Skip to content
I

اکائی-VIII

ترجمے اور ادارت (ایڈیٹنگ) کے وسائل

645
23
1

باب1 ترجمے کے وسائل 

1.1 لغت
1.2 فرہنگ
1.3   تھیسارس
1.4 انسائیکلوپیڈیا

باب2 مشینی ترجمہ

2.1 مشینی ترجمے کو کیسے زیادہ کارآمد بنایا جائے

باب 3 ترجمہ اور زبان کی ساخت 

3.1   اردو –ہندی ترجمہ اور زبان کی ساخت
3.2 اردو–انگریزی ترجمہ اور زبان کی ساخت

باب4 ادارت

4.1 شعر و ادب
4.2 میڈیا
4.3 ترجمہ

باب  5  پروف ریڈنگ اور پریس کاپی 

5.1 پریس کاپی 
5.2 پروف ریڈنگ

اس اکائی میں ان مختلف وسائل کی نشان دہی کی گئی ہے جنھیں ترجمے کے دوران استعمال کیا جاتا ہے۔ جیسے لغت، تھیسارس اور انسائیکلو پیڈیا— ترجمے کے وسائل میں آج مشینی ترجمہ (کمپیوٹر، انٹرنیٹ) بھی ایک اہم وسیلہ بنتا جارہا ہے۔ چونکہ ہر زبان کی ساخت (صرف ونحو) کی نوعیت الگ ہوتی ہے۔ اس لیے ترجمے کے عمل میں ان تمام پہلووں پر بھی اردو، ہندی اور انگریزی زبانوں کے حوالے سے کچھ مثالوں کے ساتھ روشنی ڈالی گئی ہے۔ ادارت (Editing) کے ذیل میں اخبارات ورسائل اور ریڈیو،ٹی وی کی خبروں میں شعبۂ ادارت کے رول، فرائض نیز ایڈیٹر کے اوصاف کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ آخری باب میں پروف ریڈنگ کی اہمیت، طریقۂ کار، پروف ریڈر کے اوصاف اور پریس کاپی کی تیاری کے مختلف مراحل کا بھی ذکر ہے۔



باب  1  

 ترجمے کے وسائل

ترجمے کا سب سے اہم وسیلہ خودمترجم ہے۔مترجم جتنا با صلاحیت اور مشّاق ہوگا، ترجمہ اتنا ہی موثر اور کامیاب ہوگا۔ گیارھویں جماعت میں ہم پڑھ چکے ہیں کہ اچھے مترجم میں کیا خوبیاں ہونی چاہئیں اور ترجمہ نگاری کے لیے کس طرح کی علمی ولسانی استعداد کی ضرورت  ہے۔ ترجمہ نگاری میں مہارت مسلسل مشق سے آتی ہے ۔ترجمے کا دوسرا اہم وسیلہ بنیادی متن ہے، جس کو پوری طرح سے سمجھے بغیر ترجمہ نگاری کا عمل انجام نہیں دیا جا سکتا ۔ مترجم ترجمے کے دوران مختلف وسائل سے کام لیتا ہے ۔ان میں سے چند اہم وسائل مثلاً لغت، تھیسارس اور انسائکلوپیڈیا کا ذکر یہاں کیا جا رہا ہے ۔

