii) تبادلاتی صلاحیت(Interachangeability):تقریباً تمام وسائل کے متبادلات ہوتے ہیں۔اگر ایک وسیلہ دست یاب نہیں ہے تو دوسرا وسیلہ اس کا متبادل بن سکتاہے۔ مثلاً اگر آپ کے اسکول کی بس آپ کو لے جانے کے لئے وقت پر نہیں پہنچتی تو آپ اپنی کار،ٹریکٹر ،بیل گاڑی یا اسکوٹر سے اسکول جا سکتے ہیں۔اس طرح ایک ہی کام کو کئی وسائل سے انجام دیا جا سکتا ہے۔

(iv)  انتظام کاری کی صلاحیت(Manageable): وسائل کی انتظام کاری ممکن ہے۔ وسائل چوں کہ محدود ہوتے ہیں اس لئے ان کی انتظام کاری مناسب اور موثر طور پر کرنی چاہئے تاکہ ان سے بھر پور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ وسائل کا استعمال اس طرح کیا جائے کہ ہم کم سے کم وسائل خرچ کر کے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں۔ مثال کے طور پر اگر ایک بالٹی پانی سے کپڑے دھوئے جا سکتے ہیں تو دو بالٹی پانی کا استعمال کرنے سے بچنا چاہئے۔


وسائل کی انتظام کاری (Managing Resources)

یہ بات خاص طور پر یاد رکھنے کی ہے کہ کوئی بھی وسیلہ لا محدود نہیں ہے۔سارے ہی وسائل ختم ہو جانے والے ہوتے ہیں۔ اپنے مقاصد کو تیز رفتاری اور موثر طور پر حاصل کرنے کے لئے وسائل کو کامیابی سے استعمال کرنا ضروری ہے۔ اسی لئے وسائل کا نہ تو بے جا استعمال کیا جائے اور نہ انہیں ضائع کیا جائے ۔ اس طرح مقاصد کے حصول کے لئے وسائل کی موثر انتظام کاری حد درجہ ضروری ہے۔

وسائل کی انتظام کاری کا مطلب یہ ہے کہ دستیاب وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے۔ مثال کے طو پر ہر شخص کو ایک دن میں چوبیس گھنٹے ملتے ہیں۔کچھ لوگ تو ہر دن کا اپنا ایک نظام الاوقات بنا لیتے ہیں اور اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے ہر گھنٹے کابہترین استعمال کرتے ہیں۔ لیکن ایسے بھی لوگ ہو سکتے ہیں جو اپنا وقت برباد کرتے ہیں اور پورے دن کوئی ایسا مفید کام نہیں کرتے ۔

انتظام کاری کا مطلب یہ ہے کہ وسائل کے انتظام کے طریقوں کو عمل میں لایا جائے ۔ یہ طریقے ہیں منصوبہ بندی،تنظیم، عمل در آمد، کنٹرول کرنا اور جانچ کرنا۔ ہم اگلے سیکشن میں تفصیل کے ساتھ ان کے بارے میں پڑھیں گے۔


انتظام کاری کا عمل(The Management Process) 

جیسا کہ اوپر ذکر ہوا، انتظام کاری کے عمل میں پانچ پہلو شامل ہیں۔ منصوبہ بندی، تنظیم ، عمل در آمد، نظم و ضبط اور جانچ۔

(a)  منصوبہ بندی(Planning): منصوبہ بندی کسی بھی انتظام کاری کے عمل کا پہلا قدم ہے۔ منصوبہ بندیاپنے اہداف کے ذہنی خاکے کی تیاری میں ہماری مدد کرتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں ، منصوبہ بندی کے ذریعے دست یاب وسائل کا استعمال کر کے طے شدہ مقاصد کو حاسل کرنے کے لئے ایک عملی اسکیم تیار کر سکتے ہیں۔ منصوبہ بندی میں راہ عمل کا انتخاب بھی شامل ہے۔ کسی مقصد کو حاصل کرنے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی غرض سے آپ کو درج ذیل چار بنیادی سوال پوچھنے چاہئیں۔ ان سوالوں کے جواب سے آپ کو ایک منصوبہ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

1۔   ہماری موجودہ حالت کیا ہے؟ اس سوال کے جواب میں ایک تو ہمارے حال کا جائزہ(Assessment) شامل ہے ، دوسرے اس  میں ان دو سوالوں کا تجزیہ بھی شامل ہے کہ ہمارے پاس اس وقت کیا ہے اور ہم مستقبل میں کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

2۔   ہم کہاں پہنچنا چاہتے ہیں؟: اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی موجودہ اور آئندہ ضرورتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے مقاصد متعین کریں۔

3۔   فرق(Gap): یہ ہماری موجودہ حالت اور مطلوبہ  حالت کے درمیان کا فرق ہے۔ اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں اس فرق کو پر کرنا ہے۔