8

1.1  لغت

’لغت ‘بالخصوص ذو لسانی لغت ترجمے کا ایک اہم وسیلہ ہے ۔لغت میں کسی زبان کے الفاظ ،محاورات ،کہاوتیں ، فقرے اور مرکبّات عام طور سے حرو ف تہجی کے اعتبار سے ہوتے ہیں۔ ان کی لغوی اور معنوی وضاحت اسی یا کسی دوسری زبان میں ہوتی ہے ۔بعض لغات میں الفاظ کے تلفّظ ،لسانی ماخذ ، قواعدی نوعیت وغیرہ کی بھی نشان دہی کی جاتی ہے۔مثلاً:
> افسانہ       (اَف’ ۔سَا۔نَہْ )  (ف۔ا۔مذکر)
(1)  داستان، قصہ، کہانی   (2)   جھوٹی بات   (3)    سرگذشت ۔حال۔ رُوئداد  (4)   طویل بات  (5)  ذکر ۔مذکور۔چرچا 
فیروزاللغات— مولوی فیروز الدین
افسانہ (اَف ۔سَا۔ نَہْ )  داستان ،کہانی ،قصّہ،فسانہ ،اسطورہ ،ناول 
فرہنگ عامرہ — محمد عبداللہ خان خویشگی
7
C Afsana (افسانہ)  s.m.Tale, fiction, story, romance 
A Dictionary of Urdu Classic Hindi and English —John T. Platts
اس مثال سے پتا چلتا ہے کہ ’افسانہ ‘کا تلفظ کیا ہے؟یہ لفظ فارسی سے اردو میں آیا، قواعدی نوعیت اسم ہے اور اسے مذکر بولتے ہیں ۔اس کے پانچ معنی بتائے گئے ہیں۔ اگر معنی کے ایک خانے میں کئی لفظ لکھے گئے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ سبھی الفاظ ہم معنی ہیں۔ مثلاً ذکر، مذکور ،چرچا وغیرہ ۔دوسری مثال میں صرف تلفظ دے کر معنی بتا دیے گئے ہیں۔  ان میں یہ تمیز کرنا مشکل ہے کہ داستان ،کہانی، قصّہ، فسانہ ایک ہی معنی کی وضاحت کر رہے ہیں یا الگ الگ معنوں پر دلالت کر رہے ہیں ۔یہ دونوں مثالیں یک لسانی لغت سے لی گئی ہیں۔ یعنی جس زبان میں لفظ درج کیا گیا ہے، اُسی زبان میں اُس کے معنی کی وضاحت کی گئی ہے۔تیسری اور چوتھی مثالیں ذولسانی لغت سے لی گئی ہیں۔ تیسری مثال میں اردو کا لفظ درج کیا گیا ہے جب کہ اُس کی معنوی وضاحت ہندی زبان میں کی  گئی ہے۔چوتھی مثال میں لفظ کی معنوی وضاحت انگریزی زبان میں کی گئی ہے۔
جب ہم ترجمہ کرتے ہیں تو بنیادی زبان کے متن کو مطلوبہ زبان میں منتقل کرتے ہیں ۔ترجمے کے لیے ایک ایسے لغت کی ضرورت پڑتی ہے جس میں اندر اجات تو بنیادی زبان میں ہوں،معنی اور مطلب مطلوبہ زبان میں دیے گئے ہوں۔ اُسے ذو لسانی لغت کہتے ہیں۔اگر ہم اردو سے ہندی میں ترجمہ کر رہے ہیں تو تیسرا لغت مدد گار و معاون ہوگا اور اگر اردو سے انگریزی میں ترجمہ کر رہے ہیں تو چوتھا لغت کار آمد ہوگا ۔اس کا قطعی یہ مطلب نہیں ہے کہ ترجمہ نگاری میں یک لسانی لغت کا کوئی رول نہیں ہوتا ۔
اب ہم چند آسان مثالوں سے یہ سمجھنے کی کوشش کریں گے کہ ترجمہ نگاری کے دوران مختلف لغات کا استعمال کس طرح کیا جاتا ہے۔ اس وقت ہم اردو سے انگریزی میں ترجمہ کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے سامنے اردو کے چند جملے ہیں جن میں لفظ ’افسانہ‘ کا استعمال کیا گیا ہے ۔

سرگرمی8.1 

انگریزی کے کسی اخبار کی کوئی خبر منتخب کر کے اُس کا اردو میں ترجمہ کیجیے۔ ترجمے کے دوران کن کن الفاظ کے لیے آپ نے انگریزی-اردو لغت کا سہارا لیا، اُن الفاظ کی فہرست تیار کیجیے۔ ہر لفظ کے لغت میں کیا کیا معنی دیے گئے ہیں، انھیں لکھیے۔ ترجمے کے لیے آپ نے جس معنی کو موزوں ترین سمجھا، اُسے نشان زد (انڈرلائن) کیجیے۔

جملہ 1۔

ٹیپو سلطان کی بہادری کے افسانے ہندوستان میں مشہور ہیں۔
یہاں پر’ افسانہ‘ ذکر یا چرچا کے معنی میں استعمال کیا گیا ہے۔ اسی مناسبت سے ہمیں انگریزی کا لفظ منتخب کرنا ہوگا۔یہ دوترجمے دیکھیے :

Tales of Tipu Sultan's bravery are famous in India.

Stories of Tipu Sultan's bravery are famous in India.

ان ترجموں میں taleسے مفہوم کی زیادہ وضاحت ہو رہی ہے یا story سے؟ اب tale اور storyکے معنی انگریزی ڈکشنری میں دیکھتے ہیں ۔یہاں پر یک لسانی لغت ہماری رہنمائی کر رہا ہے۔

Tale Noun 

1. Narrative or story, esp. fictions.
2. Allegation or gossip, often malicious.

Story Noun 

1. Account of real or imaginary events; tale, anectode
2. History of person, institution, etc.
3. Plot of novel, play etc.
4. Article in newspaper
5. Material for this.
اب آپ یہ سمجھ چکے ہوں گے کہ Tale  کے  بجائے  Storyزیادہ بہتر لفظ ہے۔ اس لحاظ سے دوسرا ترجمہ اردو جملے کے خیال کو انگریزی میں بہتر طور سے منتقل کر رہا ہے ۔

سرگرمی8.2 
درج ذیل انگریزی الفاظ کے معنی کو مختلف انگریزی اردو لغت میں دیکھیے اور ان کی مدد سے اُس لفظ کی معنوی وضاحت، قواعدی حیثیت، وغیرہ کو ایک کارڈ میں اس طرح تیار کیجیے کہ وہ کسی انگریزی -اردو لغت کا اندراج بن جائے۔
(i) Discussion   (ii) Agenda
(iii) Jurisdiction (iv) Verdict
(v) Application (vi) Criticism
(vii) Evaluation (viii) Summary

جملہ2۔

ملاّنصرالدین کے افسانے ایران میں مشہور ہیں۔

 بتائیے درج ذیل میں سے کون سا ترجمہ بہتر ہوگا۔

Tales of Mulla Nasruddin are popular in Iran.

Stories of Mulla Nasruddin are popular in Iran.

اگرآپ کو فیصلہ کرنے میں دشواری ہو رہی ہے تو ٹیپو سلطان اورملّا نصرالدین کے بارے میں انسائیکلو پیڈیا سے معلومات حاصل کیجیے۔ ٹیپوسلطان کی بہادری حقیقت ہے جب کہ ملّا نصر الدین کے زیادہ تر واقعات من گڑھت ہیں ۔ آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ   

Tales of Mulla Nasruddin are popular in Iran

زیادہ بہتر ترجمہ ہے۔

جملہ3۔  

وہ حقیقت کے بجائے افسانہ سنانے لگتا ہے۔

یہاں پر ’افسانہ‘کا استعمال ’جھوٹی بات‘کے معنوں میں کیا گیا ہے۔’افسانہ‘کے لیے ہمارے پاس انگریزی کے چار لفظ ہیں: tale, story, fiction, romance ۔ ان میں سے لفظ  fictionقریب ترین مفہوم میں ہے ۔ترجمہ یوں ہوگا :

He starts telling fiction instead of facts.