4۔   ہم اپنے مطلوبہ مقاصد کو کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟اس سوال کا جواب ہمیں یہ طے کرنے میں مدد دے گا کہ ہم اس فرق کو کیسے پر کریں۔ اسی جواب میں مقاصد حاصل کرنے کے لئے منصوبہ تیار کرنا بھی شامل ہے۔

3۔فرق

4۔ہم اپنے مطلوبہ مقاصد کو کیسے حاصل کریں 

(موجودہ حالت )                                                 (آئندہ مقصد کی شبیہہ)

1۔آپ کی موجودہ حالت کیا ہے ؟                              2۔آپ کہاں پہنچنا چاہتے ہیں ؟


3

•    منصوبہ بندی کے اقدمات: منصوبہ بندی کے بنیادی اقدامات یہ ہے :

1۔   مسائل کی نشان دہی

2۔   مختلف متبادلات کی نشان دہی

3۔   متبادلات کا انتخاب

4۔   منصوبے پر عمل در آمد /منصوبے کو عملی شکل دینا

5۔   نتائج کو قبول کرنا

مثال کے طور پر آپ کے سالانہ امتحان میں صرف ایک ماہ باقی ہے اور آپ نے ابھی تک کورس پر نظر ثانی نہیں کی ہے۔(موجودہ حالت): آپ کوبہت اچھے نمبر لانے ہیں(مقصد): اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے آپ کو مقررہ مدت میں پانچ مضامین کا مطالعہ کرنا ہے(فرق) ۔ اب اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے کوئی طریقہ یا راستہ سوچیں گے(ایکشن پلان کی تیاری) اس منصوبے میں ان  گھنٹوں کی تعداد شامل ہوگی جو آپ ہر مضمون کو پڑھنے میں لگائیں گے، یعنی مضامین کی اولیت کا تعین اور دیگر مشاغل کو کم کرنا ۔


سرگرمی2

پڑھنے اور اچھے نمبر حاصل کرنے کے لئے آپ کو جن وسائل کی ضرورت ہوگی ان کی فہرست تیار کیجئے۔

اپنی فہرست کا دوسرے ساتھیوں کی فہرست سے موازنہ کیجئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



(b)  تنظیم(Organising): یہ منصوبوں کو موثر طور پر اور کامیابی کے ساتھ عمل میں لانے کے لئے مناسب وسائل کو جمع کرنا اور ان کومرتب کرنا ہے۔ اگر ہم مذکورہ بالا مثال ہی کو لیں تو آپ ان تمام وسائل کو منظم اور مرتب کریں گے جن کی آپ کو پڑھنے اور اچھے نمبر لانے کے لئے ضرورت ہے۔متعلقہ وسائل میں کتابیں ، نوٹس، مطالعے کے لئے جگہ، روشنی ،اسٹیشنری، توانائی ، وقت شامل ہیں۔

(c)  عمل در آمد(Implementing): اس مرحلے میں تیار شدہ منصوبے کو عمل میں لانا شامل ہے۔ اوپر دی گئی مثال کے مطابق آپ اپنے تمام دست یاب وسائل(کتابیں،اسٹیشنری، نوٹس وغیرہ) کا استعمال کر کے اور پڑھائی شروع کرنے کے منصوبے پر عمل کریں گے۔

(d) نظم و ضبط(Controlling): اس کا مطلب یہ یقینی بنانا ہے کہ آُپ کی تمام عملی سر گرمیوں سے مطلوبہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں یا نہیں۔ دوسرے لفظوں میں یوں کہیے کہ آپ نے جس منصوبے پر عمل در آمد شروع کیا ہے اس سے مطلوبہ نتائج مل رہے ہیں یا نہیں۔ نظم و ضبط سے سر گرمیوں کے نتیجے پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی اور یہ اطمینان کیا جا سکے گا کہ منصوبوں کا نفاذ درست طور پر ہو رہا ہے ۔ نظم و ضبط اس لئے بھی اہم ہے کہ اس سے جوابی تاثر(Feedback) بھی حاصل ہوتا ہے اور غلطیوں کو درست کرنے میں مدد متی ہے۔ اس لئے اگر چہ آپ اپنے منصوبے کو عملی شکل دے رہے ہوتے ہیں مگر آپ اپنے مقررہ باب کو مکمل کرنے میں ناکام رہتے ہیں کیوں کہ آپ ٹیلی ویژن بھی دیکھتے ہیں۔ اس سے آپ کو یہ جوابی تاثر حاصل ہوگا کہ آپ کو اپنی توجہ مطالعے پر مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔ نتیجے کے طور پر آپ ٹی وی نہیں دیکھیں گے کھیلنا چھوڑ دیں گے اور پڑھائی  کے دوران اپنے دوستوں سے گپ مارنا اور باتیں کرنا بند کر دیں گے ، کیوں کہ ان تمام باتوں سے آپ کے بنائے ہوئے منصوبے۔ یعنی مقررہ گھنٹوں میں پڑھنے کے منصوبےکا نتیجہ متاثر ہو رہا ہے ۔