اس ترجمے میں فکشن کا لفظ موزوں نہیں ہے اور انگریزی روز مرّہ کے برعکس بھی ہے۔ ایک بار پھر انگریزی ڈکشنری کی مدد لیتے ہیں :

Fiction Noun 

1. Non-factual literature esp.novel

2. Invented idea, thing etc

3. Generally accepted falsehood

ان تینوں معنوں سے ہمارا مفہوم مکمل طور پر ادا نہیں ہو پا رہا ہے ۔ہمیں اب تھیسارس (مترادفاتی لغت) سے رجوع کرنا چاہیے۔ لفظ 'fiction' کے دوسرے اور تیسرے معنی کے لیے جو مترادف الفاظ دیے گئے ہیں ،وہ یہ ہیں:

Concoction, deception, fabrication, fantasy, figment of imagination, flight of fancy, invention, lie(s), storytelling, (colloquial)tall story.

ان الفاظ کو دیکھنے کے بعد اگر یہ ترجمہ کیا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا :

He starts telling lies instead of facts.

آپ پر واضح ہو گیا ہوگا کہ یہی ترجمہ زیادہ بہتر ہے۔

سرگرمی8.3 

این سی ای آر ٹی سے انگریزی میں شائع شدہ چھٹی جماعت کی سائنس کی کتاب میں سے کسی سبق کے پہلے پیراگراف کا اردو میں ترجمہ کیجیے۔ اس کے لیے سائنس کی مختلف فرہنگوں سے مدد لیجیے۔ اپنے ترجمے سے مطمئن ہو جانے کے بعد اس پیراگراف کا موازنہ این سی ای آر ٹی سے اردو میں شائع شدہ چھٹی جماعت کی سائنس کی کتاب کے اُسی سبق کے پہلے پیراگراف سے اپنے ترجمہ کا موازنہ کیجیے۔


جملہ 4۔ 
’فوٹو گرافر‘قرۃ العین حیدر کا ایک خوب صورت افسانہ ہے۔
اس جملے میں ’افسانہ‘ ادب کی ایک مخصوص صنف کے مفہوم میں ہے ،جس کے لیے انگریزی میں short-story کی اصطلاح مستعمل ہے۔ اب ترجمہ یو ں ہوگا :

'Photographer' is a beautiful short-story of Quratul ain Haider.

درج بالا مثالوں سے آپ پر یہ بات واضح ہو گئی ہوگی کہ ترجمے کے دوران لغات ہماری بہت مدد کرتے ہیں۔
جملہ 5۔
ہندوستانی پبلک موسیقی پسند کرتی ہے۔  . Indian public likes music
اردو میں لفظ ’پبلک‘ مونث ہے، اس لیے یہ ترجمہ درست ہوا لیکن اگر ہم public کا ترجمہ ’عوام‘ کریں تو صورتِ حال بدل جائے گی۔ آئیے لغت کی مدد لیں۔ لفظ ’عوام‘مذکّر ہے اور ہمیشہ ’جمع‘ کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے۔ اب ہمارا ترجمہ یہ ہوگا:
ہندوستانی عوام موسیقی پسند کرتے ہیں۔

1.2  فرہنگ

فرہنگ لغت ہی کی ایک قسم ہے جس میں اندراجات کے سبھی معنوں کی وضاحت کرنے کے بجائے کسی مخصوص مرادی یا متعلق معنی پر ہی روشنی ڈالی جاتی ہے یا پھر کسی متن سے اس کے جو معنی بر آمد ہو رہے ہیں،انھیں کو درج کیا جاتا ہے ۔ مختلف علوم وفنو ن ،موضوعات ومضامین وغیرہ کی تدریس و آموزش کے دوران فرہنگ بہت کار آمد وسیلہ ثابت ہوتی ہیں۔ عام طور سے فرہنگ کو درج ذیل زمروں میں رکھا جا سکتا ہے:

شخصی فرہنگ  

کسی مخصوص شاعر یا ادیب کے ذریعے استعمال شدہ لفظیات پر مشتمل کتاب /لغت ۔

» کتابی فرہنگ 

کسی ایک کتاب یامتن میں استعمال شدہ مخصوص اور اصطلاحی الفاظ پر مشتمل کتاب/لغت

» موضوعاتی فرہنگ 

 کسی مخصوص موضـوع یا مضمون سے متعلق لفظیات ،اصطلاحات اور ترکیبات پر مشتمل کتاب/لغت

»  محاوراتی فرہنگ 

 یہ فرہنگ صرف محاورات ،ان کے معنی اور استعمال تک ہی محدود ہوتی ہے۔
 ترجمہ نگاری میں لغت کے کردار پر گفتگو کے دوران ہمارا سابقہ دو اصطلاحوں سے پڑا اور ترجمہ نگاری کے دوران ہم نے ان دونوں سے مدد بھی لی۔ یہ ہیں تھیسارس اور انسائیکلوپیڈیا ۔اب ہم ان کے بارے میں ذرا تفصیل سے معلومات حاصل کرتے ہیں ۔

1.3  تھیسارس Thesaurus 

تھیسارس (Thesaurus)کے لیے اردو میں’ مترادفاتی لغت‘کی اصطلاح موجود ہے لیکن حالیہ برسوں میں تھیسارس بولنے کا رجحان بڑھاہے۔یہ در اصل لغت کی ہی ایک قسم ہے جس میں کسی زبان کے الفاظ کے تمام مترادفات یا ہم معنی الفاظ جمع کیے جاتے ہیں۔ تھیسارس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ مفہوم کی ادائیگی کے لیے بہت سے الفاظ میں سے کون سا لفظ مناسب ترین ہوگا،اس کے انتخاب میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ تھیسارس کے مطالعے سے لفظیات کے ذخیرے میں بھی اضافہ ہوتا ہے جو مترجم کے لیے ضروری ہے۔ اردو کے یہ جملے دیکھیے:
رضی بہت چالاک انسان ہے۔
رضی بہت ہوشیار انسان ہے۔
کیا دونوں جملوں کا انگریزی میں ایک ہی ترجمہ ہوگا؟
Razi is a very clever man.
اردو بولنے والا ’چالاک‘ اور ’ہوشیار‘ کے فرق کو سمجھتا ہے۔ دونوں کے معنی جاننے کے لیے ہم پھر ڈکشنری سے  مدد لیتے ہیں:
چالاک  —  پھرتیلا،  ہوشیار  —  ذہین،  مکاّر  —  فریبی 
ہوشیار  —  دانا   —  خبردار،  چالاک ،  بیدار  —  چوکنّا
صاف ظاہر ہے کہ ’چالاک‘میں منفی پہلو زیادہ ہے جب کہ ’ہوشیار‘میں مثبت پہلو ترجمے کے دوران مترجم کے ذہن میں صرف لفظ  clever آرہا ہے تو کیا وہ دونوں لفظوں کا ترجمہ clever کرکے مطمئن ہو جائے گا؟ ایک اچھا مترجم cleverکے مترادفات کے لیے تھیسارس سے رجوع کرے گا۔

Clever

1. able, academic, accomplished, acute,adept, apt,artistic, astute, brainy, bright, brilliant, capable, discering, expert,  gifted, intellectual, intelligent, judicious, keen, knowing, knowledgeable, observant, penetrating, perceptive, percipient, perspicacious, precocious, quick, quick-witted, sagacious, sage, sensible, sharp, shrewd, skilful, skilled, smart, subtle, talented, wise, witty .

 2. adroit, deft, dexterous, handy, skilful, skilled.