(e)  جانچ(Evaluation): آخری مرحلے میں منصوبے پر عمل در آمد کرنے کے بعد جو نتائج حاصل ہوئے ان کی جانچ کی جاتی ہے۔ کام یا کوشش کے آخری نتیجے کا موازنہ مطلوبہ آخری نتیجے سے کیا جاتا ہے۔ کام یا کوشش کی تمام اچھائیوں اور کمیوں کو درج کر لیا جاتا ہے تاکہ آئندہ مقاصد کے موثر حصول میں ان سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ مطالعے کی مثال کے حوالے سے جانچ وہ کام ہے جو آپ امتحان کی جانچی ہوئی کاپیاں پا کر انجام دیتے ہیں۔ آپ اپنی تیاری اور نتائج کے مطابق جانچے گئے اپنے جوابات کو جانچتے ہیں۔اگر کسی مضمون میں آپ کے نمبر آپ کی توقع سے کم ہیں تو آپ اس کے اسباب کی نشان دہی کی کوشش کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی آپ ان مثبت پہلوؤں کو بھی تلاش کرنے کی کوشش کریں گے جن سے آپ کو دیگر مضامین میں اچھے نمبر لانے میں مدد ملی۔ جانچ کی بنیاد پر آپ اپنے اگلے امتحان میں بہتر نمبر حاصل کرنے اور اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کے لئے ان مثبت پہلوؤں کا استعمال کریں گے۔

اس باب میں جن مختلف وسائل کے بارے میں گفتگو کی گئی ان کے علاوہ بھی بعض دیگر ایسے غیر انسانی وسائل موجود ہیں جو ہماری روز مرہ زندگی کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ ایس اہی ایک وسیلہ کپڑا ہے۔اگلے باب میں کپڑوں کی ان مختلف اقسام اور ان کی خصوصیات کے بارے میں بتایا گیا ہے جنہیں ہم استعمال کرتے ہیں۔

کلیدی اصطلاحات:

وسائل(Resources)، انسانی وسائل(Human Resources)، غیر انسانی وسائل(Non Human Resources)،منصوبہ بندی(Planning)، تنظیم(Organising)، عمل در آمد(Implementing)، کنٹرول کرنا(Controlling)، جانچ(Evaluation)۔


سر گرمی 3

آپ بارہویں جماعت کے طلبا کے ئے ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کرناچاہتے ہیں۔اپنے وسائل کی نشان دہی کیجئے اور تقریب کے انعقاد کے دوران انتظام کاری کے ہر مرحلے پر جو جو کام آپ انجام دیناچاہتے ہوں ان کو بیان کیجئے:


بارہویں جماعت کے طلبا کی الوداعی تقریب

جانچ نظم و ضبط  نفاذعمل در آمد  تنظیم  منصوبہ بندی  دست یاب وسائل  نمبر شمار 
اس کا اندازہ کرنا کہ تقریب کی جگہ اچھی لگ رہی ہے یا نہیں  اس کی جانچ کرنا کہ آیا آرائش منصوبے کے مطابق ہو رہی ہے یا نہیں  iمقام تقریب کیآرائش 
ii کھانا تیار کرنا 
ذمے داریوں کی تقسیم  مقام /کھانوں کی فہرست  انسانی /غیر انسانی  -1-
-2
-3
-4
-5
-6
-7


•   سوالات برائے نظر ثانی

1۔   وسیلے کی تعریف کیجئے۔

2۔    تین مختلف طریقوں سے وسائل کی درجہ بندی کیجئے۔ہر وسیلے کی تعریف بیان کیجئے اور ہر ایک کی دو مثالیں دیجئے۔

3۔   وسائل کی انتظام کاری کیوں ہونی چاہئے۔

4۔   انتظام کاری کے عملی مراحل کی وضاحت کیجئے اور مرحلے کی وضاحت کے لئے ایک مثال دیجئے۔


•   عملی کام4


وسائل کی انتظام کاری۔وقت ،پیسہ،توانائی اور جگہ

(A)۔   6بجے صبح سے لے کر دن بھر کی اپنی مصروفیات کو درج کیجئے

گھنٹے  سرگرمی 
                                   

(B)  سالانہ امتحان میں صرف ایک ہفتہ باقی ہے۔ وقت کے استعمال کا ایک منصوبہ تیار کیجئے اور اس میں یہ دکھائیے کہ ہر روز پڑھائی کے لئے کتنے گھنٹے مخصوص کئے گئے ہیں۔ پیر کے دن کے لئے مثال ذیل میں دیکھئے۔

دن گھنٹے   
7-8 8-9 9-10 10-11 11-12 12-1 1-2 2-3 3-4 4-5 5-6 6-7 7-8 9-10 10-11 -11
پیر سائنس
باب 3
ریاضی 
باب4,5
وقفہ 

نظر ثانی کھانا  سوشل سائنس 
باب3
سونا  انگلش
باب5.6
نظر ثانی  رات کا کھانا 
منگل 
بددھ
جمعرات 
جمعہ 
سنیچر 
اتوار