3. artful, astute, canny, crafty, creative, cunning, foxy, guilful, imaginative, ingenious, inventive, resourceful, shrewd, slick, sly, subtle, wily

جب مترجم اتنے سارے الفاظ کو کھنگالے گا تو اسے اپنے مفہوم کی ادائیگی کے لیے کچھ لفظ نظر آئیں گے۔ مثلاً shrewd, cunnig, canny ۔ اب اگر وہ  shrewd  کے معنی لغت میں دیکھے تو اسے ’چالاک‘ کے لیے لفظ   shrewd زیادہ مناسب معلوم ہوگا۔
اس طرح ہم دیکھتے ہیں کہ ترجمے کے دوران لغت معنی کی طرف ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔ ذولسانی لغت بنیادی زبان کے الفاظ کے متبادل مطلوبہ زبان میں اور تھیسارس کسی لفظ کے مترادفات یعنی ہم معنی الفاظ فراہم کرتے ہیں۔
10
9

1.4  انسائیکلوپیڈیا  Encyclopaedia 

انسائیکلوپیڈیا ایک ایسی کتاب ہے جس میں جملہ علوم و فنون سے متعلق معلومات درج ہوتی ہیں۔ عام طور سے ترجمے کے دوران اس کی ضرورت نہیں پڑتی کیوں کہ اس میں لفظ کے معنی کے بجائے اس کے بارے میں معلومات درج ہوتی ہیں۔ البتّہ کبھی کبھی ترجمہ کرتے وقت ہمیں ایسے لفظ سے سابقہ پڑتا ہے جس کے پس منظر کو ہمارے لیے جاننا ضروری ہوتا ہے ورنہ ترجمے میں غلطی کے امکانات رہتے ہیں۔
 مثال کے طور پر اردو کا یہ جملہ دیکھیے جس کا ترجمہ انگریزی میں کرنا ہے:

’وہ شیکسپیر کو فالسٹاف اور کنگ لیئر کے درباری ظریف کی شکل میں ملا تھا، سروینٹیز نے اسے ڈان کوئکزوٹ اور سینکوپائنزا کے لباس میں پایا تھا۔‘

اس جملے کا ترجمہ انگریزی میں یہ ہو سکتا ہے :

He was found by Shakespeare in the form of Fallstaf and the courtier humorist of King Lear, Serventies discovered him in the attires of Don Quickzot and Sanco Painza.

اس ترجمے میں سب سے بڑی دشواری یہ ہے کہ اردو جملے میں متعدد اسمِ معرفہ (Proper Noun) موجود ہیں۔ ایسے میں یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ ان کرداروں کے نام انگریزی میں کیسے لکھے جائیں گے۔ انگریزی ترجمے میں شیکسپیر اور کنگ لیئر کے علاوہ سبھی ناموں کے املا غلط لکھے گئے ہیں۔

غلط املا 

 Fallstaf، Serventies ، Don Quickzot ،  Sanco Painza 

صحیح املا 

 Falstaff ، Cervantes ، Don Quixote ، Sancho Panza  

اس کے علاوہ ترجمہ نگار کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ ان ناموں کے تلفظ کیا ہوں گے۔ ان کرداروں کے بارے میں کچھ بنیادی باتیں بھی ترجمہ نگار کے علم میں ہونی چاہیے۔ ان سب کے لیے اگر لغات سے رجوع کریں تو ہمیں مایوسی ہوگی۔ آکسفورڈ اور کیمبرج لغات میں صرف دو الفاظ ملتے ہیں : ’Quixotic‘ اور  ’Quixotically‘۔ اُن کے معنی دیکھنے سے ہمیں سروینٹیز کے کردار Don Quixote  کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہو پاتا۔ اس کے لیے ہمیں انسائیکلوپیڈیا سے رجوع کرنا ہوگا تاکہ ہم جان سکیں کہ یہ نام انگریزی میں کیسے لکھے جائیں گے اور ان کا تلفظ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کرداروں کے بارے میں ہمیں کچھ بنیادی معلومات بھی حاصل ہو جائیں گی۔
انسائیکلوپیڈیا بریٹینکا (Britannica) مشہور زمانہ انسائیکلوپیڈیا ہے۔ Wikepedia ایک آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے۔ اب زیادہ تر انسائیکلوپیڈیا آن لائن دستیاب ہیں اور ضرورت پڑنے پر ترجمے کے دوران ان سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
11